جمعرات, ستمبر 13, 2012

آئی فون فائیو آج متعارف کرایا جا رہا ہے

معروف امریکی کمپیوٹر ساز کمپنی ایپل کی طرف سے ایک میڈیا ایونٹ کا انعقاد آج کیا جارہا ہے۔ عالمی وقت کے مطابق رات 10 بجے ہونے والے اس ایونٹ میں توقع کی جارہی ہے کہ آئی فون کا نیا ورژن متعارف کرایا جائے گا۔

آئی فون فائیو کی متوقع تعارفی تقریب میں اب چند گھنٹوں کا وقفہ رہ گیا ہے۔ نئے آئی فون کے فیچرز اور اس کی قیمت کے حوالے سے افواہوں اور خفیہ معلومات مبینہ طور پر عام کرنے کا سلسلہ ابھی تک زور و شور سے جاری ہے۔

9to5Mac.com نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کے لیے نئے آئی فون کی قیمت وہی ہوگی جو موجودہ آئی فون فور ایس کی ہے۔ یعنی دو برس کے موبائل فون کانٹریکٹ کے ساتھ 16GB کے لیے 199 ڈالرز، 32GB کے لیے 299 جبکہ 64GB کے لیے 399 ڈالرز۔ دوسری طرف اندازے لگائے جارہے ہیں کہ آئی فون فائیو کی فروخت شروع ہونے کے ایک ہفتے کے اندر اس کے چھ ملین سے 10ملین تک یونٹس فروخت ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق نئے آئی فون کی سکرین چار انچ ہوگی جبکہ یہ فور ایس کے مقابلے میں قدرے پتلا بھی ہوگا۔ 2007ء میں آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد سے اس کی سکرین کا سائز 3.5 انچ رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس کی سکرین کا سائز تبدیل ہوگا۔

ایپل کی طرف سے آئی فون فور دو برس قبل یعنی 2010ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ نئے آئی فون کے ڈیزائن میں اس وقت کے بعد سے کی جانے والی یہ سب سے بڑی تبدیلی ہوگی۔

آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کو دیگر حریف کمپنیوں کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ان میں سام سنگ سب سے نمایاں ہے۔ ان کمپنیوں کی طرف سے اس دوران ایسی ڈیوائسز متعارف کرائی گئیں جو ماہرین کے مطابق نہ صرف سکرین سائز بلکہ ٹیکنیکل صلاحیتوں کے حوالے سے بھی آئی فون پر سبقت رکھتی ہیں۔ 

حال ہی میں ایک امریکی مارکیٹ ریسرچ کمپنی IDC کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سام سنگ رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں 51 ملین ڈیوائسز فروخت کرکے سمارٹ فون تیار کرنے والی اب سرفہرست کمپنی بن گئی ہے۔ یہ تعداد سمارٹ فونز کے کُل مارکیٹ شیئر کا 32 فیصد بنتا ہے۔ ایپل کی طرف سے اسی مدت کے دوران 26 ملین آئی فونز فروخت کیے گئے اور اس طرح اس کے حصے میں عالمی مارکیٹ کا 16.9 فیصد حصہ آیا۔

سام سنگ کی طرف سے چند روز قبل بتایا گیا تھا کہ اس کے نئے سمارٹ فون گلیکسی ایس تھری کی فروخت شروع ہونے کے پہلے ایک سو دنوں کے دوران 20 ملین یونٹس فروخت ہوئے ہیں۔

Glaxy S-III کی سکرین کا سائز 4.8 انچ ہے۔ یہ فون اینڈرائڈ فور آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم کا حامل ہے۔ اس کی پچھلی جانب آٹھ میگا پکسل جبکہ سامنے کی جانب 1.9 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے۔ سام سنگ کے مطابق یہ اس کا اب تک کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ہے۔

رواں برس کے آغاز میں کوریا کی کمپنی سام سنگ نے دنیا کی سب سے زیادہ فون بنانے والی کمپنی ہونے کا اعزاز 14 برس بعد نوکیا سے چھین لیا تھا۔

آئی فون فائیو آج متعارف کرایا جا رہا ہے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔