پیر, نومبر 19, 2012

سلطان جوہر ہاکی، پاکستان کی چوتھی پوزیشن

دوسرے سلطان جوہر بارو کپ میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن کے ساتھ اختتام کیا۔ گرین شرٹس کو تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا نے سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی، جرمنی نے بھارت کوپچھاڑ کر ٹائٹل جیت لیا۔ 

اطلاعات کے مطابق سلطان جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا کا بھرپور مقابلہ کیا۔ تاہم کامیابی مقدر نہ بن سکی، 0-2 کے خسارے میں جانے والی قومی ٹیم نے مقررہ وقت میں مقابلہ برابر کر کے اضافی وقت میں کھیل کو پہنچایا لیکن گولڈن گول پر کینگروز نے فتح اپنے نام کرلی، کھیل کے پہلے ہاف میں آسٹریلوی پلیئرز نے اپنی بالادستی قائم رکھی۔

گذشتہ برس ایونٹ میں رنر اپ رہنے والی آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے نویں منٹ میں کیسی ہیمونڈ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جو پاکستانی دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے خود گیند لے کرسیمی سرکل تک گئے جہاں ان کے سامنے صرف گول کیپر مظہر عباس تھے، جسے انھوں نے باآسانی چکمہ دے دیا۔ دو منٹ بعد حریف کپتان ڈیلن وودر سپون نے بائیں جانب سے گیند کو سیمی سرکل تک پہنچاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مظہر کو بے بس کردیا، پاکستان کے پاس خسارہ کم کرنے کا بہترین موقع کھیل کے 23 ویں منٹ میں آیا، جب ٹیم کو پہلا پنالٹی کارنر ملا، لیکن اس سے پاکستانی پلیئرز خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے، کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا، 49 ویں منٹ میں محمد عرفان نے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو اعتماد دیا، مقررہ وقت کی فائنل وسل سے چار منٹ قبل رضوان علی نے دوسرا گول داغ کر آسٹریلیا کے اوسان خطا کردیے اور مقابلے کو اضافی وقت میں دھکیل دیا، اضافی ٹائم کے پہلے ہاف کے خاتمے سے دو منٹ قبل جیشان رندھاوا نے گولڈن گول بنا کر آسٹریلیا کو وکٹری سٹینڈ پر پہنچا دیا۔

فائنل میں جرمنی نے بھارت کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی، جرمنی کے لیے کھیل کا پہلا گول 11ویں منٹ میں ٹیم کو ملنے والے پہلے پنالٹی کارنر پر جوناس گومول نے بنایا، 24 ویں منٹ میں ستبیر سنگھ کے جوابی گول سے میچ برابر ہوگیا، جوشا دیلیربر نے جرمنی کے لیے دوسرا گول بنایا، فلورین ایڈرینز نے یورپی ٹیم کیلیے تیسرا گول سکور کیا، کھیل ختم ہونے سے محض تین منٹ قبل آکاش دیپ نے بھارت کا خسارہ کم کیا، آخری پوزیشن کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے میزبان ملائیشیا کو اضافی وقت 2-1 سے ہرادیا۔

سلطان جوہر ہاکی، پاکستان کا چوتھی پوزیشن پر اختتام

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔