جمعہ, اگست 03, 2012

لندن اولمپکس: پہلا طلائی تمغہ چین کی سلنگ یی نے جیتا

لندن اولمپکس 2012 میں پہلا طلائی تمغہ جیتنے والی چینی خاتون، سلنگ یی
اولمپک 2012ء میں پہلا طلائی تمغہ چین کی 19 سالہ خاتون نشانہ باز سلنگ یی نے اپنے نام کیا۔ سلنگ یی نے 502.9 اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، پولینڈ کی سلویا بوگاکا نے 502.2 اسکور کرکے چاندی ، جب کہ چین ہی کی ڈان لو تیسری پوزیشن کے ساتھ کانسی کے تمغے کی حقدار ٹھہریں۔

لندن اولمپکس میں شریک پاکستان کی پہلی خاتون پیراک انم بانڈے ہفتے کو ہونے والے 400 میٹر انفرادی مقابلوں میں اگلے راؤنڈ تک کوالی فائی کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انم بانڈے 35 پیراکوں میں سب سے آخری نمبر پر رہیں اور وہ واحد پیراک تھیں جنھوں نے فاصلہ پانچ منٹ سے زیادہ وقت میں طے کیا۔ تاہم، وہ 400 میٹر انفرادی مقابلوں میں اپنے قومی کارڈ کو بہتر بنانے میں کامیاب رہیں۔

پاکستان 2012ء اولمپکس میں ہاکی، سومنگ، ایتھلیٹکس اور نشانہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔ پاکستان ہاکی ٹیم سہیل عباس کی سربراہی میں اپنا پہلا میچ 30 جولائی کو سپین ، یکم اگست کو ارجنٹینا، تین اگست کو برطانیہ، پانچ اگست کو جنوبی افریقہ اور سات اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

ایتھلیٹکس کے 100 میٹر مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی لیاقت علی اوررابعہ عاشق کررہے ہیں، جب کہ پیراکی کی 100میٹر فری سٹائل کیٹگری میں اسرار حسین اور نشانے باز خرم انعام پاکستان کی طرف سے لندن 2012ء میں حصہ لیں گے۔

سنہ 2008 میں چین کے شہر بیجنگ میں ہونےوالے اولمپکس میں میزبان ملک نے100 میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ، جب کہ امریکہ 36طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری، روس 23 تمغوں کے ساتھ تیسری اور برطانوی اولمپک دستے نے 19 طلائی تمغوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔