پیر, نومبر 19, 2012

کک کی سنچری... میچ بھارت کی گرفت میں

بھارت کے خلاف احمد آباد میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کپتان الیسٹر کک کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اننگز کی شکست سے دوچار ہونے سے بچنے میں کامیاب رہی ہے تاہم میچ پر اب بھی بھارت کی گرفت مضبوط ہے۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 340 رنز بنائے اور اسے بھارت پر دس رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

الیسٹر کک نے میچ کے چوتھے دن اپنی سنچری مکمل کی جب کھیل ختم ہوا تو وہ 168 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جہاں ان کا ساتھ میٹ پرائر دے رہے ہیں۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 141 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔ اتوار کو انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 111 رنزسے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو بارہ رن کے اضافے کے بعد اسے نک کامپٹن کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ انہیں ظہیر خان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ دوسری انگلش وکٹ 156 کے سکور پر اس وقت گری جب جوناتھن ٹروٹ کو پرگیان اوجھا نے دھونی کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ چار رن بعد اوجھا نے ہی کیون پیٹرسن کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔ انگلینڈ کی چوتھی اور پانچویں وکٹ 199 کے سکور پر گری جب امیش یادو نے لگاتار دو گیندوں پر ایئن بیل اور سمت پٹیل کو پویلین کی راہ دکھلائی۔

سمت پٹیل امپائر کے غلط فیصلے کا نشانہ بنے اور انہیں اس وقت ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا جب ری پلے میں گیند واضح طور پر ان کے بلے سے ٹکراتی دکھائی دے رہی تھی۔ اس میچ میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 521 رنز بنا کر ڈیکلئیر کر دی تھی۔ اس اننگز کی خاص بات چیتیشور پجارا کی ناقابلِ شکست ڈبل سنچری اور وریندر سہواگ کی طوفانی سنچری تھی۔ اس کے جواب میں انگلش بلے باز بھارتی سپنرز کا مقابلہ کرنے میں بری طرح ناکام رہے اور پوری ٹیم صرف 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کو فالو آن کرانے میں بھارتی بولر پرگیان اوجھا نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 45 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔

کک کی سنچری مگر میچ بھارت کی گرفت میں

غزہ: اسرائیلی فوجی کارروائی کا بد ترین دن... 26 افراد ہلاک

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے چھٹے دن کے آغاز میں غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جس سے مجموعی طور پر اب تک 71 افراد ہلا ک ہو چکے ہیں کن میں کئی کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

اتوار کے روز 26 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے الدالو خاندان کے چار بچوں سمیت گیارہ افراد شامل ہیں۔

بی بی سی کے وائر ڈیویس نے بتایا کہ غزہ میں ڈاکٹروں کے مطابق پچھلے چار دنوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے پچاس فیصد تک عام شہری ہیں۔

مقامی ذرائع نے بی بی سی عربی سروس کو بتایا کہ غزہ شہر کے النصر علاقے میں ایک تین منزلہ عمارت پر حملے کے نتیجے میں دس فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں تین خواتین اور چھ بچے شامل تھے۔ تین فلسطینی شجاعیہ کے علاقے میں جبکہ جبلیہ کے علاقے میں ایک فلسطینی اپنی کار میں ہلاک ہوا۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم ’رپورٹرز ساں فرانٹئرز‘ یعنی سرحدوں کے بغیر رپورٹرز نے فوری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ان حملوں کو فوری بند کیا جائے۔ اس تنظیم نے کہا کہ نو صحافی ایک حملے کی نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان کا کام متاثر ہوا۔

اسرائیلی افواج کے مطابق انہوں نے سوموار کے دن کے آغاز کے وقت غزہ میں عمارتوں پر لگے اینٹیناز کو نشانہ بنایا جن کی مدد سے ان کے مطابق حماس مبینہ طور پر اپنے جنگجوؤں سے رابطہ میں رہتا ہے۔ گزشتہ روز فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں سے بھی میزائل داغے گئے جن کے نتیجے میں غزہ میں پچیس افراد کے ہلاک ہوئے۔ جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتنیاہو کا کہنا ہے ان کا ملک غزہ میں اپنی کارروائیوں میں ’قابلِ ذکر‘ اضافے کے لیے تیار ہے۔

فلسطینی علاقے سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا مگر اس میں کافی کمی نظر آئی۔ ’پلر آف ڈیفینس‘ نامی اسرائیلی کارروائی میں اب تک مجموعی طور پر اکہتر افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے نتیجے میں تین اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

متحارب فریقین کے ذرائع نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔


غزہ کے رہائشی یوسف اپنے اٹھارہ ماہ کے بچے ریاد 
کو دفن کرنے جا رہے ہیں
برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ میں زمینی کارروائی کرتا ہے تو اسے عالمی حمایت سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔ تاہم سکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حالیہ تنازع کی اصولی ذمہ داری حماس پر ہی عائد ہوتی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اتوار کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ ’اسرائیلی ڈیفینس افواج اس آپریشن کے دائرۂ کار میں قابلِ ذکر اضافے کے لیے تیار ہیں‘۔

تازہ اسرائیلی حملوں میں ذرائع ابلاغ کی دو عمارتیں بھی نشانہ بنی ہیں اور ان حملوں میں آٹھ فلسطینی صحافی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان عمارتوں میں سے ایک میں غیر ملکی صحافیوں کی موجودگی سے آگاہ تھے اور وہ ان کا ہدف نہیں تھے۔ اسرائیل نے حماس اور اسلامی جہاد کے ریڈیو سٹیشنز کی بندش بھی کر دی ہے۔ ٹوئٹر پر شائع ہونے والے پیغام میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے صرف ایک انٹینا سمیت مخصوص ساز و سامان کو نشانہ بنایا تاہم روسی ٹی وی نیٹ روک رشیا ٹوڈے کے مطابق حملے میں ان کے دفتر کو نقصان پہنچا ہے۔ حملے میں نشانہ بننے والی عمارتوں میں سے ایک حماس کے ٹی وی سٹیشن القدس کے علاوہ سکائی نیوز اور آئی ٹی این کے بھی زیرِاستعمال تھی۔ اسی عمارت میں ایک سال قبل تک بی بی سی کا دفتر بھی تھا۔

غزہ میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ پانچ روزہ اسرائیلی کارروائی میں اب تک گیارہ بچوں سمیت باون فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ غزہ میں ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں اور ان ہسپتالوں میں طبی سپلائی کم پڑ رہی ہے۔

اتوار کو اسرائیل کے تجارتی صدر مقام سمجھے جانے والے شہر تل ابیب میں مسلسل چوتھے دن بھی راکٹ حملوں سے متنبہ کرنے والے سائرن بجائے جاتے رہے۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق شہر پر داغے گئے دو راکٹ حفاظتی نظام کی مدد سے تباہ کیے گئے ہیں۔ تاہم غزہ سے داغا گیا ایک راکٹ اشکیلون میں ایک رہائشی عمارت پر گرا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا تھا کہ غزہ میں ایک درجن سے زیادہ دھماکے سنائی دیے۔ ان کے مطابق یہ میزائل جنگی بحری جہازوں سے فائر کیے گئے تھے۔ اسرائیل کے وزیر داخلہ ایلی یشئی نے اسرائیلی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ہے ’آپریشن پلر آف ڈیفنس کا مقصد غزہ کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیجنا ہے۔ اور پھر ہی اسرائیل میں اگلے چالیس سال تک سکون رہے گا۔‘

اتوار, نومبر 18, 2012

بوڑھے سے شادی سے انکار، والد کا لڑکی پر تشدد

بوڑھے شخص سے زبردستی سے شادی انکار پر لڑکی کو قتل کرنے کی کوشش، لڑکی تھانے پہنچ گئی۔۔۔ تشدد کی وجھ سے نوجوان لڑکی کی حآلت خراب ہو گئی تشویشناک حالت میں ہسپتال منقتل داخل کرا دیا گیا۔

ڈھرکی کے نواحی گاؤں صوبیدار مجید اعوان کی رہائشی روبینھ اعوان کی شادی اس کے والد لالچ میں آکر ایک بوڑھے شخص سے کر رہے تھے۔۔۔ کہ لڑکی کے انکار پر اس گھر میں قید کر کے سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔۔۔ لڑکی جان بچا کر ڈھرکی تھانھ پہنچ گئی۔۔۔ جہاں پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔۔۔ تشدد کے باعث روبینھ اعوان بے ھوش ہو گئی جسے تشویش ناک حآلت میں نجی ہسپتال منقتل کیا گیا۔۔۔۔ ہسپتال میں پولیس تعینات ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔۔۔ ایس ایچ او ڈھرکی کےمطابق لڑکی کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یوراگوئے کا صدر چھوٹے گھر کا مکین

دنیا بھرمیں عظیم الشان محلوں میں رہنے والے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے والے صدور کی اس بھیڑ میں ایک صدر ایسا بھی ہے جو ٹوٹے پھوٹے گھر میں رہتا اور کنویں سے پانی بھرتا ہے۔

یوراگوئے کے صدر ”جوز موجیکا“ کو دنیا کا غریب ترین صدر کہا جاتا ہے۔ وہ چھوٹےسے پرانے گھر میں رہتے اور اپنی تنخواہ کا زیادہ حصہ خیرات کر دیتے ہیں۔ ان کے کپڑے دھونے کی جگہ بھی گھر سے باہر ہے اور انہیں پانی بھی کنویں سے بھرنا پڑتا ہے۔ یہ نرالا صدر سیکیورٹی سے بھی بے نیاز ہے۔ ان کے گھر پر صرف دو پولیس اہلکار اور تین کتے تعینات ہیں۔ 

جوزموجیکا نے حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کو خود ٹھکرایا اور اپنی بیوی کے گھر میں رہنا پسند کیا ہے۔ صدر اور ان کی اہلیہ گھر کے سامنے کھیتوں میں خود کام کرتے اور پھول اگاتے ہیں۔ ان کی تنخواہ بارہ ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے تاہم وہ اس کا بیشتر حصہ غریبوں میں بانٹ دیتے ہیں۔ خیرات کے بعد ان کے پاس سات سو پچھتر ڈالر بچتے ہیں جنہیں وہ اپنے لئے کافی قرار دیتے ہیں۔ صدر کی سالانہ آمدنی ایک ہزار آٹھ سو ڈالر ہے جو انیس سو ستّاسی میں خریدی گئی ان کی گاڑی کی قیمت کے برابر ہے۔ 

جوز موجیکا کہتے ہیں اگر آپ کے پاس زیادہ دولت نہیں ہے تو آپ خود کو زیادہ وقت دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے غریب ترین صدر کہا جاتا ہے لیکن مجھے کبھی غربت کا احساس نہیں ہوا، غریب وہ ہیں جو مہنگا طرز زندگی اپنانے کے لئے کام کرتے اور مزید سے مزید کی خواہش رکھتے ہیں۔
 

مسٹر بین کی ریٹائرمنٹ

خاموشی کے ساتھ دلچسپ حرکتیں کر کے قہقے بکھیرنے والے معروف برطانوی کامیڈین روّن ایٹکنسن مسٹر بین کے کردار کو خیر آباد کہہ رہے ہیں۔ ایٹکنسن کے مطابق وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں انہیں بچکانہ حرکتیں زیب نہیں دیتیں۔

مسٹر بین کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ایٹکنسن نے ان دنوں اپنی توجہ تھیٹر پر مرکوز کی ہوئی ہے جہاں وہ ویسٹ اینڈ نامی ڈرامے میں قدرے سنجیدہ کردار نبھا رہے ہیں۔ 
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق اب وہ مسٹر بین کے مزاحیہ کردار میں کم ہی نظر آئیں گے۔

مسٹر بین کی ریٹائرمنٹ

پاکستانی سپنر کو آسٹریلیا کا مستقل ویزہ مل گیا

سڈنی: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو تیاریوں میں مدد فراہم کرنے والے پاکستان کے لیگ سپن باؤلر اور ملک میں پناہ کے درخواست گزار فواد احمد کو مستقل ویزہ دے دیا گیا ہے۔ فواد 2010 میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقے سے کرکٹ کھیلنے کے لیے محدود مدت کے ویزے پر آسٹریلیا آئے تھے۔ انہیں جمعرات کو امیگریشن کے وزیر کرس براؤن کی ذاتی مداخلت پر مستقل ویزہ دیا گیا۔ امیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ کرس براؤن نے ذاتی طور پر فواد کے کیس میں دلچسپ لی اور انہیں ملک میں رہنے، کام کرنے اور کرکٹ کھیلنے کے لیے مستقل بنیادوں پر ویزاہ دیا گیا۔

تیس سالہ احمد پہلے کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے انہیں پاکستان میں شدت پسدنوں سے خطرہ تھا کیونکہ ان کے نزدیک کھیل کے ذریعے مغربی اقدار کو فروغ ملتا ہے۔ ایڈ کوؤن کے اصرار پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے لیگ سپنر عمران طاہر کے خلاف موثر انداز میں کھیلنے کے لیے فواد کو نیٹس میں بیٹنگ پریکٹس کے لیے استعمال کیا تھا۔ 

یاد رہے کہ فواد اور طاہر پاکستان میں قیام کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکے ہیں۔ فواد کے استاد اور دوست کوؤن کا کہنا ہے کہ ’ہم سب اس کی داستان سے بہت متاثر ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ وہ کتنا آگے آیا ہے‘۔ ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ اور سٹیٹ کی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند فواد نے ویزہ ملنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ’میں حکومت اور ہر اس شخص کا شکر گزار ہوں جس نے میری درخواست میں مدد کی، میں بے حد خوش ہوں‘۔ کرکٹ آسڑیلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ نے وزیر کرس براؤن کے فیصلے کو کرکٹ کے لیے شاندار قرار دیا ہے۔

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کے اظہار کے طور پر دسیوں اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گروپ کے اعلان نامہ کے مطابق ستائسی سائٹوں کو ہیک کر دیا گیا ہے جن پر فلسطین اور تحریک حماس کی حمایت میں تحریریں دیکھنے میں آئیں۔ 

گروپ ”اینونیمس“ نے اس آپریشن کو OpIsrael یعنی ”آپریشن اسرائیل“ کا نام دیا۔ یہ سائبر حملے اسرائیل کی طرف سے اطلاعاتی مہم شروع کئے جانے کے بعد کئے گئے۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی ویب سائٹ کے ذریعے غزہ پٹی کے واقعات پر روشنی ڈالی جانے لگی۔

ہیکر گروپ ”اینونیمس“ نے اسرائیلی سائٹوں کو نشانہ بنایا

بس اور ٹرین میں تصام: 47 بچے جاں بحق

حادثے میں زخمی بچے ہسپتال میں زیر علاج ہیں
مصر کے جنوب میں ایک سکول بس ٹرین کی زد میں آنے سے درجنوں بچے ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہفتہ کو جنوبی علاقے منفالوت میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سکول بس ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے ریل گاڑی کی زد میں آ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں چار سے چھ سال تک کی عمر کے تقریباً 60 بچے سوار تھے۔ ہلاکتوں کی تعداد 47 بتائی گئی ہے۔

صدر محمد مرسی نے متعلقہ وزراء کو متاثرہ خاندانوں کی معاونت کا حکم دیا ہے۔ مصر میں عموماً ریل کے ناقص نظام اور خراب انتظامی ڈھانچہ ملک میں ایسے حادثات کی ایک بڑی وجہ بتائی جاتی ہے۔ ادھر پاکستان نے مصر میں پیش آنے والے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے مصر کی حکومت اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جیت

بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ویسٹ انڈیز نے 77 رنز سے جیت لیا ہے۔ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 245 پینتالیس رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں چندر پال کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا ڈکلیئر کر دیا تھا۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 556 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں صرف 273 رنز ہی بنا سکا اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 245 رنز کا ایک نسبتاً آسان ہدف دیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر ٹینو بیسٹ نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ویراسوامی پرمال نے 32 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ روی رام پال کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ بنگلہ دیش کے سات کھلاڑی 119 پر آؤٹ ہو گئے تھے لیکن محموداللہ اور سوہاگ غازی کے درمیان آٹھویں وکٹ کی 36 رنز کی شراکت نے بنگلہ دیش کی امیدوں کو ایک بار پھر سہارا دیا۔ لیکن اس کی آٹھویں اور نویں وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں جس سے ویسٹ انڈیز ایک بار پھر کھیل پر گرفت مضبوط کر لی۔

میرپور: پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جیت

بھارت کے خلاف انگلینڈ کو فالو آن

بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوگئی۔ بھارتی باؤلروں خصوصاً پراگیان اوجھا نے پانچ، ایشون نے تین جب کہ ظہیر خان اور یاددو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

احمد آباد میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز ہفتہ کو جب کھیل ختم ہوا تو مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 219 رنز درکار تھے جب کہ میچ کے دو روز اور انگلینڈ کے تمام کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 521 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ختم کر دی تھی۔ چتیشور پجارا ناقابل تسخیر 206 رنز کے ساتھ نمایاں بھارتی بلے باز رہے جب کہ سہواگ نے شاندار 117 رنز بنائے۔

پہلا ٹیسٹ :بھارت کے خلاف انگلینڈ کو فالو آن

جرمنی سے شکست، پاکستان فائنل دوڑ‌ سے باہر

جوہربارو: جرمنی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کے بعد پاکستان سلطان جوہر بارو کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

ٹیم اب اتوار کو برانز میڈل کے لیے آسٹریلیا کا سامنا کرے گی، جرمن سائیڈ کا فیصلہ کن معرکے میں بھارت سے مقابلہ ہوگا، لیگ کے آخری مقابلہ میں جرمن پلیئرز نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا، جرمنی اور آسٹریلیا کے پوائنٹس یکساں طور پر 9، 9 ہوئے تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر جرمن ٹیم نے فائنل میں جگہ بنالی، آسٹریلیا نے اپنے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 5-1 سے شکست دی، نیوزی لینڈ کو میزبان اور دفاعی چیمپئن ملائیشیا سے ٹکرانا پڑیگا، ملائیشیا نے پہلے ہی فائنل میں نشست محفوظ کرانے والے بھارت کے خلاف اپنا آخری میچ 3-3 سے ڈرا کرلیا۔

سکریچ کارڈ کی فروخت پر ایکسائز ڈیوٹی لی جائے گی

اسلام آ باد: ایف بی آر نے سیلولر موبائل فون کمپنیوں اور دوسری ٹیلی کام کمپنیوں سے سکریچ کارڈ کے استعمال کے بجائے فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے بھجوائے جانے والے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے لیٹر پرطلب کی جانے والی رپورٹ پر کیا گیا تاہم حتمی فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات پر کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے اس لیٹر پر تمام سیلولر موبائل فون کمپنیوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں جن میں کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ 5 دن میں اپنے نکتہ نظر اور موقف سے آگاہ کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے لیٹر میں کہا گیا تھا کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کارڈ کی فروخت کے بعد ہی ایف بی آر کو جمع ہونا چاہیے جس سے ایف بی آر کو اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ کمپنیوں کے جواب ملنے پر رپورٹ تیار کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی اورعدالتی ہدایات پر عمل ہوگا تاہم ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے پاس سکریچ کارڈ کے استعمال کے بجائے فروخت پر کمپنیوں سے ٹیکس وصول کرنے کے اختیارات ہیں۔

فون سکریچ کارڈ کی فروخت پر ایکسائز ڈیوٹی لی جائے گی، ایف بی آر کا اصولی فیصلہ

اسرائیلی بمباری سے 39 فلسطینی شہید

غزہ سٹی: غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد گزشتہ 4 دنوں میں جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں وزیراعظم ہاؤس، پولیس ہیڈ کوارٹر اور مسجدالرحمان سمیت متعدد سرکاری اور سیکیورٹی اداروں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ جبالیہ اور مغازی میں فلسطینیوں کے کیمپ پر ہونے والے حملے میں 11 افراد شہید ہوگئے جن میں ایک 5 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ فلسطین کے وزیراعظم ہاؤس پر ایک ایسے وقت میں حملہ کیا گیا کہ جب فلسطینی کابینہ اور مصر کے وزیراعظم ہشام قندیل کے درمیان اسی مقام پر آج صبح مذاکرات ہونے کی توقع تھی جبکہ اس کے بعد تیونس کے وزیر خارجہ کا دورہ متوقع تھا۔ اسرائیلی حکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے اب تک غزہ پر 180 سے زائد حملے کئے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت پر غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خطے کے ممالک کی جانب سے سفارتی میدان میں بھی تیزی آگئی ہے۔ تیونس کے وزیر خارجہ رفیق عبدالسلام نے غزہ میں حماس رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔ حماس کے سربراہ خالد مشعل اور ترک وزیراعظم طیب رجب اردگان مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے ہیں۔ جبکہ قطر کے امیر الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی آمد بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اسرائیلی بمباری سے 39 فلسطینی شہید

ہفتہ, نومبر 17, 2012

انگلش بیٹس مینوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے

احمد آباد ٹیسٹ میں بڑا سکور دیکھ کر ہی انگلش بیٹس مینوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے۔ 521 رنز کی پٹائی برداشت کرنے والی مہمان سائیڈ دوسرے روز صرف 41 رنز پر 3 اہم بیٹس مینوں سے ہاتھ دھو بیٹھی، بھارت کی جانب سے سپنرز سے بولنگ کے آغاز کا تجربہ کامیاب رہا اور ایشون 2 جبکہ اوجھا ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے، قبل ازیں میزبان بیٹسمین چیتیشور پجارا نے ناقابل شکست 206 رنز بنا ڈالے، کم بیک اننگز میں یوراج سنگھ نے بھی 74 رنز سکور کیے، گریم سوان نے 5 وکٹیں تو لیں مگر اس کے لیے 144 رنز کی پٹائی بھی سہنا پڑی۔

سردار پٹیل اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے دن بھی انگلش بولرز جدوجہد کرتے دکھائی دیے، بھارت نے4 وکٹ پر 323 سے سکور کو 521 تک پہنچانے کے سفر میں مزید 4 وکٹیں کھوئیں، جس وقت کپتان دھونی نے اننگز ڈیکلیئر کرتے ہوئے بیٹس مینوں کو واپسی کا اشارا کیا، پجارا کیریئر بیسٹ 206 پر ناقابل شکست تھے۔ انھوں نے 389 میں سے 21 گیندوں کو بائونڈری کے پار بھیجا، اوجھا صفر پر ناٹ آئوٹ رہے، دن کے آغاز میں یوراج 74 رنز بنا کر سمت پٹیل کی پہلی وکٹ بنے، انھوں نے پجارا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے سکور میں 130 رنز کا اضافہ کیا، مہندرا سنگھ دھونی کو سوان نے صرف 5 رنز پر بولڈ کیا، ایشون 23 اور ظہیر خان7 رنز تک محدود رہے۔ جواب میں انگلش بیٹس مین ابتدا میں ہی گھبرائے ہوئے دکھائی دیے، دھونی نے سپنر ایشون کو نئی گیند تھمائی اور انھوں نے ڈیبیوٹنٹ نک کامپٹن (9) کو جلد ہی بولڈ کر دیا، نائٹ واچ مین جیمز اینڈرسن (2) اوجھا کا نشانہ بنے جبکہ جوناتھن ٹروٹ کو تو ایشون نے کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہ دی، جس وقت دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا 41 پر 3 وکٹیں گر چکی تھیں، کپتان الیسٹر کک 22 اور کیون پیٹرسن 6 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، آف سپنر ایشون نے 2 وکٹوں کے لیے 21 رنز دیے۔

پاکستان کو آج جرمنی کے خلاف لازمی فتح درکار

لاہور: سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے فیصلہ کن معرکہ میں رسائی کے لیے پاکستان کو ہفتے کے دن جرمنی کے خلاف لازمی فتح درکار ہوگی۔

گرین شرٹس کی کامیابی کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ برابر یا پھر کینگروز کی ناکامی بھی ضروری ہے، ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے اختتامی میچز میں آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ اور بھارت کا میزبان ملائیشیا سے سامنا ہونا ہے، ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے مقابلوں میں بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا، جرمنی 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا اتنے ہی پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر ہے۔

گرین شرٹس نے 5 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، نیوزی لینڈ 4 اور ملائیشیا 3 پوائنٹس لے کر ان سے پیچھے ہے۔ ہفتے کو اگر پاکستانی ٹیم جرمنی کے خلاف فتح حاصل کرے تو اس کے پوائنٹس 8 ہوجائیں گے، اس کے بعد کھلاڑیوں کی خواہش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کو شکست ہو یا پھر مقابلہ برابر رہے، اگر ایسا ہوگیا تو پاکستانی ٹیم فائنل میں بھارت کو جوائن کر لے گی، برابری یا جرمنی کے ہاتھوں ہار سے گرین شرٹس ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے، ایونٹ میں تمام ٹیمیں 4,4 میچز کھیل چکی ہیں۔

میر پور ٹیسٹ میں پاول کی دوسری سنچری

میر پور ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنا لیے۔ ویسٹ انڈیز کو بنگلہ دیش پر 215 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور ابھی اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔ جمعہ کو چوتھے دن کھیل کے اختتام پر ڈیرن سیمی کریز پر موجود تھے اور انہوں نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے پندرہ رنز بنائے۔ چوتھے دن گیل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی تاہم وہ انیس رنز بنا کر روبیل حسین کا شکار ہو گئے۔ دوسرے اوپننگ بلے باز کیرن پاول نے ڈرین براوو کے ساتھ مل کر 189 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ پاول نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں سنچری سکور کی اور 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ براوو نے 76 رنز بنائے اور وہ بھی روبیل حسین کا شکار ہوئے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل، سوہاگ غازی اور شکیب الحسن نے دو دو وکٹ لیے۔ چوتھے دن بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 556 رنز پر آؤٹ ہو گئی اس طرح بنگلہ دیش کو ویسٹ انڈیز پر 29 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی۔ چوتھے دن کے کھیل کی خاص بات ناصر حسین اور محموداللہ کی شاندار اور تیز بلے بازی تھی دونوں نے بالترتیب 96 اور 62 رنز بنائے۔ تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات نعیم اسلام اور شکیب الحسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 167 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم اسلام نے 108 جبکہ شکیب الحسن نے 89 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال نے تین اور ڈیرن سامی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میر پور ٹیسٹ میں پاول کی دوسری سنچری

پاکستان: چھاتی کا سرطان ہزاروں خواتین کی موت کا سبب

اسلام آباد — پاکستان میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر سال 40 ہزار خواتین چھاتی کے سرطان کے باعث موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں اور ہر نو میں سے ایک اس مرض کا شکار ہو سکتی ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

سرطان سے بچاؤ اور اس مرض کے بارے میں آگاہی پھیلانے والی تنظیم پنک ربن سوسائٹی پاکستان کی ایک عہدیدار سونیا قیصر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ملک میں مختلف تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال 90 ہزار خواتین چھاتی کے سرطان کا شکار ہوتی ہیں۔

’’چھاتی کا سرطان کی شرح براعظم ایشیا میں سب سے زیادہ پاکستان میں ہی ہے، اور ملک میں کینسر کی مختلف اقسام میں سب سے زیادہ مریض چھاتی سرطان ہی کے ہیں۔ اس کے اعداد و شمار بھی بہت چونکا دینے والے ہیں کیوں کہ ہر سال 40 ہزار خواتین پاکستان میں اس بیماری کی وجہ سے موت کی نیند سو جاتی ہیں۔‘‘

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اکثر خواتین چھاتی کے سرطان کی بیماری کے بارے میں معلومات کے فقدان کا شکار ہیں اس لیے زیادہ تر واقعات میں مریضوں میں بیماری کی تشخیص ایسے مرحلے پر ہوتی ہے جب اس مرض کا علاج ممکن نہیں ہوتا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت بیماری کی تشخیص سے مریض کی صحتیابی کے امکانات نوے فیصد تک ہوتے ہیں۔

سونیا قیصر کہتی ہیں عموماً درمیانی عمر کی خواتین میں چھاتی کے سرطان کی شرح زیادہ ہوتی ہے لیکن پاکستان میں اکثریت میں دیکھا جا رہا ہے کہ نوجوان خواتین اور 16 سے 17 سال کی لڑکیاں بھی چھاتی کے سرطان کا شکار ہورہی ہیں۔‘‘

چھاتی کے سرطان کی یوں تو بہت سی وجوہات ہیں جن میں موٹاپا، معمولات زندگی میں ورزش کا نہ ہونا، عورتوں کا بچوں کو دودھ نہ پلانا اور موروثی اثرات نمایاں ہیں لیکن ہر عورت کو اس سے متاثر ہونے کا خطرہ بہرحال لاحق رہتا ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ خواتین کو وقتاً فوقتاً اپنی چھاتی کا خود معائنہ کرتے رہنا چاہیئے اور اگر انھیں کسی بھی مرحلے پر کوئی گلٹی محسوس ہو تو وہ فوری طور پر طبی ماہر سے رجوع کریں تاکہ ممکنہ بیماری کا بر وقت علاج ہو سکے۔

پاکستان: چھاتی کا سرطان ہزاروں خواتین کی موت کا سبب