اتوار, دسمبر 02, 2012

ملالہ یوسف زئی پاپولر چوائس

ملالہ یوسف زئی
لندن — معروف ہفت روزہ جریدہ ٹائم نے ’پرسن آف دا ائیر‘ منتخب کرنے کے لیے چالیس شخصیات اور خیالات پر مشتمل ایک فہرست شائع کی ہے۔ جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی پندرہ سالہ ملالہ یوسف زئی کا نام بھی شامل ہے۔ برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق سال 2012 کے لیے میگزین نے ایسی شخصیات اور خیالات کو منتخب کیا ہے جو بارہ مہینوں کے دوران اچھے یا برے حوالے سے سب سے زیادہ خبروں کا حصہ بنے ہوں۔ ملالہ کے علاوہ اس فہرست کی دیگر شخصیات میں امریکی صدر باراک اباما، مصر کے صدر محمد مرسی، شام کے صدر بشارالاسد، امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن، مٹ رومنی، سابق امریکی صدر بل کلنٹن، گنگم سٹائل پی ایس وائی اور کئی اہم نام شامل ہیں۔

ٹائم میگزین ہر سال کے اختتام پر پرسن آف دا ائیر کا انتخاب ایک عوامی پولنگ یا رائے عامہ کے ذریعے کرتا ہے، تاہم آخری فیصلے کا اختیار میگزین کے ایڈیٹر کے پاس ہوتا ہے۔ اب تک مصر کے صدر محمد مرسی کو ڈیفینٹلی اور نو وے دونوں ہی کالموں میں تقریباً ایک ہی تعداد میں ووٹ ملے ہیں شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے ڈکٹیٹر کم جونگ اون نےسب سے زیادہ ووٹ ڈیفینٹلی کے کالم میں حاصل کیے، جب کہ لڑکیوں کے لیے تعلیم کا حق مانگنے پر سوات میں طالبان کی گولی کا نشانہ بننے والی بہادر ملالہ کو تقریباً 70 فیصد لوگ سال 2012 کے لیے پرسن آف دا ائیر دیکھنا چاہتے ہیں۔ نا قدین کی رائے میں بھی ملالہ یوسف زئی پاپولر چوائس کے طور پر سامنے آئی ہے۔

سال 1928ء سے شائع ہونے والے میگزین کی روایت ہے کہ سال کے آخری شمارے کا سرورق ’پرسن آف دا ائیر‘ کی تصویر سے سجا ہوتا ہے اور اندر سپیشل کور سٹوری اس جریدے کی اہمیت میں اضافہ کرتی ہے۔ ٹائم میگزین کے سرورق پر تین مرتبہ پرسن آف دا ائیر بننے والی شخصیت امریکی صدر بل کلنٹن کی ہے۔ پولنگ کا اختتام 12 دسمبر رات بارہ بجے ہو جائے گا جبکہ 14 دسمبر کو میگزین کے ایڈیٹر کی جانب سے منتخب پرسن آف دا ائیر کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔

کیا ملالہ بنے گی ٹائم میگزین کی پرسن آف دا ائیر

امریکہ میں سام سنگ سرفہرست

سام سنگ گیلیکسی۔ فائل فوٹو اے ایف پی۔۔۔
سام سنگ نے امریکی موبائل مارکیٹ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ ایپل کمپنی اس درجے میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ کام سکور کے سروے کے مطابق اکتوبر میں ختم ہونے والے تین ماہ کے عرصے تک جنوبی کوریا کی کمپنی ٹاپ مینوفیکچرر بن گئی ہے جبکہ اس مدت میں کمپنی کا مارکیٹ شیئر بھی 25.6 سے بڑھ کر 26.3 فیصد پر پہنچ گیا ہے۔ ایپل، جو صرف سمارٹ فروخت کرتی ہے، وہ پہلی دفعہ امریکی مارکیٹ میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ اس کا مارکیٹ شیئر 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 17.8 فیصد پر پہنچ گیا ہے۔ جنوبی کوریا کی ہی ایک اور کمپنی ایل جی 17.6 فیصد شیئر کے ساتھ تیسرے جبکہ موٹورولا 11 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

سروے کے مطابق سمارٹ فون کی مارکیٹ میں گوگل اینڈرائیڈ سرفہرست ہے جس کا مارکیٹ شیئر 52.2 فیصد سے بڑھ کر 53.6 فیصد ہو گیا۔ سمارٹ فون میں بھی ایپل دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور اس کا مارکیٹ شیئر 0.9 فیصد اضافے سے 34.3 فیصد ہو گیا ہے۔ دوسری جانب بلیک بیری کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کا مارکیٹ شیئر 9.5 فیصد سے 7.8 فیصد تک گر گیا ہے جبکہ اکتوبر کے آخر میں مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے ونڈوز فون 8 کے شیئر میں بھی کمی آئی اور اس کا شیئر 3.6 فیصد سے گر کر 3.2 فیصد پر پہنچ گیا ہے۔
 

ممبئی: ایک دن میں 30 ہزار شادیوں کا ریکارڈ

بھارتی فلم نگری اور کاروباری مرکز ممبئی میں جمعہ کے دن تیس ہزار شادیاں ہوئیں۔ بھارت میں موسم اچھا ہوتے ہی شادیوں کا سیزن شروع ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز ممبئی میں 30 ہزار جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ہندو عقیدے کے مطابق نومبر کی آخری تاریخوں میں شادی ایک اچھا شگون سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی شہر ممبئی میں گذشتہ روز 30 ہزار شادیاں ریکارڈ کی گئیں۔ موسم ٹھنڈا ہونے کے باعث مہمان شادی کی تقریب سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان دنوں ہالز اور ہوٹلز کی بکنگ بھی کئی گنا مہنگی ہو جاتی ہے جس کے لیے انہیں کم از کم دو ماہ پہلے بکنگ کرانا پڑتی ہے۔

ایک دن میں اتنی زیادہ تعداد میں شادیاں ہونے کی ایک وجہ یہ بھی بیان کی گئی ہے کہ ہندو کیلنڈر کے مطابق آئندہ برس 7 فروری سے 29 اپریل تک کا وقت شادی کے لئے مناسب نہیں ہے اور جمعہ کا دن شادی کے لئے مبارک قرار دیا گیا تھا۔ ہندو مذہب کے ماننے والے شادی کے لئے وقت کا بہت خیال رکھتے ہیں۔

بادام سپر فوڈ

نئی تحقیق کے بعد ماہرین نے بادام کو سپر فوڈ کا نام دیا ہے۔ یہ وٹامنز، معدنیات، فیٹی ایسڈ اور ریشوں سے بھرپور ہے۔ بادام نہ صرف دماغ کے لئے مفید ہے بلکہ یہ خون میں موجود ”بیڈ کولیسٹرول“ کو ختم کرتا ہے۔  

بادام شوگر کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے یہ خون میں موجود اضافی شوگر کو حل کر دیتا ہے۔ اس میں موجود تیل جلد کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے اور ریشے معدے کے افعال کو بہتر کر کے قبض جیسی بیماری کو دور کرتے ہیں ۔
 

زیادہ وزن پر تنقید۔۔۔۔۔۔ مجھے فرق نہیں پڑتا، سوناکشی

بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ ان کے وزن سے متعلق کچھ بھی کہا جائے اس سے اُنہیں فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس کے باوجود انہیں فلمیں آفر ہو رہی ہیں، اور اُن کی ایکٹنگ کو سراہا جا رہا ہے۔ 

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا بڑھتا وزن شدید تنقید کا نشانہ بننے لگا ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بڑھے ہوئے وزن کے باوجود مطمئن ہیں کیونکہ سائز زیرو ریس میں اُنہیں پڑنے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ سوناکشی کے مطابق وہ ایک اچھی ایکٹریس ہیں اور وزن میں اتار چڑھاؤ کے باوجود اُنہیں باقائدگی سے بالی ووڈ کے ٹاپ ہیروز کے مدمقابل فلمز آفر ہو رہی ہیں، تو ایسے میں میڈیا میں ان کے اوور ویٹ ہونے کے بارے میں کچھ بھی کہا جائے انہیں کوئی فکر نہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ ایسے کہانیاں شائع کرنے والے ان سے ری اکشن چاہتے ہیں لیکن سکینڈلز سے بچنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ خود سے متعلق خبروں کو زیادہ گھاس ہی نہ ڈالی جائے۔

وزن سے متعلق کچھ بھی کہا جائے، فرق نہیں پڑتا، سوناکشی سنہا

ماسکو میں برف باری کا 50 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

روس کے مختلف شہروں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ماسکو میں برفباری کا 50 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ روس کے بیشتر شہروں نےبرف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ شدید برف باری کے باعث اہم شاہراہیں بند ہوگئی ہیں جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، حکام نے سکولوں اور دفاترمیں چھٹیاں کردی ہیں۔

 ماسکو: روس کے دارالحکومت میں برف باری کا 50 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا