اتوار, نومبر 18, 2012

یوراگوئے کا صدر چھوٹے گھر کا مکین

دنیا بھرمیں عظیم الشان محلوں میں رہنے والے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے والے صدور کی اس بھیڑ میں ایک صدر ایسا بھی ہے جو ٹوٹے پھوٹے گھر میں رہتا اور کنویں سے پانی بھرتا ہے۔

یوراگوئے کے صدر ”جوز موجیکا“ کو دنیا کا غریب ترین صدر کہا جاتا ہے۔ وہ چھوٹےسے پرانے گھر میں رہتے اور اپنی تنخواہ کا زیادہ حصہ خیرات کر دیتے ہیں۔ ان کے کپڑے دھونے کی جگہ بھی گھر سے باہر ہے اور انہیں پانی بھی کنویں سے بھرنا پڑتا ہے۔ یہ نرالا صدر سیکیورٹی سے بھی بے نیاز ہے۔ ان کے گھر پر صرف دو پولیس اہلکار اور تین کتے تعینات ہیں۔ 

جوزموجیکا نے حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کو خود ٹھکرایا اور اپنی بیوی کے گھر میں رہنا پسند کیا ہے۔ صدر اور ان کی اہلیہ گھر کے سامنے کھیتوں میں خود کام کرتے اور پھول اگاتے ہیں۔ ان کی تنخواہ بارہ ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے تاہم وہ اس کا بیشتر حصہ غریبوں میں بانٹ دیتے ہیں۔ خیرات کے بعد ان کے پاس سات سو پچھتر ڈالر بچتے ہیں جنہیں وہ اپنے لئے کافی قرار دیتے ہیں۔ صدر کی سالانہ آمدنی ایک ہزار آٹھ سو ڈالر ہے جو انیس سو ستّاسی میں خریدی گئی ان کی گاڑی کی قیمت کے برابر ہے۔ 

جوز موجیکا کہتے ہیں اگر آپ کے پاس زیادہ دولت نہیں ہے تو آپ خود کو زیادہ وقت دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے غریب ترین صدر کہا جاتا ہے لیکن مجھے کبھی غربت کا احساس نہیں ہوا، غریب وہ ہیں جو مہنگا طرز زندگی اپنانے کے لئے کام کرتے اور مزید سے مزید کی خواہش رکھتے ہیں۔
 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔