پیر, اگست 27, 2012

بیٹیاں تو پھول ہوتی ہیں

بیٹیاں تو پھول ہوتی ہیں

اور پھول کے مقدر میں
بالآخر بکھرنا ہے
انہیں تو بس مہکنا ہے
سجا دو سیج پر چاہے
چڑھا دو یا مزاروں پر
سہرے میں انہیں گوندھو
لگا دو یا کہ مدفن پر
انہیں خوشبو پھیلانی ہے
بھلا پھولوں کی مرضی کون پوچھتا ہے
بتاﺅ تم کو بالوں میں سجائیں یا کہ مرقد پے
آبیاری ہو کہیں یا قطع و برید ہو
پھولوں کے اختیار میں بس مہکتے رہنا ہے
اجنبی جذبات کو اپنی زباں میں کہنا ہے
جس رنگ میں چاہے باغباں
گلدستے میں سج جانا ہے
جس کیاری میں چاہے
وہیں پے ان کو اگنا ہے، وہیں پھل پھول دینے ہیں
وہیں مرجھانا ہے ان کو

پرندوں اور پودوں میں
یہی اک فرق ہے ازلی
کبھی جو بے سبب یہ مہرباں برساتیں روٹھ جائیں تو
یا بد قسمت گھٹائیں راستے بھول جائیں تو
کبھی جب پانیوں کی کوکھ بانج ہو جانے کا خدشہ ہو

پرندے ہجرتیں کرکے، نئی آب و زمیں کھوجیں
ٹھکانے، آشیانے، چمن و گلشن سب نیا ڈھونڈیں
مگر پھولوں کو پودوں کو، مگر بیلوں کو بانہوں کو
وہیں پانی کے مدفن پر، وہیں اشجار کے ساکت بدن پہ خاک ہونا ہے
انہی گجروں میں سجنا ہے
انہیں راہوں میں رلنا ہے
گلدان آباد کرنے ہیں
یہی پھولوں کی قسمت ہے، یہی ان کا مقدر ہے

بیٹیاں تو پھول ہوتی ہیں

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔