جمعہ, جولائی 05, 2013

اینڈرائڈ فون تک رسائی کی ’ماسٹر کی‘

سکیورٹی کمپنی بلیو بکس نے ایک ایسی ’ماسٹر کی‘دریافت کی ہے جس کی مدد سے سائبر چور اینڈرائڈ کے کسی بھی فون تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ایسا بگ ہے جس کی مدد سے سائبر حملہ آور اپنے مرضی سے ہدف بنایا گیا فون استعمال کر سکتے ہیں۔ وہ فون سے ڈیٹا چرا سکتے ہیں،اس فون پر کی جانے والی گفتگو خفیہ طور پر سن سکتے ہیں اور فون کو جنک یا بےکار پیغامات بھیجنے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ گوگل نے کہا ہے کہ وہ ابھی بلیو بکس کی دریافت پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

بلیو بکس کے بلاگ میں جیف فوریسٹل نے لکھا ہے کہ ماسٹر کی یا بگ کی دریافت کے اثرات بہت زیادہ تھے۔ بگ اینڈرائڈ فون پر انسٹال پروگراموں کی تصدیق کے طریقۂ کار کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ جیف فوریسٹل نے کہا کہ اینڈرائڈ کسی اپلیکیشن یا پروگرام کی اصلیت چیک کرنے کے لئے کریپٹوگرافک ڈیجیٹل دستخط استعمال کرتا ہے۔ ان کے ساتھیوں نے ایسا طریقہ دریافت کرلیا ہے جس کے ذریعے اینڈرائڈ کو چکر دیا جاتا ہے اور اسے پروگراموں میں کی جانے والی اُلٹی سیدھی تبدیلیوں کا پتہ نہیں چلتا۔ کسی بھی پروگرام کو جو یہ بگ استعمال کرے گا فون تک ایسے ہی رسائی ہوگی جو ایک قانونی اپلیکیشن کو ہوتی ہے۔

بلیو بکس نے بگ کی دریافت کے بارے میں گوگل کو فروری میں بتایا تھا۔ جیف فوریسٹل کا اس سال اگست میں بلیک ہیٹ ہیکر کے نام سے ہونے والی کانفرنس میں اس مسئلے کے بارے میں مزید انکشافات کرنے کا ارادہ ہے۔