جمعہ, جولائی 06, 2012

’مردہ‘ شخص اپنی شادی کی تقریب سے گرفتار

ٹوریس کولمبیا کے ایک بڑے ڈرگ گینگ اور ابینوس کے با اثر رکن ہیں
لاطینی امریکی ملک کولمبیا کی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو دستاویزات کے مطابق دسمبر دو ہزار دس میں مر چکا تھا۔

منشیات کے سمگلر کیمیلو ٹوریس کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ کیریبین جزیرے موکورہ پر ایک پرتعیش تقریب میں اپنی گرل فرینڈ سے شادی کررہے تھے۔

ٹوریس قانونی کاغذات کے مطابق دو دسمبر دو ہزار دس میں کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں طبعی وجوہات کی بناء پر انتقال کرچکے تھے۔

ٹوریس جو فریٹانگا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، کولمبیا کے ایک بڑے ڈرگ گینگ ’اورابینوس‘ کے ایک بااثر رکن ہیں۔ یہ گینگ کولمبیا کے شمالی علاقوں میں منشیات کی سمگلنگ کو کنٹرول کرتا ہے۔

ایک امریکی عدالت نے ٹوریس کو منشیات کی سمگلنگ کے الزامات کے تحت ملک بدر کرنے کے احکامات بھی جاری کررکھے ہیں۔

ٹوریس اور ان کی گرل فرینڈ جو کہ ایک ماڈل ہیں کی شادی کی تقریب میں ملک کی نامور شخصیات جن میں کئی اداکار اور فنکار شریک تھے۔ اس تقریب کو پرتعیش بنانے میں ٹوریس نے کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اندازً چودہ لاکھ ڈالر سے زیادہ خرچ کیے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ٹوریس کی بیوی ان کی گرفتاری کے وقت روتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں جبکہ پولیس تقریب میں شریک مہمانوں کو زمین پر لیٹنے کے احکامات دے رہی ہے۔

پولیس دستاویزات کی تصدیق کرنے والے اُس اہلکار کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے جس نے ٹوریس کی موت کا تصدیق نامہ جاری کیا تھا۔

کولمبین صدر جوان مینول سانٹوس نے اورابینوس جیسے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف جنگ کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سے ایک قرار دیا ہے۔

’مردہ‘ شخص اپنی شادی کی تقریب سے گرفتار

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔