اتوار, جولائی 01, 2012

سام سنگ گلیکسی نیکسس پر بھی پابندی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک امریکی عدالت نے سام سنگ اور ایپل کے مابین جاری پیٹنٹ کے تنازع کے تصفیے تک ملک میں سام سنگ کے سمارٹ فون گلیکسی نیکسس کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔
تاہم عدالت نے کہا ہے کہ ان احکام پر عملدرآمد کے لیےایپل کو دس کروڑ ڈالر بطور ضمانت جمع کروانے ہوں گے۔ ضمانت کا مقصد یہ ہے کہ اگر سام سنگ یہ مقدمہ جیت جاتا ہے تو اس پابندی سے ہونے والے نقصان کی تلافی ہوسکے۔

جج لوسی کوح نے اس ہفتے کے آغاز میں سام سنگ کے ٹیبلٹ کمپیوٹر گلیکسی ٹیب 10.1 کی فروخت پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

سام سنگ جنوبی کوریا کی ایک انتہائی بڑی الیکٹرونکس کمپنی ہے جس کی مصنوعات دنیا بھر میں بہت مقبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا وہ جمعہ کو آنے والے فیصلے سے مایوس ہیں تاہم نیکسس کو صارفین تک پہنچانے کے لیے قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ تمام اقدامات کریں گے۔

دوسری جانب ایپل امریکہ کی مقبول ترین کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے آئی فون نے سمارٹ فون کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ آئی پوڈ، آئی فون اور آئی پیڈ کی بے پناہ کامیابی کے بعد ایپل اپنی قدر کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔
ایپل اور سام سنگ دنیا بھر کے ممالک میں پیٹنٹ اور دیگر جملہ حقوق کے سلسلے میں مختلف مقدمات میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

ایپل کا کہنا ہے کہ سام سنگ نے اس کی مصنوعات کے ڈیزائن کی نقل کی ہے جبکہ سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ ایپل مصنوعات میں انٹرنیٹ سے رابطہ قائم کرنے کا طریقہ سام سنگ کا بنایا ہوا ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔