برما سے مہاجرین کی بڑی تعداد کراچی نقل مکانی کررہی ہے۔ برما کے صوبے اراکان میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد اب غیرقانونی طور پر سینکڑوں خاندان ابراھیم حیدری اور کورنگی کے مضافاتی علاقوں میں آباد ہیں اور متاثرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ کراچی میں اس علاقے کو بھی اراکان آباد کا نام دیا گیا ہے۔
برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے باعث سیکڑوں برمی مسلمان اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش، بھارت اور پھر وہاں سے بالآخر کراچی پہنچ گئے۔ غیرقانونی ہجرت کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور برمی متاثرین کی بڑی تعداد کراچی میں آباد ہورہی ہے۔ غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے سینکڑوں خاندان کراچی میں آباد ہوچکے ہیں مگر ہمارے ادارے بے خبر نظر آتے ہیں۔ برمیوں کی اکثریت کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سو کوارٹر، بن قاسم ٹاؤن، بنگالی پاڑہ، ولی گوٹھ، الیاس گوٹھ، چکرا گوٹھ، کورنگی، ناصر کالونی، مچھر کالونی اور کیماڑی میں آباد ہوئی ہے۔ کراچی پہنچنے والے برمی مسلمان اپنی گزر اوقات کے لئے نہ صرف مچھلی پکڑنے کا کام کررہے ہیں، بلکہ قالین بافی کے علاوہ کچرا چننے کا کام بھی کررہے ہیں۔ صوبہ اراکان سے نقل مکانی کرنے والے غیرقانونی برمی باشندے شہر قائد میں نہ صرف گزشتہ ایک ماہ سے آباد ہیں بلکہ ان کی آبادی کو اراکان آباد کا نام بھی دیا گیا ہے۔ کیا پاکستان اور بالخصوص شہر کراچی مہاجرین کے ایک نئے سیلاب کو برداشت کرسکے گا،، شاید نہیں،، مگر ایک جانب نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب انتظامیہ اس طوفان سے بے خبر نظر آتی ہے۔
برما سے مہاجرین کی بڑی تعداد میں کراچی نقل مکانی، رپورٹ