جمعہ, اگست 03, 2012

صحرائے تھر کا خوب صورت پرندہ ’مور‘ ۔۔ موت کے ہاتھوں بے بس

صوبہ سندھ کا صحرائے تھر بنجر ہونے کے باوجود اپنے آپ میں بہت دلکش ہے۔ خاص کر یہاں کے حیوانات۔ اوران حیوانات میں بھی سرفہرست ہے مور۔
مگر گذشتہ کچھ عرصے سے صحرائے تھر کے مور موت کے شکنجے میں گرفتار ہیں اور پچھلے انیس بیس دنوں میں 100 سے زائد مور ہلاک ہوچکے ہیں۔ ابتدا میں تو پتہ ہی نہیں چلا کہ ماجرہ کیا ہے پھر معلوم ہوا کہ ان میں ”رانی کھیت“ نامی بیماری پھوٹ پڑی ہے۔ اب سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ کہیں وہ اس صحرا سے ختم ہی نہ ہوجائیں۔

موروں کی ہلاکت کی سب سے پہلی اطلاع ملی تھر کے علاقے مٹھی سے۔ وہاں دیکھتے ہی دیکھتے کئی مور ہلاک ہوگئے۔ محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع ملی تو انہوں نے کئی دن تحقیق میں گزار دیئے۔ اسی دوران کچھ ماہرین نے بتایا کہ موروں کو رانی کھیت کا جان لیوا مرض لاحق ہوگیا ہے۔

ابھی مٹھی میں معاملہ سنبھالا ہی نہیں تھا کہ یکے بعد دیگرے علاقے کی دس تحصیلوں سے بھی موروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہونے لگیں۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ مٹھی کے دیہاتوں کے بعد اب یہ بیماری ڈیپلو اور ننگر پارکر تحصیلوں تک پہنچ چکی ہے جہاں کے دس دیہات میں قریب ڈیڑھ درجن مور ہلاک ہوچکے ہیں۔

ادھر محکمہ وائلڈ لائف حکام نے متاثرہ دیہاتوں میں ادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ دیہاتوں میں وائلڈ لائف کی ٹیمیں اور ادویات ضرورت سے کم ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف ذرائع کے مطابق اس بیماری کا دورانیہ 2 سے 18 دن تک کا ہوتا ہے اس لئے مٹھی سمیت جن علاقوں میں پہلے مرحلے میں ہی یہ بیماری پھیلی تھی وہاں اب ہلاکتوں میں واضح کمی آرہی ہے۔

اس بیماری نے وباء کی شکل اختیار کرکے اسلام کوٹ اورنوکوٹ کے مختلف دیہاتوں کو گھیرا ہوا ہے جہاں سے اب تک ایک درجن سے زائد موروں کی ہلاکت کی اطلاعات مل چکی ہیں جبکہ پورے تھر میں مجموعی تعداد ایک سو سے بڑھ چکی ہے۔

محکمہ پولٹری کی جانب سے پورے ضلع میں بھیجی جانے والی چارٹیموں میں صرف ایک ہی ماہر ڈاکٹر شامل ہے۔ صوبائی وزیروائلڈ لائف دیا رام اسرانی نے اپنے دورہ تھر کے دوران میڈیا کو یہ بتایا تھا کہ تھر میں اب تک ہلاک ہونے والے موروں کی تعداد صرف 11 ہے، جسے مقامی آبادی نے مسترد کردیا تھا۔

مقامی افراد کے مطابق صرف ببوگاؤں میں 33 سے زیادہ مور مرچکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مور بچاؤ مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق تھرپارکر میں پائے جانے والے موروں کی تعداد 7 ہزارسے زیادہ ہے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ جنگل میں آزاد گھومنے والے موروں کو صرف چار ٹیموں کے ذریعے دوا پہنچانا مشکل کام ہے۔ اگر فوری طورپر بڑے پیمانے پر مہم شروع نہ کی گئی تو موروں کی نسل ختم ہوجائے گی۔

اس وقت بھی تھرپا رکر کے پیراکی، تھرپارکر ضلع کی یونین کونسل کلوئی، بھٹارو، مہرانو اور کھیتلاری میں یہ وباء پھیلی ہوئی ہے اور گاؤں خان محمد لاشاری، بابن کوہ اور گرڑابہ کے مور بھی اس کی لپیٹ میں آرہے ہیں۔ اگر فوری طور پر مور بچاؤ مہم میں تیزی نہ لائی گئی تو صحرائے تھر میں بڑے پیمانے پر مور ہلاک ہوسکتے ہیں۔


صحرائے تھر کا خوب صورت پرندہ ’مور‘ ۔۔ موت کے ہاتھوں بے بس

زہریلی چائے بدستور معمہ، نرسیں ہسپتال سے فارغ

سول ہسپتال کراچی کی ان گیارہ عیسائی نرسوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے جن کے بارے کہا جارہا ہے کہ انہیں رمضان میں سرعام کھانے پینے پر سزا کے طور پر کسی نے چائے میں زہر ملا کر پلا دیا تھا۔ تاہم پاکستان کی عیسائی برادری کے راہنماؤں اور متعدد مسیحی تنظیموں نے اس واقعے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب یہ نرسیں ہاسٹل کے کمرے میں چائے پی رہی تھیں کہ چائے پیتے ہی ان کی حالت خراب ہوگئی جس پر انہیں فوری طور پر ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے تین نرسوں کی حالت زیادہ خراب تھی جس کے سبب انہیں آئی سی یو آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔

متاثرہ نرسوں کے اہل خانہ اور مسیحی تنظیموں نے اس شبہے کا اظہار کیا ہے کہ انہیں عیسائی ہونے کے سبب جان بوجھ کر زہر دیا گیا اور زہر دینے کی وجہ صرف یہ ہے کہ رمضان میں نرسوں کے کھلے عام کھانے پینے پر سخت اعتراض کیا گیا تھا۔

متاثرہ نرسوں میں سے ایک نرس نے بیان دیا ہے کہ چائے اس کی ایک ساتھی نے بنائی تھی جسے پیتے ہی ان کی حالت خراب ہوگئی تاہم ہسپتال کے سینیئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چائے ان نرسوں سے ازخود بنائی تھی۔

پولیس سرجن کمال شیخ اور سول ہسپتال کے اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شکیل ملک واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیق کررہے ہیں۔ تحقیق کے دوران اس نکتے پر سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے کہ کہیں واقعہ مذہبی رقابت کا نتیجہ تو نہیں۔

ادھر میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر قرار عباسی نے جمعرات کو وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے تمام نرسوں کا طبی معائنہ کرنے کے بعد واقعے کی اطلاع عیدگاہ تھانے میں جمع کرادی ہے جس پر پولیس مزید کارروائی کرے گی۔

ڈاکٹر قرار عباسی نے بتایا کہ زہریلی چائے کے نمونے، برتن اوردیگر ساز و سامان کراچی کے نجی ہسپتال آغا خان کی لیبارٹری کو کیمیائی چانچ پڑتال کی غرض سے بھجوادیئے ہیں۔ رپورٹ جلد ہی متوقع ہے۔

واقعے پر رکن پارلیمنٹ سلیم کھوکھر نے اظہار افسوس اوررمضان میں سر عام کھانے پینے کی سزا کے طور پر نرسوں کو زہر دینے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا تھا اور رات میں کسی کا روزہ نہیں ہوتا۔ تاہم انہوں نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران کہا کہ سرکاری حکام اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں کے ذریعے اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

دوسری جانب واقعے پر عیسائی برادری میں خاصا غم و غصہ ہے۔ اس حوالے سے مسیحی برادری کے افراد کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ کچھ راہنماؤں کی جانب سے سول ہسپتال کی انتظامیہ پر واقعے کو چھپانے کا بھی الزام لگایا گیا ہے تاہم ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سعید قریشی نے واقعے میں ہسپتال کے کسی بھی فرد کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔

مسیحی راہنما جاوید مائیکل کا کہنا ہے کہ واقعے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کریں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسیحی برادری مسلمانوں کے عقائد کا احترام کرتی ہے اور پورے رمضان کھلے عام کھانے پینے سے اجتناب برتی ہے۔ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے عہدیدار عبدالحئی نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔

زہریلی چائے بدستور معمہ، نرسیں ہسپتال سے فارغ

اولمپکس 2012ء: آج پاکستان ہاکی ٹیم کا مقابلہ برطانوی ٹیم سے ہوگا

* آج پاکستان ہاکی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ کی ہاکی ٹیم سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہیں لیکن برطانیہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

اتوار, جولائی 29, 2012

پاکستان کل سپین کے خلاف میچ سے اولمپک مہم شروع کرے گا

پاکستان کی ہاکی ٹیم اولمپک گیمز ہاکی میں اپنا پہلا میچ پیر کو اولمپک کی سلور میڈلسٹ ٹیم سپین سے کھیلے گی۔ اولمپک میں دونوں ٹیموںکے درمیان یہ 9 واں مقابلہ ہوگا۔ ہاکی کے اعداد و شمار کے ماہر مظہر جبلپوری کے مطابق پاکستان نے کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے چار میں سپین کو ہرایا جب کہ دو میں اسے شکست ہوئی۔ دو میچ فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکے۔ پاکستان نے آٹھ میچوں میں 18 گول کےے جب کہ 12 گول اس کے خلاف ہوئے۔

اولمپکس میں خواتین کھلاڑیوں کی شرکت

تاریخ میں پہلی بار اولمپکس میں شریک تمام ممالک – جن کی تعداد 200 سے زائد ہے – کے دستوں میں خواتین ایتھلیٹس شامل ہیں۔ اور یہ بھی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ اولمپکس میں شرکت کرنے والے امریکی ٹیم میں خواتین کھلاڑیوں کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔

برونائی، قطر اور سعودی عرب نے پہلی بار خواتین ایتھلیٹس کو 'اولمپکس' میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ 

دنیا بھر کی خواتین اور 'انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی' کی ایک بڑی کامیابی ہے جس نے کھیلوں کے مقابلوں میں خواتین کی شرکت کی زبردست مہم چلائی اور بالخصوص سعودی حکومت کو آمادہ کیا کہ وہ خواتین کو 'لندن اولمپکس' میں شرکت کی اجازت دے۔

لیکن درحقیقت 'اولمپکس' میں شرکت کرنے والی کئی مسلمان خواتین نے ٹرائل مقابلوں کےذریعے اس ایونٹ کے لیے 'کوالیفائی' نہیں کیا بلکہ وہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی یا متعلقہ کھیلوں کی انجمنوں کی خصوصی دعوت پر ان عالمی مقابلوں میں شریک ہورہی ہیں۔

ہفتہ, جولائی 28, 2012

لندن اولمپکس کا آغاز، افتتاحی تقریب ایک ارب افراد نے دیکھی

لندن (جنگ نیوز) کھیلوں کے سب سے بڑے میلے ”اولمپکس“ کا برطانوی دالحکومت لندن میں شاندار افتتاح ہوگیا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ ڈائریکٹر ڈینی بوائل کی ہدایتکاری میں لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں رنگ و نور کی برسات کو دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب سے زائد افراد نے دیکھا۔ 27 ویں اولمپک گیمز دلکش اور دلفریب تقریب میں جمعہ کو شروع ہوگئے۔ تقریب کی رنگینی اور دلکشی نے سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور ٹی وی سکرینز کے سامنے بیٹھے افراد کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ افتتاحی تقریب پر تقریباً 27 ملین پاﺅنڈ کے اخراجات آئے۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان بقعہ ¿ نور بن گیا۔ دستوں نے مارچ پاسٹ کیا تو لندن کے مرکزی سٹیڈیم میں موجود تقریباً 80 ہزار تماشائیوں نے انہیں بھرپور داد دی۔ اس موقع پر سٹیڈیم کے اندر 100 سے زائد سربراہان مملکت اور شاہی خاندانوں کے افراد بھی موجود تھے۔ امریکی خاتون اول مشیل اوباما اور ترک وزیر اعظم طیب اردوان و دیگر بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔ تقریب کا آغاز برطانوی وقت کے مطابق رات 9 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بجے ہوا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے گیمز کا باضابطہ آغاز کرنے کا اعلان کیا۔ 204 ملکوں کے دس ہزار سے زائد مرد و خواتین ایتھلیٹس لندن اولمپکس میں اپنے عزم، جوش اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ مرکزی سٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں برطانیہ کے مقامی رقص، دیہی علاقوں کے خوبصورت مناظر بھی پیش کیے گئے۔ 10 ہزار سے زائد رضا کاروں نے سٹیڈیم کو دیہات کی شکل دی اور اس کی منظر کشی کے لیے پالتو جانوروں کی مدد بھی لی گئی، گاﺅں کا اصل منظر پیش کرنے کے لیے گھوڑے، گائے، بکریاں، بھیڑ اور مرغیوں کو سٹیڈیم کے اندر لایا گیا۔ تقریب کے ہدایتکار ڈینی بوائل نے افتتاحی تقریب کے منظر کو سرسبز اور خوشگوار ماحول کا نام دیا، افتتاحی تقریب میں روایت کے مطابق سب سے پہلے اولمپک گیمز کے بانی ملک یونان کا دستہ میدان میں داخل ہوا جس کی قیادت تائی کوانڈو کے کھلاڑی ایلگژینڈر براس کررہے تھے۔ پاکستانی دستہ شلوار قمیض میں داخل ہوا تو سٹیڈیم میں موجود شائقین نے شور مچا کر ان کا شاندار استقبال کیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان سہیل عباس نے پرچم اٹھایا اور پاکستانی دستے کی قیادت کی۔ افغانستان کے دستے کی قیادت احمد نثار نے کی۔ بنگلہ دیشی دستے کی قیادت گھڑ سوار محفوظ الرحمان کررہے تھے۔ بھارتی پرچم ان کے ریسلر سشیل کمار کے ہاتھ میں تھا۔ ٹینس سٹار گولڈن گرل ماریا شراپوا نے روسی دستے کی قیادت کی۔ افتتاحی تقریب میں جادوئی افسانوں کو حقیقت کا روپ دیا گیا۔ اس تاریخی افتتاحی تقریب کو لندن کے شہریوں نے مختلف پارکس میں نصب دیو قامت سکرینز پر بھی دیکھا۔ لندن کی سڑکوں، ریلوے سٹیشن، بس سٹاپ غرض ہر جگہ یونین جیک لہرارہا تھا۔ جو افراد افتتاحی تقریب کے ٹکٹس حاصل کرنے میں ناکام رہے انہوں نے اپنے عزیزوں اور دوستوں کے ہمراہ مختلف پارکس کا رخ کیا اور وہاں بڑی سکرینز پر افتتاحی تقریب کا مزہ لیا۔ 18 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں نے تقریب کے حفاظتی انتظامات سنبھالے۔
جنگ

بھارت: تیزاب گردی کی شکار خاتون نے خودکشی کی اجازت مانگ لی

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت میں تیزاب گردی کی شکار خاتون نے حکومت سے خودکشی کی اجازت مانگ لی۔ 27 سالہ سونالی مکھرجی کا کہنا ہے کہ 9 سال سے کسی مستقبل کے بغیر مشکلات میں گھری ہوں، مرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آدھی زندگی اور آدھے چہرے کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتی۔ 9 سال پہلے ایک رات اپنے گھر میں سوتی سونالی پر تیزاب پھینکا گیا جس سے نہ صرف اس کی جلد جھلس گئی بلکہ اس کی آنکھیں، ناک کان اور منہ بھی متاثر ہوا اور وہ بینائی اور سماعت سے محروم ہوگئی۔ سونالی کا جرم صرف اتنا تھا کہ کسی سے تعلقات قائم کرنے سے انکار کیا تھا۔ وہ 9 سال سے بھارتی حکومت سے علاج کے لئے امداد کی استدعا کررہی ہے مگر شنوائی نہیں ہوسکی، بلکہ تیزاب پھینکنے والے ملزموں کو 3 سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔ سونالی کی مشکلات کے باوجود اس کیس کے سامنے آنے سے بھارت میں تیزاب سے کیا جانے والا تشدد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں 1500 افراد سالانہ تیزاب گردی کا شکار ہوتے ہیں اگرچہ بھارت میں تیزاب گردی کا شکار افراد کے اعداد و شمار نہیں لیکن کارنل یونیورسٹی کی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق 1999ءسے 2010ءتک 153 افراد پر تیزاب انڈیل دیا گیا۔

چینی شہری اولمپکس میں شرکت کے لیے سائیکل رکشے پر لندن پہنچ گیا

لندن (جنگ نیوز) لندن اولمپکس میں شرکت کا خواہشمند چینی شہری سائیکل رکشے پر 16 ملکوں سے گزرتا ہوا لندن پہنچ گیا۔ چینی کسان شین گوان منگ نے دو سال قبل لندن اولمپک میں شرکت کے لیے سفر شروع کیا تھا۔ اس سفر میں اس کی سواری ٹرین، ہوائی جہاز یا کوئی گاڑی نہیں تھی بلکہ وہ سائیکل رکشے پر لندن کی جانب روانہ ہوا۔ ملائیشیا، تھائی لینڈ اور ویتنام میں اسے سخت ترین گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ تھائی لینڈ میں اس نے شدید سیلاب بھی دیکھا تاہم بچتا بچاتا وہ میانمار پہنچا۔ جہاں سرحد پر اسے داخلے کی اجازت نہیں ملی۔ وہ واپس تبت کی جانب آیا اور پہاڑی سلسلے کو عبور کرتے ہوئے افغانستان، پاکستان اور ایران کے راستے ترکی پہنچا۔ یہاں سے اس کا سفرلندن پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ شین گوان منگ کا کہنا ہے کہ لندن بہت خوبصورت شہر ہے اور وہ اولمپک کا حصہ بننا چاہتا ہے۔

اولمپک ڈے کا آغاز، لندن میں تین منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں

لندن (جنگ نیوز) لندن اولمپک گیمز کی میزبانی کی خوشی میں اولمپکس ڈے کو جمعہ کی صبح تین منٹ تک پورے ملک میں گھنٹیاں بجا کر دن کا آغاز کیا گیا۔ دنیا بھر کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی میزبانی کرنے والے لندن کے باسیوں نے اولمپک کمیٹی کی ہدایت پر صبح آٹھ بجکر 12 منٹ سے 8 بجکر 15 منٹ تک سڑکوں پر گاڑیوں کے ہارن اور گھروں کی گھنٹیاں بجائیں جبکہ کئی شاہراہوں پر الارم بھی بجا کر خوشی کا اظہار کیا گیا اولمپک کمیٹی کی ہدایت پر ہزاروں کی تعداد میں مرد اور خواتین کے علاوہ نوجوانوں نے بڑے الارم اور سکول بیل بھی بجائی اس دوران تین منٹ تک پورا ملک گھنٹیوں اور الارم کے شور سے گونجتا رہا‘ بعض افراد کے ہاتھوں میں سفید پرچم بھی تھا جو امن کی علامت تصور کیا جاتا ہے۔

اولمپکس 2012:پہلا گولڈ میڈل چینی شوٹر بائی سلنگ کے نام ہونے کا امکان

لندن اولمپکس گیمز میں میڈلز کی دوڑ اور جنگ ہفتے سے شروع ہوگی۔ پہلے روز 12 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اولمپکس 2012 کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز چین کی 23 سالہ عالمی چیمپئن پائی سلنگ حاصل کرسکتی ہے، وہ 10 میٹر ایئر رائفل شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کی 15 سالہ انعم مانڈے جو 22 مارچ 1997 کو لندن میں پیدا ہوئی ہیں، اپنی جائے پیدائش لندن میں ہی اپنے اولمپک کیریئر کا آغا ز کریں گی، وہ ہفتے کو خواتین کی 400 میٹرز پیراکی کے انفرادی میڈلے میں حصہ لیں گی۔ ہفتے کو شوٹنگ میں مردوں اور خواتین کے 10 میٹرز ایئر ریفل جوڈو میں مردوں کے 60 کے جی اور خواتین کے 48 کے جی، سوئمنگ میں مردوں کے 400 میٹرز انفرادی میڈلے، 4x100 میٹرز فری سٹائل، خواتین کے 400 میٹرز انفرادی میڈلے اور مردوں کے 400 میٹرز فری سٹائل، ویٹ لفٹنگ میں خواتین کے 48 کے جی کے علاوہ شمشیر زنی میں خواتین اور تیر اندازی کے علاوہ روڈ ریس میں گولڈ میڈل کا فیصلہ ہوگا۔

ایران نے خلیج فارس میں جدید کشتیوں اور سب میرینز کی تعداد بڑھا دی

واشنگٹن (آن لائن) ایران نے کسی بھی امریکی حملے سے نمٹنے کے لئے خلیج فارس میں جدید کشتیوں اور سب میرینز کی تعداد بڑھا دی ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور مشرق وسطیٰ کے تجربہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران نے یہ فیصلہ امریکی بحریہ کی جانب سے کسی بھی حملے کی صورت میں تیزی کے ساتھ امریکی جنگی کشتیوں کو تباہ کرنے کی غرض سے کیا ہے۔

برطانوی نژاد پاکستانی ڈاکٹر سمیرا کا اداکارہ میرا کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز

لاہور (ندیم علوی) اداکارہ میرا کے منگیتر کیپٹن نوید کے والد راجہ پرویز کے بعد پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر سمیرا نے بھی میرا کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ڈاکٹر سمیرا نے میرا کے خلاف ایک لاکھ پاﺅنڈ ہتھیانے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو انکوائری کے لئے درخواست دے دی ہے۔ سمیرا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میرا کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے ثبوت لے کر پاکستان آرہی ہیں اس لئے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور میرا، اس کی والدہ شفقت زہرہ بخاری، بہن شائستہ، بھائی احسن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے تاکہ ےہ لوگ ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔ سمیرا نے درخواست میں لکھا ہے وہ اور ان کا خاندان گزشتہ 30 سال سے برطانیہ میں مقیم ہے اور برطانوی شہری ہیں اور چند ماہ قبل میرا کی متنازع منگنی کے بارے میڈیا میں چلنے والی خبریں دیکھ کر انہیں حوصلہ ملا کہ وہ بھی میرا کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کو منظرعام پر لائیں۔ ہمیں ےہ جان کر شدید دھچکہ لگا کہ میرا نے ایک لاکھ پاﺅنڈ ہتھیانے کے لئے میرے معصوم بھائی کو ٹارگٹ کیا۔ اس وقت تو انہیں مزید حیرانی ہوئی جب میرا نے پاکستان میں مجھے، سہیل اور خاندانی ملاقاتوں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ جب میرا کو ےہ ےقین ہوگیا کہ میں اس کے خلاف قانونی کارروائی سے باز نہیں آﺅں گی تو اب وہ، اس کی والدہ اور اس کا بھائی مجھے فون کرکے دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر میںنے پاکستان آکر میڈیا میں ان کے بارے میں کوئی بات کی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوں گی۔ اس بارے میں جب میرا سے موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو اس کا فون بند تھا۔

جنگ

ملک میں 30-40 فیصد بجلی غائب ہونے کا انکشاف

اسلام آباد (خالد مصطفی) دو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی بندش، پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں کمی اور فرنس آئل کی کم فراہمی ملک بھر میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے بنیادی اسباب ہیں اور حکومت سحری و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں افسوسناک طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ ملک 14 ہزار میگاواٹ بجلی تیار کررہا ہے لیکن تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو یہ تمام بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہیں اور صرف 60-70 فیصد بجلی صارفین کو مل پاتی ہے ان مسائل کی نشاندہی جمعہ کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں کی گئی۔ وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ 30-40 فیصد کم بجلی کی فراہمی بجلی چوری اور پاور لاسز کو ظاہر کرتی ہے۔ سینئر حکام نے بتایا کہ چشمہ پلانٹس کی خرابی دور کرنے کے چینی ماہرین پہنچ گئے ہیں توقع ہے کہ دونوں پلانٹس چند روز میں پیداوار شروع کردیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی یومیہ پیداوار اور فراہمی کا روزانہ ریکارڈ رکھا جانا چاہئے۔ وفاقی مشیر نے اجلاس کو بتایا کہ اگر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو اربوں روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی تو تیل فراہم کرنے والے بین الاقوامی سپلائر ادارے کو دیوالیہ (ڈیفالٹ) قرار دے دیں گے۔ ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ توانائی کے شعبہ کو فیول کی رواں فراہمی یقینی بنانے کے لئے پی ایس او کو 2.3 ارب روپے یومیہ چاہئیں رواں ماہ وہ اب تک بجلی کمپنیوں کو 62.1 ارب روپے کا فیول فراہم کرچکا ہے مگر اس کو ادائیگیاں 29 ارب روپے (20 ارب وزارت خزانہ، 9 ارب وزارت پانی و بجلی نے دیئے ہیں) کی ادائیگی کی گئی ہے۔ چینی ماہرین کی آمد کے حوالے سے ایک افسر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی مہارت پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اس کا مطلب ہے انرجی کمیشن نیوکلیئر پاور پلانٹس میں خرابی کو جانچنے میں ناکام رہا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ توانائی کے شعبہ کو فی الوقت 23 ہزار ٹن فیول فراہم کیا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم نے 28 ہزار ٹن طے کیا تھا جس کے باعث پاور پلانٹس 1900 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ یہ 2500 میگاواٹ تیار کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر عاصم نے سوال اٹھایا کہ ایک ٹن فرنس آئل سے کتنی بجلی پیدا ہوسکتی ہے مگر متعلقہ حکام کوئی جواب نہ دے سکے۔

جنگ

جمعہ, جولائی 27, 2012

بیرونس سعیدہ وارثی نے کوئی غلط کام نہیں کیا، تمام الزامات سے بری

بیرونس سعیدہ وارثی
لندن ( رپورٹ : مرتضیٰ علی شاہ) بیرونس سعیدہ وارثی کے اخراجات سے متعلق الزامات کی تفتیش کے بعد جاری کی گئی رپورٹ میں کنزرویٹو پارٹی کی شریک چیئرمین اور برطانیہ کی پہلی کیبنٹ منسٹر بیرونس سعیدہ وارثی کو تمام الزامات سے بری قرار دیا ہے اور رپورٹ میں لکھا ہے اخراجات کے حوالے سے انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ دو ماہ قبل بیرونس وارثی پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ویسٹ لندن میں اپنے دوست کے گھر میں بغیر کرائے کے قیام کے بعد رہائش کے اخراجات کا کلیم کیا۔ یہ ان کے عمل کے بارے میں اخبارات کے الزامات پر مبنی دوسری رپورٹ تھی جس کی تفتیش ہاﺅس آف لارڈز کمشنر فار اسٹینڈرڈز اور سابق چیف کانسٹیبل پال کرناگھن نے کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کوئی ایسا کیس نہیں بنتا جس کا ان سے جواب طلب کیاجائے، اور انہوں نے یہ دعویٰ مسترد کردیا کہ انہوں نے رہائش کے اخراجات کا غلط کلیم کیا۔ ان کی یہ رپورٹ اس سے قبل گزشتہ ماہ جاری کی گئی سرالیکس ایلن کے بعد جاری کی گئی ہے۔ سرالیکس ایلن کی رپورٹ میں بھی بیرونس وارثی کو بری الذمہ قرار دیا گیا تھا۔ اس دوسری رپورٹ نے بیرونس کے خلاف بے بنیاد الزامات پر خط تنسیخ پھیر دیا ہے۔ بیرونس وارثی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ہاﺅس آف لارڈز کی رکن کی حیثیت سے مجھے استحقاق حاصل ہے اور میں نے یہ استحقاق استعمال کیا، میں نے ہمیشہ اس بات پر اصرار کیا کہ مجھ پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ سر پال کرنا گھن نے ان الزامات کوغلط قرار دے دیا۔ ان کی رپورٹ اور اس سے پہلے سرالیکس ایلن کی رپورٹیں دو آزادانہ تفتیش کے بعد جاری کی گئیں اور انہوں نے اب ان معاملات پر خط تنسیخ پھیر دیا ہے اور اب میری پوری توجہ اپنے کام پر ہوگی۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لارڈز کمشنر نے سعیدہ وارثی پر الزامات کو غلط قرار دے دیا ہے۔ اس موسم خزاں میں پولیس اور کرائم کمشنرز کے الیکشنز کی وجہ سے یہ موسم گرما کنزرویٹو پارٹی کیلئے بڑی انتخابی مہم کا موسم ہوگا اور پارٹی کی شریک چیئرمین کی حیثیت سے بیرونس سعیدہ وارثی اس مہم کی قیادت کریں گی۔ اس فیصلے سے جنگ اور جیو کا یہ موقف بھی درست ثابت ہوگیا ہے کہ سعیدہ وارثی بے قصور ہیں اوریہ الزامات انتہائی دائیں بازو کے عناصر کی جانب سے پاکستان نژاد مسلمان رکن کی شہرت کو داغدار کرنے کیلئے لگائے ہیں اور کنزرویٹو پارٹی کے اندر موجود عناصر، لیبر اور برٹش نیشنل پارٹی کے میڈیا میں موجود ہم خیال افراد کے ذریعہ اسے پھیلایا ہے، اپنی قوت جمع کرکے انہوں نے بیرونس سعیدہ وارثی کے سر کا مطالبہ شروع کردیا اور ان الزامات کو اس مسلم سیاستداں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جو ہمیشہ انتہا پسند قوتوں کے خلاف صف آرا رہی ہے۔ جب انہوں نے یہ محسوس کیا کہ اسلامو فوبیا ڈنرز کی ٹیبل تک پہنچ گیا ہے تو انہوں نے ایک معرکة الآرا تقریر کی جس کی خاصی تشہیر ہوئی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے نفاق کی وکالت کرنے والے انتہا پسند مسلمانوں پر بھی کھل کر تنقید کی۔ میڈیا نے یہ بے بنیاد الزام بھی عاید کیا کہ ایک معروف پاکستانی کمیونٹی لیڈر کی جانب سے جو ان کے شوہر کے دوست بھی ہیں برطانیہ اور پاکستان میں ایونٹس کے انعقاد میں مدد سے بھی شاید انہوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ وزارتی کوڈ سے متعلق وزیراعظم کے مشیرسرالیکس ایلن نے وزارتی عہدے کے غلط استعمال کے الزام سے بھی بری قرار دیا لیکن کہا ہے کہ انھیں اپنے حکام کو عابد حسین کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کے بارے میں آگاہ کرنا چاہئے تھا۔

جنگ

مسلمانوں پر مظالم کا بدلہ لینے کیلئے میانمار پر حملہ کرینگے، طالبان کی دھمکی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستانی طالبان نے میانمر میں مسلمانوں کے قتل عام کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میانمر کے ساتھ اپنے تمام تعلقات ختم کرے اور اسلام آباد میں ینگون کا سفارتخانہ بند کیا جائے۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان روینگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی حکومت نے میانمر سے اپنے تعلقات ختم اور اس کا سفارتخانہ بند نہ کیا تو طالبان نہ صرف برما کے مفادات پر حملے کرینگے بلکہ برما کے پاکستانی دوستوں پر بھی الگ الگ حملہ کئے جائیں گے۔

یونانی اتھلیٹ اپنے ٹویٹر پیغام پر اولمپکس سے خارج

یونان کی اولمپک ٹیم کے ایک رکن کو ٹویٹر پر نسل پرستی سے متعلق قابل اعتراض تبصرہ شائع کرنے کے الزام میں اولمپکس گیمز سے خارج کردیا گیا ہے۔

ٹرپل جمپر پاراسکوی پاپا کریسٹو نے ایتھنر میں مقیم غیرملکی تارکین وطن پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ یونان میں اتنے زیادہ افریقی باشندے ہیں کہ مغربی دریائے نیل کے وائرس زدہ مچھروں کو کم ازکم گھر کا کھانا مل رہا ہے۔

ٹویٹر پر اس تبصرے کی اشاعت کا خمیازہ یونان کو بدھ کے روز اپنی اولمپک ٹیم کے ایک رکن کے مقابلوں سے اخراج کی شکل میں بھگتنا پڑا، جسے اولمپک کمیٹی نے نااہل قرار دے دیا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی نے کہا ہے کہ اولمپک میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو بلاگز اور ٹویٹر پر پیغامات سمیت سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت ہے، لیکن وہ غیرشائستہ، تعصبانہ اور جارحانہ نہیں ہونے چاہیں۔

اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ ان قواعد کی خلاف وزی کا نتیجہ اولمپکس سے نااہلی کی شکل میں نکل سکتا ہے۔

یونانی اتھلیٹ پاپاکریسٹو اپنے ٹویٹر کے منفی تبصرے پر معذرت کرچکی ہیں۔
 

بس پیٹ میں میری بیٹی لاتیں نہ مارے

اولمپکس میں پہلی بار خواتین کی دس میٹر ایئر رائفل ایونٹ منعقد کیا جارہا ہے۔ لیکن لوگوں کے لیے اس سے بھی زیادہ دلچسپی کی بات یہ ہوگی کہ اس ایونٹ میں حصہ لینی والی ایک کھلاڑی آٹھ ماہ سے حاملہ ہیں۔

ملائشیا کی نور سوریانی محمد طیبی رائل آرٹلری بیرکس میں دس میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں حصہ لیں گی۔

اولمپکس کی تاریخ میں تین خواتین نے حاملہ حالت میں حصہ لیا ہے۔ لیکن سوریانی ان خواتین میں سب سے زیادہ ماہ سے حاملہ ہیں۔

ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں واقع نیشنل شوٹنگ رینج پر تربیت کے بعد بی بی سی کی جونا فشر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’میں نے شوٹنگ 1997 میں شروع کی اور اولمپکس میں حصہ لینا میرا ایک خواب تھا‘۔

اس سال جنوری میں جب ان کو معلوم ہوا ہے کہ وہ حاملہ ہیں تو انہوں نے سمجھا کہ لندن اولمپکس میں حصہ لینے کا خواب ختم ہوگیا ہے۔ لیکن اپنے شوہر سے بات کرنے اور دعاؤں کے بعد انہوں نے اولمپکس میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔ اور دو دن بعد ہی ان کو اطلاع ملی کہ انہوں نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اگرچہ سوریانی کی صبح کو طبیعت کچھ ناساز ہوتی ہے جیسے کہ حاملہ خواتین کی ہوتی ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ حاملہ ہونے کا ان کو کچھ فائدہ ہے۔

’اب پیٹ کی وجہ سے میرا بیلنس اچھا ہوگیا ہے‘۔

پیٹ کی وجہ سے شوٹنگ کے سوٹ پہننا اور اتارنا ایک دشوار کام ہے۔ انہوں نے بیلٹ اتاری اور سکھ کا سانس لیا اور بیٹھ گئیں۔

ملائشیا میں تیس سالہ سابق بحریہ کی افسر سوریانی کے اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں۔ ’کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں پاگل ہوں۔ کچھ مجھے خودغرض کہتے ہیں۔ لیکن میں صرف اولمپکس پر توجہ دے رہی ہوں‘۔

سوریانی اس وقت عالمی سطح پر 47 نمبر پر ہیں۔ تاہم ان کا ریکارڈ بڑا اچھا ہے کیونکہ انہوں نے 2010 کی کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتا اور ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
اگر سوریا نے اولمپکس میں میڈل جیتنا ہے تو ان کی بیٹی، جو اس وقت ان کے پیٹ میں ہیں، کو بھی بہت اہم کردار ادا کرنا ہوگا کہ وہ لاتیں نہ مارے۔
مقابلوں کی صبح میں جب اٹھتی ہوں تو میں عام طور پر اپنی بیٹی سے کہتی ہوں کہ ’امی بہت اہم مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں اس لیے تنگ نہ کرنا۔ اور بعد میں اگر ایکٹو ہونا ہے اور لاتیں مارنی ہیں تو وہ ٹھیک ہے‘۔

سوریانی کا کہنا ہے کہ اگر وہ میڈل جیت گئیں تو اس کو وہ اپنی بیٹی کے ساتھ شیئر کریں گی۔ ’اگر نہیں جیتی تو ٹھیک ہے کم از کم یادیں تو ہوں گی۔ میں اپنی بیٹی سے کہوں گی کہ وہ کتنی خوش نصیب ہے کہ جب وہ پیٹ میں تھی تو اس نے میرے ساتھ اولمپکس میں حصہ لیا تھا‘۔

بس پیٹ میں میری بیٹی لاتیں نہ مارے