ہفتہ, جولائی 14, 2012

عامر خان کو باکسنگ ٹائٹل واپس مل گیا

ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا خطاب واپس دے دیا ہے۔

امریکی باکسر لیمونٹ پیٹرسن نے دس دسمبر دو ہزار گیارہ کو ایک متنازع مقابلے کے بعد عامر خان کو شکست دی تھی اور عامر ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹل گنوا بیٹھے تھے۔

میچ کے فوراً عامر خان نے ججوں کے فیصلے پر اعتراض کیا تھا اور ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن نے معاملے کی تحقیقات کے بعد انیس مئی کو یہ مقابلہ دوبارہ کروانے کا حکم دیا تھا۔

تاہم ان دونوں باکسرز کا ری میچ لیمونٹ کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا۔

اس میچ کی منسوخی کے بعد عامر خان نے کہا تھا کہ باکسنگ حکام کو وہ دونوں ٹائٹل انہیں واپس کردینے چاہیئیں جو لیمونٹ نے دسمبر میں انہیں ہرا کر جیتے تھے۔

بدھ کو ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے) نے عامر خان کو ان کا اعزاز واپس کرنے کا اعلان کیا تاہم آئی بی ایف کی جانب سے ایسا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

عامر خان چودہ جولائی کو اب تک رنگ میں ناقابلِ شکست رہنے والے امریکی باکسر ڈینی گارسیا سے مقابلہ کریں گے۔ گارسیا اس وقت ورلڈ باکسنگ کونسل کے چیمپیئن ہیں۔

گارسیا اور عامر کا میچ ان کے لیمونٹ پیٹرسن سے ری میچ منسوخ کیے جانے کے بعد طے ہوا تھا۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ ’یہ میرے لیے بہت اہم فائٹ ہے اور میں اسے نظرانداز نہیں کررہا۔ میں ہمیشہ سے ڈبلیو بی سی کا اعزاز حاصل کرنا چاہتا تھا اور اب جبکہ میرا ڈبلیو بی اے اعزاز بھی داؤ پر لگا ہے یہ مقابلہ اور بھی خاص بن گیا ہے‘۔

عامر خان نے اپنے پیشہ ور کیریئر میں اب تک چھبیس مقابلوں میں حصہ لیا ہے جن میں سے انہیں چوبیس میں فتح اور دو میں شکست ہوئی ہے۔ چوبیس فتوحات میں سے اٹھارہ مرتبہ عامر نے اپنے حریف باکسر کو ناک آؤٹ کیا۔

ان کے مدِ مقابل ڈینی گارسیا نے اپنے کیریئر میں تیئیس مقابلوں میں سے کوئی نہیں ہارا اور انہوں نے اپنے چودہ حریفوں کو ناک آؤٹ کیا ہے۔

عامر خان کو باکسنگ ٹائٹل واپس مل گیا

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔