جمعرات, دسمبر 27, 2012

بھارت کے خلاف سات فٹ کا ’خفیہ‘ پاکستانی ہتھیار

پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف سیریز کے لیے ایک خفیہ ہتھیار لے کر آئی ہے۔ ایک تیز بولر جس کا قد سات فٹ کے آس پاس ہے لیکن موجودہ سیریز میں ان کے بارے میں کوئی بھی معلومات لینا فی الحال مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔

اس بولر کا نام محمد عرفان۔ میچ سے دو دن پہلے پاکستان ٹیم نے صحافیوں سے بات چیت کے لیے کپتان محمد حفیظ کے علاوہ فاسٹ بولر عمر گل اور سہیل تنویر کو بھیجا۔ لیکن عرفان سے بات کرنے کی تمام درخواستیں نامنظور کر دی گئیں۔ پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے بھی اپنے بولرز اور محمد عرفان سے پوچھے گئے سوال پر براہ راست جواب دینے کے بجائے کہا ’ہمارے پاس پہلے میچ اور پوری سیریز کے لیے خاص منصوبہ تیار ہے۔ لیکن ہم اسے میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتے۔‘ ویسے جب پاکستان کرکٹ ٹیم گراؤنڈ پر پریکٹس کرتی ہے تو یہ کھلاڑی دور سے ہی نظر آتا ہے۔ چھ فٹ اور دس انچ لمبے محمد عرفان کے سامنے کامران اکمل اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی ان کے کندھے تک بھی نہیں پہنچتے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عرفان نے پینتیس میچوں میں ایک سو اٹھائیس وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تیس سالہ عرفان نے کچھ عرصہ پہلے دبئی میں انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچ کھیلے تھے۔ اس سیریز میں ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں تھی اور انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

محمد عرفان:سات فٹ کا ’خفیہ‘ پاکستانی ہتھیار