جمعہ, ستمبر 07, 2012

چینی مقتدر طبقہ اور عیش و عشرت کی داستانیں

چین کی قیادت عنقریب تبدیل ہونے والی ہے۔ نئی حکومت میں عہدوں کے حصول کے لیے پس پردہ جاری جدوجہد کتنی شدید ہوچکی ہے، اس کا اندازہ مقتدر شخصیات کے شاہانہ طرز زندگی سے متعلق ایک تازہ سکینڈل سے ہوتا ہے۔

شروع شروع میں بات تیز رفتار کاروں، پیسے اور جنسی روابط تک ہی محدود تھی۔ قصہ تھا گزشتہ مارچ میں سیاہ رنگ کی ایک فیراری کار کو پیش آنے والے ایک حادثے کا، ایک پلے بوائے کا، جو اس حادثے میں ہلاک ہوگیا اور دو نوجوان خواتین کا، جو برہنہ حالت میں یا انتہائی مختصر لباس میں اس کار میں بیٹھی تھیں اور اس حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔ تاہم گزشتہ چند روز سے یہ پتہ چلنے کے بعد کہ اس کار کو ڈرائیو کون کررہا تھا، یہ کار ایکسیڈنٹ ایک بڑے سیاسی سکینڈل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

مرنے والا شخص ایک سرکردہ پارٹی عہدیدار لِنگ جی ہُوا کا بیٹا تھا، وہی لِنگ جی ہُوا، جو موجودہ صدر اور پارٹی قائد ہو جن تاؤ کے سب سے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ پتہ یہ چلا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے ان حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوششیں ہورہی تھیں کیونکہ ان کی وجہ سے پارٹی کی پہلے سے خراب ساکھ کو اور بھی زیادہ نقصان پہنچنے کا احتمال تھا۔


نائب صدر سی جن پنگ
فیراری گاڑی کا حادثہ کئی ایک سوالات کو جنم دیتا ہے۔ مثلاً یہ کہ پارٹی عہدیدار کے اس پلے بوائے بیٹے کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آ گئے کہ اُس نے لگژری کلاس کی ایک سپورٹس کار خرید لی؟ ہانگ کانگ کے با اثر اخبار کائی فَینگ کے مدیر اعلیٰ جِن ژَونگ کہتے ہیں:’’لِنگ جی ہُوا کا بیٹا ہو یا بُو ژیلائی کی حال ہی میں قتل کے الزام میں سزا پانے والی اہلیہ، یہ لوگ پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔ ایسا اکثر ہوتا ہے کہ یہ لوگ خود کو حاصل مراعات سے فائدہ اٹھا کر غیرقانونی طور پر پیسہ کماتے ہیں۔ جتنی بڑی تعداد اس طرح کے کاموں میں ملوث ہے، اُس کا عشر عشیر بھی منظر عام پر نہیں آیا۔ پارٹی کے اندر اور باہر اس صورت حال پر کافی غم و غصہ اور بے چینی ہے۔‘‘

اس سکینڈل کی وجہ سے کار حادثے میں مرنے والے پلے بوائے کے والد لِنگ جی ہُوا کو، جو سنٹرل کمیٹی کے جنرل آفس کے انچارج کے اہم عہدے پر فائز تھے، اب ایک ضمنی عہدے پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ جنرل آفس کا نیا انچارج اُس شخص کو بنایا گیا ہے، جسے عنقریب ہو جن تاؤ کی جگہ نیا پارٹی قائد اور صدر بننے والے سی جِن پِنگ کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔