جمعہ, نومبر 16, 2012

صارف عدالت کے نوٹس پر کمپنی نے نیا یو پی ایس دے دیا

راولپنڈی کی خصوصی صارف عدالت کی جانب سے لیگل نوٹس کے اجراء پر ملٹی چوائس کمپنی نے صارف کو یو پی ایس واپس کر دیا۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر کونسل کے فوکل پرسن ادریس رندھاوا نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وارنٹی والی اشیاء کی مرمت کے لیے ادائیگی نہ کریں یہ کمپنیوں کی زمہ داری ہے کہ وہ اپنے پاس سے چیزیں ٹھیک کر کے دیں۔ 

صارف محمد اظہر نے پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ایک لیگل نوٹس جاری کیا تھا جس میں مﺅقف اختیار کیا گیا کہ اس نے کمپنی سے ایک عدد یو پی ایس خریدا جس کی ایک سال کی وارنٹی دی گئی اور وہ وارنٹی میں تین بار خراب ہو چکا ہے۔ صارف نے جب بھی کمپنی سے رابطہ کیا تو ہر وقت رپیئرنگ چارجز وصول کرتے ہیں۔ حالانکہ وارنٹی میں تمام اخراجات کمپنی کے ذمہ ہوتے ہیں۔ کمپنی نے آج صارف کو نیا یو پی ایس فراہم کر دیا اور تسلیم کیا کہ آئندہ کسی صارف سے دوران وارنٹی، چارجز وصول نہیں کیے جائیں گئے۔ کنزیومر کونسل کی طرف سے انہیں آگاہ کیا گیا کہ اگر دوبارہ ایسی شکایت آئی تو نوٹس کے کیس کورٹ میں فائل ہو جائے گا جس کی تمام ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی۔


عمران خان کا خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کا دعوٰی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے مالیت کا دعوٰی بطور ہتک عزت دائر کر دیا ہے۔ دعوٰی کی سماعت (آج) جمعہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسٹ سکندر خان کریں گے۔ 

جمعرات کو عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں دعوٰی دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان شوکت خانم ہسپتال کے نام پر جمع ہونے والے فنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں جو من گھڑت اور بے بنیاد ہے جس کے باعث میرے موکل کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے لہذا خواجہ آصف 10 ارب روپے ہرجانہ بطور ہتک عزت ادا کریں۔ سیشن جج اسلام آباد نے مذکورہ دعویٰ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ سکندر خان کی عدالت منتقل کر دیا۔

ہیمبرگ کے لیے تاریخی دن

جرمن شہری ریاست ہیمبرگ کی حکومت اور مسلم تنظیموں کے مابین حقوق اور ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس طرح ہیمبرگ سرکاری سطح پر اس نوعیت کا معاہدہ کرنے والی پہلی جرمن ریاست بن گئی ہے۔

ہیمبرگ میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت مسلم تہواروں کو سرکاری سطح پر تسیلم کر لیا گیا اور سکولوں میں اسلامیات کی تدریس کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اب مسلم شہری مذہبی تہواروں پر چھٹیاں لے سکیں گے اور طالب علموں کو بھی سکولوں سے چھٹی کرنے کا حق حاصل ہو گا۔

خواتین اور ہم جنس پرستوں کے ساتھ کسی بھی سطح پر امتیازی سلوک کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس سمجھوتے کی رو سے مساجد اور ثقافتی مراکز کی تعمیر مزید سہل بنانے کے علاوہ تابوت کے بغیر تدفین کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

ہیمبرگ میں تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار مسلمان اور علوی فرقے سے تعلق رکھنے والے پچاس ہزار افراد آباد ہیں۔ اس معاہدے پر چار نمائندہ تنظیموں نے دستخط کیے ہیں۔ ان میں علوی فرقے کے نمائندے، ترک برادری کی تنظیم ’ DITIB‘، کونسل آف اسلامک کمیونیٹیز ’شوری‘ اور فیڈریشن آف اسلامک کلچر سینٹر ’ VIKZ ‘ شامل ہیں۔ علوی فرقہ زیادہ تر ترک نژاد افراد پر مشتمل ہے اور ان کا شمار آزاد خیال گروپوں میں ہوتا ہے۔

اس حوالے سے ہیمبرگ کے سٹی ہال میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شہر کے سوشل ڈیموکریٹ میئر اولاف شولز نے کہا کہ یہ معاہدہ اس شہری ریاست کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ’’اس معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے ہم نے شہر کی سماجی بنیادوں کو مزید مستحکم بنایا ہے‘‘۔ DITIB کے ذکریا التوگ کے بقول یہ صرف ہیمبرگ کے لیے ہی نہیں بلکہ جرمنی کے لیے بھی ایک تاریخی دن ہے۔

ہیمبرگ کے پروٹسٹنٹ اور کیتھولک بشپس نے بھی اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ دستخط کے باوجود ہیمبرگ کی پارلیمان سے اس معاہدے کی منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔ پارلیمان میں سوشل ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے جبکہ اپوزیشن کرسچن ڈیموکریٹس بھی اس سمجھوتے کی تائید کر چکے ہیں۔

ہیمبرگ میں اس حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز 2006ء میں سابق میئر اولے فان بوئسٹ نے پیش کی تھی۔ اس سے قبل 2005ء میں ہیمبرگ کی حکومت نے کیتھولک اور پروٹسٹنٹ چرچ کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے کیے تھے۔ جبکہ 2007ء میں یہودی برادری کے ساتھ بھی ایک سمجھوتہ طے پایا تھا۔ جرمنی کی دیگر ریاستیں بھی ہیمبرگ کی طرز پر مسلم برادری کی نمائندوں کے ساتھ ایسے ہی معاہدے کرنا چاہتی ہیں۔

ہیمبرگ کے لیے تاریخی دن

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 19 افراد ہلاک

غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں چوبیس گھنٹوں کے اندر کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب اسرائیل پر داغے جانے والے کم از کم 380 راکٹوں سے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایسے دو راکٹ اسرائیل کے تجارتی مرکز تل ابیب میں بھی گرے، جو گزشتہ بیس برس میں تل ابیب پر اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔ 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 160 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان فضائی حملوں میں بالخصوص غزہ کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق 255 مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ 

مقامی ذرائع کے مطابق غزہ میں مرنے والے افراد میں بڑی تعداد شہریوں کی ہے۔ بدھ کو اسرائیل کی فضائی کارروائی میں غزہ میں حماس کا ایک فوجی کمانڈر احمد الجعبری بھی مارا گیا تھا۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 19 افراد ہلاک

طلباء کے لئے ”سٹوڈنٹ ویلفیئر پرائز بانڈ“ کا اجراء آج ہوگا

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز طلباء میں بچت کی عادت کو فروغ دینے کے لئے آج 16 نومبر کو جمعہ کو ”سٹوڈنٹ ویلفیئر پرائز بانڈ“ کا اجراء کرے گا۔ ایک سو روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی فروخت کا آغاز آج ہوگا اور اس کی پہلی قرعہ اندازی 15 فروری 2013ء کو کراچی میں ہوگی۔ سٹوڈنٹ ویلفیئر پرائز بانڈ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی ملک بھر میں تمام شاخوں میں دستیاب ہوں گے۔ پرائز بانڈ کا پہلا انعام 7 لاکھ روپے اور 2 لاکھ روپے کے تین انعامات ہوں گے۔

ایشیائی خواتین میں بریسٹ کینسر میں اضافہ

برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ملک میں رہائش پذیر ایشیائی نسل کی خواتین میں چھاتی کے کینسر کے مرض میں دیگر نسلی گروپوں کی خواتین کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے سفید فام خواتین کے مقابلے میں ایشیائی خواتین میں چھاتی کے کینسر کی بیماری کم پائی جاتی تھی۔ یہ نئی تحقیق کینسر ریسرچ یو کے نامی تنظیم کی مدد سے کی گئی ہے۔

برطانیہ میں رہائش پذیر مدھو کو 43 برس کی عمر میں پتہ چلا کہ انہیں چھاتی کا کینسر ہے۔ وہ کہتی ہیں ’میری چھاتی کا سائز تبدیل ہو رہا تھا اور عام طور پر پستان چھونے پر نرم ہوتے ہیں لیکن مجھے وہ سخت لگے۔ اس کے بعد میں نے ڈاکٹر کو دکھانے کا فیصلہ کیا اور ڈاکٹر نے مجھے براہ راست ہسپتال جانے کو کہا‘۔

مدھو کے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر رہنے والی رجنا بھی چھاتی کے کینسر کی مریض ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’جب مجھے اپنے بائیں پستان سے کچھ رساؤ ہوتا ہوا دکھائی دیا تو میں نے ڈاکٹر کے پاس جانے کا سوچا۔ انہوں نے مجھے فوری طور پر ہسپتال جانے کو کہا جہاں مجھے بتایا گیا کہ مجھے کینسر ہے‘۔

برطانیہ میں چھاتی کا کینسر ایک عام بیماری کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور یہ دیکھا گیا ہے کہ ہر تین میں سے ایک خاتون اس سے متاثر ہے لیکن پہلے برطانیہ میں رہنے والی ایشیائی خواتین میں اس کے مریضوں کی تعداد کم پائی جاتی تھی۔ لیکن ایک نئی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ایشیائی خواتین میں چھاتی کے کینسر کے مزید کیس سامنے آ رہے ہیں۔

اس تحقیق میں شریک ڈاکٹر پونم مگتاني کا کہنا ہے،’چھاتی کے کینسر کی وجہ سے خواتین کی اموات میں اضافے کے اعداد و شمار تو سامنے نہیں آئے ہیں لیکن جس طرح سے مریض سامنے آ رہے ہیں اس سے یہ ضرور معلوم ہوا ہے کہ پہلے کے مقابلے خواتین میں چھاتی کے کینسر میں اضافہ ہوا ہے‘۔


رجنا کے مطابق وہ وقت دور نہیں ہے جب زیادہ ایشیائی خواتین کو یہ پتہ چلے گا کہ انہیں چھاتی کینسر ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’میں اپنے خاندان میں پہلی عورت ہوں جسے چھاتی کا کینسر ہوا ہے اس لیے تعجب کی بات نہیں ہے کہ چھاتی کے کینسر کے معاملات کی تعداد بڑھ رہی ہے‘۔

مدھو کہتی ہیں۔’اپنے آس پاس میں جن لوگوں کو جانتی ہوں، میں نے محسوس کیا ہے کہ یہاں رہنے والی ایشیائی خواتین میں چھاتی کا کینسر ہے اور یہ دیکھ کر مجھے فکر ہوتی ہے۔ مجھے یہ پتہ نہیں ہے کہ یہ بیماری کہاں سے آ رہی ہے‘۔ 

اس تحقیق کی بنیاد سنہ 1991 اور 2001 میں کی گئی مردم شماری ہے۔ اس تحقیق میں الگ الگ نسلی گروپوں کی خواتین میں کینسر کے حوالے سے مطالعہ کیا گیا لیکن ڈاکٹر مگتاني کا کہنا ہے کہ اس کے نتائج ابھی بھی حتمی نہیں ہیں۔ وہ کہتی ہیں،’یہ تحقیق چھاتی کے کینسر کے بارے میں ایک الگ طرح کا رجحان سامنے لائی ہے۔ اس کی روک تھام کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ سكریننگ ہو اور یہ یقین ہونا چاہیے کہ سب کو سكریننگ کی سہولت ملے‘۔

روایتی طور پر دیکھیں تو ایشیائی خواتین ابھی بھی چھاتی کینسر پر بات کرنا پسند نہیں کرتی ہیں. لیکن اب لوگوں کا نظریہ بدل رہا ہے اور کینسر پر کام کرنے والے اس گروپ میں فی الحال 50 خواتین شامل ہیں۔ حالانکہ یہ گروپ چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کی مدد کر رہا ہے لیکن ڈاکٹر مگتاني کا کہنا ہے کہ ایشیائی خواتین کو اس مہلک مرض کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے۔

ایشیائی خواتین میں بریسٹ کینسر میں اضافہ

بنگلہ دیش کی ٹیسٹ میچ میں واپسی

میر پور ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 455 رنز بنا لیے۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر محموداللہ اور ناصر حسین کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب بیالیس اور تینتیس رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لیے مذید 72 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔ تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات نعیم اسلام اور شکیب الحسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو سٹرسٹھ رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم اسلام نے 108 جبکہ شکیب الحسن نے 89 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال نے تین اور ڈیرن سامی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور جنید صدیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرح بنگلہ دیش کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف 119 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چندر پال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی۔ انہوں نے بائیس چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 203 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے دوسرے نمایاں بلے باز رام دین رہے، انہوں نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 126 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سوہاگ غازی نے تین اور شہادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور کیرن پاول نے اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 103 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں چندر پال اور کیرن پاول نے چوتھی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سوہاگ غازی نے تین اور شہادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان پوسٹ کے الیکٹرانک منی آرڈرز چارجز

پاکستان پوسٹ آفس نے الیکٹرانک منی آرڈرز کے لئے چارجز کی شرح کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق صارفین سے برق رفتار سہولت کے عوض ایک لاکھ روپے تک رقم بھجوانے پر 600 روپے تک چارجز وصول کئے جائیں گے۔ 2 ہزار روپے تک رقم بذریعہ الیکٹرانک منی آرڈر بھجوانے پر 50 روپے، 2001 روپے سے 5000 روپے تک 100 روپے، 5001 روپے سے 10000 روپے تک 200 روپے، 10001 روپے سے 15000 روپے تک 250 روپے، 15001 روپے سے 20000 روپے تک 350 روپے، 20001 روپے سے 30000 روپے تک 400 روپے، 30001 روپے سے 40000 روپے تک 450 روپے، 40001 روپے سے 50000 روپے تک 500 روپے، 50001 روپے سے ایک لاکھ روپے تک 600 روپے چارجز وصول کئے جائیں گے۔


Value of EMO and Commission Rate:
Value of Electronic Money Order (EMO) Commission (Rs)
up to Rs. 2,000 Rs. 50
From Rs. 2,000 and up to Rs. 5,000 Rs. 100
From Rs. 5,001 and up to Rs. 10,000 Rs. 200
From Rs. 10,001 and up to Rs. 15,000 Rs. 250
From Rs. 15,001 and up to Rs. 20,000 Rs.350
From Rs. 20,001 and up to Rs. 30,000 Rs. 400
From Rs. 30,001 and up to Rs. 40,000 Rs. 450
From Rs. 40,001 and up to Rs. 50,000 Rs. 500
From Rs. 50,001 and up to Rs. 100,000 Rs. 600
Note: Commission is including taxes and there are no additional charges.

Electronic Money Order Service is offered at following GPOs:
S.No GPO Remarks S.No GPO Remarks
1 Karachi GPO 21 Mirpurkhas GPO
2 Karachi City GPO 22 Sukkur GPO
3 Karachi Saddar GPO 23 Nawabshah (Benazirabad) GPO
4 Karachi Korangi GPO 24 Murree GPO
5 Karachi Al-Hyderi GPO 25 Kahuta GPO
6 Karachi New Town GPO 26 Wah Cantt. GPO
7 Lahore GPO 27 Talagang GPO
8 Lahore Cantt GPO 28 Mianwali GPO
9 Islamabad GPO 29 Bhakkar GPO
10 Rawalpindi GPO 30 Sahiwal GPO
11 Faisalabad GPO 31 Sheikhupura GPO
12 Sialkot GPO 32 Gujrat GPO
13 Quetta GPO 33 Gujranwala GPO
14 Hyderabad GPO 34 Sargodha GPO
15 Peshawar GPO 35 Toba Tek Singh GPO
16 Multan GPO 36 Jhang GPO
17 Muzaffarabad GPO 37 Khushab GPO
18 Chakwal GPO 38 Dera Ghazi Khan GPO
19 Jhelum GPO 39 Gujar Khan GPO
20 Attock GPO 40 Mandi Bahudin GPO

سہواگ کا بیٹ پھر رنز اگلنے لگا

احمد آباد: بھارتی بیٹسمین وریندر سہواگ کا بیٹ ایک بار پھر رنز اگلنے لگا، انگلینڈ کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میں انھوں نے117 رنز بنا دیے۔

یہ 2 سال میں ان کی پہلی سنچری ہے، چتیشور پجارا نے بھی عمدہ اننگز کھیلی، پہلے دن وہ 98 پر ناقابل شکست پویلین لوٹے، میزبان نے4 وکٹ پر 323 رنز سکور کیے، چاروں وکٹیں سپنر گریم سوان کو ملیں۔ موتیرا میں میزبان کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر آسان وکٹ پر پہلے اپنے بیٹسمینوں کو رنز کے انبار لگانے کا موقع دیا، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کی اوپننگ جوڑی نے انگلش بولرز کو احساس دلا دیا کہ اپنے گراؤنڈز پر بھارتی بیٹسمینوں کو قابو کرنا آسان نہیں، دونوں عمدگی سے حریف بولنگ کا سامنا کرتے رہے۔

رنز بنانے میں زیادہ کردار سہواگ کا رہا جن کے پاورفل سٹروکس پر بیشتر اوقات فیلڈرز کو گیند باؤنڈری کے باہر سے اٹھا کر لانا پڑتی، 134 رنز پر مہمان سائیڈ کو سکون کا سانس لینے کا کچھ موقع میسر آیا، سپنر گریم سوان کی گیند کو گمبھیر (45) نہ سمجھ پائے اور بیلز اڑ گئیں، انگلینڈ کا یہ عارضی اطمینان جلد ختم ہو گیا، سہواگ نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے چتیشور پجارا کے ساتھ 90 رنز جوڑ دیے، دو سال بعد پہلی سنچری بنانے والے اوپنر کو جب سوان نے بولڈ کیا تو وہ 117 رنز سکور کر چکے تھے، انھوں نے اس کے لیے اتنی ہی گیندیں کھیلیں اور 15 چوکے و ایک چھکا لگایا، سچن ٹنڈولکر توقعات پر پورا نہ اتر پائے۔

سوان نے جب انھیں پٹیل کا کیچ بنوایا تو وہ صرف 13 رنز ہی بنا سکے تھے، مستقبل کا ٹنڈولکر قرار دیے جانے والے ویرت کوہلی بھی صرف 19 رنز تک محدود رہے، سوان نے انھیں بھی بولڈ کیا، پجارا ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، کینسر کو شکست دے کر ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے یوراج سنگھ بھی پُراعتماد دکھائی دیے، جس وقت پہلے دن کے 90 اوورز مکمل ہوئے بھارتی ٹیم 4 وکٹ پر 323 رنز بنا چکی تھی، پجارا کیریئر کی پہلی سنچری سے صرف 2 رنز کے فاصلے پر ہیں، یوراج نے 24 رنز سکور کیے، سوان نے 4 وکٹوں کے لیے 85 رنز دیے، دیگر تمام بولرز وکٹ کے لیے ترستے رہے۔
 

جونیئر ہاکی: پاکستان نے ملائیشیا پر ہاتھ صاف کرلیا

جوہر بارو: سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اولین کامیابی حاصل کرتے ہوئے میزبان ملائیشیا پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا۔ بھارت نے نیوزی لینڈ کو 3-1 سے قابو کرکے فائنل میں جگہ بک کرلی، جرمنی نے آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ملائیشیا کو 2-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی ریکارڈ کرائی، اس سے قبل دو ناکامیوں کے بعد ٹیم نے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ بغیر کسی گول کے ڈرا کیا تھا، میزبان پر فتح سے اس کے پوائنٹس کی تعداد 5 اور وہ چوتھے نمبر پر آگیا۔

پاکستان نے جمعرات کو ملائیشیا کے خلاف سادہ ہاکی کھیلی، وہ میزبان کھلاڑیوں کو خود پر حملے کا موقع دیتے اور پھر خود ان پر کائونٹر اٹیک کرتے، گرین شرٹس کی جانب سے محمد دلبر نے 21 ویں منٹ میں کھاتہ کھولا جبکہ محمد عرفان نے 39 ویں منٹ میں گول کیا۔ 

بھارت نے نیوزی لینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کرلی وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہفتے کو ہونے والے آخری رائونڈ روبن مقابلوں میں ہوگا۔ جرمنی نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی جس سے دونوں ٹیمیں 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
 

آفریدی، اجمل اور عمر اکمل پر بگ بیش کھیلنے پر پابندی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز شاہد آفریدی، سعید اجمل اور عمر اکمل کو آسٹریلیا بگ بیش ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں جانے سے روک دیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں نے آئندہ ماہ ہونے والے بگ بیش ٹورنامنٹ کے لئے معاہدہ بھی کر لیا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں پاک بھارت سیریز سے پہلے ہونے والی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ شاہد آفریدی کو بگ بیش میں سڈنی تھنڈر جبکہ سعید اجمل کو ایڈیلیڈ سٹرائیکرز اور عمر اکمل کو سڈنی سکسرز کے ساتھ کھیلنا تھا۔ 

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز 25 دسمبر 2012 سے 6 جنوری 2013 تک کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو بگ بیش میں حصہ لینے سے اس لئے روکا کہ سیلیکٹرز پاک بھارت سیریز سے قبل ڈومیسٹک میچز میں ان کی فٹنس چیک کر سکیں۔

آفریدی، سعید اجمل اور عمر اکمل پر بگ بیش کھیلنے پر پابندی