جمعرات, اگست 09, 2012

غصے کا علاج

جب غصہ آئے تو اِن میں سے کوئی بھی ایک یا سارے عمل کر ڈالیے۔

- اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم پڑھیے
- ولا حول ولا قوۃ الا باللہ پڑھیے
- خاموش ہوجائیے
- وضو کر لیجئے
- ناک میں پانی چڑھائیے
- کھڑے ہیں تو بیٹھ جائیے
- بیٹھے ہیں تو لیٹ جائیے
- خود کو زمین سے ملا لیجئے، (وضو ہو تو سجدہ کرلیں) تاکہ احساس ہو کہ خاک سے بنا ہوں لہذا مجھے کسی شخص پر غصہ کرنا زیب نہیں دیتا۔
- جس پر غصہ آیا ہو اس کے سامنے سے ہٹ جائیے

اگر کسی کو غصے کی حالت میں ڈانٹ دیا ہے تو خصوصیت کے ساتھ سب کے سامنے ہاتھ جوڑ کر اس سے معافی مانگیں اس طرح نفس ذلیل ہوگا اور آئندہ غصہ کرتے وقت ذلت یاد رہے گی۔

اس بات پر غور کیجئے کہ آج میں کسی شخص کی خطا پر غصہ کررہا ہوں اور درگزر کرنے پر تیار نہیں، حالاں کہ میری خطائیں بے شمار ہیں اگر اللہ عز وجل غضب ناک ہوگیا اور اس نے مجھے معاف نہیں کیا تو میرا کیا ہوگا؟

اگر کوئی زیادتی کرے یا خطا کر دے اور اس پر نفس کی خاطر غصہ آجائے تو معاف کردینا کار ثواب ہے تو کیوں نہ میں اس کو معاف کرکے ثواب کا حق دار بنوں اور ثواب بھی کیسا زبردست کہ قیامت کے دن اعلان کیا جائے گا جس کا اجر اللہ کے ذمہ ہے وہ اٹھے اور جنت میں داخل ہوجائے۔ پوچھا جائے گا کس کے لئے اجر ہے کہا جائے گا ان لوگوں کے لئے جو معاف کرنے والے ہیں۔

گیارہ سالہ نا بالغ بچی کی 54 سالہ شخص سے شادی کی کوشش ناکام

ٹھٹھہ کے علاقے سجاول میں پولیس نے گیارہ سالہ لڑکی کی شادی 54 سالہ شخص سے ناکام بناکر لڑکی، اُ س کی ماں اور بھائی سمیت 54 سالہ دولھا کو گرفتار کرلیا۔

پاکستان کے ایک موقر انگریزی روزنامے’ڈان‘ کی خبر کے مطابق، اطلاع پر پولیس نے ماچھی گوٹھ کے ایک مکان میں چھاپہ مار کر 54 سالہ شخص کو نابالغ لڑکی سے شادی کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ لڑکی کی ماں اور بھائی نے گیارہ سالہ لڑکی کو پینتس ہزار روپے میں بیچا تھا۔

سجاول تھانے کے ایس ایس پی عثمان غنی نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد لڑکی کی ماں اور اس کے بھائی، نکاح خواں اور گواہوں کے خلاف تفتیش شروع کردی ہے۔ انسانی حقوق سیل کے انچارج رفیق سومرو نے بتایا کہ مزید افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف موجودہ قانون میں لڑکی کی شادی کی کم از کم عمر سولہ جبکہ لڑکے کی اٹھارہ سال ہے، تاہم اس قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بچوں کی کم عمری میں شادی کا رواج موجود ہے۔

گیارہ سالہ نا بالغ بچی کی 54 سالہ شخص سے شادی کی کوشش ناکام

طوطے تین سالہ بچوں کی طرح ذہین

آسٹریا اور جرمنی کے ماہرین حیوانات نے تحقیقات کرکے یہ ندازہ لگایا ہے کہ ژاکو نسل کے طوطے وجہ اور نتیجہ کے درمیان موجود رابطہ کو تین سالہ بچوں کی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایسے طوطوں کی منطقی صلاحیت ایک آسان تجربہ کے دوران سامنے آئی۔ محققین نے طوطوں کو دو یکساں پلاسٹک گلاس دکھائے جس کے بعد ایک گلاس میں اخروٹ رکھا گیا جبکہ دوسرا خالی رہا۔ پھر محققین نے دونوں گلاس باری باری ہلا دیئے تاکہ طوطے سن سکیں کہ اخروٹ کون سے گلاس میں ہے۔ بعد میں طوطوں نے صحیح گلاس منتخب کیا۔ جہاں تک بچوں کا سوال ہے تو وہ تین سال کی عمر میں ہی ایسی مشق کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

طوطے تین سالہ بچوں کی طرح ذہین ہیں

یورپ میں موسم بے راہ رو ہوگیا

یورپ میں موسم کی چال ڈھال بدلی ہوئی ہے۔ پولینڈ میں شدید آندھی آنے کے باعث ہزاروں مکان منہدم ہوگئے ہیں۔ شدید ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث کئی شہر ندیوں کی شکل اختیار کرگئے۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور گھروں کی چھتوں پہ جا گرے۔ ناروے میں کل ”فریدہ“ نام کا سمندری طوفان آیا۔ آدھ گھنٹے میں دریاؤں میں پانی کی سطح تقریباً ایک میٹر بلند ہوگئی۔

اس کے برعکس بلقان میں شدید گرمی ہے۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سنٹی گریڈ کو چھو رہا ہے۔ شہر میں سڑکوں کی کولتار دھوپ سے پگھل رہی ہے۔ سربیا، رومانیہ، اٹلی اور یونان میں شدید گرمی کے باعث سیاحون نے بھاگنا شروع کردیا ہے۔

رابعہ عاشق کے اولمپک سفر کا اختتام

رابعہ عاشق
پاکستانی خاتون ایتھلیٹ رابعہ عاشق آٹھ سو میٹرز کی ہیٹ میں ہارگئیں۔ رابعہ عاشق کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا لندن اولمپکس کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ وہ اس ایونٹ کی چوتھی ہیٹ میں حصہ لینے والی چھ ایتھلیٹس میں شامل تھیں اور آخری نمبر پر رہیں۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ دو منٹ سترہ اعشاریہ تین نو سیکنڈز میں طے کیا۔ رابعہ عاشق کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے لندن اولمپکس میں شرکت کا موقع ملا تھا۔

اولمپکس میں آنے سے قبل رابعہ عاشق نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ وہ آٹھ سو میٹرز میں نیا قومی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی لیکن وہ اپنے ساتھ لندن آئی ہوئی کوچ بشری پروین کا قومی ریکارڈ جو دو منٹ صفر اعشاریہ آٹھ سکینڈز ہے نہ توڑسکیں۔ نہ صرف یہ بلکہ وہ اپنے ہی بہترین وقت کے قریب نہ آسکیں جو دو منٹ دس سیکنڈز ہے۔

رابعہ عاشق کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا لندن اولمپکس کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ ان سے پہلے ایتھلیٹ لیاقت علی۔ تیراک اسرارحسین، انعم بانڈے اور شوٹرخرم انعام مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ پاکستانی ہاکی ٹیم جمعرات کو جنوبی کوریا کے خلاف ساتویں پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔

ہاکی کے علاوہ تمام کھلاڑی وائلڈ کارڈ پر لندن آئے ہوئے ہیں۔

رابعہ عاشق کے اولمپک سفر کا اختتام