جمعہ, نومبر 16, 2012

بنگلہ دیش کی ٹیسٹ میچ میں واپسی

میر پور ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 455 رنز بنا لیے۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر محموداللہ اور ناصر حسین کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب بیالیس اور تینتیس رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لیے مذید 72 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔ تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات نعیم اسلام اور شکیب الحسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو سٹرسٹھ رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم اسلام نے 108 جبکہ شکیب الحسن نے 89 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال نے تین اور ڈیرن سامی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور جنید صدیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرح بنگلہ دیش کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف 119 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چندر پال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی۔ انہوں نے بائیس چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 203 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے دوسرے نمایاں بلے باز رام دین رہے، انہوں نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 126 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سوہاگ غازی نے تین اور شہادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور کیرن پاول نے اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 103 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں چندر پال اور کیرن پاول نے چوتھی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سوہاگ غازی نے تین اور شہادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔