بدھ, جولائی 11, 2012

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر مارک باؤچر ریٹائر

مارک باؤچر نے جنوبی افریقہ کی جانب سے ایک سو سینتالیس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر مارک باؤچر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے دوران آنکھ پر چوٹ لگنے کے بعد کیا۔

واضح رہے کہ پینتیس سالہ کرکٹر مارک باؤچر کی آنکھ انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ کے خلاف وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے گیند لگنے سے زخمی ہوگئی تھی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان گراہم سمتھ کو بھیجے جانے والے ایک پیغام میں مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ انہیں غیر یقینی ریکوری کا سامنا ہے۔

مارک باؤچر دنیائے کرکٹ کے وہ واحد وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ پانچ سو پچپن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔


انہو ں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی چار سو پچیس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے سنہ انیس سو اٹھانوے، دو ہزار اور دو ہزار چھ میں سال کے بہترین کھلاڑی قرار دیےجانے والے مارک باؤچر نے ٹیسٹ میچوں میں تیس رنز کی اوسط سے پانچ ہزار پانچ سو پندرہ جبکہ ایک روزہ میچوں میں انتیس رنز کی اوسط سے چار ہزار چھ سو چھیاسی رنز بنائے۔

مارک باؤچر نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان اس الفاظ میں کیا ’میں بہت دکھ اور تکلیف کے ساتھ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔ میری آنکھ میں لگنے والی چوٹ کی شدت کی وجہ سے میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل پاؤں گا۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں نے انگلینڈ کے دورے کے لیے بہت تیاری کی تھی، میں نے اپنی کیرئیر میں اس سے پہلے کسی دورے کے لیے اتنی اچھی تیاری نہیں کی۔ میں نے کبھی بھی اس طرح اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بارے میں سوچا نہیں تھا تاہم حالات نے مجھے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔‘

مارک باؤچر نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں اور اجنبی افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔

جنوبی افریقہ کے مشہور وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا ’میں اپنے ملک واپس جارہا ہوں اور میں اپنی ٹیم کے لیے دورۂ انگلینڈ کے دوران نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان گراہم سمتھ نےمارک باؤچر کو ایک پیغام دیتے ہوئے کہا ’باؤچ ہم نے ایک لمبا سفر اکٹھے طے کیا اور ہم ان حالات میں تمہاری ریٹائرمنٹ کے اعلان کی وجہ سے بہت افسردہ ہیں۔‘

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر مارک باؤچر ریٹائر

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔