جمعہ, ستمبر 28, 2012

گستاخانہ فلم کی ہیروئن کا فلمساز، یو ٹیوب اور گوگل کے خلاف عدالت میں درخواست

گستاخانہ فلم میں کام کرنے والی ہیروئن سنڈی لی گارسیا نے فلمساز، یو ٹیوب اور گوگل کے خلاف امریکی وفاقی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔ گزشتہ ہفتے لاس اینجلس کی اعلیٰ عدلیہ نے اداکارہ کی درخواست مسترد کردی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ یو ٹیوب کو عارضی طور پر اس فلم کو چلانے سے روک دیا جائے۔ اداکارہ نے وفاقی عدالت میں دائر اپنی درخواست میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ فلمساز پر دھوکہ دہی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ گارسیا کے مطابق فلمساز نکولا باسلے نے سام باسیلی کے فرضی نام سے کام کیا اور مجھے اور دیگر اداکاروں کو دھوکا دیا کہ ہم صحرائی جنگجو نامی فلم میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میرے ڈائیلاگ پر ڈبنگ بھی کی گئی۔ اداکارہ نے کہا کہ اس سے ایسا لگتا ہے کہ فلم میں سب کچھ میں نے خود سے کیا، اس کے بعد میری زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

یو ٹیوب کا بائیکاٹ؛ گوگل رینکنگ میں تیسرے نمبر پر

کمپنی کو ناقابل تلافی نقصان، روزانہ 30 لاکھ صارفین کی کمی کا سامنا ہے

دنیا بھر میں یو ٹیوب کے بائیکاٹ کی وجہ سے گوگل کو نا قابل تلافی نقصان کا سامنا ہے، کمپنی رینکنگ پہلے نمبر سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے اور اسے روزانہ 30 لاکھ صارفین کی کمی کا سامنا ہے۔

انٹرنیٹ کی ٹریفک رینکنگ پر نظر رکھنے والے پورٹل ’الیکسا‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مسلمان ملکوں میں معروف سرچ انجن گوگل اور اس کی ملکیتی یو ٹیوب کے بائیکاٹ نے کمپنی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ یو ٹیوب سے گستاخانہ فلم نہ ہٹانے پر گوگل کے بائیکاٹ کی وجہ سے کمپنی رینکنگ میں پہلے نمبر سے تیسرے پر آ گئی ہے۔ سائبر سپیس پر حکمرانی کرنے والی گوگل کمپنی یومیہ 30 لاکھ وزیٹرز سے محروم ہو رہی ہے۔ الیکسا کے مطابق گوگل پچھلے آٹھ برسوں سے انٹرنیٹ سرچ انجن کی دنیا میں پہلے نمبر پر رہا ہے، لیکن صارفین کے حالیہ بائیکاٹ سے کمپنی پہلے، دوسرے اور اب تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ 

اردن سے شائع ہونے والے ”الدستور“ اخبار نے گوگل کی گرتی ساکھ سے متعلق اپنی رپورٹ میں مغربی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ’متنازع مواد‘ بلاک نہ کرنے کے باعث انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں نے گوگل سرچ انجن کا متبادل تلاش کرنا شروع کردیا ہے۔ گوگل کی مقبولیت میں تیزی سے کمی کا فائدہ کمپنی سے کاروباری مسابقت رکھنے والے سرچ انجن اٹھا رہے ہیں۔