ہفتہ, دسمبر 08, 2012

پولیس اہلکار نے چودہ برس سے چھٹی نہیں کی

بھارت کے دارالحکومت دلی میں تعینات پولیس سب انسپکٹر گزشتہ چودہ برسوں سے ایک روز کی چھٹی لیے بغیر اپنی ڈیوٹی کررہے ہیں۔ بلجیت سنگھ رانا کی عمر اس وقت ساٹھ برس ہے اور وہ گزشتہ چالیس برسوں سے پولیس کی ملازمت میں ہیں۔ پولیس کی حاضری سے متعلق گزشتہ چودہ برسوں کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے اس مدت میں ایک دن بھی چھٹی نہیں کی۔ ان کے اہل خانے کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں ان کے تین بیٹوں کی جب شادی ہوئي تب بھی بلجیت سنگھ نے چھٹی نہیں لی۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ بلجیت سنگھ رانا اپنے اہل و عیال کا پورا خيال رکھتے ہیں اور انہوں نے ان کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا ہے۔

بلجیت سنگھ رانا کی اہلیہ سوشیلا سنگھ نے بی بی سی کو بتایا ’انہوں نے ہماری ضروریات یا گھر سے متعلق کسی کام کو کبھی نظر انداز نہیں کیا۔ ہاں شروع میں جب وہ چھٹی نہیں لیتے تھے تو ہم ان سے ناراض ہوجاتے تھے کیونکہ ہمیں یہ لگتا تھا کہ ان کے علاوہ سب کو ایک روز کی چھٹی ملتی ہے لیکن ان کو نہیں ملتی ہے۔‘ سوشیلا سنگھ نے مزید کہا ’لیکن پھر ہمیں بعد میں لگا کہ یہ تو ان کا اپنا انداز ہے اور انہوں نے اپنے اہل و عیال کو کبھی تنہا بھی تو نہیں چھوڑا۔ جب ہمیں ضرورت پڑی وہ پاس میں ہوتے ہیں تو پھر ہم نے بھی اس سے مصلحت سمجھ کر قبول کر لیا۔‘

سب انسپکٹر بلجیت سنگھ رانا سبزي خور ہیں اور یوگا بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بیمار نہیں ہوئے اس لیے انہوں نے کبھی بیماری کی چھٹی بھی نہیں لی۔ سخت محنت اور کام کے لیے لگن کی وجہ سے انہیں دو بار صدارتی میڈل سے بھی نوازا گيا ہے۔ رانا اکتیس اگست کو ریٹائر ہوگئے تھے لیکن پولیس نے انہیں صلاح و مشورہ کے لیے دوبارہ بھرتی کر لیا ہے۔ ان کے ساتھی کہتے ہیں کہ وہ کام کے حوالے سے رانا کی لگن پر فخر کرتے ہیں۔ ان کے سپروائزر اور ایڈشنل ڈپٹی کمشنر آ‌ف پولیس منگيش کشیپ کہتے ہیں ’چھٹی ضرور لینی چاہیے، خاص طور پر پولیس کی نوکری میں جو بہت مشکل کام ہے۔ بلجیت سنگھ نے گزشتہ چودہ برسوں میں کوئي چھٹی نہیں لی۔ ہمارے محکمہ میں ایسا دوسرا شخص تلاش کرنے سے بھی نہیں ملے گا۔‘

پولیس اہلکار چودہ برس سے بغیر چھٹی کے کام پر

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔