جمعہ, ستمبر 07, 2012

نوکیا کے دو نئے سمارٹ فون

موبائل فونز مارکیٹ پر ماضی میں راج کرنے والی کمپنی نوکیا کی طرف سے ایپل اور سام سنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے دو نئے سمارٹ فونز متعارف کرائے گئے ہیں، جو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حامل ہیں۔ جن میں Lumia 920 اور Lumia 800 شامل ہیں۔ ان فونز میں بعض ایسے اختراعی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ ان کی بدولت صارفین سام سنگ اور ایپل کو چھوڑ کر نوکیا کے ان نئے سمارٹ فونز کی طرف راغب ہوں گے۔

نوکیا کے سمارٹ ڈیوائسز کے حوالے سے ایگزیکٹیو وائس پریزیڈنٹ جو ہارلو Jo Harlow نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے گزشتہ 18 ماہ میں بہت سے اہم اقدامات کیے ہیں اور آج ہم اگلا قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ جو ہارلو کے مطابق لومیا 920 کے صارفین کو سمارٹ فون استعمال کرنے کا ایک انوکھا تجربہ حاصل ہوگا کہ پھر وہ اسے چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کریں گے۔

فِن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنی نوکیا کی طرف سے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں گزشتہ برس یعنی 2011ء میں مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر سمارٹ فونز تیار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایپل کے آئی فون اور اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی سمارٹ فونز کی بڑھتی مقبولیت کے باعث مائیکروسافٹ کا کاروبار بھی خطرات کا شکار تھا، تاہم اب کمپیوٹرز اور موبائل ڈیوائسز کے لیے ونڈوز ایٹ آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے اس امریکی سافٹ ویئر کمپنی کو امید ہے کہ وہ اپنا مارکیٹ شیئر بچانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ 

لومیا 920 میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت کے علاوہ بہتر بنایا گیا آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ بھی موجود ہے۔ اس کیمرے میں ابھرا ہوا یعنی فلوٹنگ لینز لگایا گیا ہے جس کے باعث یہ عام موبائل فون کیمروں کی نسبت پانچ سے 10 گنا تک زیادہ روشنی حاصل کرتا ہے۔ اس میں نوکیا میپس پر مشتمل بِلٹ ان نیویگیشن سسٹم کے علاوہ آگمینٹڈ ریئیلٹی ایپلیکیشن بھی موجود ہے جو ارد گرد کے علاقے میں موجود اہم مقامات کے نام اور تفصیلات سکرین پر ظاہر کرتی ہے۔ اس فون کی خمیدہ سکرین 4.5 انچ ہے جبکہ اس میں طاقتور ڈوئل کور Qualcomm S4 Snapdragon پروسیسر نصب ہے۔ 

نوکیا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ نئے فونز رواں برس کے آخری تین مہینوں میں منتخب ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ تاہم نہ تو ان نئے سمارٹ فونز کی قیمت کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے اور نہ ہی اس کی فروخت شروع ہونے کی کسی طے شدہ تاریخ کے بارے میں۔

سمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے آئندہ چند مہینوں کو اپنی فروخت کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ سام سنگ کی طرف سے ونڈوز ایٹ پر مشتمل اپنا سمارٹ فون گزشتہ ہفتے ہی متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ ایپل کی طرف سے بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ 12 ستمبر کو اپنا آئی فون فائیو متعارف کروا دے گی۔ اس کے علاوہ HTC اور موٹرولا کی طرف سے بھی لانچ ایونٹ طے ہیں۔نوکیا کے دو نئے سمارٹ فون

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔