بدھ, اکتوبر 24, 2012

ترکِ تعلقات پہ رویا نہ تو نہ میں

ترکِ تعلقات پہ رویا نہ تو نہ میں
لیکن یہ کیا کہ چین سے سویا نہ تو نہ میں


حالات کے طلسم نے پتھرا دیا مگر
بیتے سموں کی یاد میں کھویا نہ تو نہ میں


ہر چند اختلاف کے پہلو ہزار تھے
وا کر سکا مگر لبِ گویا نہ تو نہ میں


نوحے فصیلِ ضبط سے اونچے نہ ہو سکے
کھل کر دیارِ سنگ میں رویا نہ تو نہ میں


جب بھی نظر اٹھی تو فلک کی طرف اٹھی
برگشتہ آسمان سے گویا نہ تو نہ میں

خالد احمد

یو ایس بی سے وائرس ختم کریں


منگل, اکتوبر 23, 2012

امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ تمام اعزازات واپس

جینیوا: عالمی سائیکلنگ یونین نے امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ سے جیتے گئے تمام اعزازات واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔

امریکا کی ڈوپنگ ایجنسی نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ پر تاحیات پابندی لگادی تھی جس کے بعد سائیکلنگ کے کھیل کے عالمی ادارے یو سی اے نے آرمسٹرانگ سے تمام اعزازات واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کھ سائیکلنگ کے کھیل میں اب ان کا کوئی کردار نہیں رہا اور نوجوان کھلاڑیوں کوان کےاس انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔

یونائیٹڈ سائیکلنگ یونین کی جانب سے سارے اعزازات واپس لینے کے اعلان کے بعد بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی نے بھی 2000 کے سڈنی اولمپکس میں ان کا جیتا ہوا کانسی کا تمغہ واپس لینے پر غور شروع کردیا ہے۔ لانس آرمسٹرانگ اپنے 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 7 بار ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں۔

امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ تمام اعزازات واپس

’ڈیجیٹل خانہ بدوش‘

مہم جُو نوجوانوں کے ایک گروپ نے سائیکل پر سفر کرتے ہوئے جرمنی سے بھارت جانے کا منصوبہ بنایا۔ اس دوران اہم بات یہ تھی کہ یہ گروپ جہاں بھی گیا، اسے بغیر کسی مشکل کے انٹرنیٹ کی سہولت حاصل رہی۔

برلن سے نئی دہلی تک کا سفر اور وہ بھی سائیکل پر۔ تھوماس جیکل اپنے دیگر تین ساتھوں کے ساتھ برلن سے نئی دہلی تک کا 8 ہزار سات سو کلومیٹر طویل سفر کرنے کے لیے نکلے۔ دیگر اشیاء کے علاوہ زاد راہ کے طور پر ان کے پاس لیپ ٹاپ یو ایس بی سٹکس اور سمارٹ فونز تھے۔ ان تینوں نے اس دوران راتیں خیموں میں بسر کیں اور دن میں سفر کے دوران وقفہ کرنے کے لیے کسی ایسے کیفے یا ہوٹل کا انتخاب کیا، جہاں انٹرنیٹ کی سہولت یعنی ہاٹ سپاٹ موجود تھے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ انہیں یہ سہولت ایسے علاقوں میں بھی میسر آئی، جن کے بارے میں عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ یہ باہر کی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں۔ رات کو یہ لوگ سفر کی داستان اور ای میلز لکھتے تھے اور دن میں اسے اپ لوڈ کرتے رہے۔ 26 سالہ تھوماس کہتے ہیں، ’میں بھوک اور پیاس تو برداشت کر سکتا ہوں لیکن انٹرنیٹ مجھے ہر حال میں چاہیے‘۔

ان کا یہ سفر چھ ماہ پر محیط تھا۔ مہم جو نوجوانوں کا یہ گروپ چیک ریپبلک، آسٹریا، سلوواکیہ، ہنگری، رومانیہ، بلغاریہ، ترکی، ایران اور پھر پاکستان سے ہوتے ہوئے بھارت پہنچا۔ اس دوران انہوں نے آسانی یا مشکل سے کسی نہ کسی طرح انٹرنیٹ سہولت کو تلاش کر ہی لیا۔ جیکل بتاتے ہیں، ’ایران میں، میں نے موبائل کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کیا۔ بغیر عنوان والی ایک ای میل کو بھیجنے کے لیے تقریباً ایک گھنٹہ لگا‘۔ 27 سالہ ایرک فیئرمان بتاتے ہیں، ’راستے میں جہاں بھی انٹرنیٹ کنکشن موجود تھا، ہم نے وہاں وقفہ کیا۔ لیپ ٹاپ چارج کیے اور انٹرنیٹ کا پاس ورڈ پتا چلانے میں بھی کوئی خاص مشکل پیش نہ آئی‘۔ ان نوجوانوں کے مطابق انٹرنیٹ سے رابطہ ہونے کی صورت میں انہوں نے صرف اہم چیزوں پر ہی توجہ دی اور سکائپ اور فیس بک پر اپنا وقت ضائع نہیں کیا۔ اس ٹیم نے اپنے سفر کے دوران یہ ثابت کیا کہ انسان اگر چاہے تو وہ سنسان اور ویران مقامات سے بھی رابطے میں رہ سکتا ہے۔

اس سفر کا ایک مقصد بھارت میں بیت الخلاء کی تعمیر کے لیے ان کے ’’ٹائلٹ پروجیکٹ‘‘ کے لیے چندہ جمع کرنا بھی تھا۔ اس دوران ان کے پاس ساڑھے گیارہ ہزار یورو اکھٹے ہوئے۔ اس رقم سے یہ نوجوان ممبئی کے قریب 25 حاجت خانے بنوائیں گے۔ ممبئی اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں عوام کی ایک بڑی تعداد کو ٹائلٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ اس ٹیم کے چار ارکان نے سائیکل پر بھارت کا سفر طے کیا جبکہ ان کے بقیہ ساتھی اپنے اس منصوبے کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے بھارت پہنچے۔

’ڈیجیٹل خانہ بدوش‘

::::::: آیے رب العالمین کی تکبیر بلند کریں :::::::

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکتہ، ذی الحج کے پہلے دس دنوں میں تھلیل بیان کرنا یعنی اللہ کی لا شریک الوہیت کا ذکر کرنا، تکبیر بلند کرنا، اللہ کی تحمید کرنا (یعنی اللہ کی تعریف اور پاکی بیان کرنا)، اور با آواز بلند کرنا اور بھری محفلوں میں کرنا اللہ کے محبوب کاموں میں سے ایک ہے۔

یہ کام صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین بھی کرتے رہے اور ان کے بعد آج تک اُمت میں ایمان والے اپنے اپنے اِیمان اور عِلم کے مطابق اس پر عمل کرتے ہیں، سوائے ہمارے جیسے چند کوتاہ کاروں کے۔

آخری بات سے پہلے ذی الحج کے پہلے دس دنوں میں اللہ کی تکبیر، تھلیل تحمید اور تسبیح وغیرہ کے بارے میں کچھ معلومات پیش کرتا ہوں۔

عبداللہ ابن عُمَرَ رضی اللہ عنہُ سے روایت ہے کہ نبی اللہ صَلَّی اللہُ عَلِیہِ وَعَلَٰی آلِہِ وَسلَّمَ نے اِرشاد فرمایا (((((مَا مِن أَيَّامٍ أَعْظَمَ عِنْدَ اللَّهِ وَلاَ أَحَبَّ إليهِ مِنَ الْعَمَلِ فِيهِنَّ مِن هَذهِ الأَيَّامِ الْعَشْرِ فأكَثُروا فِيهِنَّ مِنَ التَّهْلِيلِ وَالتَّكْبِيرِ وَالتَّحْمِيدِ
::: اللہ کے ہاں ان (ذی الحج کے پہلے) دس دِنوں سے بڑھ کر عظیم کوئی اور دِن نہیں اور نہ ہی اِن دنوں میں کیے جانے والے کاموں سے بڑھ کر محبوب کوئی اور کام ہے لہذا تم لوگ اِن دِنوں میں تھلیل (لا اِلہَ اِلَّا اللہُ) اور تکبیر (اللہ اکبر) اور تحمید (الحمد للہ) کی کثرت کرو)))))
مُسنَد أحَمد / حدیث 5446، 5455، صحیح الترغیب و الترھیب / حدیث 1248
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔
::: صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کا عمل :::
(((((وكان بن عُمَرَ وأبو هُرَيْرَةَ يَخْرُجَانِ إلى السُّوقِ في أَيَّامِ الْعَشْرِ يُكَبِّرَانِ وَيُكَبِّرُ الناس بِتَكْبِيرِهِمَا وَكَبَّرَ محمد بن عَلِيٍّ خَلْفَ النَّافِلَةِ
::: عبداللہ ابن عُمر اور ابو ہریرہ رضی اللہ عنھم (ذی الحج) کے دس دنوں میں بازار کی طرف جاتے اور (راستہ بھر اور بازارمیں) تکبریں بُلند فرماتے اور لوگ ان دونوں کی تکبریں سن کر تکبیریں بلند کرتے، اور محمد بن علی (بن ابی طالب) رضی اللہ عنہُ (اِن دِنوں میں) نفل نماز کے بعد تکبریں بُلند فرمایا کرتے)))))
صحیح البخاری / کتاب العیدین / بَاب 11 فَضْلِ الْعَمَلِ في أَيَّامِ التَّشْرِيقِ

صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین ان الفاظ میں تکبیر، تسبیح اور تھلیل کی صدائیں بلند فرمایا کرتے تھے
اللہ أکبرُ، اللہ أکبر، اللہ أکبرُ کَبِیراً،
اللہ أکبرُ اللہ أکبر، لا اِلہَ اِلَّا اللہُ، واللہ أکبرُ، اللہ أکبرُ، و للہ الحَمد،
اللہ أکبرُ، اللہ أکبر، اللہُ أکبرُ لا اِلہَ اِلَّا اللہ، واللہ أکبرُ، اللہ أکبرُ و للہِ الحَمدُ،

تکبیر اور تحمید کے مذکورہ بالا تین جملوں کی صورت میں صحابہ رضی اللہ عنہم ذی الحج کے پہلے دس دنوں اور عیدالفطر کے موقع پراستعمال فرماتے تھے۔

ان کے علاوہ کوئی اور ایسے الفاظ یا جملے جن میں تکبیر، تھلیل، اور تحمید ہو اور وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم یا ان کے صحابہ رضی اللہ عنہم سے ثابت ہوں، ان الفاظ کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے

مثلاً صحیح مُسلم میں عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما کی ایک روایت میں یہ بیان ہے کہ ایک صحابی رضی اللہ عنہُ نے نماز کے آغاز میں یہ ذکر فرمایا """"" اللَّهُ أَكْبَرُ كَبِيرًا وَالْحَمْدُ لِلَّهِ كَثِيرًا وَسُبْحَانَ اللَّهِ بُكْرَةً وَأَصِيلًا ::: اللہ سب سے بڑا بہت بڑا ہے اور اللہ کی ہی تعریف ہے بہت ہی زیادہ اور اللہ کی ہی پاکیزگی ہے (ہر) صُبح اور (ہر) شام """"" تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا ((((( مَن الْقَائِلُ كَلِمَةَ كَذَا وَكَذَا؟ ::: یہ یہ بات کہنے والا کون ہے؟)))))
موجود لوگوں میں سے ایک نے کہا """میں نے یا رسول اللہ"""
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا (((((عَجِبْتُ لها فُتِحَتْ لها أَبْوَابُ السَّمَاءِ ::: میں اس بات پر حیران ہوا (کہ) اس (بات) کے لیے آسمان کے دروازے کھول دیئے گئے))))))
ابن عمر کا فرمان ہے """فما تَرَكْتُهُنَّ مُنْذُ سمعت رَسُولَ اللَّهِ رَسُول اللہ صَلّی اللہ عَلِیہِ وعَلی آلہ وسلّمَ يقول ذلك ::: پس جب سے میں نے رَسولُ اللہ صَلَّی اللہُ عَلِیہِ وَعَلَٰی آلِہِ وَسلَّمَ کو یہ بات فرماتے سنا اُس وقت سے میں نے یہ کلمات (کہنا اور پڑھنا) نہیں چھوڑا"""
صحیح مُسلم / حدیث 601 / کتاب الصلاۃ المُسافِرین و قصرھا / باب 27 بَاب ما يُقَالُ بين تَكْبِيرَةِ الْإِحْرَامِ وَالْقِرَاءَةِ،
سُبحان اللہ یہ ہے محبت اور اطاعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علٰی آلہ وسلم
اللہ ہمیں بھی ایسی محبت اور اطاعت عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

::::::: آیے رب العالمین کی تکبیر بلند کریں :::::::

پاکستان کا ایک اور عالمی ریکارڈ

پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی ’موزیک پینٹنگ‘ یا انسانوں کو ایک مخصوص ترتیب سے کھڑا کرکے بنائی گئی تصویر کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔ لاہور میں پیر کی شام 1936 طلبا و طالبات نے تاریخی شاہی قلعہ کی موزیک پینٹنگ یا انسانی تصویر بنا کر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں یہ کارنامہ اپنے نام کیا۔ 

اس سے قبل ہفتہ اور اتوار کو بھی لاہور میں جاری پنجاب یوتھ فیسٹیول میں متعدد عالمی ریکارڈز بنائے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ افراد کا یک زبان ہوکر قومی ترانہ گانے کا عالمی ریکارڈ بھی شامل ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ ترانہ لگ بھگ 70 ہزار افراد نے مل کر گایا تاہم گینیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ انھوں نے 42813 افراد کی آوازیں ریکارڈ کیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا جہاں رواں سال 25 جنوری کو 15243 افراد نے یک زبان ہوکر اپنا قومی ترانہ گایا تھا۔

علاوہ ازیں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد صدی نے مونچھوں سے 1700 کلو گرام وزنی بھاری ٹرک کو 60.3 میٹر تک کھینچنے، احمد بودلہ نے تین منٹ میں 616 کِکس لگانے، نعمان انجم نے 35 سیکنڈ میں پلگ میں تار لگانے، محمد منشا نے تین منٹ 14 سیکنڈ میں تین چپاتیاں پکانے، قمر زمان اور ڈینیئل گِل نے فٹ بال کو سر سے مسلسل 335 بار اچھالنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

12 سالہ مہک نے سب سے کم وقت یعنی 45 سیکنڈ میں شطرنج کی بساط بچھانے اور جلیل الحسن نے ایک منٹ آٹھ سیکنڈ میں کرکٹ کی کِٹ پہننے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

پاکستان کا ایک اور عالمی ریکارڈ

دنیا کا سب سے بڑا قومی پرچم تیار کرنے کا ریکارڈ

لاہور میں 24 ہزار دو سو ننھے شاہینوں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی جھنڈا بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے منتظمین نے اس کی تصدیق کردی۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 24 ہزار دو سو طلباء و طالبات نے دنیا کا سب سے بڑا جھنڈا بنا دیا۔ ننھے شاہینوں نے سبز اور سفید رنگ کے کارڈ بورڈز اٹھائے تو سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ 

سٹیڈیم میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی موجود تھی۔ اس سے قبل ہانگ کانگ کی طرف سے دنیا کا سب سے بڑا جھنڈا بنانے کا ریکارڈ تھا۔ جنہوں نے 21 ہزار چار سو بچوں کی مدد سے ریکارڈ بنایا تھا۔ حمزہ شہباز شریف نے گنیز بُک کی انتظامیہ کی جانب سے اعزاز وصول کیا۔

دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنانے کا عالمی ریکارڈ

پاکستانی بچوں نے دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے سب سے بڑا جھنڈا بنانے کے لیے تیاریاں نیشنل ہاکی پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ جاری ہے پیر کو 1934 بچوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ مقابلے میں شریک بچوں نے شاہی قلعہ لاہور کی تصویر بنائی اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکہ کے پاس تھا جہاں 14 سو 58 بچوں نے دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنائی تھی۔

دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنانے کا عالمی ریکارڈ

پیر, اکتوبر 22, 2012

قربانی کے احکام اور مسائل

پھل اور سبزیاں بینائی کے لئے مفید

خوش رنگ، مزیدار اور تر و تازہ پھل اور سبزیاں قدرت کا انمول تحفہ ہیں۔ وٹامنز سے بھرپور پھلوں اور سبزیوں کے استعمال سے بینائی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 

امریکہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق جو لوگ اپنی خوراک میں ہری بھری سبزیاں اور رس بھرے پھل استعمال کرتے ہیں انہیں آنکھوں کی بیماریوں کا کم سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال سے بڑھتی عمر میں بینائی متاثر ہونے یا بے حد کم ہونے کے امکانات بھی کم سے کم ہوجاتے ہیں۔

انڈا دودھ کے بعد انتہائی مفید غذا

کھا کر تو دیکھو! مزہ نہ آیا تو پیسے واپس
غذائی اہمیت کے اعتبار سے دودھ کے بعد انڈا انتہائی مفید غذا ہے۔ ماہرین کے مطابق انڈا ہر موسم اور ہر عمر میں استعمال کرنا چاہئے جو مقوی ہونے کے ساتھ ساتھ دماغ اور آنکھوں کے لئے بھی انتہائی مفید ہے اور انہیں تقویت دیتا ہے۔ بیماری سے ہونے والی نقاہت ختم کرنے میں بھی انڈا کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ 

لوگ انڈے کو موسم سرما کی غذا تصور کرتے ہیں جبکہ یہ گرمیوں میں بھی مفید ہے۔ انڈے میں پروٹینز، فاسفورس اور کیلشیم کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی صحت اور جسم کے لئے انتہائی ضروری اجزاء ہیں۔ انڈے غذا کا لازمی حصہ بنانے سے صحت اور جسم پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

چاچا پاکستانی انتقال کرگئے

لاہور: چاچا پاکستانی جو ہر روز لاہور میں واہگہ بارڈر پر پاکستانی پرچم کشائی کی تقریب دیکھنے پہنچتے تھے 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے گھر والوں کے مطابق وہ کچھ دنوں سے بخار میں مبتلا تھے اور ان کے گھر والوں کے پاس ان کا ہسپتال میں علاج کرانے کے لئے پیسے بھی نہیں تھے۔

چاچا پاکستانی کا اصل نام مہر دین تھا اور وہ 1922 میں پیدا ہوئے تھے، ان کے تمام بھائی ہندوستان کی تقسیم کے وقت پاکستان آگئے مگر وہ خود قیام پاکستان کے بعد آئے۔ ان کا پاکستان میں کوئی گھر نہیں اس لئے وہ اپنے بھتیجوں کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کے بھتیجے نے بتایا کہ ہماری پیدائش سے کر اب تک ہم نے انہیں باقائدگی سے واہگہ بارڈر جاتے دیکھا ہے۔ 

چاچا پاکستانی کوفوجی حکومت پسند تھی جبکہ وہ جمہوریت کو زیادہ پسند نہیں کرتے تھے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں عمرہ پر بھی بھیجا تھا۔ چاچا پاکستانی کے بھتیجے نے مزید بتایا کہ چاچا کا کوئی ذریعہ معاش نہیں تھا اور وہ واہگہ بارڈر پر آنے والے لوگوں سے ملنے والی رقم سے اپنی گزر بسر کیا کرتے تھے۔ چاچا پاکستانی کو رینجرز اور واہگہ بارڈر پر آنے والے مختلف حکام کی جانب سے کئی ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹس سے بھی نوازا گیا۔
 
چاچا پاکستانی کو ان کے پسندیدہ سفید اور ہرے پاکستانی جھنڈے میں لپیٹ کر ان کے گاؤں چنداری میں دفن کیا جائے گا۔

یمن: خاتون کو عزت بچانے پر سزائے موت

 یمن کی ایک عدالت نے خاتون شہری رجا حکیمی کو سزائے موت سنائی دی، رجا پر الزام تھا کہ اس نے مبینہ طور پراپنی عصمت دری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والے ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا, رجا حکیمی کو جنوبی صوبے ایب کی ضلعی عدالت نے پہلے دو سال قید کی سزا سنائی جس کے خلاف اپیل کرنے کے نتیجے میں سزا کو بڑھا کر سزائے موت کر دیا گیا، خواتین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے عدالتی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

1960ء میں بنایا گیا پرانا کمپیوٹر دوبارہ فعال

برطانیہ میں دو انجینئروں راجر ہومز اور راڈ براو ¿ن نے گزشتہ صدی میں 1960ء کی دہائی میں تخلیق کیا گیا کمپیوٹر دوبارہ فعال کردیا ہے۔ 6 میٹر لمبے اور ساڑھے 6 میٹر چوڑے کمپیوٹر کی مرمت میں 9 سال لگے۔ 

یونیورسٹی آف لندن نے 1962ء میں یہ کمپیوٹر ڈھائی لاکھ پاؤنڈ میں خریدا تھا۔ یہ کمپیوٹر امتحانات کے کاغذات کی جانچ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اور اس کمپیوٹر کے ذریعے سندیں جاری کی جاتی تھیں۔ اب اس پرانے کمپیوٹر کو انہی مقاصد کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مرمت کے لیے کمپیوٹر کے غائب ہونے والے پرزے دوبارہ بنائے گئے ہیں۔ انجنیر مرمت کردہ کمپیوٹر کسی علمی ادارے یا عجائب گھر کے حوالے کرنے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول: پاکستانیوں کے عجیب و غریب ریکارڈ

اگرچہ پاکستان رواں سال اولمپکس مقابلوں میں تو کوئی میڈل نہیں جیت پایا لیکن اب یہ ملک چپاتی بنانے پلگ کی وائرنگ اور اور شطرنج کی بساط بچھانے کے مقابلوں میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعویدار ہوچکا ہے۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت لاہور میں عجیب و غریب ریکارڈز بنانے کا سلسلہ گزشتہ ہفتے ہفتہ کی رات اس وقت شروع ہوا جب 42 ہزار 813 افراد نے قومی ہاکی سٹیڈیم میں مل کر قومی ترانہ پڑھا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے 15 ہزار 243 افراد کی جانب سے پڑھا جانے والا قومی ترانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

اتوار کو محمد منشا نے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ چپاتی بنانے کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے تین چپاتیاں بنانے کے لئے آٹا گوندھنے سے پکانے تک تین منٹ 14 سیکینڈ کا وقت لگایا۔

12 برس کی مہک گل نے ایک ہاتھ سے شطرنج کی بساط بچھانے میں صرف 45 سیکنڈ لگائے۔ واضح رہے کہ ایسے ریکارڈز پہلے کبھی گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام کی زیر نگرانی نہیں بنائے گئے۔

احمد امین بودلہ نے تین منٹ میں پنچ بیگ پر 616 لاتیں مار کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے 612 لاتوں کا ریکارڈ بھی ایک پاکستانی کی جانب سے قائم کیا گیا تھا۔


شدت پسندوں کے خلاف آپریشن ممکن نہیں: صدر زرداری

پاکستان کےصدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے سے پہلے ملک گیر اتفاق رائے پیدا کرنا انتہائی ضرروری ہوتا ہے جو اب ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کے قریب سیاسی جماعتیں دائیں بازو کے ووٹوں کے حصول کے لیے سرگرداں ہیں اس لیے کسی آپریشن کے لیے مطلوبہ اتفاق رائے ممکن نہیں۔

اتوار کو ایوان صدر میں صحافیوں کی تنظیم سیفما کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں سوات اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن اسی وجہ سے ہو پائے تھے کہ ان کی حکومت نے ملک میں اتفاق رائے حاصل کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر اتفاق رائے کے کسی آپریشن کا شروع کرنا خطرات سے خالی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو آپریشن شروع کرنے کا مشورہ دے رے ہیں انہیں یہ بھی سوچ لینا چاہیے کہ ملک میں کتنے مدرسے ہیں اور انہیں متحد ہوتے ہوئے دیر نہیں لگتی۔

ملالہ پر طالبان کے حملے کے حوالے سے صدر زرداری نے کہا کہ حکومت نے ملالہ یوسفزئی کو سکیورٹی کی پیشکش کی تھی لیکن ان کے والد نے سکیورٹی لینے سے انکار کردیا تھا۔ صدر نے کہا کہ اگر ملالہ کے والد سکیورٹی کی پیشکش کو قبول بھی کر لیتے تو بھی ملالہ کی حفاظت کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا سکیورٹی لینے کی صورت میں شدت پسند بڑا حملہ کرتے جس میں ان کی جان بھی جا سکتی تھی۔

انہوں نے کہا جب ایک پولیس اہلکار نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو ہلاک کردیا تو اس مقدمے کو چلانے کے لیے حکومت کے لیے وکیل تلاش کرنا مشکل ہوگیا جبکہ دوسری جانب ایک سابق چیف جسٹس نے خود کو قادری کی پیروی کے لیے پیش کردیا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ دنیا کا کوئی ملک پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ وہ مرحومہ بینظر بھٹو کے ساتھ تھے جب جمہوری طاقتوں نے پاکستان کو امداد کی یقین دہانیاں کرائیں لیکن جب وقت آیا تو ایسی شرطیں عائد کیں جن کو پورا کرنا شاید پاکستان کے بس میں ہی نہیں ہے۔

شدت پسندوں کے خلاف آپریشن ممکن نہیں: صدر زرداری

افسردگی دور کرنے والی ادویات سے دماغی عارضے کا خدشہ

افسردگی دور کرنے والی ادویات antidepressants کی ایک مخصوص قسم استعمال کرنے والے افراد میں دماغ کے اندر خون رسنے کی بیماری کے شکار ہونے کے خدشات زیادہ ہیں۔

یہ بات کینیڈا کے طبی محققین نے قریب 5 لاکھ افراد پر کی گئی تحقیق کے بعد کہی ہے تاہم بعض طبی ماہرین اب بھی ان ادویات کو محفوظ قرار دیتے ہیں۔ ان ادویات کو SSRIs یعنی Selective Serotonin Reuptake Inhibiors کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کی چند مثالیں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی مانع افسردگی ادویات جیسےfluoxetine ،sertraline ، citalopram اور paroxetine ہیں۔ ان ادویات کے سبب معدے سے خون کے رساؤ کی شکایات تو پہلے ہی کی جاتی تھیں تاہم یہ بعد اب سے پہلے تک یہ بات وثوق کے ساتھ نہیں کہی جاسکتی تھی کہ آیا SSRIs دماغ میں خون کے رساؤ یعنی hemorrhagic سٹروکس کا بھی باعث بنتی ہے!

اس تحقیق کے لیے کینیڈین طبی محقیقن نے ایسے سولہ سابقہ تحقیقوں کی جانچ کی، جن میں ایسے 5 لاکھ افراد کا جائزہ لیا گیا جن میں سے بعض SSRIs استعمال کررہے تھے اور بعض نہیں۔ مانع افسردگی ادویات کے بارے میں عمومی تاثر یہی ہے کہ ان کا استعمال کرنے والے چالیس تا پچاس فیصد مریضوں میں دماغ کے اندر یا اطراف میں خون کے رساؤ کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

اس تحقیقی دستے میں شامل پروفیسر ڈینیئل ہیکم البتہ کہتے ہیں کہ اگرچہ یہ اعداد و شمار کافی زیادہ دکھائی دیتے ہیں تاہم کسی ایک مریض کے لیے خطرہ ’بہت ہی کم‘ ہے۔ اس تحقیق میں شامل کیے گئے افراد کی تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نتیجہ برآمد ہوتا ہے کہ ایک سال سے زائد عرصے تک SSRI استعمال کرنے والے والے دس ہزار مریضوں میں سے محض ایک کو hemorrhagic سٹروکس کا سامنا ہو سکتا ہے۔

پروفیسر ڈینیئل نے ایک اور نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال یہ ثابت نہیں ہوا کہ مانع افسردگی ادویات براہ راست دماغ میں خون کے رساؤ کا سبب بنتی ہیں، ’’یہ ممکن ہے کہ یہ ادویات استعمال کرنے والے افراد دیگر کے مقابلے میں ویسے ہی زیادہ علیل ہوں اور ہوسکتا ہے کہ ان کی ایسی عادات ہوں جو دماغ کے عارضے کا سبب بنتی ہوں۔‘‘ کینیڈین محقیقن نے ان امور پر بھی توجہ مرکوز رکھی مگر ان کے زیر مطالعہ بعض سٹڈیز میں زیر مشاہدہ افراد کی تمباکو نوشی، شراب نوشی یا ذبابیطیس سے متعلق معلومات موجود نہیں تھیں۔ اس بنیاد پر پروفیسر ڈینیئل کہتے ہیں کہ مانع افسردگی ادویات کو محفوظ تصور کیا جاسکتا ہے۔

افسردگی دور کرنے والی ادویات سے دماغی عارضے کا خدشہ