بدھ, جولائی 18, 2012

میں ہوں وینا ملک ۔۔ میں کروں گی اپنے گناہوں سے استغفار

خبردار!!۔۔ اپنے گناہوں سے توبہ کا وقت آچکا ہے۔۔۔ میں ہوں وینا ملک ۔۔۔ میں پورے رمضان میں کروں گی آپ کے ساتھ ۔۔ اپنے اور آپ کے گناہوں کا ۔۔ استغفار“ ۔۔۔ یہ وہ فقرے ہیں جو وینا ملک نئے ٹی وی چینل ”ہیرو“ سے شروع ہونے والے اپنے رمضان شو کے پرومو میں ان دنوں بار بار بولتی نظر آرہی ہیں۔

اس پرومو میں وینا ملک نے مذکورہ فقروں کی ادائیگی جس جذباتی انداز سے کی ہے، وہ دیکھنے والوں کے لئے خاصی دلکشی کا باعث ہے۔ غالباً ایسے ہی کسی انداز کے لئے برسوں پہلے غالب نے کہا تھا ”ذکر اس پری وش کا اور پھر بیاں اپنا ۔۔ بن گیا رقیب جو تھا راز داں اپنا“۔ آزاد مبصرین کا خیال ہے کہ وینا کا یہی طرز تخاطب ان کے رمضان شو میں ناظرین کو بڑی تعداد میں کھینچ کر لانے کا سبب بنے گا۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز پر ٹاک شوز اور مارننگ شوز کے بعد اب ’رمضان شوز‘ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ رمضان رواں ہفتے شروع ہوجائے گا۔ اس پورے مہینے ہر چینل سحری اور افطار میں کئی کئی گھنٹے کے دورانئے پر مشتمل خصوصی شوز پیش کریں گے۔

عموماً ان شوز کی میزبانی عوام میں مقبول شخصیات کے حوالے کی جاتی ہے تاکہ پروگرام کو زیادہ سے زیادہ ناظرین مل سکیں ۔۔۔ اور بھلا وینا ملک کے چاہنے والوں کی کیا کمی ہے۔ لہذا ”ہیرو ٹی وی“ وینا ملک سے خصوصی رمضان شو ”استغفار“ کی میزبانی کرا رہا ہے۔

مذہبی شوز کرنے میں سب سے زیادہ مقبولیت عامر لیاقت حسین کے نصیب میں آچکی ہے تاہم وینا ملک کے لئے اس نوعیت کا پروگرام کرنا پہلا تجربہ ہوگا۔ اگر وہ کامیاب رہیں تو سمجھئے ان کے لئے اس طرح کے پروگراموں کی راہیں بھی کھل جائیں گی اور اگر خدا نہ خواستہ وہ ناکام ہوئیں تو اس کا انہیں ذاتی نقصان نہیں ہوگا کیوں کہ وہ پہلے ہی بھارتی فلموں میں کام کرکے شہرت حاصل کرچکی ہیں۔

وینا ملک کے علاوہ شاہد آفریدی کو بھی پہلی مرتبہ رمضان شوز کی میزبانی کے فرائض سونپے جارہے ہیں۔ وہ ایکسپریس انٹرٹیمنٹ چینل سے ”مہمان کا رمضان“ کے نام سے ایک شو ہوسٹ کرنے جارہے ہیں۔

دوسری جانب سیاسی پروگراموں سے شہرت حاصل کرنے والے ڈاکٹر شاہد مسعود بھی پہلی مرتبہ کوئی رمضان شو مایہ خان کے ساتھ ملکر ہوسٹ کریں گے۔ شو کا نام ہے ” شہررمضان“۔ یہ اے آر وائی ڈیجیٹل سے پیش کیا جائے گا۔ اسی ٹی وی نیٹ ورک سے ایک اور شو ”فیضان رمضان“ بھی شروع ہونے جارہا ہے۔

ادھر عامر ”جیو ٹی وی“ پر واپس آگئے ہیں اور ان کے شو کا نام ہے ”پہچان رمضان“۔ عامر لیاقت مذہبی نوعیت کے پروگرامز سے گھر گھر شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی نیک نامی کے سبب انہیں سابق دور حکومت میں وزیرمذہبی امور کے فرائض بھی لئے گئے۔

میں ہوں وینا ملک ۔۔ میں کروں گی اپنے گناہوں سے استغفار

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔