جمعہ, اگست 31, 2012

یو ایس اوپن: مرے، شاراپوا، آزارینکا اور فیرر اگلے مرحلے میں

کِم کلائسٹرز
اینڈی مرے، ماریا شاراپووا، وکٹوریہ آزارینکا اور ڈیوڈ فیرر یو ایس اوپن کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ سٹار کھلاڑی کِم کلائسٹرز کو برطانیہ کی جواں سال لورا روبنسن نے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔

اینڈی مرے نے بدھ کو کروشیا کے Ivan Dodig خلاف میچ چھ دو، چھ ایک اور چھ تین سے جیت کر تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا نے بیلجیم کی کرسٹین فلِپکینس کو چھ دو، چھ دو سے مات دی اور یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔

سابق چیمپئن ماریا شاراپووا نے سپین کی لورڈ ڈومینگس لینو کو چھ صفر، چھ ایک سے مات دیتے ہوئے یو ایس اوپن کے تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ شاراپووا نے 2006ء میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ بدھ کو ہسپانوی حریف کے خلاف میچ جیتنے میں انہیں 54 منٹ لگے۔ سپین کے ڈیوڈ فیرر نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو مات دی ہے۔

کِم کلائسٹرز یو ایس اوپن کے بعد کھیل کو خیرباد کہنے کا اعلان کر چکی تھیں۔ یوں بدھ کا مقابلہ ان کا آخری سنگلز میچ ثابت ہوا ہے۔ لورا روبنسن نے انہیں سات چھ، سات چھ سے مات دی۔ کلائسٹرز کے لیے یہ ہار کسی دھچکے سے کم نہ تھی اور میچ کے ا‌ختتام پر ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ پھر بھی شکست کے باوجود کِم کلائسٹرز کا کہنا تھا کہ کھیل سے کنارہ کرتے ہوئے ان کے دِل میں کوئی حسرت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’میچ کے ایک گھنٹے بعد تک کچھ مایوسی تھی اور کسی حد تک بے چینی بھی تھی۔ لیکن ریٹائرمنٹ کے بارے میں بات کرنے اور سوچنے کے بعد میں خوش ہوں۔‘‘

روبنسن نے کِم کلائسٹرز کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔ کلائسٹرز کی ریٹائرمنٹ پر ماریا شاراپووا اور سیم سٹوزر نے بھی اظہار خیال کیا۔

کلائسٹرز نے 2005ء میں یو ایس اوپن جیتا تھا۔ وہاں وہ 2009ء میں دوبارہ لوٹیں جب ان کی ایک بیٹی بھی تھی۔ تاہم اس کے باوجود انہوں نے پہلے سے بہتر کھیل پیش کیا اور بعد میں دو مرتبہ یو ایس اوپن اور ایک مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتا۔

ان کا کہنا تھا: ’’یہ بہت زبردست سفر رہا ہے اور میرے بہت سے خواب ٹینس کی وجہ سے پورے ہوئے ہیں۔‘‘

یو ایس اوپن: مرے، شاراپوا، آزارینکا اور فیرر اگلے مرحلے میں

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔