ہفتہ, اکتوبر 27, 2012

عید الاضحٰی مبارک





نمیرا سلیم خلاء میں امن کا لہرانا چاہتی ہیں

پاکستان کی پہلی خاتون خلاباز، سینتیس سالہ نمیرا سلیم کا منصوبہ ہے کہ اگلے سال خلائی کمپنی ”ورجن گیلیکٹک“ کے ذریعے سیاح کے طور پر خلائی پرواز کریں۔ واضح رہے کہ یہ پہلی کمرشل خلائی پرواز ہوگی، اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔ نمیرا سلیم نے پرواز میں شرکت کے لیے دو لاکھ ڈالر ادا کئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے یہ رقم جمع کرنے میں انہیں مدد دی۔

نمیرا سلیم مہم جو کے طور پرکچھ عرصہ پہلے مشہور ہوگئیں۔ سن 2007 میں وہ قطب شمالی پر جانے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں اور ایک سال بعد انہوں نے قطب جنوبی تک بھی سفر کیا تھا۔ اُسی سال انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سے سکائی ڈائیونگ کی تھی۔ ہر سفر میں امن کا پرچم نمیرا سلیم کے پاس موجود ہوتا ہے، اب وہ یہ پرچم پاکستان کی طرف سے خلاء میں لہرانا چاہتی ہیں۔

پاکستان کی خاتون خلاباز خلاء میں امن کا پرچم لہرائیں گی

ہانگ کانگ سپر سکسز کا آغاز ہفتے کو ہوگا

کراچی — ہانگ کانگ میں ہونے والے سالانہ ’سپر سکسز‘ ٹورنامنٹ کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے جس میں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ دو روزہ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ’اے‘ میں میزبان ہانگ کانگ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ شامل ہیں جب کہ گروپ ’بی‘ پاکستان، نیدرلینڈز، سری لنکا اور بھارت پر مشتمل ہے۔

ایونٹ کے پہلے روز 12 گروپ میچز کھیلے جائیں گے جن میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے مقابل آئے گی۔ ایونٹ کے دوسرے روز سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ہوں گے۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کے ’کولون کرکٹ کلب‘ میں 1992ء سے ہونے والے اس سالانہ ٹورنامنٹ کو بین الاقوامی کرکٹ کے منتظم ادارے ’آئی آئی سی‘ کی منظوری حاصل ہے۔ خاص طور پہ ٹی وی ناظرین کے لیے مرتب کیے جانے والے اس منفرد کرکٹ فارمیٹ میں ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں جب کہ ایک اننگز پانچ اوور پر مشتمل ہوتی ہے۔ جارحانہ بیٹنگ اور زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی روایت اور ہر کھلاڑی پر ایک اوور کرانے کی پابندی کے باعث اس ٹورنامنٹ میں عموماً ’آل رائونڈرز‘ ہی شریک ہوتے ہیں۔

رواں برس ٹورنامنٹ میں کامران اکمل کی قیادت میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم عمراکمل، اویس ضیا، حماد اعظم، یاسر شاہ، جنید خان اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ ٹیم میں شامل ساتواں کھلاڑی متبادل کے طور پر شریک ہوتا ہے۔ گزشتہ برس ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر پانچویں بار ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
 

تحریک انصاف کے اراکین کی دوسری جماعتوں میں شمولیت

اسلام آباد — پاکستان کے سیاسی افق پر حال ہی میں تیزی سے ابھرنے والی عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کے کئی اہم رہنماء حالیہ ہفتوں میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ حال ہی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ممتاز قانون دان افتخار گیلانی نے بھی جمعہ کو عمران خان کی قیادت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حزب مخالف کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ ناقدین افتخار گیلانی اور اس سے قبل شیرین مزاری کی پارٹی سے علیحدگی کو تحریک انصاف کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ لیکن عمران خان کی جماعت کے ایک سینیئر رہنما احسن رشید کا کہنا ہے کہ اس سے ان کی پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ ’’لوگ چھوڑتے بھی رہتے ہیں اور نئے لوگ شامل بھی ہوتے رہتے ہیں۔ انھوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور جب انھوں نے دیکھا کہ ان کی سوچ اور تحریک انصاف کے نظریے میں فرق ہے تو کچھ لوگ چھوڑ کر بھی جارہے ہیں۔‘‘

تاہم دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر مشاہد اللہ کہتے ہیں کہ ان جماعت کی مقبولیت میں اضافے کے باعث افتخار گیلانی اور دیگر کئی سیاستدان ان کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ ’’یقینی طور پر جب لوگ شامل ہوتے ہیں تو تقویت تو ملتی ہے، جب ایسے لوگ شامل ہوتے ہیں جو ہمارا ٹکٹ لے کر منتخب ہو سکتے ہیں تو پارٹی کو اس سے قوت تو ملتی ہے۔‘‘

امریکہ میں قائم انٹرنیشنل رپبلیکن انسٹیٹیوٹ (آئی آر آئی) کی ایک تازہ جائزہ رپورٹ کے مطابق عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عوامی مقبولیت میں 22 فیصد کمی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں تین اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔