بارش لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
بارش لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

جمعرات, نومبر 29, 2012

مری میں برف باری، ملکہ کوہسار نے سفید چادر اوڑھ لی

اسلام آباد: ملکہ کوہسار مری سمیت بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے سیاحوں کی توجہ حاصل کرلی جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اچانک اضافہ کردیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری، ایبٹ آباد اور پتریاٹہ سمیت ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی نے قدم جمالئے ہیں۔ جس کے بعد برفباری کا نظارہ کرنے کے لئے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ دیر، سوات ، مالم جبہ، مینگورہ اور چترال میں بھی برفباری نے قدرتی نظاروں کو مزید دلکش بنا دیا ہے۔ لاہور اور پشاور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے وہیں خشک میوہ جات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

کوئٹہ پشین، زیارت، نوشکی اور قلعہ عبداللہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے جہاں شمال مغربی علاقوں کا موسم سرد کردیا ہے وہیں کراچی سمیت سندھ کے جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت کم ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ برفباری اور بارش کی وجہ سے ملک میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ تھم جائے گا۔

پیر, نومبر 19, 2012

بارش سے بجلی

روس کے مغربی صوبہ کالینن گراد سے تعلق رکھنے والے سکول کے طالب علم انور کُربانوو نے بارش کے پانی سے چلنے والے بجلی گھر کا پروجیکٹ تیار کیا ہے۔ ان کے آبائی علاقے میں بارش بہت زیادہ ہوتی ہے اس لیے مقامی ماہرین توانائی نے اس پروجیکٹ مین بہت دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انور کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد بارش کو توانائی کے متبادل ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کے امکان کا جائزہ لینا ہے۔ انور نے ایک پرانی سائکل، چند پلاسٹک بوتلیں اور ایک کرسی کے ٹکڑے لے کر اپنی بجلی گھر کا ماڈل بنا لیا ہے۔ یہ کام سرانجام دینے میں ان کو ایک مہینہ لگا۔ یہ ماڈل اس طرح چلتا ہے: پانی کی نلی سے ایک ٹیوب نکال کر اس میں چند چھوٹے چپو لگائے گئے ہیں جن پر گھر کی چھت سے بارش کا پانی گرتا ہے۔ جنریٹر کے ذریعے پانی کی توانائی کو بجلی میں تبدیل کیا جاتا ہے اور کرنٹ وجود میں آتا ہے۔ انور کربانوو کے بنائے گئے اس چھوٹے بجلی گھر کے ذریعے ہر ماہ سترہ کلو واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

انور نے ماہ جولائی میں منعقدہ EXPO-SCIENCES EUROPE کے نام سے نمائش میں اپنی یہ ایجاد متعارف کرائی۔ نمائش میں تیئیس ممالک سے تعلق رکھنے والے چار سو بیس نوجوان موجدوں نے حصہ لیا، شرکاء کی عمر بارہ تا پچیس سال تھی۔ انور کربانوو نے ایک مخزن برق (accumulator) اس نمائش میں پیش کیا جس کو بارش کے پانی سے پیدا کردہ بجلی سے جارج کیا گیا تھا۔ یوں نمائش کے دوران انور نے اس آلے کے ذریعے تین سو سیل فونز کو چارج کیا۔

اس نوجوان روسی موجد کا منصوبہ ہے کہ اپنی اس ایجاد کو بہتر بنائے تاکہ اسے دور دراز علاقوں میں بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ یوں اس ایجاد کی بنا پر ایک منافع بخش کمرشل پروجیکٹ شروع کیا جا سکتا ہے۔ شروع میں انور اپنے سکول کے قریب بارش کے پانی سے چلنے والا ایک اصل بجلی گھر تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ وہ اندازہ لگا چکے ہیں کہ اخراجات پوری کرنے کے لیے بارش والے باون دنوں کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد اس بجلی گھر میں مفت بجلی پیدا کرنے لگے گا بلکہ اس سے ماحولیات کو بالکل بھی نقصان نہیں ہوگا۔

دریں اثناء مذکورہ نمائش کے دوران سپین، ناورے اور الجزائر نے انور کی ایجاد میں دلچسپی ظاہر کی۔

بارش سے بجلی

جمعہ, نومبر 09, 2012

ناران میں موسم سرما کی دوسری برف باری

مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران کی پہاڑیوں اور بابو سر ٹاپ پر موسم سرما کی دوسری برف باری سے شدید سردی کے باعث بابو سر ٹاپ سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور موسم کی شدت کے باعث بابو سرٹاپ سے ناران سڑک مکمل بند ہوگئی ہے، راستہ کی بندش اور موسم کی شدت کے باعث گڈی داس اور بیسز کے مقام پر سیاحوں اور مسافروں کی سکیورٹی کے لئے قائم دو پولیس چوکیاں ختم کردی گئی ہیں۔

پیر, ستمبر 24, 2012

کاغان کے پہاڑوں پر سرما کی پہلی برفباری

ملک کے شمالی علاقوں کاغان، ناران، شوگراں، بابو سر ٹاپ میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔ سیکڑوں سیاح موسلا دھار بارش کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ملک کے سب سے خوب صورت سیاحتی اور صحت افزاء مقامات وادی کاغان اور ناران اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، بارش کے ساتھ برفباری بھی ہوئی جس کی وجہ سے علاقے میں سردی کا آغاز ہوگیا۔

پیر, ستمبر 03, 2012

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، سائرن بجائے گئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ رات گئے اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ 

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے دوران نالہ لئی کے قریب علاقوں میں سائرن بھی بجائے گئے۔ شہر میں اب بھی ہلکی بارش بارش ہورہی ہے۔

جمعہ, اگست 24, 2012

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش شروع

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکتہ

اس وقت راولپنڈی میں موسلا دھار بارش شروع ہوچکی ہے۔ اللہ سے دعا ہے یہ بارش رحمتوں والی ہو۔ کچی مکانوں میں رہائش پذیر افراد کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کئی بار مکانوں کی چھت گرنے سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں نہ صرف معصوم بچے بھی شامل ہیں بلکہ پورے کے پورے خاندان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ اللہ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔