پیر, ستمبر 10, 2012

کمبوڈیا: حیرت انگیز خوبیوں کے مالک 3 سالہ بچے کے کارنامے

کمبوڈیا میں 3 سال کا بچہ لوگوں کا ایسا علاج کرتا ہے کہ سالوں سے بیمار افراد صحت یاب ہونے لگے ہیں۔ سیکڑوں افراد علاج کرانے کے لئے تین سال کے بچے کے پاس آ رہے ہیں اور اسے سونے کے لئے وقت ملنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

کمبوڈیا کے صوبے پرے وینگ کے ایک گاؤں میں 3 سال کے بچے کی صلاحیتوں کا اندازہ اس وقت لوگوں کو ہوا جب اس کی ایک آنٹی کو بیماری کے بعد ڈاکٹروں نے جواب دے دیا، مگر گھر واپسی پر 3 سال کے رے رونگ نے علاقائی جڑی بوٹیاں منگوائیں اور گرم پانی میں ابال کر بیمار خاتون کو پلا دیں۔ کچھ ہی عرصے میں خاتون صحت یاب ہونے لگی۔ جیسے ہی خاتون صحت یاب ہوئی یہ خبر پورے گاؤں میں پھیل گئی اور پھر دور دور سے لوگ اس 3 سال کے بچے کو حیرت انگیز خوبیوں کا مالک قرار دے کر علاج کی غرض سے اس کے پاس آتے ہیں۔ بچے کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد علاج کرانے آرہی ہے کہ رے رونگ کو سونے کا وقت بھی نہیں ملتا۔

یو ایس اوپن ٹینس فائنل: سرینا ولیمز نے جیت لیا

سال کے آخری گرینڈ سلیم ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کا فائنل مقابلہ امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا کو شکست دے کر جیت لیا۔

سرینا ولیمز نے پہلا سیٹ 6-2 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں وکٹوریا آزارینکا نے 6-2 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد سرینا ولیمز نے آزارینکا کو 7-5 سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

تیسرا ٹی 20: پاکستان آسٹریلیا آج مد مقابل ہوں گے

پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آخری مقابلہ آج دبئی میں ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم پہلے ہی سیریز دو صفر سے اپنے نام کرچکی ہے۔

ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے لئے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ دیگر کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دے گی، آل راؤنڈر شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے ابتدائی دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ آخری میچ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ فٹنس رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔

یاسر عرفات، اسد شفیق اور محمد سمیع کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

برما: روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف مظاہرے

گذشتہ ہفتے برما کے بدھ بھکشوؤں کی طرف سے مسلمان روہنگیا (Rohingy) اقلیت کے خلاف مظاہروں پر بہت سے مبصرین کو حیرت ہوئی ہے۔ تجزیہ کار کہتےہیں کہ ملک کی بدھسٹ آبادی کی طرف سے حب الوطنی کا یہ جارحانہ مظاہرہ، برما کے حکام کی قومی تشخص کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ لیکن اس تشویش کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ یہ کوششیں قابو سے باہر ہوسکتی ہیں۔

برما میں فوجی حکومت کے خلاف 2007 ءکی تحریک کے بعد، گذشتہ ہفتے بدھ بھکشوؤں نے پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ لیکن سنہ 2007 کی تحریک اور ان مظاہروں کے درمیان ایک نمایاں فرق تھا۔

2007ء کی تحریک میں جسے Saffron Revolution کا نام دیا گیا ہے، محبت اور جمہوریت کا پیغام دیا گیا تھا، لیکن گذشتہ ہفتے Mandalay میں مارچ کرنے والے سیکڑوں بھکشوؤں نے روہنگیا کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔ روہنگیا کا شمار دنیا کی مظلوم ترین اقلیتوں میں ہوتا ہے۔

یہ بھکشو صدر Thein Sein کی اس تجویز کی حمایت کررہے تھے کہ اس مسلمان اقلیت کو جس کی تعداد تقریباً دس لاکھ ہے، عام آبادی سے الگ کردیا جائے اور ملک بدر کردیا جائے۔

فرقہ وارانہ کشیدگی اتنی زیادہ ہے کہ یہ بات بھی نظر انداز کر دی گئی ہے کہ 2007 میں جب فوجی حکومت نے بدھ بھکشوؤں کے خلاف پُر تشدد کارروائی کی تھی، اس وقت صدرتھائین سائن برما کے وزیرِاعظم تھے ۔

لندن اسکول آف اکنامکس کے محقق، Maung Zarni کہتے ہیں کہ حکام بدھوں کی قوم پرستی کے جذبات کو ہوا دے رہے ہیں۔ ان کےبقول، اُن جنرلوں کو بھکشوؤں کا قاتل سمجھا جاتا ہے۔ دنیا نے وہ مناظر دیکھے ہیں جب Saffron Revolution کے دوران، فوجیوں نے بدھ بھکشوؤں پر گولیاں چلائی تھیں۔ اب انھوں نے بڑی کامیابی سے خود کو بدھ مت کے چیمپین، اور مغربی برما میں بدھ آبادیوں کے محافظ بناکر پیش کیا ہے۔ یہ در اصل انتہائی عیاری پر مبنی، لیکن خطرناک، سیاسی چال ہے۔

سنہ1988 میں طالب علموں نے جمہوریت کی حمایت میں جو مظاہرے کیے تھے ، بدھ بھکشوؤں نے ان کی بھی زبردست حمایت کی تھی ۔ فوج نے اس احتجاج کو بھی طاقت کے زور پر کچل دیا تھا ۔

اگرچہ ان تمام مظاہروں اور احتجاجوں کے مقاصد عظیم تھے، لیکن تجزیہ کار کہتےہیں کہ تاریخی طور پر برما میں بدھ مت نسلی قوم پرستی کے جذبے سے متاثر ہوا ہے جو کبھی کبھی سر اٹھاتا رہتا ہے ۔

برما کی آبادی میں 90 فیصد لوگ بدھ مت کے ماننے والے ہیں اور نسلی طور پر برمی ہیں، لیکن بقیہ آبادی 100 سے زیادہ مختلف نسلی اور مذہبی اقلیتوں پر مشتمل ہے۔

Vahu Development Institute کی آنگ تھو نائین کہتی ہیں کہ حکام ایک طویل عرصے سے برمی اکثریت کے خیالات کو پوری آبادی پر مسلط کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں تاکہ اقلیتوں کو اقتدار سے باہر رکھا جاسکے۔ ان کے الفاظ میں، تحریری شکل میں تو ایسے قوانین اور ضابطے موجود نہیں ہیں، لیکن عملاً، اگر آپ عیسائی ہیں، یا مسلمان ہیں، تو آپ کو فوج میں کسی بڑے عہدے پر ترقی نہیں دی جائے گی ۔ فوج میں آپ کوئی اہم عہدہ حاصل نہیں کر سکتے۔

برما کے میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اگرچہ حکام نے بھکشوؤں کو تین روز مظاہروں کی اجازت دے دی تھی، لیکن جب وہ بہت زیادہ بڑھنے لگے، تو انھوں ان کی حوصلہ شکنی کی کوشش کی۔

برما: روہنگیا اقلیت کے خلاف مظاہرے

اتوار, ستمبر 09, 2012

ٹی 20: جنوبی افریقہ کی سات وکٹوں سے جیت

انگلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جنوبی افریقہ کو کیلس اور ڈومنی نے جیت سے ہمکنار کرایا۔ کیلس نے 44 گیندوں میں 48 جبکہ ڈومنی نے 54 گیندوں میں 47 رنز بنائے۔

چیسٹر لی سٹریٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے کیسویٹر نے سب سے زیادہ سکور کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔ انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ہیلز 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ کیسویٹر جو اچھا کھیل رہے تھے ان کو بوتھا نے آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کا اس وقت مجموعی سکور 40 تھا۔ تاہم اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پیٹرسن اور بوتھا نے دو دو جبکہ سٹائن اور مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی سات وکٹوں سے جیت

رمشا مسیح اڈیالہ جیل سے رہا، ہیلی کاپٹر کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) توہین قرآن کیس میں گرفتار مسیحی لڑکی رمشا کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جمعہ کو ایڈیشنل سیشن جج محمد اعظم خان اسلام آباد نے اس کی ضمانت منظور کی تھی۔ ہفتہ کو رمشا کی رہائی کے موقع پر اڈیالہ جیل میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ رمشا کو لینے کے لئے تھانہ رمنا کے ایس ایچ او کے علاوہ ایس ایس پی یاسین فاروق خود موجود تھے۔ رمشا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے خفیہ مقام پر لے جایا گیا۔ جیل میں ملزمہ کو لینے کے لئے دو بکتر بند گاڑیاں داخل ہوئیں۔ انتہائی سخت پہرے میں ہیلی کاپٹر تک لے جایا گیا۔ رمشا کے منہ پر بڑا رومال ڈالا گیا جس سے اس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ بعد ازاں ایس ایس پی یاسین فاروق بھی ہیلی کاپٹر میں سوار ہوگئے۔ ادھر رمشا کیس میں مدعی کے وکیل حاجی فضل الرحمن نیازی نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے کہ توہین قرآن کیس کی ملزمہ رمشا کم عمر بچی نہیں بلکہ مکمل جوان لڑکی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار کئے جانے کے مناظر ساری دنیا نے ٹی وی پر دیکھے مدعی کے وکیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک انتہائی حساس کیس کی ملزمہ کو اتنے پروٹوکول اور اہتمام سے ہیلی کاپٹر میں بٹھا کر جیل سے منتقل کیا جانا افسوس ناک ہے۔ فضل الرحمن نیازی نے کہا کہ میں جیو ٹی وی اور پاکستان کے دیگر چینلز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ حقیقت کیا ہے اور بعض حلقوں کی جانب سے اس کی کم سنی کا بہانہ بناکر ہمدردی جتانے والے افراد کا منہ بند کردیا۔

روزنامہ جنگ راولپنڈی


رمشا مسیح کی رہائی کے موقع کی مزید تصاویر

 
 
 

ہفتہ, ستمبر 08, 2012

نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد کیا جائے گا

شکاگو (اے ایف پی) چاند پر قدم رکھنے والے پہلے شخص نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد کیا جائے گا۔ یہ بات ان کے خاندان کے ترجمان رک ملر نے بتائی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ ایک پرائیویٹ سروس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات ابھی فوری طور پر دستیاب نہیں۔ 

نیل آرم اسٹرانگ کو سمندر برد 13 ستمبر کو واشنگٹن میں ایک پبلک میموریل کے بعد کیا جائیگا۔ اسٹرانگ کا انتقال گزشتہ دنوں دل کی سرجری میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کے باعث ہوگیا تھا۔ اسٹرانگ کے آخری رسومات میں ناسا کے سربراہ چارلیس بولڈن، موجودہ اور سابقہ خلانورد اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستانی ماہرین کی 10 سالہ تحقیق: تھیلیسمیا کا علاج دریافت کرلیا گیا


پاکستانی ماہرین نے دوا کے ذریعے تھیلے سیمیا کا علاج دریافت کرلیا۔ یہ کامیابی پاکستانی ڈاکٹروں نے 10 سالہ تحقیق کے بعد حاصل کی ہے۔ معروف امراض خون ڈاکٹر طاہر سلطان شمسی اور ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری کے مطابق Hydronyurea دوا کے استعمال کروانے سے (جو کہ کسی دوسرے مرض میں استعمال کروائی جاتی ہے) تھیلے سیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں میں خون چڑھانے کا انحصار کم یا بالکل ختم دیکھا گیا۔ تحقیق میں پاکستان میں تھیلے سیمیا کا باعث بننے والی جنیاتی خرابیوں میں سے 5 کی موجودگی میں د وا کے حوصلہ افزاءنتائج نظر آئے۔ پاکستان میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز (این آئی بی ڈی) میں تھیلے سیمیا کے 152 مریضوںمیں سے 41 فیصد کو خون چڑھانے سے نجات مل گئی جبکہ 39 فیصد مریضوں میں انتقال خون کی ضرورت نصف رہ گئی جبکہ باقی 20 فیصد مریضوں میں اس دوا کی وجہ سے کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ یہ تحقیق امریکا سے شائع ہونے والے طبی جریدے ”جنرل آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی آن کالوجی“ میں 2011ء میں شائع ہوچکی ہے۔ ماہر امراض خون برائے اطفال ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے اس تحقیق کا آغاز اپریل 2003ء میں 23 مریضورں میں اس دوا کے استعمال سے کیا جبکہ انہوں نے اپنی پی ایچ ڈی اسی تحقیق پر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دوا خون کی بیماری SICK-E-CELL-DISEASES کے لئے گزشتہ 20 سالوں سے امریکی ادارے (ایف ڈی اے) سے منظور شدہ ہے اس دوا کے استعمال سے این آئی بی ڈی میں تھیلے سیمیا کے 152 مریض بچوں میں سے 41 فیصد کو خون چڑھانے سے نجات مل گئی جبکہ 39 مریضوں میں انتقال خون کی ضرورت نصف رہ گئی تاہم 20 فیصد مریضوں میں اس دوا کی وجہ سے کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوسکی۔ اس دوا کے استعمال کے بعد خون نہ لگنے کی و جہ سے کسی بھی مریض کی تلی (Spleen) یا جگر کے حجم میں اضافہ نہیں دیکھا گیا جبکہ چہرے کی بناوٹ میں بہتری، کھیل کود میں بچوں کی دلچسپی، بھوک اور وزن میں بھی اضافہ ہوا۔ مزید تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں الفا تھیلے سیمیا اور بی ٹا تھیلے سیمیا (خلیوں کے اندر موجود پروٹین کا نام) کے امراض کی ایک ہی شخص میں موجودگی 37 فیصد سامنے آئی ہے۔ الفا تھیلے سیمیا کے اعداد و شمار اس سے قبل پاکستان میں دستیاب نہیں تھے۔ اس تحقیق کے بعد تھیلے سیمیا کے مریض کی جنیاتی تشخیص لازمی قرار دی جانی چاہئے۔ اگر جنیاتی طور پر بی ٹا تھیلے سیمیا کی جنین میں تبدیلی یا الفا تھیلے سیمیا کی موجودگی پائی جائے تو اس دوا کے استعمال سے انتقال خون کے عمل کو بند یا کم کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ہر سال پانچ سے 8 ہزار تک بی ٹا تھیلے سیمیا کے مریض پیدا ہوتے ہیں جبکہ 9.8 ملین (carrier) جو خود تو صحت مند ہوتے ہیں مگر ان کے اندر یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ اپنے آنے و الے بچوں میں یہ شدید بیماری منتقل کرسکتے ہیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دوا بین الاقوامی اداروں سے منظوری حاصل نہیں کرلیتی ہے اس دوا کا استعمال صرف اور صرف تحقیق کے لئے خون کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہونا چاہئے۔ 

ڈاکٹر طاہر سلطان شمسی کے مطابق تھیلے سیمیا کے مریضوں میں جین میں پائی جانے و الی خرابی کا مطالعہ کرکے ہی تھیلے سیمیا کے مریضوں کا بہتر علاج ممکن ہوسکتا ہے۔ ہیموگلوبین ایف کے اضافے کے بعد روزمرہ کی زندگی کو بہتر، انتقال خون کی ضرورت میں کمی اور جسم میں فولاد میں کمی واقع ہوسکتی ہے اس موضوع پر مزید تحقیقی عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے تھیلے سیمیا کے متعلق بتایا کہ خون کے سرخ خلیوں میں ہیموگلوبین کے بننے کی صلاحیت متاثر ہونے سے 6 ماہ کی عمر تک خون کی شدید کمی واقع ہوجاتی ہے چنانچہ ان بچوں کو زندہ رہنے کے لئے مستقل خون چڑھانا پڑتا ہے۔ یہ عمل ساری ز ندگی جاری رہتا ہے۔ مستقل خون چڑھنے یا چڑھانے کی وجہ سے ان بچوں کے خون میں فولاد کی زیادتی، ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی / ایڈز جیسے مرض ہوسکتے ہیں چنانچہ اگر خون لگانے کی بجائے تھیلے سیمیا یعنی سرخ خلیوںمیں ہیموگلوبین بننے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لئے دوا دی جائے تو متاثرہ بچے درج بالا پیچیدگیوں (جو خون چڑھانے سے پیدا ہوتی ہیں) سے بچ سکتا ہے اور وہ نسبتاً صحت مند لمبی عمر حاصل کرسکتا ہے۔

یو ایس اوپن: وکٹوریا آزارینکا اور سرینا ولیمز فائنل میں

میچ کے بعد آزارینکا شیراپووا سے مصافحہ کر رہی ہیں
بیلا رس کی ورلڈ نمبر ایک اور موجودہ آسٹریلین چیمپیئن 23 سالہ وکٹوریا آزارینکا روس کی ماریا شاراپووا کو یو ایس اوپن کے سیمی فائنل شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ آزارینکا نے میچ میں 3-6، 6-2 اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔

دوسرا سیمی فائنل سرینا ولیمز نے جیت لیا۔ سرینا کا فائنل میں وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا، فائنل میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

سرینا ولیمز نے دوسرے سیمی فائنل میں سارہ ایرانی کو 6-1 اور 6-2 سے شکست دی۔ سرینا ولیمز تین مرتبہ یو ایس اوپن ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

واشنگٹن — تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

دبئی میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔ جواباً آسٹریلیا کی ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔

میچ ٹائی ہو جانے کے بعد اس کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوا جس میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 11 رنز بنائے۔ جواباً پاکستان کے عمر اکمل اور عبدالرزاق نے چھ گیندوں پر 12 رنز کا ہدف حاصل کرکے پاکستان کو فتح دلا دی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان محمد حفیظ اور ناصر جمشید 45، 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کامران اکمل نے 43 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

جواباً آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو پاکستانی بالرز کے سامنے جم کر کھیلنے میں واضح مشکلات درپیش رہیں اور وقفے وقفے سے کینگروز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق اور سعید اجمل نے 2، 2 جب کہ سہیل تنویر اور عمر گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

جمعہ, ستمبر 07, 2012

روٹی چوری کرنے کی سزا؛ بدترین تشدد، منہ کالا کردیا

بلوچستان کے ضلع نصيرآباد ميں انسانيت کی تذليل کا دل سوز واقعہ سامنے آیا ہے۔ درگئی میں محض روٹی چوری کرنے پر ایک شخص کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اوراس کا منہ کالا کرکے گھمایا گیا۔

روٹی چوری کرنے کے شبہے میں ديہاتيوں نے حیردین نامی شخص کو پکڑ کر اس کي مونچھيں، داڑھی اور سر کے آدھے بال کاٹ ديئے۔ لوگوں نے اسی پر بس نہیں کیا اور اسے گدھے پر بٹھا کر گاؤں کا چکر لگوایا۔ پولیس نے تاحال واقعہ کا کوئي مقدمہ درج نہيں کیا ہے۔

سماء

شاراپووا اور آزارینکا کے درمیان سیمی فائنل آج ہوگا

روس کی ٹینس سٹار ماریا شاراپووا نے فرانس کی ماریون بارٹولی کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ انہوں نے یہ میچ 3-6، 6-3 اور 6-4 سے جیتا اور 6 سال میں پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

ماریا شاراپووا کو رواں سال تین سیٹ تک جانے والے کسی میچ میں شکست کا سامنا نہیں‌ کرنا پڑا۔ ماریا شاراپووا نے کہا کہ خوش قسمتی ہمیشہ مدد کرتی ہے اور یو ایس اوپن کے اس مرحلے تک دوبارہ پہنچنے میں بہت وقت لگ گیا ہے۔

ماریا شاراپووا کا آج سیمی فائنل میں بیلارس کی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا۔ ماریا شاراپووا کا کہنا ہے کہ وکٹوریا آزارینکا نے مجھے آسٹریلیا میں بہت آسانی سے شکست دی تھی، مجھے گرانڈ سلام میں بدلہ لے کر بہت اچھا لگے گا۔

بنگلہ دیش کے شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند

بنگلہ دیش نے سپاٹ فکسنگ کے الزام میں سابق پلیئر شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔ بی سی بی کے صدر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شریف پر پابندی کا فوری اطلاق ہوگا، غیرمعینہ مدت تک کھیل کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سب کمیٹی نے ان کے خلاف بنگلہ دیش پریمیئر لیگ پر اثر انداز ہونے کے الزامات کی تحقیقات کی ہیں، ہم اس بارے میں آئی سی سی کو بھی آگاہ کررہے ہیں۔ یہ فیصلہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیا گیا۔ شریف الحق پر پابندی کی سفارش بی سی بی کے نائب صدر محبوب الانعام کی سربراہی میں قائم سب کمیٹی نے کی تھی، یہ کمیٹی مشرفی مرتضیٰ کے اس دعوے کے بعد قائم کی گئی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بی پی ایل کے آغاز سے قبل ان سے سپاٹ فکسنگ کیلیے رابطہ کیا گیا ہے۔

شریف نے بنگلہ دیش کی جانب سے 1998 میں بھارت کے خلاف واحد ون ڈے کھیلا تھا، وہ سپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کا شکار ہونے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی اور غیر آفیشل طور پر کھیل سے ریٹائر ہوچکے تھے۔

انھوں نے مشرفی سے کہا تھا کہ وہ مخصوص میچز میں اپنی شرکت اور چشمہ یا کیپ پہننے کے بارے میں معلومات فراہم کریں تو ان چیزوں پر لگائے جانے والے جوئے سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے15 سے 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ ادھر شریف کا کہنا ہے کہ ابھی تک بورڈ کی جانب سے مجھے اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا مگر میں اس کے خلاف اپیل کروں گا۔

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سابق پلیئر شریف الحق پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے

ٹوئنٹی 20: آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر

پاکستان سے دوسرا میچ ہارنے پرکینگروز مختصر فارمیٹ کی رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے 10 ویں نمبر پر چلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 0.57 پوائنٹس کا فاصلہ موجود ہے۔ اگر آج کے میچ میں آسٹریلوی ٹیم ناکام رہی تو پھر اس سے پیچھے صرف زمبابوے کی ٹیم باقی رہ جائے گی، بنگلہ دیش پہلے ہی آسٹریلیا سے اوپر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے۔ کوئی بھی آئرش کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں جبکہ آسٹریلیا کے 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل 13 کھلاڑیوں کے آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ مجموعی طور پر 6.4 ملین ڈالر کے معاہدے ہیں، بعض کھلاڑی اپنے ملکی ایونٹ بگ باش کے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش لیگ بھی کھیلتے ہیں۔

قانونی طور پر میچز پر شرطیں قبول کرنے والی ایک فرم نے ورلڈ کپ میں اس کی فتح پر 7 ڈالر کا داؤ آفر کیا جبکہ آئرلینڈ کی فتح پر ایک ڈالر جوا کھیلنے والے کو کامیابی کی صورت میں 201 ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دبئی: ٹوئنٹی 20 میں آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا

امریکہ ڈرون طيارے فروخت كرنے كے لئے تیار

پينٹاگون كے ايک سينئرعہدے دار نے ميڈيا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنيا كے کئی ممالک ڈرون طيارے خريدنے ميں دلچسپی ركھتے ہيں جس كے لئے محكمہ دفاع کی نئی گائيڈ لائن كے تحت امریکی ڈرون طيارے خريدنے كے اہل 66 ممالک کی ایک فہرست تيار كرلی گئی ہے۔ تاہم انھوں نے ان ممالک كے نام نہيں بتائے۔

انہوں نے كہا كہ ڈرون طياروں کی فروخت كے لئے كانگريس اورمحكمہ خارجہ کی منظوری بھی ضروری ہے جس کے بعد ہی كوئی فيصلہ كيا جائے گا۔

امریکی محكمہ دفاع نے ڈرون طيارے فروخت كرنے كے لئے 66 ممالک كواہل قراردے ديا

روسی صدر کا ایک اور منفرد کام

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اکثر ایسے منفرد کام کر گزرتے ہیں جو سب کو ہی چونکا دیتے ہیں۔ چاہے سائبرین ٹائیگر ہو یا پولر بئیر کے ساتھ تصویر کھنچوانے کا معاملہ روسی صدر جانوروں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں اور اس بار انہوں نے جنگلی حیات کے ماہرین کے ساتھ مل کر پرندوں کے بچوں کو ان کے ٹھکانوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیا۔ اور اس مقصد کے لئے انہوں نے ڈیلٹا طیارے میں پرواز کی۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ پرندے جہاز سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہوئے اور نہایت اطمینان سے اڑ کر اپنی منزل تک پہنچے۔

دبئی: پاک آسٹریلیا دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، اور کھلاڑی دوسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے اور آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست کا جواب دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان کے وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی شاہین کینگروز پر فیصلہ کن وار کیلیے تیار ہیں، ادھر جمعرات کو آسٹریلوی بیٹسمین سپنرز کو کھیلنے کا سبق یاد کرتے رہے۔ پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 7 وکٹ کی شاندار فتح کے بعد پاکستان نے اب آسٹریلیا کے خلاف سیریز اپنے نام کرنے پر توجہ مرکوز کرلی ہے، آج کامیابی کی صورت میں ٹی 20 ٹرافی پاکستان کے نام اور ون ڈے سیریز کی ناکامی کا بدلہ مکمل ہوجائے گا۔

پاکستان کی جانب سے فاتح الیون میں کسی تبدیلی کا امکان موجود نہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آپشنز کی جانچ کرسکتی ہے، اس صورت میں شعیب ملک کی جگہ آل رائونڈر عبدالرزاق کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

دوسرا میچ بھی پہلے والی کنڈیشنز میں ہی کھیلا جائے گا اس لیے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے ٹارگٹ کے حصول کی کوشش کرسکتی ہے۔ پاکستان نے پہلے میچ میں 31 گیندیں قبل 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم کپتان محمد حفیظ اتنی بڑی فتح پر حیران نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ آسٹریلیا کو زیر کرسکتے ہیں، ہماری باؤلنگ میں ورائٹی اور بیٹنگ لائن بھی اچھی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل فتوحات کے راستے پر گامزن ہونا ہمارے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا، ورلڈ کپ ہمارے سامنے ہے مگر ہمارا پہلا مقصد آسٹریلیا کے خلاف باقی دونوں میچز میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی بیٹسمینوں کے لیے پاکستانی سپن باؤلنگ بدستور درد سربنی ہوئی ہے، پہلے میچ میں بھی ان کی 6 اہم وکٹیں سلو بولرز نے لیں، اس لیے جمعرات کو بیٹسمین نیٹس میں زیادہ تر سپن باؤلنگ کو ہی کھیلنے کی پریکٹس کرتے رہے۔

کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں شکست سے مجھے کافی مایوسی ہوئی، ہمیں ابھی بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے، ہم پاکستان کے خلاف سیریز میں واپسی کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر جس طرح کا کھیل ہم نے پہلے میچ میں پیش کیا اس کے بل پر ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھنا بھی بے وقوفی ہوگی۔