ہاکی لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
ہاکی لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

جمعہ, دسمبر 28, 2012

پاکستان بھارت کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپیئن بن گیا

دوحہ: پاکستان نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان مقابلے کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا، میچ کے ابتدا میں ہی پاکستان نے گول کرکے بھارت کے خلاف برتری حاصل کرلی لیکن بھارت نے جلد ہی یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے ناصرف پاکستان کی برتری کا خاتمہ کر دیا بلکہ قومی ٹیم پر سبقت بھی حاصل کرلی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور بھارت کے خلاف 3-2 سے برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے وقاص نے چوتھا گول کیا۔ میچ نے اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر لی جب بھارت نے مزید 2 گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ کچھ ہی دیر میں پاکستان نے پانچواں اور فتح کن گول کر کے ایک بار پھر برتری حاصل کر لی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ پاکستان کی جانب سے وقاص شریف نے دو راشد ، شفقت رسول اور عرفان نے ایک ایک گول کیا۔
 

جمعہ, دسمبر 21, 2012

پاکستان ہاکی کے کھلاڑیوں کے شکوے

پاکستان ہاکی ٹیم کے مایہ ناز فاروڈ شکیل عباسی جنہیں حالیہ میلبورن چیمپئنز ٹرافی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے نے کہا ہے کہ میں بارہ برس سے پاکستان کی طرف سے کھیل رہا ہوں آج دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہوں مگر میرے پاس نوکری نہیں ہے ان حالات میں میں کیسے کسی کو ہاکی کھیلنے کا مشورہ دے سکتا ہوں؟ انہوں نے کہا کہ میں کسی سے گلہ نہیں کر رہا کیونکہ شکایت کمزور لوگ کرتے ہیں اور عوام مجھے پسند کرتے ہیں اور میرے لیے یہی اصل اعزاز ہے۔

کپتان محمد عمران کو بھی چیمپئنز ٹرافی میں وکٹری سٹینڈ پر آنے کے بعد حکومت کی جانب سے پزیرائی نہ ملنے کا گلہ ہے۔ عمران کا کہنا تھا کہ مزدور کو مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ملنی چاہیے مگر وکٹری سٹینڈ پر آنے کے باوجود ہمیں اب تک کسی نے نہیں پوچھا۔

جمعرات, نومبر 29, 2012

چار ملکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا پہلے پاکستان تیسرے نمبر پر

چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔ ایک روز قبل ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو تین، پانچ سے شکست دی تھی جو کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی تیسری مسلسل شکست تھی۔

پرتھ میں کھیلے جانے والے نائن اے سائیڈ سپر سیریز کی فاتح آسٹریلیا کی ٹیم رہی جس نے انگلینڈ کو پانچ، دو سے شکست دی۔ یہ چاروں ٹیمیں اب یکم دسمبر سے آسٹریلیا میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ شرکت کریں گی۔

چار ملکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا پہلے پاکستان تیسرے نمبر پر

اتوار, نومبر 25, 2012

سپر ہاکی سیریز: پاکستان کو بھارت سے شکست

چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری نائن اے سائیڈ سپر سیریز میں بھارت کھیل کے آغاز ہی سے پاکستان پر حاوی رہا اور دوسرے ہی منٹ میں پہلا گول کے برتری حاصل کرنے کے کچھ ہی دیر بعد دوسرا گول بھی کردیا۔

پاکستان کی طرف سے پہلا گول پہلے ہاف میں کیا گیا لیکن اس وقت تک بھارت تین گول کرچکا تھا۔ دوسرے ہاف میں بھی بھارتی ٹیم پوری طرح کھیل پر چھائی رہی اور مخالف ٹیم کو صرف ایک گول ہی کرنے دیا جب کہ خود اس نے دو مزید گول داغ دیے۔ ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی تیسری مسلسل ناکامی ہے۔ اس سے قبل گرین شرٹس کو آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی کو شکست دے چکے ہیں۔ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے بعد یکم دسمبر سے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی۔
 

ہفتہ, نومبر 24, 2012

سپر ہاکی سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو 4-2 سے ہرا دیا

نائن اے سائیڈ سپر ہاکی سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4-2 سے شکست دے دی۔ پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا، حسیم خان اور عمر بھٹہ کے گولز کی بدولت پاکستان کو پہلے ہاف کے اختتام پر 2-1 کی برتری حاصل تھی، لیکن انگلینڈ نے دوسرے ہاف میں بہتر کارکردگی دکھا کر میچ جیت لیا۔ 

انگلینڈ کی جیت میں نک کیٹلین کا کردار اہم تھا جنہوں نے 4 میں سے 2 گول کئے۔ یہ پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے، پاکستان ٹیم ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں آج بھارت کا سامنا کرے گی۔

سپر ہاکی سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو 4-2 سے ہرا دیا

پیر, نومبر 19, 2012

سلطان جوہر ہاکی، پاکستان کی چوتھی پوزیشن

دوسرے سلطان جوہر بارو کپ میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن کے ساتھ اختتام کیا۔ گرین شرٹس کو تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا نے سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی، جرمنی نے بھارت کوپچھاڑ کر ٹائٹل جیت لیا۔ 

اطلاعات کے مطابق سلطان جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا کا بھرپور مقابلہ کیا۔ تاہم کامیابی مقدر نہ بن سکی، 0-2 کے خسارے میں جانے والی قومی ٹیم نے مقررہ وقت میں مقابلہ برابر کر کے اضافی وقت میں کھیل کو پہنچایا لیکن گولڈن گول پر کینگروز نے فتح اپنے نام کرلی، کھیل کے پہلے ہاف میں آسٹریلوی پلیئرز نے اپنی بالادستی قائم رکھی۔

گذشتہ برس ایونٹ میں رنر اپ رہنے والی آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے نویں منٹ میں کیسی ہیمونڈ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جو پاکستانی دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے خود گیند لے کرسیمی سرکل تک گئے جہاں ان کے سامنے صرف گول کیپر مظہر عباس تھے، جسے انھوں نے باآسانی چکمہ دے دیا۔ دو منٹ بعد حریف کپتان ڈیلن وودر سپون نے بائیں جانب سے گیند کو سیمی سرکل تک پہنچاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مظہر کو بے بس کردیا، پاکستان کے پاس خسارہ کم کرنے کا بہترین موقع کھیل کے 23 ویں منٹ میں آیا، جب ٹیم کو پہلا پنالٹی کارنر ملا، لیکن اس سے پاکستانی پلیئرز خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے، کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا، 49 ویں منٹ میں محمد عرفان نے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو اعتماد دیا، مقررہ وقت کی فائنل وسل سے چار منٹ قبل رضوان علی نے دوسرا گول داغ کر آسٹریلیا کے اوسان خطا کردیے اور مقابلے کو اضافی وقت میں دھکیل دیا، اضافی ٹائم کے پہلے ہاف کے خاتمے سے دو منٹ قبل جیشان رندھاوا نے گولڈن گول بنا کر آسٹریلیا کو وکٹری سٹینڈ پر پہنچا دیا۔

فائنل میں جرمنی نے بھارت کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی، جرمنی کے لیے کھیل کا پہلا گول 11ویں منٹ میں ٹیم کو ملنے والے پہلے پنالٹی کارنر پر جوناس گومول نے بنایا، 24 ویں منٹ میں ستبیر سنگھ کے جوابی گول سے میچ برابر ہوگیا، جوشا دیلیربر نے جرمنی کے لیے دوسرا گول بنایا، فلورین ایڈرینز نے یورپی ٹیم کیلیے تیسرا گول سکور کیا، کھیل ختم ہونے سے محض تین منٹ قبل آکاش دیپ نے بھارت کا خسارہ کم کیا، آخری پوزیشن کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے میزبان ملائیشیا کو اضافی وقت 2-1 سے ہرادیا۔

سلطان جوہر ہاکی، پاکستان کا چوتھی پوزیشن پر اختتام

اتوار, نومبر 18, 2012

جرمنی سے شکست، پاکستان فائنل دوڑ‌ سے باہر

جوہربارو: جرمنی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کے بعد پاکستان سلطان جوہر بارو کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

ٹیم اب اتوار کو برانز میڈل کے لیے آسٹریلیا کا سامنا کرے گی، جرمن سائیڈ کا فیصلہ کن معرکے میں بھارت سے مقابلہ ہوگا، لیگ کے آخری مقابلہ میں جرمن پلیئرز نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا، جرمنی اور آسٹریلیا کے پوائنٹس یکساں طور پر 9، 9 ہوئے تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر جرمن ٹیم نے فائنل میں جگہ بنالی، آسٹریلیا نے اپنے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 5-1 سے شکست دی، نیوزی لینڈ کو میزبان اور دفاعی چیمپئن ملائیشیا سے ٹکرانا پڑیگا، ملائیشیا نے پہلے ہی فائنل میں نشست محفوظ کرانے والے بھارت کے خلاف اپنا آخری میچ 3-3 سے ڈرا کرلیا۔

ہفتہ, نومبر 17, 2012

پاکستان کو آج جرمنی کے خلاف لازمی فتح درکار

لاہور: سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے فیصلہ کن معرکہ میں رسائی کے لیے پاکستان کو ہفتے کے دن جرمنی کے خلاف لازمی فتح درکار ہوگی۔

گرین شرٹس کی کامیابی کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ برابر یا پھر کینگروز کی ناکامی بھی ضروری ہے، ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے اختتامی میچز میں آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ اور بھارت کا میزبان ملائیشیا سے سامنا ہونا ہے، ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے مقابلوں میں بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا، جرمنی 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا اتنے ہی پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر ہے۔

گرین شرٹس نے 5 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، نیوزی لینڈ 4 اور ملائیشیا 3 پوائنٹس لے کر ان سے پیچھے ہے۔ ہفتے کو اگر پاکستانی ٹیم جرمنی کے خلاف فتح حاصل کرے تو اس کے پوائنٹس 8 ہوجائیں گے، اس کے بعد کھلاڑیوں کی خواہش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کو شکست ہو یا پھر مقابلہ برابر رہے، اگر ایسا ہوگیا تو پاکستانی ٹیم فائنل میں بھارت کو جوائن کر لے گی، برابری یا جرمنی کے ہاتھوں ہار سے گرین شرٹس ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے، ایونٹ میں تمام ٹیمیں 4,4 میچز کھیل چکی ہیں۔

جمعہ, نومبر 16, 2012

جونیئر ہاکی: پاکستان نے ملائیشیا پر ہاتھ صاف کرلیا

جوہر بارو: سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اولین کامیابی حاصل کرتے ہوئے میزبان ملائیشیا پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا۔ بھارت نے نیوزی لینڈ کو 3-1 سے قابو کرکے فائنل میں جگہ بک کرلی، جرمنی نے آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ملائیشیا کو 2-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی ریکارڈ کرائی، اس سے قبل دو ناکامیوں کے بعد ٹیم نے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ بغیر کسی گول کے ڈرا کیا تھا، میزبان پر فتح سے اس کے پوائنٹس کی تعداد 5 اور وہ چوتھے نمبر پر آگیا۔

پاکستان نے جمعرات کو ملائیشیا کے خلاف سادہ ہاکی کھیلی، وہ میزبان کھلاڑیوں کو خود پر حملے کا موقع دیتے اور پھر خود ان پر کائونٹر اٹیک کرتے، گرین شرٹس کی جانب سے محمد دلبر نے 21 ویں منٹ میں کھاتہ کھولا جبکہ محمد عرفان نے 39 ویں منٹ میں گول کیا۔ 

بھارت نے نیوزی لینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کرلی وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہفتے کو ہونے والے آخری رائونڈ روبن مقابلوں میں ہوگا۔ جرمنی نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی جس سے دونوں ٹیمیں 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
 

جمعرات, نومبر 15, 2012

پاکستان نے بھارت کی فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا

جوہربارو: سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بھارت کی فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا۔

مقابلے کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا، گرین شرٹس جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے مقابل آئیں گے، ٹیم نے اس سے قبل کیویز کیخلاف مقابلہ 3-3 سے ڈرا کیا جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں 1-5 سے شکست برداشت کرنا پڑی، اس کے برعکس بھارت نے اپنے دونوں ابتدائی میچز جیتے تھے، اس نے آسٹریلیا کے خلاف 2-0 سے حیران کن فتح پائی اور پانچ مرتبہ کے ورلڈ جونیئر چیمپئن جرمنی کو 3-1 سے ہرایا تھا۔ جوہربارو، ملائیشیا میں بدھ کو روایتی حریف کے خلاف پاکستان نے جارحانہ انداز اختیار کیے رکھا تاہم دونوں ٹیموں کے فارورڈز میچ کو نتیجہ خیز نہیں بناسکے۔

گرین شرٹس نے پہلا پنالٹی کارنر 39 ویں منٹ میں حاصل کیا لیکن محمد عرفان نے گول کا موقع ضائع کردیا، 46 ویں منٹ میں بھارت کے پردیپ سنگھ کی لگائی ہوئی ہٹ پر گول کیپر نے گیند قابو کرلی، پاکستان کو 64 ویں منٹ میں بھی گول داغنے کا موقع ملا لیکن محمد ارسلان قادر کا سٹریٹ شاٹ انڈین گول کیپر ششانت ٹرکی نے روک لیا، تین میچز کی تکمیل پر بھارت 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان 2 پوائنٹس لے کر6 ٹیموں کے ایونٹ میں آخری نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیمیں جونیئر سطح پر 27 مرتبہ مدمقابل آچکیں، 10 میں گرین شرٹس اور 9 میں حریف نے فتح پائی، 8 میچز ڈرا ہوئے، پاکستان کے 42 گول کے مقابلے میں بھارت نے 49 بنائے، جوہر بارو ایونٹ میں اس سے قبل منعقدہ تین میچز میں سے دو میں بھارت اور ایک میں پاکستانی ٹیم کامیاب رہی۔ بدھ کو دیگر میچز میں آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو 3-2 سے مات دی، جرمنی نے اپنی گذشتہ دو ناکامیوں کا غصہ نیوزی لینڈ کو5-1 سے ہرا کر اتارا۔ 

پیر, نومبر 12, 2012

سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نیوزی لینڈ کا میچ برابر

دوسرا سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ شروع ہوگیا،،، قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ سے جیت کا بہترین موقع ضائع کر دیا۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں قومی جونیئر ٹیم نے حریف کیویز کے خلاف میدان میں اتری۔ محمد دلبر نے گرین شرٹس کو سبقت دلائی جسے محمد عرفان نے شاندار گول سے دو گنا کر دیا۔ محمد دلبر نے ایک اور گول کرکے برتری تین صفر کر دی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی۔ دوسرا ہاف شروع ہوتے ہیں میچ کا پانسہ پلٹنے لگا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے گول پہ گول نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ پاکستان کا دفاع ہی کمزور نہیں بلکہ حملے بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ کیویز نے شاندار کارکردگی سے گرین شرٹس کے جیت کا تر نوالہ چھین لیا۔ تین گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ 

آج آسٹریلیا بھارت اور ملائیشیا جرمنی کے میچ بھی شیڈول ہیں۔

انڈو پاک دوستی کپ بھارت نے جیت لیا

لاہور: بھارت نے پاکستان کو تیسرے ہاکی میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی۔

لاہور کے جوہر ہاکی سٹیڈیم میں انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول انڈو پاک دوستی کپ سیریز کا آخری میچ کھیلا گیا۔ بھارت کے وکرم جیت نے پہلا، راج پال نے دوسرا جبکہ تیسرا گول جسکارن نے کیا۔

پاکستان کی جانب سےواحد گول عثمان نےپنالٹی کارنر پر کیا۔ اس سے پہلے دونوں میچ برابر رہے تھے. سیریز کے اختتام پر بھارتی ٹیم کو گولڈ میڈل اور پاکستانی ٹیم کو سلور میڈل دیا گیا۔

اتوار, اگست 12, 2012

اولمپک ہاکی فائنل، جرمنی نے ہالینڈ کو شکست دے دی

جیت کی خوشی
اولمپک 2012ء کے ہاکی فائنل میچ میں جرمنی نے ہالینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے برطانیہ کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ جیتا۔

یاد رہے کہ جرمنی کی ٹیم نے مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔

خواتین کے مقابلوں میں ہالینڈ کی ٹیم نے سونے، ارجنٹائن کی ٹیم نے چاندی اور برطانیہ کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ 

ہفتہ, اگست 11, 2012

ہاکی اولمپکس: جرمنی اور ہالینڈ آج فائنل کھیلیں گے

لندن اولمپکس 2012ء کے مردوں کے ہاکی مقابلوں میں جرمنی اور ہالینڈ فائنل میں پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج ہفتہ کو میدان میں اتریں گے۔

جمعرات کو ہونے والے سیمی فائنلز میں جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو جب کہ ہالینڈ نے برطانیہ کو شکست دی۔

پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے کھیل کے ابتدائی مرحلے سے دباؤ برقرار رکھا اور دو ایک کی خاصی دیر تک برتری برقرار رکھی۔ تاہم اختتامی مرحلے میں جرمنی نے سنسنی خیز انداز میں تین گول کرکے فائنل کے لیے کوالی فائی کرلیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کو ہالینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ہالینڈ نے شروع ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور میچ کے اختتام پر نو، دو سے فتح حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی۔

ہاکی اولمپکس: جرمنی اور ہالینڈ فائنل میں

بدھ, اگست 08, 2012

اولمپکس ہاکی: آسٹریلیا نے پاکستان کو سات گول سے ہرا دیا

لندن اولمپکس کے ہاکی مقابلوں میں منگل کو آسٹریلیا نے پاکستان کو سات، صفر سے ہرا دیا جس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی کھیل پر چھائی رہی اور جلد ہی یکے بعد دیگرے دو گول کرکے مخالف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔

پہلے ہاف میں اسے پاکستانی ٹیم پر چار، صفر سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی آسٹریلوی ٹیم نے میچ پر گرفت مضبوط رکھی اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید تین گول کیے۔

سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو یہ میچ جیتنا بہت ضروری تھا۔

گروپ اے میں شامل آسٹریلیا سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کرگیا ہے اور اب تک اپنے گروپ میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

اولمپکس ہاکی: آسٹریلیا نے پاکستان کو سات گول سے ہرا دیا

جمعہ, اگست 03, 2012

اولمپکس 2012ء: آج پاکستان ہاکی ٹیم کا مقابلہ برطانوی ٹیم سے ہوگا

* آج پاکستان ہاکی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ کی ہاکی ٹیم سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہیں لیکن برطانیہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

اتوار, جولائی 29, 2012

پاکستان کل سپین کے خلاف میچ سے اولمپک مہم شروع کرے گا

پاکستان کی ہاکی ٹیم اولمپک گیمز ہاکی میں اپنا پہلا میچ پیر کو اولمپک کی سلور میڈلسٹ ٹیم سپین سے کھیلے گی۔ اولمپک میں دونوں ٹیموںکے درمیان یہ 9 واں مقابلہ ہوگا۔ ہاکی کے اعداد و شمار کے ماہر مظہر جبلپوری کے مطابق پاکستان نے کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے چار میں سپین کو ہرایا جب کہ دو میں اسے شکست ہوئی۔ دو میچ فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکے۔ پاکستان نے آٹھ میچوں میں 18 گول کےے جب کہ 12 گول اس کے خلاف ہوئے۔

پیر, جولائی 02, 2012

پاکستانی اولمپکس ہاکی سکواڈ میں سینیئرز کی واپسی

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لندن اولمپکس کے لیے بیس رکنی پاکستانی ہاکی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

پنلٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس ٹیم کی قیادت کریں گے اور انہیں مئی میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود کپتانی پر برقرار رکھا گیا ہے۔

ستائیس جولائی سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شرکت کے لیے لندن روانگی سے قبل ٹیم مینجمنٹ بیس میں سے اٹھارہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

حالیہ میچوں میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد سلیکٹرز نے ایک مرتبہ پھر پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹیم میں سنٹر فارورڈ ریحان بٹ، محمد وسیم اور سابق کپتان شکیل عباسی کی واپسی ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سکواڈ کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر حنیف خان نے کہا کہ ’ہم نے تجربہ کار کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ باقی کھلاڑی ان کے تجربے سے مستفید ہوسکیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے حال ہی میں چند جونیئر کھلاڑیوں کو بھی آزمایا اور یہ سکواڈ جونیئر اور سینیئر کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے‘۔

پاکستان ماضی میں تین مرتبہ اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیت چکا ہے اور آخری مرتبہ اس نے یہ اعزاز اٹھائیس برس قبل لاس اینجلس اولمپکس میں حاصل کیا تھا۔

اولمپکس میں ہاکی کے کھیل میں پاکستان کو آخری تمغہ سنہ انیس سو بانوے میں ملا تھا جب اس نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

بیجنگ اولمپکس میں پاکستان نے ان مقابلوں میں اپنی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

لندن اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کی شمولیت دو ہزار دس کا ایشیا کپ جیتنے کی وجہ سے یقینی ہوئی تھی اور ان مقابلوں میں اسے گروپ اے میں آسٹریلیا، برطانیہ، سپین، ارجنٹائن اور جنوبی افریقہ کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر حنیف خان کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم لندن اولمپکس میں وکٹری سٹینڈ پر بھی پہنچ جاتی ہے تو وہ بھی کسی طلائی تمغے سے کم نہیں ہوگا۔

لندن اولمپکس کے لیے پاکستانی سکواڈ یہ ہے: سہیل عباس ( کپتان)، عمران شاہ، عمران بٹ، محمد عرفان، محمد عمران، کاشف شاہ، فرید احمد، راشد محمود، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، وسیم احمد، ریحان بٹ، شکیل عباسی، محمد وقاص، عمر بھٹہ، علی شاہ، محمد زبیر، عبدالحثیم خان،محمد رضوان اور شفقت رسول