پیر, ستمبر 03, 2012

کرینہ اور سیف پاکستان کا دورہ کریں گے

بالی وُوڈ کوئین کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اور سیف جلد پاکستان جائیں گے۔ 

ایک انٹرویو میں کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان جانے کے لئے بے تاب ہیں۔ پاکستان کا کلچر انہیں بہت بھاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے کیریئر کی کئی فلموں سے تین میں ان کا کردار پاکستانی کا ہے، یعنی ریفیوجی، قربان اور ایجنٹ ونود۔ 

کرینہ کہتی ہیں کہ پاکستان میں سیف کے کئی کزنز بھی رہتے ہیں جن سے ملنے کے لئے وہ کافی عرصے سے پلاننگ کررہے ہیں اور جلد ہی وہ پاکستان کا چکر لگائیں گے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، سائرن بجائے گئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ رات گئے اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ 

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے دوران نالہ لئی کے قریب علاقوں میں سائرن بھی بجائے گئے۔ شہر میں اب بھی ہلکی بارش بارش ہورہی ہے۔

پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز: تیسرا ون ڈے آج ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈ ے سیر یز کا تیسرا اور فیصلہ کن معرکہ آج شارجہ میں ہوگا۔ دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ گرین شرٹس دوسرے ایک روزہ میچ میں شاندار کامیابی کے بعد سے کینگروز سے سیریز جیتنے کیلئے بے تاب ہے۔ یاد رہے کہ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 5 ستمبر سے ٹی 20 میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

یو ایس اوپن: اعصام الحق مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

امریکہ میں جاری ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں پری کوارٹر فائنل مرحلے کے مقابلے جاری ہیں۔ اتوار کے روز خواتین کی عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا اپنا میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ بیلاروس کی وکٹوریہ آزرینکا نے جارجیا کی انا تاتیشویلی کو شکست دی۔ دفاعی چیمپیئن سمانتھا سٹوزر نے برطانوی کھلاڑی لارا رابسن کو ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیک جمہوریہ کی عالمی نمبر پانچ پیٹرا کویٹووا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ 

مردوں کے عالمی نمبر دو کھلاڑی نوواک جوکووچ بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اپنے ڈچ پارٹنر کے ہمراہ مردوں کے ڈبلز کے کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

میانمار میں روہنگیا کو ملک بدر کرنے کے حق میں مظاہرہ

میانمار میں روہنیگا مسلمانوں کو ملک بدر کرنے یا انہیں کیمپوں میں محصور کردینے کے مطالبات زور پکڑتے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز سیکڑوں بدھ راہبوں نے صدر تھین سین کی اسی تجویز کے حق میں مظاہرہ کیا۔ میانمار کے صدر نے حالیہ فسادات کی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ تجویز پیش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی افراد روہنگیا باشندوں کے ساتھ اپنی مٹی شریک نہیں کریں گے۔ میانمار کے راکھین صوبے میں مقامی آبادی اور روہنگیا کے مابین خونریز فسادات میں قریب ایک سو افراد کی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ قریب آٹھ لاکھ کی نفوس والی روہنگیا مسلم اقلیت کو میانمار میں بنگالی تصور کیا جاتا ہے جبکہ بنگلہ دیشی حکومت بھی انہیں قبول کرنے پر تیار نہیں۔ 

بشکریہ ڈوئچے ویلے

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹ سے ہرا دیا

لندن میں انگلینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلیئرز کی اہم اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے آٹھ وکٹ پر دو سو بیس رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جینمز ٹریڈ ویل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دو سو اکیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور مقررہ ہدف سینتالیسوں اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ایئن بیل اٹھاسی رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ جوناتھن ٹراٹ نے پینتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اس میچ کے لیے انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ جنوبی افریقہ نے مورنے مورکل کی جگہ میکلارن کو کھلایا تھا۔

شکست کے بعد جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مایوس کن کارکردگی تھی اور اب ہماری توجہ ٹرینٹ برج پر مرکوز ہے۔ مجھ سمیت جنوبی افریقی بلے بازوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی‘۔ انہوں نے کہا کہ آج کی شکست کے بعد ہمیں سیریز دو دو سے برابر کرنے کے لیے اپنی ساری قوت صرف کرنا ہوگی۔

رمشا کیس: ’امام مسجد توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عدالت نے ایک عیسائی بچی پر قرآنی قاعدہ جلانے کا الزام لگانے والوں میں شامل مسجد کے پیش امام کو بھی توہین مذہب کے الزام میں جیل بھجوا دیا ہے۔ پیش امام پر بچی کو پھنسانے کے لیے شواہد تبدیل کرنے اور اس کے لیے قرآن کی توہین کرنے کے الزام ہے۔ اسلام آباد کے نواحی گاؤں میرا جعفر کی مقامی مسجد کے امام حافظ خالد جدون کو پولیس نے سنیچر کی شب گرفتار کیا تھا۔

اسی گاؤں کی میرا جعفر کی رہائشی رمشاء نامی چودہ سالہ عیسائی بچی کو توہینِ مذہب کے الزامات کا سامنا ہے۔ انہیں تقریباً دو ہفتے قبل مبینہ طور پر قرآنی آیات پر مبنی کاغذ جلانے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار ذوالفقار علی سے رمنا پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او قاسم ضیاء نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حافظ خالد جدون کا نام توہینِ مذہب کی دفعہ دس سو پچانوے بی کے تحت درج اسی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت رمشاء کو حراست میں لیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ حافظ خالد جدون پر رمشاء کی گرفتاری کو ممکن بنانے کے لیے شواہد تبدیل کرنے کا الزام بھی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خالد جدون کی گرفتاری انہی کی مسجد کے نائب امام اور منتظم حافظ ملک محمد زبیر کی جانب سے ایک مقامی مجسٹریٹ کے سامنے سنیچر کو دیے گئے حلفیہ بیان کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔ پولیس کے مطابق محمد زبیر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسجد کے پیش امام جدون نے راکھ سے بھرے ہوئے شاپنگ بیگ میں خود ہی قرآنی اوراق ڈال دیے تھے۔

گرفتاری کے بعد امام مسجد کو اتوار کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ پیشی کے موقع پر خالد جدون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک شخص کے بیان پرانھیں پھنسایا گیا ہے اور یہ کہ وہ بے گناہ ہیں۔

مقدمے کے تفتیشی افسر منیر حسین جعفری نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اس بیان حلفی کے بعد مزید دو افراد نے بھی بیانِات حلفی دیے ہیں جس میں اس الزام کو دہرایا گیا ہے۔

اس سے پہلے ایک حکومتی طبی بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ رمشاء کی عمر چودہ برس ہے تاہم ذہنی لحاظ سے وہ اس سے کم عمر ہیں۔

اس ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے رمشاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کر کے اُنہیں واپس جیل بھجوا دیا تھا۔ رمشاء کی ضمانت کی درخواست ایک مقامی سیشن کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

رمشا کیس: ’امام مسجد توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار‘