ہفتہ, ستمبر 08, 2012

نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد کیا جائے گا

شکاگو (اے ایف پی) چاند پر قدم رکھنے والے پہلے شخص نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد کیا جائے گا۔ یہ بات ان کے خاندان کے ترجمان رک ملر نے بتائی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ ایک پرائیویٹ سروس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات ابھی فوری طور پر دستیاب نہیں۔ 

نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد 13 ستمبر کو واشنگٹن میں ایک پبلک میموریل کے بعد کیا جائیگا۔ اسٹرانگ کا انتقال گزشتہ دنوں دل کی سرجری میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کے باعث ہوگیا تھا۔ اسٹرانگ کے آخری رسومات میں ناسا کے سربراہ چارلیس بولڈن، موجودہ اور سابقہ خلانورد اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستانی ماہرین کی 10 سالہ تحقیق: تھیلیسمیا کا علاج دریافت کرلیا گیا


پاکستانی ماہرین نے دوا کے ذریعے تھیلے سیمیا کا علاج دریافت کرلیا۔ یہ کامیابی پاکستانی ڈاکٹروں نے 10 سالہ تحقیق کے بعد حاصل کی ہے۔ معروف امراض خون ڈاکٹر طاہر سلطان شمسی اور ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری کے مطابق Hydronyurea دوا کے استعمال کروانے سے (جو کہ کسی دوسرے مرض میں استعمال کروائی جاتی ہے) تھیلے سیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں میں خون چڑھانے کا انحصار کم یا بالکل ختم دیکھا گیا۔ تحقیق میں پاکستان میں تھیلے سیمیا کا باعث بننے والی جنیاتی خرابیوں میں سے 5 کی موجودگی میں د وا کے حوصلہ افزاءنتائج نظر آئے۔ پاکستان میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز (این آئی بی ڈی) میں تھیلے سیمیا کے 152 مریضوںمیں سے 41 فیصد کو خون چڑھانے سے نجات مل گئی جبکہ 39 فیصد مریضوں میں انتقال خون کی ضرورت نصف رہ گئی جبکہ باقی 20 فیصد مریضوں میں اس دوا کی وجہ سے کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ یہ تحقیق امریکا سے شائع ہونے والے طبی جریدے ”جنرل آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی آن کالوجی“ میں 2011ء میں شائع ہوچکی ہے۔ ماہر امراض خون برائے اطفال ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے اس تحقیق کا آغاز اپریل 2003ء میں 23 مریضورں میں اس دوا کے استعمال سے کیا جبکہ انہوں نے اپنی پی ایچ ڈی اسی تحقیق پر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دوا خون کی بیماری SICK-E-CELL-DISEASES کے لئے گزشتہ 20 سالوں سے امریکی ادارے (ایف ڈی اے) سے منظور شدہ ہے اس دوا کے استعمال سے این آئی بی ڈی میں تھیلے سیمیا کے 152 مریض بچوں میں سے 41 فیصد کو خون چڑھانے سے نجات مل گئی جبکہ 39 مریضوں میں انتقال خون کی ضرورت نصف رہ گئی تاہم 20 فیصد مریضوں میں اس دوا کی وجہ سے کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوسکی۔ اس دوا کے استعمال کے بعد خون نہ لگنے کی و جہ سے کسی بھی مریض کی تلی (Spleen) یا جگر کے حجم میں اضافہ نہیں دیکھا گیا جبکہ چہرے کی بناوٹ میں بہتری، کھیل کود میں بچوں کی دلچسپی، بھوک اور وزن میں بھی اضافہ ہوا۔ مزید تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں الفا تھیلے سیمیا اور بی ٹا تھیلے سیمیا (خلیوں کے اندر موجود پروٹین کا نام) کے امراض کی ایک ہی شخص میں موجودگی 37 فیصد سامنے آئی ہے۔ الفا تھیلے سیمیا کے اعداد و شمار اس سے قبل پاکستان میں دستیاب نہیں تھے۔ اس تحقیق کے بعد تھیلے سیمیا کے مریض کی جنیاتی تشخیص لازمی قرار دی جانی چاہئے۔ اگر جنیاتی طور پر بی ٹا تھیلے سیمیا کی جنین میں تبدیلی یا الفا تھیلے سیمیا کی موجودگی پائی جائے تو اس دوا کے استعمال سے انتقال خون کے عمل کو بند یا کم کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ہر سال پانچ سے 8 ہزار تک بی ٹا تھیلے سیمیا کے مریض پیدا ہوتے ہیں جبکہ 9.8 ملین (carrier) جو خود تو صحت مند ہوتے ہیں مگر ان کے اندر یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ اپنے آنے و الے بچوں میں یہ شدید بیماری منتقل کرسکتے ہیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دوا بین الاقوامی اداروں سے منظوری حاصل نہیں کرلیتی ہے اس دوا کا استعمال صرف اور صرف تحقیق کے لئے خون کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہونا چاہئے۔ 

ڈاکٹر طاہر سلطان شمسی کے مطابق تھیلے سیمیا کے مریضوں میں جین میں پائی جانے و الی خرابی کا مطالعہ کرکے ہی تھیلے سیمیا کے مریضوں کا بہتر علاج ممکن ہوسکتا ہے۔ ہیموگلوبین ایف کے اضافے کے بعد روزمرہ کی زندگی کو بہتر، انتقال خون کی ضرورت میں کمی اور جسم میں فولاد میں کمی واقع ہوسکتی ہے اس موضوع پر مزید تحقیقی عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے تھیلے سیمیا کے متعلق بتایا کہ خون کے سرخ خلیوں میں ہیموگلوبین کے بننے کی صلاحیت متاثر ہونے سے 6 ماہ کی عمر تک خون کی شدید کمی واقع ہوجاتی ہے چنانچہ ان بچوں کو زندہ رہنے کے لئے مستقل خون چڑھانا پڑتا ہے۔ یہ عمل ساری ز ندگی جاری رہتا ہے۔ مستقل خون چڑھنے یا چڑھانے کی وجہ سے ان بچوں کے خون میں فولاد کی زیادتی، ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی / ایڈز جیسے مرض ہوسکتے ہیں چنانچہ اگر خون لگانے کی بجائے تھیلے سیمیا یعنی سرخ خلیوںمیں ہیموگلوبین بننے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لئے دوا دی جائے تو متاثرہ بچے درج بالا پیچیدگیوں (جو خون چڑھانے سے پیدا ہوتی ہیں) سے بچ سکتا ہے اور وہ نسبتاً صحت مند لمبی عمر حاصل کرسکتا ہے۔

یو ایس اوپن: وکٹوریا آزارینکا اور سرینا ولیمز فائنل میں

میچ کے بعد آزارینکا شیراپووا سے مصافحہ کر رہی ہیں
بیلا رس کی ورلڈ نمبر ایک اور موجودہ آسٹریلین چیمپیئن 23 سالہ وکٹوریا آزارینکا روس کی ماریا شاراپووا کو یو ایس اوپن کے سیمی فائنل شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ آزارینکا نے میچ میں 3-6، 6-2 اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔

دوسرا سیمی فائنل سرینا ولیمز نے جیت لیا۔ سرینا کا فائنل میں وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا، فائنل میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

سرینا ولیمز نے دوسرے سیمی فائنل میں سارہ ایرانی کو 6-1 اور 6-2 سے شکست دی۔ سرینا ولیمز تین مرتبہ یو ایس اوپن ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

واشنگٹن — تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

دبئی میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔ جواباً آسٹریلیا کی ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔

میچ ٹائی ہو جانے کے بعد اس کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوا جس میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 11 رنز بنائے۔ جواباً پاکستان کے عمر اکمل اور عبدالرزاق نے چھ گیندوں پر 12 رنز کا ہدف حاصل کرکے پاکستان کو فتح دلا دی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان محمد حفیظ اور ناصر جمشید 45، 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کامران اکمل نے 43 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

جواباً آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو پاکستانی بالرز کے سامنے جم کر کھیلنے میں واضح مشکلات درپیش رہیں اور وقفے وقفے سے کینگروز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق اور سعید اجمل نے 2، 2 جب کہ سہیل تنویر اور عمر گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

جمعہ, ستمبر 07, 2012

روٹی چوری کرنے کی سزا؛ بدترین تشدد، منہ کالا کردیا

بلوچستان کے ضلع نصيرآباد ميں انسانيت کی تذليل کا دل سوز واقعہ سامنے آیا ہے۔ درگئی میں محض روٹی چوری کرنے پر ایک شخص کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اوراس کا منہ کالا کرکے گھمایا گیا۔

روٹی چوری کرنے کے شبہے میں ديہاتيوں نے حیردین نامی شخص کو پکڑ کر اس کي مونچھيں، داڑھی اور سر کے آدھے بال کاٹ ديئے۔ لوگوں نے اسی پر بس نہیں کیا اور اسے گدھے پر بٹھا کر گاؤں کا چکر لگوایا۔ پولیس نے تاحال واقعہ کا کوئي مقدمہ درج نہيں کیا ہے۔

سماء

شاراپووا اور آزارینکا کے درمیان سیمی فائنل آج ہوگا

روس کی ٹینس سٹار ماریا شاراپووا نے فرانس کی ماریون بارٹولی کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ انہوں نے یہ میچ 3-6، 6-3 اور 6-4 سے جیتا اور 6 سال میں پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

ماریا شاراپووا کو رواں سال تین سیٹ تک جانے والے کسی میچ میں شکست کا سامنا نہیں‌ کرنا پڑا۔ ماریا شاراپووا نے کہا کہ خوش قسمتی ہمیشہ مدد کرتی ہے اور یو ایس اوپن کے اس مرحلے تک دوبارہ پہنچنے میں بہت وقت لگ گیا ہے۔

ماریا شاراپووا کا آج سیمی فائنل میں بیلارس کی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا۔ ماریا شاراپووا کا کہنا ہے کہ وکٹوریا آزارینکا نے مجھے آسٹریلیا میں بہت آسانی سے شکست دی تھی، مجھے گرانڈ سلام میں بدلہ لے کر بہت اچھا لگے گا۔

بنگلہ دیش کے شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند

بنگلہ دیش نے سپاٹ فکسنگ کے الزام میں سابق پلیئر شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔ بی سی بی کے صدر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شریف پر پابندی کا فوری اطلاق ہوگا، غیرمعینہ مدت تک کھیل کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سب کمیٹی نے ان کے خلاف بنگلہ دیش پریمیئر لیگ پر اثر انداز ہونے کے الزامات کی تحقیقات کی ہیں، ہم اس بارے میں آئی سی سی کو بھی آگاہ کررہے ہیں۔ یہ فیصلہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیا گیا۔ شریف الحق پر پابندی کی سفارش بی سی بی کے نائب صدر محبوب الانعام کی سربراہی میں قائم سب کمیٹی نے کی تھی، یہ کمیٹی مشرفی مرتضیٰ کے اس دعوے کے بعد قائم کی گئی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بی پی ایل کے آغاز سے قبل ان سے سپاٹ فکسنگ کیلیے رابطہ کیا گیا ہے۔

شریف نے بنگلہ دیش کی جانب سے 1998 میں بھارت کے خلاف واحد ون ڈے کھیلا تھا، وہ سپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کا شکار ہونے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی اور غیر آفیشل طور پر کھیل سے ریٹائر ہوچکے تھے۔

انھوں نے مشرفی سے کہا تھا کہ وہ مخصوص میچز میں اپنی شرکت اور چشمہ یا کیپ پہننے کے بارے میں معلومات فراہم کریں تو ان چیزوں پر لگائے جانے والے جوئے سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے15 سے 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ ادھر شریف کا کہنا ہے کہ ابھی تک بورڈ کی جانب سے مجھے اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا مگر میں اس کے خلاف اپیل کروں گا۔

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سابق پلیئر شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے

ٹوئنٹی 20: آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر

پاکستان سے دوسرا میچ ہارنے پرکینگروز مختصر فارمیٹ کی رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے 10 ویں نمبر پر چلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 0.57 پوائنٹس کا فاصلہ موجود ہے۔ اگر آج کے میچ میں آسٹریلوی ٹیم ناکام رہی تو پھر اس سے پیچھے صرف زمبابوے کی ٹیم باقی رہ جائے گی، بنگلہ دیش پہلے ہی آسٹریلیا سے اوپر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے۔ کوئی بھی آئرش کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں جبکہ آسٹریلیا کے 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل 13 کھلاڑیوں کے آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ مجموعی طور پر 6.4 ملین ڈالر کے معاہدے ہیں، بعض کھلاڑی اپنے ملکی ایونٹ بگ باش کے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش لیگ بھی کھیلتے ہیں۔

قانونی طور پر میچز پر شرطیں قبول کرنے والی ایک فرم نے ورلڈ کپ میں اس کی فتح پر 7 ڈالر کا داؤ آفر کیا جبکہ آئرلینڈ کی فتح پر ایک ڈالر جوا کھیلنے والے کو کامیابی کی صورت میں 201 ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دبئی: ٹوئنٹی 20 میں آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا

امریکہ ڈرون طيارے فروخت كرنے كے لئے تیار

پينٹاگون كے ايک سينئرعہدے دار نے ميڈيا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنيا كے کئی ممالک ڈرون طيارے خريدنے ميں دلچسپی ركھتے ہيں جس كے لئے محكمہ دفاع کی نئی گائيڈ لائن كے تحت امریکی ڈرون طيارے خريدنے كے اہل 66 ممالک کی ایک فہرست تيار كرلی گئی ہے۔ تاہم انھوں نے ان ممالک كے نام نہيں بتائے۔

انہوں نے كہا كہ ڈرون طياروں کی فروخت كے لئے كانگريس اورمحكمہ خارجہ کی منظوری بھی ضروری ہے جس کے بعد ہی كوئی فيصلہ كيا جائے گا۔

امریکی محكمہ دفاع نے ڈرون طيارے فروخت كرنے كے لئے 66 ممالک كواہل قراردے ديا

روسی صدر کا ایک اور منفرد کام

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اکثر ایسے منفرد کام کر گزرتے ہیں جو سب کو ہی چونکا دیتے ہیں۔ چاہے سائبرین ٹائیگر ہو یا پولر بئیر کے ساتھ تصویر کھنچوانے کا معاملہ روسی صدر جانوروں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں اور اس بار انہوں نے جنگلی حیات کے ماہرین کے ساتھ مل کر پرندوں کے بچوں کو ان کے ٹھکانوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیا۔ اور اس مقصد کے لئے انہوں نے ڈیلٹا طیارے میں پرواز کی۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ پرندے جہاز سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہوئے اور نہایت اطمینان سے اڑ کر اپنی منزل تک پہنچے۔

دبئی: پاک آسٹریلیا دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، اور کھلاڑی دوسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے اور آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست کا جواب دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان کے وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی شاہین کینگروز پر فیصلہ کن وار کیلیے تیار ہیں، ادھر جمعرات کو آسٹریلوی بیٹسمین سپنرز کو کھیلنے کا سبق یاد کرتے رہے۔ پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 7 وکٹ کی شاندار فتح کے بعد پاکستان نے اب آسٹریلیا کے خلاف سیریز اپنے نام کرنے پر توجہ مرکوز کرلی ہے، آج کامیابی کی صورت میں ٹی 20 ٹرافی پاکستان کے نام اور ون ڈے سیریز کی ناکامی کا بدلہ مکمل ہوجائے گا۔

پاکستان کی جانب سے فاتح الیون میں کسی تبدیلی کا امکان موجود نہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آپشنز کی جانچ کرسکتی ہے، اس صورت میں شعیب ملک کی جگہ آل رائونڈر عبدالرزاق کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

دوسرا میچ بھی پہلے والی کنڈیشنز میں ہی کھیلا جائے گا اس لیے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے ٹارگٹ کے حصول کی کوشش کرسکتی ہے۔ پاکستان نے پہلے میچ میں 31 گیندیں قبل 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم کپتان محمد حفیظ اتنی بڑی فتح پر حیران نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ آسٹریلیا کو زیر کرسکتے ہیں، ہماری باؤلنگ میں ورائٹی اور بیٹنگ لائن بھی اچھی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل فتوحات کے راستے پر گامزن ہونا ہمارے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا، ورلڈ کپ ہمارے سامنے ہے مگر ہمارا پہلا مقصد آسٹریلیا کے خلاف باقی دونوں میچز میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی بیٹسمینوں کے لیے پاکستانی سپن باؤلنگ بدستور درد سربنی ہوئی ہے، پہلے میچ میں بھی ان کی 6 اہم وکٹیں سلو بولرز نے لیں، اس لیے جمعرات کو بیٹسمین نیٹس میں زیادہ تر سپن باؤلنگ کو ہی کھیلنے کی پریکٹس کرتے رہے۔

کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں شکست سے مجھے کافی مایوسی ہوئی، ہمیں ابھی بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے، ہم پاکستان کے خلاف سیریز میں واپسی کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر جس طرح کا کھیل ہم نے پہلے میچ میں پیش کیا اس کے بل پر ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھنا بھی بے وقوفی ہوگی۔

برما سے مہاجرین کی بڑی تعداد میں کراچی نقل مکانی

برما سے مہاجرین کی بڑی تعداد کراچی نقل مکانی کررہی ہے۔ برما کے صوبے اراکان میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد اب غیرقانونی طور پر سینکڑوں خاندان ابراھیم حیدری اور کورنگی کے مضافاتی علاقوں میں آباد ہیں اور متاثرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ کراچی میں اس علاقے کو بھی اراکان آباد کا نام دیا گیا ہے۔ 

برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے باعث سیکڑوں برمی مسلمان اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش، بھارت اور پھر وہاں سے بالآخر کراچی پہنچ گئے۔ غیرقانونی ہجرت کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور برمی متاثرین کی بڑی تعداد کراچی میں آباد ہورہی ہے۔ غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے سینکڑوں خاندان کراچی میں آباد ہوچکے ہیں مگر ہمارے ادارے بے خبر نظر آتے ہیں۔ برمیوں کی اکثریت کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سو کوارٹر، بن قاسم ٹاؤن، بنگالی پاڑہ، ولی گوٹھ، الیاس گوٹھ، چکرا گوٹھ، کورنگی، ناصر کالونی، مچھر کالونی اور کیماڑی میں آباد ہوئی ہے۔ کراچی پہنچنے والے برمی مسلمان اپنی گزر اوقات کے لئے نہ صرف مچھلی پکڑنے کا کام کررہے ہیں، بلکہ قالین بافی کے علاوہ کچرا چننے کا کام بھی کررہے ہیں۔ صوبہ اراکان سے نقل مکانی کرنے والے غیرقانونی برمی باشندے شہر قائد میں نہ صرف گزشتہ ایک ماہ سے آباد ہیں بلکہ ان کی آبادی کو اراکان آباد کا نام بھی دیا گیا ہے۔ کیا پاکستان اور بالخصوص شہر کراچی مہاجرین کے ایک نئے سیلاب کو برداشت کرسکے گا،، شاید نہیں،، مگر ایک جانب نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب انتظامیہ اس طوفان سے بے خبر نظر آتی ہے۔
 
برما سے مہاجرین کی بڑی تعداد میں کراچی نقل مکانی، رپورٹ

اعصام الحق اور یولین روزے یو ایس اوپن سیمی فائنل ہار گئے

نیویارک … پاکستان کے اعصام الحق اور ہالینڈ کے یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن سے باہر ہوگئی، انہیں سیمی فائنل میں برائن برادرز کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹ میں شکست ہوئی۔ 

نیویارک میں ہونے والے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے اعصام الحق اور ہالینڈ کے یوان یولین روزے پر مشتمل پیئر کا مقابلہ باب برائن اور مائیک برائن پر مشتمل امریکی جوڑی سے تھا۔ سیکنڈ سیڈ امریکن پیئر نے اعصام اور یولین کو جم کر کھیلنے نہیں دیا۔ برائن برادرز نے سیمی فائنل 6-3 اور 6-4 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل میں باب اور مائیک برائن، بھارت کے لینڈر پیز اور چیک ری پبلک کے راڈک سٹپنک سے مقابلہ کریں گے۔

اعصام الحق اور یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن سے باہر

ون ڈے رینکنگ: سعید اجمل پہلے، محمد حفیظ دوسرے نمبر پر

دبئی… انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کردی‘ انگلش ٹیم بدستور سرفہرست ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے ایوارڈ لسٹ سے خا رج کئے جانے کے باوجود باؤلنگ میں پاکستان کے سعید اجمل پہلے اور محمد حفیظ دوسرے نمبر پر آ گئے، بیٹنگ میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلی پوزیشن پر براجمان‘ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔ 

آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق ٹیموں کی درجہ بندی میں انگلینڈ 121 پوائنٹس کے ساتھ پہلے‘ جنوبی افریقہ 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے‘ بھارت 120 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے‘ آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے‘ سری لنکا 108 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں‘ پاکستان 104 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے‘ ویسٹ انڈیز 94 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں‘ نیوزی لینڈ 74 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں‘ بنگلہ دیش 71 پوائنٹس کے ساتھ نویں‘ زمبابوے 50 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔ 

باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کے سعید اجمل پہلے نمبر پر آگئے جبکہ محمد حفیظ نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ جنوبی افریقہ کے لونوابو ٹسوبے تیسرے‘ بھارت کے روی چندرن ایشون چوتھے‘ جنوبی افریقہ کے مورنی مورکل پانچویں‘ انگلینڈ کے سٹیون فن چھٹے‘ گریم سوان ساتویں‘ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن آٹھویں‘ نیوزی لینڈ کے کائل ملز نویں اور جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔ 

بیٹنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ہاشم محمود آملہ پہلے‘ بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے‘ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈیویلیئرز تیسرے‘ سری لنکا کے کمار سنگا کارا چوتھے‘ انگلینڈ کے جوناتھن ٹراٹ پانچویں‘ بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی چھٹے‘ آسٹریلیا کے مائیکل کلارک ساتویں‘ انگلینڈ کے الیسٹر کک آٹھویں‘ بھارت کے گوتم گھمبیر نویں اور آسٹریلیا کے مائیکل ہسی دسویں نمبر پر ہیں۔ 

آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے‘ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس دوسرے‘ آسٹریلیا کے شین واٹسن تیسرے‘ انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ چوتھے‘ نیوزی لینڈ کے ڈینئل ویٹوری پانچویں‘ انگلینڈ کے گریم سوان چھٹے‘ جنوبی افریقہ کے ویرنن فلینڈر ساتویں‘ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سمی آٹھویں‘ بھارت کے روی چندرن ایشون نویں اور جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین دسویں نمبر پر ہیں۔

ون ڈے رینکنگ: سعید اجمل پہلے، محمد حفیظ دوسرے نمبر پر

نوکیا کے دو نئے سمارٹ فون

موبائل فونز مارکیٹ پر ماضی میں راج کرنے والی کمپنی نوکیا کی طرف سے ایپل اور سام سنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے دو نئے سمارٹ فونز متعارف کرائے گئے ہیں، جو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حامل ہیں۔ جن میں Lumia 920 اور Lumia 800 شامل ہیں۔ ان فونز میں بعض ایسے اختراعی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ ان کی بدولت صارفین سام سنگ اور ایپل کو چھوڑ کر نوکیا کے ان نئے سمارٹ فونز کی طرف راغب ہوں گے۔

نوکیا کے سمارٹ ڈیوائسز کے حوالے سے ایگزیکٹیو وائس پریزیڈنٹ جو ہارلو Jo Harlow نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے گزشتہ 18 ماہ میں بہت سے اہم اقدامات کیے ہیں اور آج ہم اگلا قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ جو ہارلو کے مطابق لومیا 920 کے صارفین کو سمارٹ فون استعمال کرنے کا ایک انوکھا تجربہ حاصل ہوگا کہ پھر وہ اسے چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کریں گے۔

فِن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنی نوکیا کی طرف سے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں گزشتہ برس یعنی 2011ء میں مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر سمارٹ فونز تیار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایپل کے آئی فون اور اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی سمارٹ فونز کی بڑھتی مقبولیت کے باعث مائیکروسافٹ کا کاروبار بھی خطرات کا شکار تھا، تاہم اب کمپیوٹرز اور موبائل ڈیوائسز کے لیے ونڈوز ایٹ آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے اس امریکی سافٹ ویئر کمپنی کو امید ہے کہ وہ اپنا مارکیٹ شیئر بچانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ 

لومیا 920 میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت کے علاوہ بہتر بنایا گیا آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ بھی موجود ہے۔ اس کیمرے میں ابھرا ہوا یعنی فلوٹنگ لینز لگایا گیا ہے جس کے باعث یہ عام موبائل فون کیمروں کی نسبت پانچ سے 10 گنا تک زیادہ روشنی حاصل کرتا ہے۔ اس میں نوکیا میپس پر مشتمل بِلٹ ان نیویگیشن سسٹم کے علاوہ آگمینٹڈ ریئیلٹی ایپلیکیشن بھی موجود ہے جو ارد گرد کے علاقے میں موجود اہم مقامات کے نام اور تفصیلات سکرین پر ظاہر کرتی ہے۔ اس فون کی خمیدہ سکرین 4.5 انچ ہے جبکہ اس میں طاقتور ڈوئل کور Qualcomm S4 Snapdragon پروسیسر نصب ہے۔ 

نوکیا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ نئے فونز رواں برس کے آخری تین مہینوں میں منتخب ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ تاہم نہ تو ان نئے سمارٹ فونز کی قیمت کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے اور نہ ہی اس کی فروخت شروع ہونے کی کسی طے شدہ تاریخ کے بارے میں۔

سمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے آئندہ چند مہینوں کو اپنی فروخت کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ سام سنگ کی طرف سے ونڈوز ایٹ پر مشتمل اپنا سمارٹ فون گزشتہ ہفتے ہی متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ ایپل کی طرف سے بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ 12 ستمبر کو اپنا آئی فون فائیو متعارف کروا دے گی۔ اس کے علاوہ HTC اور موٹرولا کی طرف سے بھی لانچ ایونٹ طے ہیں۔نوکیا کے دو نئے سمارٹ فون

چینی مقتدر طبقہ اور عیش و عشرت کی داستانیں

چین کی قیادت عنقریب تبدیل ہونے والی ہے۔ نئی حکومت میں عہدوں کے حصول کے لیے پس پردہ جاری جدوجہد کتنی شدید ہوچکی ہے، اس کا اندازہ مقتدر شخصیات کے شاہانہ طرز زندگی سے متعلق ایک تازہ سکینڈل سے ہوتا ہے۔

شروع شروع میں بات تیز رفتار کاروں، پیسے اور جنسی روابط تک ہی محدود تھی۔ قصہ تھا گزشتہ مارچ میں سیاہ رنگ کی ایک فیراری کار کو پیش آنے والے ایک حادثے کا، ایک پلے بوائے کا، جو اس حادثے میں ہلاک ہوگیا اور دو نوجوان خواتین کا، جو برہنہ حالت میں یا انتہائی مختصر لباس میں اس کار میں بیٹھی تھیں اور اس حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔ تاہم گزشتہ چند روز سے یہ پتہ چلنے کے بعد کہ اس کار کو ڈرائیو کون کررہا تھا، یہ کار ایکسیڈنٹ ایک بڑے سیاسی سکینڈل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

مرنے والا شخص ایک سرکردہ پارٹی عہدیدار لِنگ جی ہُوا کا بیٹا تھا، وہی لِنگ جی ہُوا، جو موجودہ صدر اور پارٹی قائد ہو جن تاؤ کے سب سے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ پتہ یہ چلا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے ان حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوششیں ہورہی تھیں کیونکہ ان کی وجہ سے پارٹی کی پہلے سے خراب ساکھ کو اور بھی زیادہ نقصان پہنچنے کا احتمال تھا۔


نائب صدر سی جن پنگ
فیراری گاڑی کا حادثہ کئی ایک سوالات کو جنم دیتا ہے۔ مثلاً یہ کہ پارٹی عہدیدار کے اس پلے بوائے بیٹے کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آ گئے کہ اُس نے لگژری کلاس کی ایک سپورٹس کار خرید لی؟ ہانگ کانگ کے با اثر اخبار کائی فَینگ کے مدیر اعلیٰ جِن ژَونگ کہتے ہیں:’’لِنگ جی ہُوا کا بیٹا ہو یا بُو ژیلائی کی حال ہی میں قتل کے الزام میں سزا پانے والی اہلیہ، یہ لوگ پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔ ایسا اکثر ہوتا ہے کہ یہ لوگ خود کو حاصل مراعات سے فائدہ اٹھا کر غیرقانونی طور پر پیسہ کماتے ہیں۔ جتنی بڑی تعداد اس طرح کے کاموں میں ملوث ہے، اُس کا عشر عشیر بھی منظر عام پر نہیں آیا۔ پارٹی کے اندر اور باہر اس صورت حال پر کافی غم و غصہ اور بے چینی ہے۔‘‘

اس سکینڈل کی وجہ سے کار حادثے میں مرنے والے پلے بوائے کے والد لِنگ جی ہُوا کو، جو سنٹرل کمیٹی کے جنرل آفس کے انچارج کے اہم عہدے پر فائز تھے، اب ایک ضمنی عہدے پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ جنرل آفس کا نیا انچارج اُس شخص کو بنایا گیا ہے، جسے عنقریب ہو جن تاؤ کی جگہ نیا پارٹی قائد اور صدر بننے والے سی جِن پِنگ کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔ 

فیس بک کی حریف سلام ورلڈ

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کی انٹرنینشل اسلامک یونیورسٹی میں ایک روسی طالبہ جحان جعفر نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر ویڈیو شائع کی تو اس پر ترک زبان میں رائے کا اظہار کیا گیا۔ جحان جعفر یہ زبان بولنا نہیں جانتی تھیں لیکن انہوں نے ویڈیو کے صفحے پر موجود ترجمے کی سہولت کی مدد سے اس رائے کا جواب دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’سلام ورلڈ‘ پر یہ ایک طریقہ ہے جس کے ذریعے ویب سائٹ کو امید ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو ملانے اور رابطوں کو آسان بنایا جا سکے گا۔

ملائیشیا کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ سلام ورلڈ کا تجرباتی ٹیسٹ اس وقت بوسنیا، ترکی، مصر اور انڈونیشیا میں موجود ایک ہزار صارفین کے ذریعے کیا جارہا ہے اور نومبرمیں سائٹ دنیا بھر میں استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔ ویب سائٹ کی پہلی جھلک سے یہ سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس کی طرح ہی نظر آتی ہے۔

نیلی اور سفید وضع قطع اور وال پر پیغامات لکھنے، تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے جیسی خصوصیات سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ فیس بک کی ابتدائی خصوصیات سے ملتی جلتی ہیں۔ لیکن کثیر الثقافتی اور کثیراللسان منصوبے کے حامی افراد کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر موجود مواد ان میں تفریق کرے گا۔ سلام ورلڈ کا مقصد مسلمانوں کو ایک محفوظ جگہ فراہم کرنا ہے جہاں پر توہین مذہب، جوئے سمیت اسلامی اصولوں کے خلاف کسی قسم کا مواد موجود نہ ہو۔

ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ مسلم دنیا کے لیے ایک ویب سائٹ تیار کی گئی ہے اس سے پہلے بھی کوششیں کی گئی ہیں لیکن وہ زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ فن لینڈ کی مسلم ڈاٹ کام (Muxlim.com) اس وقت بند ہوچکی ہے۔ اسی طرح سے مصر کی جماعت اخوان المسلمین نے اخوان بک ڈاٹ کام کے نام سے ایک ویب سائٹ شروع کی تھی اور یہ بھی بند ہوچکی ہے۔ 

ناقدین کا کہنا ہے کہ ان ویب سائٹس کا ہدف علاقائی صارفین تھے یا یہ اپنے خطے تک محدود تھیں۔ سلام ورلڈ ترکی سے شروع کی جارہی ہے لیکن اس کے اصلاح کاروں کا تعلق بارہ سے زیادہ ممالک سے ہے۔ ویب سائٹ کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کو متحد کرنا ہے اور اس پر مواد کی جانچ پڑتال کرنے کے لیےتین سطحی فلٹر موجود ہونگے۔

ایک طالب علم عبدل ہادی بن حاجی کے مطابق’اگر سیاسی مقاصد کے لیے چیزوں کو سنسر کیا جائے گا، مثال کے طور پر شام میں اصل صورتحال، برما میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات کے بارے میں جاننے سے روکا جائے تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔

ماہرین کے مطابق اگر دنیا بھر میں مسلمان مسلم ورلڈ کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع بھی ہوجائے تو پھر بھی اس کا فیس بک کی حریف بننا مشکل ہوسکتا ہے۔ تاہم مسلم ورلڈ کے ایشیا پیسفک کے سربراہ سلام سلیمانوف کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ ان کے خیال میں ایک متبادل کی اشد ضرورت ہے۔ ’اگر ہم ایک ارب پچاس کروڑ مسلمانوں کی بات کرتے ہیں تو ان میں سے ہوسکتا ہے میرے موقف کی حمایت کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہو لیکن پھر بھی عددی اعتبار سے یہ تعداد بہت بڑی ہوگی۔‘

فیس بک کی حریف سلام ورلڈ