پیر, اکتوبر 01, 2012

پاکستان کو بھارت اور جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا سے شکست

سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سپرایٹ مرحلے کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو اور آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی ہے۔ 

کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی ساری ٹیم 19.4 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ 

پاکستان بھارت کو کبھی بھی ایک روزہ عالمی مقابلوں میں یا ٹی ٹوئنٹی کے عالمی ٹورنامنٹ میں شکست نہیں دے پایا۔

ویرات کوہلی دو چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی ٹھہرے۔ بھارت کی جانب سے سہواگ اور گمبھیر نے اننگز کا آغاز کیا تاہم گمبھیر بغیر کوئی رنز بنائے رضا حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جلدی نقصان کے بعد سہواگ اور کوہلی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی شراکت قائم کی۔ 75 کے مجموعی سکور پر سہواگ 29 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اٹھائیس رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ عمر اکمل نے 21 رنز بنائے آفریدی 14، عمران نذیر 8، ناصر جمشید 4، کامران اکمل 5، اور کپتان محمد حفیظ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور عمران نذیر نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں عمران نذیر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے 8 رنز بنائے۔ پاکستان نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو تیسری پوزیشن پر بھیجا تھا۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے ایک، بالاجی نے 3، ایشون اور یووراج سنگھ نے دو دو جبکہ کوہلی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت کو اس ٹورنامنٹ سے پہلے ہونے والے ایک وارم اپ میچ میں ہرا چکی ہے۔

پاکستان نے سپر ایٹ کے اپنے پہلے مقابلے میں دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک جنوبی افریقہ کو سنسنی خیر مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست اٹھانا پڑی تھی۔

واٹسن نے سینتالیس گیندوں پر 70 رنز بنائے
اس سے قبل پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے جواب میں آسٹریلیا نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 4۔17 اووز میں حاصل کرلیا۔ اننگز کے اختتام پر ہسی 45 اور وائٹ 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرح آسٹریلیا کو بھی ابتداء میں نقصان اٹھانا پڑا اور اس کی پہلی وکٹ دس کے مجموعی سکور پر گری۔ تاہم بعد میں شین واٹسن اور ہسی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے مجموعی سکور کو 109 رنز تک پہنچا دیا۔ شین واٹسن دو چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور صفر کے سکور پر لیوی بولڈ ہوگئے۔ ٹیم کو دوسرا نقصان آٹھ کے سکور پر کیلس کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے چھ رنز بنائے۔ ہاشم آملہ 17 رنز بنا کر واٹسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈومینی نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پیٹرسن اور بہار دین نے بالترتیب چھ چوکوں کی مدد سے 32 اور دو چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ میچ جنوبی افریقہ کے لیے انتہائی اہم تھا کیونکہ اس کے لیے مقابلے میں موجود رہنے اور سیمی فائنل میں جانے کی امید برقرار رکھنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل جمعہ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان سے آسان میچ ہار گئی تھی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔