اتوار, اکتوبر 21, 2012

دنیا کا سب سے بڑا انسانی جھنڈا بنانے کی ریہرسل

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لئے دنیا کا سب سے بڑا انسانی جھنڈا بنانے کی فل ڈریس ریہرسل کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے کہ ریہرسل کے دوران اکیس ہزار بچوں نے شرکت کرکے عالمی ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں مختلف سکولز کے پچیس ہزارطلبہ بائیس اکتوبر کو دنیا کا سب سے بڑا انسانی جھنڈا بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ فل ڈریس ریہرسل میں اکیس ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے کہا کہ ان بچوں نے ریہرسل میں ہی چین اور ہانگ کانگ کا اکیس ہزار کے انسانی جھنڈے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

جھنڈا بنانے والے طلبہ انتہائی پر جوش دکھائی دیئے۔ اس موقع پر سٹیڈیم میں موجود طالبات کا کہنا تھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا ہے۔ اور مختلف نئے عالمی ریکارڈز کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر بہتر ہوگا۔
 

اداکار عامر خان کی فریضہ حج کے لئے روانگی

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار عامر خان اپنی والدہ زینت حسین کے ساتھ حج کریں گے۔ فلم دھوم تھری کی شوٹنگ کرنے کے بعد وہ جمعرات کو بھارت واپس آئے اور فلم ”تلاش“ کے میوزک لانچ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس جارہا ہوں اور نومبر کے پہلے ہفتے میں وطن واپس آؤں گا.

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ عامر خان نے بتایا کہ ان کی والدہ کی خواہش تھی کہ اس سال وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس جائیں لہٰذا میں بھی ان کے ہمراہ سعودی عرب جارہا ہوں۔

ایک بھارتی جریدے کے مطابق عامر خان جمعہ کی شام اپنی والدہ کے ہمراہ چودہ دن کے لئے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

پاکستان سٹارز الیون نے انٹرنیشنل سٹارز کو ہرا دیا


کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان سٹارز الیون نے انٹرنیشنل سٹارز الیون کو 84 رنز سے شکست دیدی، انٹرنیشنل سٹارز الیون 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 138 رنز بنا سکی، شاہ پور زردان 42 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، پاکستان سٹارز کے بولر تابش خان نے ہیٹ ٹرک کی۔ 

میچ میں انٹرنیشنل سٹارز الیون شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی، کپتان سنتھ جے سوریا پہلے ہی اوور میں 10 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہوکر واپس پویلین لوٹ گئے۔ محمد شہزاد 14 اور سٹیون ٹیلر 15 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ پاکستان سٹارز الیون کے تابش خان نے ریکارڈو پاول 5، جرمین لاسن 0 اور تھاندی شبالالا کو 0 پر بولڈ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انٹرنیشنل سٹارز الیون کے 42 رنز بنانے والے ٹاپ سکورر شاہ پور زردارن کو میچ کے آخری اوور میں شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا، انہوں نے اننگز میں 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ پاکستان سٹارز الیون کی جانب سے تابش خان نے 25 رنز کے عوض 3، وہاب ریاض نے 2، آفریدی اور انور علی نے ایک ایک وکٹ لی۔

42813 پاکستانیوں نے قومی ترانہ پڑھ کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا


لاہور … نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں 42 ہزار 813 افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے پاکستان کو سرٹی فکیٹ دے دیا۔ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے گیرتھ ڈیوز نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 42 ہزار 813 پاکستانیوں نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اردو میں کہا کہ آپ نے ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔ گیرتھ ڈیوز نے بتایا کہ اس سے قبل بھارت میں 15 ہزار افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھا تھا۔ پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ہزاروں افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، معروف سنگر علی ظفر، کھلاڑیوں، طلباء و طالبات سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اے لوگو! اللہ نے تم پر حج فرض کیا ہے





دنیا میں راہ گیر کی طرح زندگی بسر کرو






ذوالحجہ کے پہلے عشرہ میں نیکیوں کی فضیلت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکتہ

ذوالحجہ کے پہلے عشرہ میں نیکیوں کی فضیلت سے متعلق حدیث کا مطالعہ کریں اور اس موقع سے خوب خوب فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں، کہ اللہ کو ان دنوں میں کیے گئے نیک اعمال دیگر کسی بھی دن میں کیے گئے نیک اعمال سے زیادہ پسند نہیں، سوائے اس مجاہد کے جو جہاد کے لئے گیا اور شہید ہوا۔ آج پیر 5 ذوالحجہ ہے، یہ آفر چند دنوں کے لئے ہے۔ اللہ تعالٰی کی رضا کے لئے زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کریں۔



ہفتہ, اکتوبر 20, 2012

نوکیا لومیا 800: مکمل ری ویو

نوکیا کی جانب سے کم و بیش ایک سال قبل متعارف کروایا جانا والا پہلا ونڈوز فون لومیا 800 بالآخر پاکستان پہنچ ہی گیا۔ کمپنی کی جانب سے اس فون کو پاکستان میں اتنی دیر سے ریلیز کرنے کی کیا منطق ہے ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں۔ لیکن اس غلطی کا بھاری خمیازہ یقیناً انہیں بھگتنا پڑے گا کیونکہ اب تو نوکیا کے جانب سے ونڈوز 8 سے مزین نئے لومیا فونز، 820 اور 920 بھی متعارف کروا دیے گئے ہیں جو ایک دو ماہ کے اندر دنیا بھر میں دستیاب ہونگے (شاید پاکستان میں اتنی جلدی نہ ملیں)۔ خیر نوکیا کی دوسری غلطی کہ اس فون کی قیمت پاکستانی مارکیٹ میں لگ بھگ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جو کہ کچھ زیادہ ہے۔
 
کچھ عرصہ قبل نوکیا کی جانب ری ویو کے لیے ہمیں یہ سمارٹ فون موصول ہوا، فون کے فیچرز اور اس کی خوبیوں / خامیوں کے حوالے سے ہماری کیا رائے ہے؟ ملاحظہ کیجئے۔

ڈبے میں کیا ہے؟
ڈبے کے سائز کو بہت چھوٹا رکھا گیا ہے، جس میں فون اور دیگر اسیسریز کو اوپر تلے رکھ کر جگہ پر کی گئی ہے۔ ڈبے میں موجود چیزوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:
سمارٹ فون
چارجر اورڈیٹا کیبل
ہینڈز فری
ربڑ کور
گائیڈ میٹریل

سمارٹ فون کا ڈیزائن:
نوکیا کی جانب سے اس فون کی تیاری میں میگو ڈیوائس N9 کا ڈیزائن مستعار لیا گیا ہے، ایک ہی پولی کاربونیٹ پلاسٹک کے ٹکڑے سے بنا یہ فون انتہائی خوبصورت اور دلکش ہے۔ آپ چار رنگوں میں چاہے کوئی سا بھی خریدیں ان پر پینٹ نہیں کیا گیا بلکہ اسے اسی رنگ کے پلاسٹک سے بنایا گیا ہے لہذا رنگ اترنے کی فکر سے تو نجات ملی۔ فون میں گوریلا گلاس کا استعمال کیا گیا ہے جو مضبوط اور پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین تصویر بھی فراہم کرتا ہے۔ فون خمدار چوکور شکل کا ہے، اس کی لمبائی 116.5 ملی میٹر اور چوڑائی 61.2 ملی میٹر ہے۔ فون کی موٹائی 12.1 ملی میٹر ہے اور اس کا وزن 142 گرام ہے۔

فون کی سکرین کا سائز 3.7 انچ ہے جو کہ 480×800 پکزل ریزولیوشن فراہم کرتی ہے۔ سامنے کی جانب سکرین کے علاوہ نوکیا لوگو، ایرپیس سپیکر ،لائیٹ سنسر اور تین ٹچ بٹن نصب کیے گئے ہیں۔ فون کی پشت 8 میگا پکزل کیمرہ اور ڈول ایل ای ڈی فلیش لائیٹ سے مزین ہے۔ فون کی دائیں جانب والیوم کیز، پاور بٹن اور کیمرہ بٹن نصب ہے جبکہ بائیں جانب بالکل خالی ہے۔ فون کے اوپر 3.5 ملی میٹر ہیڈ فون جیک، مائیکرو یو ایس بی پورٹ اور مائیکرو سم کارڈ سلوٹ موجود ہے جبکہ فون کی نچلی سطح سپیکر اور مائیکروفون سے مزین ہے۔ سپیکر فون نچلی جانب نصب ہونے کی وجہ سے جب آپ کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہوں تو ایسے معلوم ہوتا ہے کہ آواز کہیں اور سے آرہی ہے، اسی لیے نوکیا کی جانب سے دیگر ماڈلز میں سپیکر کی جگہ تبدیل کر لی گئی ہے۔
 
گو کہ فون کا ڈیزائن بہت ہی دلکش اور پائیدار ہے لیکن فون کی سکرین اور پولی کاربونیٹ باڈی دونوں ہی پر انگلیوں کے نشانات بہت جلد پڑ جاتے ہیں، لہذا آپ کو فون استعمال کرتے وقت اس کی صفائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ فون میں عام سم کی بجائے مائیکرو سم کا استعمال ہوتا ہے جس کے لیے یا تو آپ کو نئی ”چھوٹی سم“ خریدنا ہوگی یا پھر اپنی موجودہ سم کاٹ کر چھوٹی کرنا ہوگی۔

ہارڈوئیر کی تفصیلات:
فون میں 1.4GHz سنگل کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کی ریم 512MB ہے۔ اس فون میں Adreno 205 گرافکس چپ نصب ہے جس کی بدولت آپ اس پر تھری ڈی گیمز باآسانی کھیل سکتے ہیں۔ گو کہ مارکیٹ میں آج کل ڈول کور اور کواڈ کور پراسیسرز کے حامل سمارٹ فون بھی دستیاب ہیں لیکن چونکہ لومیا 800 کو خاص طور پر ونڈوز فون 7.5 کے لیے بنایا گیا لہذا سنگل کور پراسیسر اور 512 MB کے ریم کے باوجود فون کی رفتار بہت تیز ہے اور آپ کو کسی قسم کا lag محسوس نہیں ہوتا۔

فون کی میموری 16GB ہے ، چونکہ ونڈوز فون 7.5 میں میموری کارڈ سپورٹ شامل نہیں لہذا نوکیا کی جانب سے اس فون میں میموری کارڈ سلوٹ نہیں رکھی گئی۔ ایک عام صارف کے لیے 16GB کچھ کم ہے کیا؟

فون میں 8 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے جس میں Carl Zeiss لینز استعمال کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ڈول ایل ای ڈی فلیش لائیٹ بھی نصب ہے جو اندھیرے میں تصاویر اتارنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کے وقت روشنی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس فون کا کیمرہ رزلٹ بہت خوب ہے اور علیحدہ سے کیمرہ بٹن ہونے کی وجہ آپ کو تصاویر اتارنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی، بس بٹن دبائیں اور کیمرہ خودکار فوکس کے ذریعے اعلی تصویر اتار دے گا۔ ساکن تصاویر اتارنے کے ساتھ ساتھ یہ کیمرہ 720p ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ فون میں سامنے کی جانب کوئی کیمرہ نصب نہیں لیکن آپ سکائپ پر پشت والا کیمرہ استعمال کرسکتے ہیں۔
 
فون میں 1450mAh بیٹری استعمال کی گئی ہے جو آپ کو نارمل استعمال پر 2 دن تک کا بیک اپ فراہم کرتی ہے، لیکن اگر آپ زیادہ گیمز کھیلنے یا وائی فائی انٹرنیٹ استعمال کرنے کے شوقین ہیں تو دیگر سمارٹ فونز کی طرح یہ بمشکل ایک دن ہی چلے گی۔ ایک ہی پلاسٹک کے ٹکڑے سے بنا ہونے کے باعث آپ فون کی بیٹری کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
کال کوالٹی کے حوالے سے فون کی کارکردگی بہت اچھی ہے اور آپ انتہائی شور میں بھی باآسانی کالز کرسکتے ہیں۔ فون وائی فائی، بلیوٹوتھ، ایف ایم ریڈیو، جی پی ایس، ایکسیلرومیڑ اور لائیٹ سنسرز سے بھی مزین ہے۔

سافٹوئیر اور انٹرفیس:
نوکیا لومیا 800 مائیکروسافٹ ونڈوز فون 7.5 جسے عرف عام میں مینگو کا نام دیا جاتا ہے سے مزین ہے۔ فون کے انٹرفیس میں ٹائلز کا استعمال کیا گیا ہے جن میں بہت سے ٹائلز ساکن اور کچھ متحرک ہوتی ہے جیسے تصاویر کا سلائیڈ شو، فیس بک اور ٹوئیٹر اپڈیٹس، موسم کا حال وغیرہ۔ اگر آپ اس سے قبل ونڈوز فون استعمال کرچکے ہیں تو یقیناًآپ کو اس فون میں کچھ نیا نہیں ملے گا۔

دیگر موبائل فون آپریٹنگ سسٹمز کی نسبت ونڈوز فون 7.5 بہت ہی عمدہ اور جانب نظر سافٹ وئر ہے، خاص کر اگر آپ اینڈرائیڈ صارف ہیں تو یقیناً آپ اینڈرائیڈ کی سست رفتار سے بہت تنگ ہوں گے، اس کے مقابلے میں ونڈوز فون بہت تیز ہے اور آپ کو کسی قسم کا lag محسوس نہیں ہوگا۔ آپ فیس بک، ٹوئیٹر، دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس، اپنی ای میلز اور دوستوں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات ایک ہی جگہ موصول کر سکتے ہیں۔ ہوم سکرین پر موجود متحرک ٹائلز آپ کو ہر نئے اپڈیٹ سے باخبر رکھتی ہیں۔ فون میں موجود مائیکروسافٹ آفس کی مدد سے آپ کسی بھی وقت ورڈ، ایکسل اور پاورپوائیٹ کی نئی فائلز تخلیق کرنے کے ساتھ ساتھ کلاؤڈ پر موجود اپنی پرانی فائلز بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ فون میں ایکس باکس لائیو کی سہولت بھی موجود ہے جس کی مدد سے آپ اپنے دوستوں کے ساتھ گیمز کھیل سکتے ہیں اور اپنے سکور شئیر کر سکتے ہیں۔ آپ مارکیٹ پلیس سے بہت سی گیمز، گانے اور ویڈیوز بھی خرید سکتے ہیں اور انہیں لائیو ٹائلز بھی بنا سکتے ہیں تاکہ صرف ایک ٹچ پر آپ کا پسندیدہ گانا چل پڑے۔
 
جہاں ونڈوز فون 7.5 ایک منفرد اور دلکش سافٹ وئر ہے وہیں اس میں بہت سی خامیاں بھی ہیں، جیسے عام طور پر آپ سمارٹ فونز میں ملٹی ٹاسکنگ یعنی ایک ہی وقت میں بہت سی ایپلی کیشنز کھول سکتے ہیں، لیکن اس فون میں یہ سہولت موجود نہیں اور آپ ایک وقت میں صرف ایک ہی ایپلی کیشن استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح دیگر گوگل اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے مقابلے میں ونڈوز فون کے لیے بہت کم ایپلی کیشنز دستیاب ہیں، اور ان کی کوالٹی بھی اتنی اچھی نہیں۔ اگر آپ پہلی بار ونڈوز فون استعمال کررہے ہیں تو یقیناً آپ کو اس بات کا شکوہ بھی رہے گا کہ آپ نہ تو بلیوٹوتھ کے ذریعے فائلز کا تبادلہ کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس میں کسی قسم کا فائل مینجر موجود ہے۔ کمپیوٹر پر یا اس سے فائلز ٹرانسفر کرنے کے لیے بھی آپ کو مائیکروسافٹ کا سافٹ وئر استعمال کرنا ہوگا جو پہلے فائلز کو کنورٹ کرے گا اور یہ صرف تصاویر، گانے اور ویڈیوز ہی منتقل کرسکتا ہے۔ گو کہ ان میں سے بہت سی خامیوں پر ونڈوز فون کے نئے ورژن 8 میں قابو پالیا گیا ہے لیکن اطلاعات کے مطابق لومیا 800 نئی ونڈوز پر اپگریڈ نہیں ہوسکے گا۔ مگر گھبرائیے مت نوکیا کی جانب سے جلد ہی اس فون کے لیے ونڈوز 7.8 نامی خصوصی ورژن پیش کیا جا رہا ہے جو ونڈوز فون 8 کے بہت سے فیچرز سے مزین ہوگا۔

ہماری رائے:
نوکیا کی جانب سے اس فون کو پاکستان میں پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ سے بہت سے صارفین شاید اب اس کی جانب راغب نہ ہوسکیں، سونے پر سہاگہ نوکیا کی جانب سے اس فون کی قیمت بھی بہت زیادہ مقرر کی گئی ہے جس کی وجہ بہت سے لوگ جو یہ فون خریدنا چاہ رہے ہونگے وہ بھی کشمکش کا شکار ہیں۔ بلاشبہ فون کا ڈیزائن بہت ہی عمدہ اور دلکش ہے، اس کی مضبوطی اور پائیداری اور ہارڈوئیر فیچر بھی بہت اعلی ہیں۔فون کی اہمیت کو کم کرنے والی چیز اس کا سافٹ وئر ہے، امید ہے کہ ونڈوز فون 7.8 میں اس کمی پر بڑی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ اگر آپ نوکیا کے مداح ہیں تو یقیناً یہ فون آپ کے لیے بہت موزوں ہے۔

نوکیا لومیا 800: مکمل ری ویو

جمعرات, اکتوبر 18, 2012

شہبازشریف کا داماد تشدد کیس میں گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد کو بیکری ملازم تشدد کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علی عمران ڈیفینس تھانہ بی میں بیان ریکارڈ کرانے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بیکری ملازم پر تشدد کیس میں اپنے داماد کو بھی شامل تفیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس موقع پر میڈیا کو تھانے کے اندر داخل ہونےسے روک دیا گیا اور سکیوڑتی کے سخت انتظامات کیے گئے علی عمران کو پولیس نے دفعہ ایک سو نو اعانت جرم کے تحت گرفتار کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہاز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے داماد کو خود شامل تفتیش ہونے کے لیے کہا کوئی بھی شخص خواہ وہ کسی بھی حیثیت میں ہو قانون سے بالاتر نہیں، اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائینگے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قانون و انصاف کی حکمرانی یقینی نہ بنانے والے معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں، رشتے دار ہو یا کوئی صاحب حیثیت قانون سب کے لیے برابر ہے۔

جنوبی افر یقا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کراچی پہنچ گئے

انٹرنیشنل ورلڈ الیون اور پاکستان آل سٹارز الیون کے میچوں میں شرکت کے لئے جنوبی افریقا کی ٹیم کے پانچ اور ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔

کراچی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شرکت کے لئے جنوبی افریقا کے پانچ اور ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی کراچی پہنچے ہیں۔ جنوبی افریقا کے پانچ کھلاڑیوں میں آندرے نیل، نینٹی ہیورڈ، لوٹس باسمین اور ٹی ٹشابابا شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑیوں میں ریکاڈو پاول، اسٹین ٹیلر، جرمین لاسن اور ایڈم سینفرڈ شامل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے کراچی میں میچ کا انعقاد خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں بھی پاکستان میں کرکٹ میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی میں انٹرنیشنل ورلڈ الیون اور پاکستان سٹار الیون کے درمیاں میچز 20 اور 21 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ تین نومبر 2009 کو لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پہلی مر تبہ بین الاقومی کھلاڑی کرکٹ میچز میں شرکت کے لئے پاکستان آرہے ہیں۔

جنوبی افر یقا کے 5، ویسٹ انڈیز کے 4 کھلاڑی کراچی پہنچ گئے

آسٹریلوی وزیراعظم گر پڑیں

آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ بھارتی رہنما مہاتما گاندھی کی یادگار کے دورے کے دوران گر گئیں، انہیں چوٹ نہیں آئی۔

آسٹریلوی وزیراعظم بھارت کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے دلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار کا دورہ کیا وہ جیسے ہی پتھریلے فرش سے گھاس پر آئیں تو اپنا وزن برقرار نہ رکھ سکیں اور اوندھے منہ جا گریں۔ ان کے ہمراہ آنے والے اہلکاروں نے انہیں اٹھایا۔ ان کے کپڑے جھاڑے جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں چوٹ نہیں آئی۔
 

کیا یہ ماں‌ بیٹی دہشت گرد ہیں؟؟؟

ابھی تو پردہ سِرکا ہے


پاکستان میں عیدالاضحٰی 27 اکتوبر کو ہوگی

کراچی — پاکستان میں اسلامی مہینے ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے۔ جمعرات 18 اکتوبر کو یکم ذی الحج ہوگی اور ملک بھر میں عیدالاضحٰی 27 اکتوبر بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

اس مقدس تہوار پر بھر کے مسلمان پیغمبر اسلام حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی سنت کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں۔ 

چاند نظر آنے کا اعلان بدھ کی شام مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کیا۔ اعلان سے قبل کمیٹی کا کراچی میں باضابطہ اجلاس ہوا جس میں متعدد مکاتب فکر کے علماء بھی شریک ہوئے۔ اعلان کے مطابق مطلع صاف ہونے کی وجہ سے لاہور میں چاند ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک نظر آتا رہا۔

پاکستان میں عیدالاضحٰی 27  اکتوبر کو ہوگی


سعودی عرب میں ذی الحج کا آغاز، حج 25 اکتوبر کو ہوگا
سعودی عرب میں ذی الحج کا مہینہ شروع ہوگیا ہے اور بروز بدھ 17 اکتوبر کو یکم ذی الحج ہے، اس لحاظ سے حج 2012ء جمعرات 25 اکتوبر کو ادا کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحٰی جمعہ 26 اکتوبر کو منائی جائے گی۔

اس بات کا باقاعدہ سرکاری اعلان منگل کو سعودی عدالتی کونسل نے کیا۔ اعلان کے مطابق حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘  9 ذی الحج بمطابق 25 اکتوبر کو ادا کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آنے والے دنیا بھر کے مسلمان 26 اکتوبر کو عیدالاضحٰی مناتے ہوئے جانور قربان کریں گے۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق رواں برس 30 لاکھ پانچ سو حجاج فریضہ حج ادا کریں گے۔ اس وقت صرف مدینہ منورہ میں ہی 8 لاکھ 27 ہزار دو سو 51 عازمین حج موجود ہیں ۔

ادھر وزیرثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز بن محی الدین خوجہ کا کہنا ہے کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی سعودی عرب سے حج کے تمام مناسک کی براہ راست ٹی وی کوریج کی جائے گی۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی سے وابستہ ایک عہدیدار مصطفی حبیب صدیقی نے ریاض سے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سعودی ٹی وی دنیا بھر کو حج کی نشریات بلامعاوضہ فراہم کرتا ہے۔ مغربی ممالک بھی سیٹیلائٹ کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

پی ٹی سی ایل ایوو ٹیبلیٹ؛ قیمت صرف 12000 روپے

لیجئے جناب آخر کار پی ٹی سی ایل کو بھی عقل آہی گئی، کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی خصوصی عید آفر میں صارفین کو پی ٹی سی ایل ایوو ٹیب اب 30 ہزار روپے کی بجائے صرف 12 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ جس کے ساتھ صارفین کو 3 ماہ تک لامحدود انٹرنیٹ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔

پی ٹی سی ایل ایوو ٹیبلیٹ کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:
3G سمارٹ فون ٹیبلیٹ جس میں ایوو وائرلیس براڈ بینڈ کی سہولت بھی موجود ہے۔
7 انچ لمبی ٹی ایف ٹی ٹچ سکرین۔
800MHz پراسیسر اور 512MB ریم۔
گوگل اینڈرائیڈ فرویو 2.2 آپریٹنگ سسٹم۔
5 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ اور سامنے کی جانب ویڈیو کالنگ کے لیے دوسرا کیمرہ۔
جی ایس ایم اور CDMA سم کی سہولت جس میں آپ کالز اور ایس ایم دونوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
32GB تک میموری کارڈکی سہولت اور ساتھ میں 2GB کارڈ مفت۔

شرائط و ضوابط:
یہ آفر صرف ایوو ٹیب خریدنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
آفر پی ٹی سی ایل ون سٹاپ شاپس اور مجاز ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے ہی دستیاب ہے۔
تین ماہ کے بعد صارفین کو Non-PSTN پیکج پر منتقل کردیا جائے گا جس کے چارجز 2100 روپے ماہانہ ہونگے۔ صارفین اپنا پیکج تبدیل بھی کرسکتے ہیں۔
پی ٹی سی ایل کی یہ نئی آفر ہے تو بہت اچھی لیکن بہت دیر کردی مہربان آتے آتے، اگر پی ٹی سی ایل کی جانب سے یہ آفر ایوو ٹیب متعارف کرواتے وقت پیش کی جاتی تو یقیناً صارفین کی بڑی اکثریت یہ ٹیبلیٹ ضرور خریدتی، لیکن اب 800MHz پراسیسر اور اینڈرائیڈ 2.2 کا زمانہ پرانا ہوچکا ہے، دوسری طرف بہت سے صارفین ایوو سروس کی ناقص کوالٹی اور کم سپیڈز سے بھی نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ لہذا اگر آپ یہ ٹیبلیٹ خریدنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو ذرا مزید سوچ لیجئےکہیں گھاٹے کا سودا ثابت نہ ہو۔

اتوار, اکتوبر 14, 2012

ملالہ یوسفزئی: ’اہم اعضاء ٹھیک ہیں‘

پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی بچی ملالہ یوسفزئی کی صحت بدستور اطمینان بخش ہے اور ان کے اہم اعضاء بالکل ٹھیک ہیں۔ بی بی سی اردو سروس کے پروگرام سیربین میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجواہ نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کے دل کی دھڑکن، نبض اور بلڈ پریشر صحیح ہے اور مجموعی طور پر اُن کی حالت تسلی بخش ہے۔ اہم اعضاء میں دل، پھیپھڑے، گردے اور دماغ شمار ہوتے ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ابھی بھی مصنوعی تنفس یا وینٹیلیٹر پر ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان واقعات کے بعد ملالہ یوسفزئی کے والدین کو ایک ذاتی خط لکھا ہے جس میں انھوں نے ’ان کی بہادر بیٹی کی جلد صحت یابی‘ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے سفیر مسعود خان کو جمعے کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’ملالہ صرف آپ کے ملک (پاکستان) کے لیے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کے لیے مثال ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملالہ پر حملے کے دوران زخمی ہونے والی دو اور طالبات شازیہ اور کائنات کو بھی مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ شازیہ پشاور سی ایم ایچ میں زیرِ علاج ہیں اور کائنات کو سوات کے مقامی ہسپتال میں علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر زرداری نے ان دونوں بچیوں کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ بیان کے مطابق صدر زرداری نے اِن بچیوں کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے حقیقی چہرے کی نمائندگی کرتی ہیں اور انھوں نے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے مظالم کے خلاف قوم کا مجموعی شعور بیدار کیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر زرداری نے ملالہ، شازیہ اور کائنات کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ملالہ یوسفزئی: ’اہم اعضاء ٹھیک ہیں‘

فیس بک ہیک؟ انتظامیہ کا انکار

گذشتہ رات گوڈیڈی کو ہیک کرنے والے ہیکر Anonymous Own3r کی جانب سے دعوٰی کیا گیا کہ اس نے سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر DDoS حملہ کرکے اسے ہیک کرلیا ہے جس کی وجہ سے یورپی ممالک کے اکثر صارفین کے پاس فیس بک کی رسائی ختم ہوگئی۔

جرمنی، فرانس، اٹلی، ترکی، سویڈن، سپین، ناروے، یونان اور دیگر یورپی ممالک سے صارفین کی بڑی اکثریت نے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو فیس بک کے اس تعطل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں ہیکر کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام دیا گیا کہ اس نے اب ویب سائٹ پر DDoS حملہ بند کردیا ہے لہذا ویب سائٹ تمام صارفین کے لیے دوبارہ دستیاب ہوگی۔
 
لیکن کیا واقعی ایسا ہوا تھا؟ فیس بک انتظامیہ نے ہیکر کے تمام تر دعووں کو غلط قرار دیا ہے اور ویب سائٹ سروس معطل ہونے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یورپی ممالک میں فیس بک سروس کو مزید بہتر بنانے کے DNS میں تبدیلی کی گئی تھی، لیکن اس میں ایک جگہ خرابی پیدا ہوگئی جسے فوری طور ختم کردیا گیا لیکن چونکہ نئے DNS تمام صارفین کے لیے دستیاب ہونے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے اس لیے ویب سائٹ چند گھنٹے ڈاؤن رہی۔ اس میں ہیکر کا کوئی کمال نہیں۔