اتوار, نومبر 18, 2012

بوڑھے سے شادی سے انکار، والد کا لڑکی پر تشدد

بوڑھے شخص سے زبردستی سے شادی انکار پر لڑکی کو قتل کرنے کی کوشش، لڑکی تھانے پہنچ گئی۔۔۔ تشدد کی وجھ سے نوجوان لڑکی کی حآلت خراب ہو گئی تشویشناک حالت میں ہسپتال منقتل داخل کرا دیا گیا۔

ڈھرکی کے نواحی گاؤں صوبیدار مجید اعوان کی رہائشی روبینھ اعوان کی شادی اس کے والد لالچ میں آکر ایک بوڑھے شخص سے کر رہے تھے۔۔۔ کہ لڑکی کے انکار پر اس گھر میں قید کر کے سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔۔۔ لڑکی جان بچا کر ڈھرکی تھانھ پہنچ گئی۔۔۔ جہاں پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔۔۔ تشدد کے باعث روبینھ اعوان بے ھوش ہو گئی جسے تشویش ناک حآلت میں نجی ہسپتال منقتل کیا گیا۔۔۔۔ ہسپتال میں پولیس تعینات ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔۔۔ ایس ایچ او ڈھرکی کےمطابق لڑکی کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یوراگوئے کا صدر چھوٹے گھر کا مکین

دنیا بھرمیں عظیم الشان محلوں میں رہنے والے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے والے صدور کی اس بھیڑ میں ایک صدر ایسا بھی ہے جو ٹوٹے پھوٹے گھر میں رہتا اور کنویں سے پانی بھرتا ہے۔

یوراگوئے کے صدر ”جوز موجیکا“ کو دنیا کا غریب ترین صدر کہا جاتا ہے۔ وہ چھوٹےسے پرانے گھر میں رہتے اور اپنی تنخواہ کا زیادہ حصہ خیرات کر دیتے ہیں۔ ان کے کپڑے دھونے کی جگہ بھی گھر سے باہر ہے اور انہیں پانی بھی کنویں سے بھرنا پڑتا ہے۔ یہ نرالا صدر سیکیورٹی سے بھی بے نیاز ہے۔ ان کے گھر پر صرف دو پولیس اہلکار اور تین کتے تعینات ہیں۔ 

جوزموجیکا نے حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کو خود ٹھکرایا اور اپنی بیوی کے گھر میں رہنا پسند کیا ہے۔ صدر اور ان کی اہلیہ گھر کے سامنے کھیتوں میں خود کام کرتے اور پھول اگاتے ہیں۔ ان کی تنخواہ بارہ ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے تاہم وہ اس کا بیشتر حصہ غریبوں میں بانٹ دیتے ہیں۔ خیرات کے بعد ان کے پاس سات سو پچھتر ڈالر بچتے ہیں جنہیں وہ اپنے لئے کافی قرار دیتے ہیں۔ صدر کی سالانہ آمدنی ایک ہزار آٹھ سو ڈالر ہے جو انیس سو ستّاسی میں خریدی گئی ان کی گاڑی کی قیمت کے برابر ہے۔ 

جوز موجیکا کہتے ہیں اگر آپ کے پاس زیادہ دولت نہیں ہے تو آپ خود کو زیادہ وقت دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے غریب ترین صدر کہا جاتا ہے لیکن مجھے کبھی غربت کا احساس نہیں ہوا، غریب وہ ہیں جو مہنگا طرز زندگی اپنانے کے لئے کام کرتے اور مزید سے مزید کی خواہش رکھتے ہیں۔
 

مسٹر بین کی ریٹائرمنٹ

خاموشی کے ساتھ دلچسپ حرکتیں کر کے قہقے بکھیرنے والے معروف برطانوی کامیڈین روّن ایٹکنسن مسٹر بین کے کردار کو خیر آباد کہہ رہے ہیں۔ ایٹکنسن کے مطابق وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں انہیں بچکانہ حرکتیں زیب نہیں دیتیں۔

مسٹر بین کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ایٹکنسن نے ان دنوں اپنی توجہ تھیٹر پر مرکوز کی ہوئی ہے جہاں وہ ویسٹ اینڈ نامی ڈرامے میں قدرے سنجیدہ کردار نبھا رہے ہیں۔ 
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق اب وہ مسٹر بین کے مزاحیہ کردار میں کم ہی نظر آئیں گے۔

مسٹر بین کی ریٹائرمنٹ

پاکستانی سپنر کو آسٹریلیا کا مستقل ویزہ مل گیا

سڈنی: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو تیاریوں میں مدد فراہم کرنے والے پاکستان کے لیگ سپن باؤلر اور ملک میں پناہ کے درخواست گزار فواد احمد کو مستقل ویزہ دے دیا گیا ہے۔ فواد 2010 میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقے سے کرکٹ کھیلنے کے لیے محدود مدت کے ویزے پر آسٹریلیا آئے تھے۔ انہیں جمعرات کو امیگریشن کے وزیر کرس براؤن کی ذاتی مداخلت پر مستقل ویزہ دیا گیا۔ امیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ کرس براؤن نے ذاتی طور پر فواد کے کیس میں دلچسپ لی اور انہیں ملک میں رہنے، کام کرنے اور کرکٹ کھیلنے کے لیے مستقل بنیادوں پر ویزاہ دیا گیا۔

تیس سالہ احمد پہلے کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے انہیں پاکستان میں شدت پسدنوں سے خطرہ تھا کیونکہ ان کے نزدیک کھیل کے ذریعے مغربی اقدار کو فروغ ملتا ہے۔ ایڈ کوؤن کے اصرار پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے لیگ سپنر عمران طاہر کے خلاف موثر انداز میں کھیلنے کے لیے فواد کو نیٹس میں بیٹنگ پریکٹس کے لیے استعمال کیا تھا۔ 

یاد رہے کہ فواد اور طاہر پاکستان میں قیام کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکے ہیں۔ فواد کے استاد اور دوست کوؤن کا کہنا ہے کہ ’ہم سب اس کی داستان سے بہت متاثر ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ وہ کتنا آگے آیا ہے‘۔ ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ اور سٹیٹ کی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند فواد نے ویزہ ملنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ’میں حکومت اور ہر اس شخص کا شکر گزار ہوں جس نے میری درخواست میں مدد کی، میں بے حد خوش ہوں‘۔ کرکٹ آسڑیلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ نے وزیر کرس براؤن کے فیصلے کو کرکٹ کے لیے شاندار قرار دیا ہے۔

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کے اظہار کے طور پر دسیوں اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گروپ کے اعلان نامہ کے مطابق ستائسی سائٹوں کو ہیک کر دیا گیا ہے جن پر فلسطین اور تحریک حماس کی حمایت میں تحریریں دیکھنے میں آئیں۔ 

گروپ ”اینونیمس“ نے اس آپریشن کو OpIsrael یعنی ”آپریشن اسرائیل“ کا نام دیا۔ یہ سائبر حملے اسرائیل کی طرف سے اطلاعاتی مہم شروع کئے جانے کے بعد کئے گئے۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی ویب سائٹ کے ذریعے غزہ پٹی کے واقعات پر روشنی ڈالی جانے لگی۔

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا

بس اور ٹرین میں تصام: 47 بچے جاں بحق

حادثے میں زخمی بچے ہسپتال میں زیر علاج ہیں
مصر کے جنوب میں ایک سکول بس ٹرین کی زد میں آنے سے درجنوں بچے ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہفتہ کو جنوبی علاقے منفالوت میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سکول بس ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے ریل گاڑی کی زد میں آ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں چار سے چھ سال تک کی عمر کے تقریباً 60 بچے سوار تھے۔ ہلاکتوں کی تعداد 47 بتائی گئی ہے۔

صدر محمد مرسی نے متعلقہ وزراء کو متاثرہ خاندانوں کی معاونت کا حکم دیا ہے۔ مصر میں عموماً ریل کے ناقص نظام اور خراب انتظامی ڈھانچہ ملک میں ایسے حادثات کی ایک بڑی وجہ بتائی جاتی ہے۔ ادھر پاکستان نے مصر میں پیش آنے والے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے مصر کی حکومت اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جیت

بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ویسٹ انڈیز نے 77 رنز سے جیت لیا ہے۔ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 245 پینتالیس رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں چندر پال کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا ڈکلیئر کر دیا تھا۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 556 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں صرف 273 رنز ہی بنا سکا اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 245 رنز کا ایک نسبتاً آسان ہدف دیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر ٹینو بیسٹ نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ویراسوامی پرمال نے 32 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ روی رام پال کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ بنگلہ دیش کے سات کھلاڑی 119 پر آؤٹ ہو گئے تھے لیکن محموداللہ اور سوہاگ غازی کے درمیان آٹھویں وکٹ کی 36 رنز کی شراکت نے بنگلہ دیش کی امیدوں کو ایک بار پھر سہارا دیا۔ لیکن اس کی آٹھویں اور نویں وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں جس سے ویسٹ انڈیز ایک بار پھر کھیل پر گرفت مضبوط کر لی۔

میرپور: پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جیت

بھارت کے خلاف انگلینڈ کو فالو آن

بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوگئی۔ بھارتی باؤلروں خصوصاً پراگیان اوجھا نے پانچ، ایشون نے تین جب کہ ظہیر خان اور یاددو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

احمد آباد میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز ہفتہ کو جب کھیل ختم ہوا تو مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 219 رنز درکار تھے جب کہ میچ کے دو روز اور انگلینڈ کے تمام کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 521 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ختم کر دی تھی۔ چتیشور پجارا ناقابل تسخیر 206 رنز کے ساتھ نمایاں بھارتی بلے باز رہے جب کہ سہواگ نے شاندار 117 رنز بنائے۔

پہلا ٹیسٹ :بھارت کے خلاف انگلینڈ کو فالو آن

جرمنی سے شکست، پاکستان فائنل دوڑ‌ سے باہر

جوہربارو: جرمنی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کے بعد پاکستان سلطان جوہر بارو کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

ٹیم اب اتوار کو برانز میڈل کے لیے آسٹریلیا کا سامنا کرے گی، جرمن سائیڈ کا فیصلہ کن معرکے میں بھارت سے مقابلہ ہوگا، لیگ کے آخری مقابلہ میں جرمن پلیئرز نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا، جرمنی اور آسٹریلیا کے پوائنٹس یکساں طور پر 9، 9 ہوئے تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر جرمن ٹیم نے فائنل میں جگہ بنالی، آسٹریلیا نے اپنے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 5-1 سے شکست دی، نیوزی لینڈ کو میزبان اور دفاعی چیمپئن ملائیشیا سے ٹکرانا پڑیگا، ملائیشیا نے پہلے ہی فائنل میں نشست محفوظ کرانے والے بھارت کے خلاف اپنا آخری میچ 3-3 سے ڈرا کرلیا۔

سکریچ کارڈ کی فروخت پر ایکسائز ڈیوٹی لی جائے گی

اسلام آ باد: ایف بی آر نے سیلولر موبائل فون کمپنیوں اور دوسری ٹیلی کام کمپنیوں سے سکریچ کارڈ کے استعمال کے بجائے فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے بھجوائے جانے والے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے لیٹر پرطلب کی جانے والی رپورٹ پر کیا گیا تاہم حتمی فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات پر کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے اس لیٹر پر تمام سیلولر موبائل فون کمپنیوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں جن میں کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ 5 دن میں اپنے نکتہ نظر اور موقف سے آگاہ کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے لیٹر میں کہا گیا تھا کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کارڈ کی فروخت کے بعد ہی ایف بی آر کو جمع ہونا چاہیے جس سے ایف بی آر کو اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ کمپنیوں کے جواب ملنے پر رپورٹ تیار کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی اورعدالتی ہدایات پر عمل ہوگا تاہم ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے پاس سکریچ کارڈ کے استعمال کے بجائے فروخت پر کمپنیوں سے ٹیکس وصول کرنے کے اختیارات ہیں۔

فون سکریچ کارڈ کی فروخت پر ایکسائز ڈیوٹی لی جائے گی، ایف بی آر کا اصولی فیصلہ

اسرائیلی بمباری سے 39 فلسطینی شہید

غزہ سٹی: غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد گزشتہ 4 دنوں میں جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں وزیراعظم ہاؤس، پولیس ہیڈ کوارٹر اور مسجدالرحمان سمیت متعدد سرکاری اور سیکیورٹی اداروں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ جبالیہ اور مغازی میں فلسطینیوں کے کیمپ پر ہونے والے حملے میں 11 افراد شہید ہوگئے جن میں ایک 5 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ فلسطین کے وزیراعظم ہاؤس پر ایک ایسے وقت میں حملہ کیا گیا کہ جب فلسطینی کابینہ اور مصر کے وزیراعظم ہشام قندیل کے درمیان اسی مقام پر آج صبح مذاکرات ہونے کی توقع تھی جبکہ اس کے بعد تیونس کے وزیر خارجہ کا دورہ متوقع تھا۔ اسرائیلی حکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے اب تک غزہ پر 180 سے زائد حملے کئے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت پر غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خطے کے ممالک کی جانب سے سفارتی میدان میں بھی تیزی آگئی ہے۔ تیونس کے وزیر خارجہ رفیق عبدالسلام نے غزہ میں حماس رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔ حماس کے سربراہ خالد مشعل اور ترک وزیراعظم طیب رجب اردگان مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے ہیں۔ جبکہ قطر کے امیر الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی آمد بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اسرائیلی بمباری سے 39 فلسطینی شہید