بدھ, ستمبر 19, 2012

ٹی 20 ورلڈ کپ: میزبان (سری لنکا) پہلے میچ میں فاتح

اجنتا مینڈیز نے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بہترین بولنگ کا اپنی ہی ریکارڈ توڑ دیا
آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کو 82 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس سے پہلے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اجنتا مینڈیز نے ٹیم میں واپسی پر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بہترین بولنگ کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے 4 اووروں میں 8 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کے 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے کامیاب ترین بلے باز بیس کے سکور کے ساتھ ہیملٹن مساکا زدہ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مونا ویرا اور دلشان تلک رتنے نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکا کی جانب سے سنگا کارا نے 44 اور مینڈس نے 43 رنز بنائے۔

سری لنکا میں منگل سے شروع ہوا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ چوتھا عالمی کپ ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور فائنل میچ 7 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کا پہلا مقابلہ افغان ٹیم سے جمعہ کے روز ہوگا جبکہ بھارت اپنا پہلا میچ افغانستان کے ساتھ بدھ کے روز کھیلےگا۔ پاکستان نے پیر کے روز بھارت کے ساتھ ورام اپ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس نے بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کسی بھی ایشیائی ملک میں کھیلا جانے والا یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ہو گا۔ اس سے پہلے تین عالمی کپ جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہو ئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: میزبان ٹیم پہلے میچ میں فاتح

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔