جمعرات, جولائی 19, 2012

بھارت: یوراج سنگھ کی کرکٹ میں واپسی

یوراج سنگھ
کئی ماہ زیر علاج رہنے کے بعد کینسر کے مرض سے صحت یاب ہونے والے بھارتی کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس ایک روزہ میچوں کے عالمی کپ کے بعد معلوم ہوا تھا کہ تیس سالہ یوراج سنگھ کیسنر کے مرض میں مبتلا ہیں اور وہ کئی مہینے امریکہ میں علاج کرانے کے بعد اپریل میں بھارت واپس لوٹے تھے۔

دو ہزار گیارہ کا عالمی کپ بھارت نے جیتا تھا اور اپنے شاندار کھیل کی وجہ سے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ یوراج سنگھ نے حاصل کیا تھا۔

لیکن اس کے بعد خبریں آنا شروع ہوئیں کہ ڈاکٹروں نے ان کے پھیپھڑوں کے قریب کینسر کی ایسی قسم کی تشخیص کی ہے جو بہت کم ہی لوگوں میں ہوتی ہے۔

لیکن ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ابتدائی مراحل میں ہی مرض کا پتہ چل جانے کی وجہ سے یوراج پوری طرح صحت یاب ہوجائیں گے اور دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکیں گے۔

آف سپنر ہربھجن سنگھ کی بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں واپسی ہوئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پنردہ رکنی سکواڈ کا اعلان اگست میں کیے جانے کی امید ہے۔ عالمی کپ سترہ ستمبر سے سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

یوراج سنگھ کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ دو ہزار سات کے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ میں انہوں نے انگلینڈ کے فاسٹ بالر سٹیورٹ براڈ کے ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔

ماہرین کے مطابق ان کے لیے بوچی بابو ٹورنامنٹ ایک سخت آزمائش ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ اگست میں چنئی میں کھیلا جائے گا اور اس میں سلیکٹرز کو یوراج سنگھ کی فٹنس کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

چیف قومی سلیکٹر کرشنماچاری شریکانت نے حال ہی میں کہا تھا کہ’میرے خیال میں جس شخص نے ہمیں عالمی کپ جتوایا تھا اسے ٹیم میں واپسی کا موقع ملنا چاہیے۔‘

بھارت: یوراج سنگھ کی کرکٹ میں واپسی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔