جمعرات, ستمبر 06, 2012

فیس بُک پر توہین آمیز پیغامات بھیجنے پر ٹین ایجر لڑکی قتل

پیر کو ہالینڈ کی ایک عدالت نے ایک ٹین ایجر لڑکے کو قتل کے جرم میں جیل بھیج دیا ہے۔ اس نے فیس بُک پر ایک دوسری ٹین ایجر لڑکی کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی اور توہین آمیز پیغامات پوسٹ کیے تھے۔

ولندیزی عدالت نے Jing Hua K کو ایک سال کی قید کی سزا سنائی ہے اور اُسے 2 سال کے لیے نفسیاتی کلینک میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ Jing Hua K نے 14 جنوری کو ہالینڈ کے مشرقی شہر Arnheim میں یہ واردات کی تھی۔ ہالینڈ میں کسی نو عمر کو دی جانے والی یہ سب سے طویل سزائے قید ہے۔ عدالت کا ماننا ہے کہ اس ٹین ایجر لڑکے نے یہ قتل جان بوجھ کر کیا ہے۔ ججوں نے آن لائن پوسٹ کیے گئے فیصلے میں کہا ہے کہ Jing Hua K نے 15 سالہ Joyce Hau، جو اپنی دوستوں میں Winsie کے نام سے مشہور تھی، کا قتل کیا اور اُس کے والد کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ اس نو عمر لڑکی کا قتل دراصل اُس وقت ہوا جب Joyce Hau کی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر ایک 16 سالہ دوست جس کا نام Polly w کے ساتھ لڑائی ہوئی۔ استغاثہ کے مطابق Polly w کے بوائے فرینڈ 17 سالہ Wesley C نے تب مبینہ طور پر Jing Hua K کو فون کیا اور اس سے فیس بک پر بھی بات کی اور Joyce Hau کی پوری فیملی کو قتل کرنے کا بندوبست کرنے کو کہا۔

Jing Hua K تب Wesley C کے اکسانے پر Joyce Hau کے گھر پہنچا اور کہا کہ وہ اُسے کچھ دینے آیا ہے۔ جب وہ دروازے پر آئی تو Jing Hua K نے اُس پر خنجر سے متعدد وار کیے اور پھر اس کے والد پر حملہ کیا اور اُسے جان سے مار دینے کی دھمکی دی اور ڈرایا دھمکایا۔ Joyce Hau خون سے لت پت پڑی رہی اور بعد میں اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اُس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پانچ روز بعد دم توڑ دیا۔

عدالتی ترجمان ژاپ اوؤٹن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے میں فیس بک کے ذریعے ان نوجوانوں کے درمیان ہونے والی بات چیت اوربحث کی تفصیلات بتانے کے قابل نہیں ہیں۔ یہ کہتے ہوئے عدالت نے Polly w اور اُس کے بوائے فرینڈ Wesley C کے مقدمات کو التوا میں ڈال دیا ہے اور اس کی اگلی پیشی کے لیے کوئی تاریخ بھی مختص نہیں کی گئی ہے۔

فیس بُک پر توہین آمیز پیغامات بھیجنے پر ایک ٹین ایجر لڑکی کا قتل

صرف ویجیٹیرین، بھارت میں مک ڈونلڈز کی نئی برانچ آئندہ برس

گائے کے گوشت سے بنے ’بِگ میک برگر‘ سے شہرت حاصل کرنے والے امریکی فاسٹ فوڈ ریستوران مَک ڈونلڈز نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس وہ بھارت میں ایک ایسی برانچ کھولے گا، جہاں صرف سبزیوں سے بنے آئٹمز فروخت کیے جائیں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ مک ڈونلڈز دنیا کے کسی بھی کونے میں ایک ایسی برانچ کھولنے جارہا ہے، جہاں صرف سبزیوں سے بنے کھانے فروخت کیے جائیں گے۔ 'سب وے' کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چین مک ڈونلڈز پہلے ہی مقامی سطح پر اپنے کھانوں میں ایک بڑی تبدیلی لا چکا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ مک ڈونلڈز اپنی ایسی پہلی برانچ شمالی بھارت میں واقع سکھوں کے مقدس شہر امرتسر میں کھولے گا۔ یہ وہی شہر ہے جہاں کے مذہبی حکام نے گولڈن ٹمپل میں گوشت کا کھانا ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ بھارت میں مک ڈونلڈز کے ایک ترجمان راجیش کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ امرتسر میں اس برانچ کے باقاعدہ افتتاح کے بعد بھارتی زیر انتظام کشمیر میں واقع وشنو دیوی مندر کے قریب بھی ایک ایسی ہی برانچ کھولی جائے گی۔ ہندووں کے لیے یہ ایک ایسی مقدس جگہ ہے، جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں زائرین جاتے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں مک ڈونلڈ میں فروخت کیے جانے والے کھانوں میں اس وقت بھی پچاس فیصد آئٹمز سبزیوں سے بنے ہوتے ہیں۔ راجیش کمار کے بقول 1.2 بلین آبادی والے ملک بھارت میں مک ڈونلڈز کے ریستورانوں کی تعداد کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا ، ''بھارت میں ہماری صرف 271 برانچیں ہیں جبکہ دنیا بھر میں ہماری برانچوں کی تعداد کم ازکم 33 ہزار ہے۔

صرف ویجیٹیرین، بھارت میں مک ڈونلڈز کی نئی برانچ آئندہ برس

نمائش میں ہیرا نگلنے پر ایک شخص گرفتار

سری لنکا میں جواہرات کی ایک نمائش میں ایک چینی باشندے کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے 13 ہزار ڈالر کی مالیت کا ہیرا نگل لیا تھا۔

پولیس کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جواہرات کی نمائش کے دوران ایک شخص نے نمائش کے لیے رکھے گئے ایک ہیرے کو دیکھتے دیکھتے نگل لیا جس کے بعد اس شخص کو ہسپتال لے جایا گیا۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اس شخص سے وہ ہیرا برآمد کرلیا گیا یا نہیں جسے چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے ہیرے کے مالک سریش ڈاسِلوا سے کہا کہ وہ ہیرا نزدیک سے دیکھنا چاہتا ہے اور ہیرا لینے کے بعد اس نے اسے منھ میں ڈال کر نگل لیاجس پر ہیرے کے مالک نے فوراً پولیس طلب کی۔

مسٹر ڈاسلوا نے بی بی سی کے نامہ نگار چارلز ہیوی لینڈ کو بتایا کہ یہ شخص جس کا ایک ساتھی بھی تھا اصلی ہیروں کو جعلی ہیروں سے تبدیل کرتا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جو ہیرا اس نے نگلا تھا وہ اصلی تھا یا نقلی اس کے لیے ماہرین کی رائے لی جائے گی۔

مسٹر ڈسلوا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہیرا نگلنے کا واقعہ پہلی مرتبہ دیکھا ہے کیونکہ ہیرا نگلنا بہت خطرناک ہوتا ہے اس سے کسی کی جان بھی جا سکتی ہے۔

نمائش میں ہیرہ نگلنے پر ایک شخص گرفتار

جنوبی افریقہ کی فتح، ایک روزہ میچوں کی سیریز برابری پر ختم

ہاشم آملہ
جنوبی افریقہ نے ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو ہرا کر سیریز برابری پر ختم کردی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جیت میں ہاشم آملہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 182 رنز سکور کیے۔ انگلینڈ کی طرف سے کپتان ایلسٹر کک کے علاوہ کوئی بیٹسمین عمدہ کھیل پیش نہ کرسکا۔ ایلسٹر کک نے نصف سینچری سکور کی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کے ابتدائی تین کھلاڑی 13 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ ہاشم آملہ اور کپتان اے بی ڈیلویرز نے مل کر اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور مزید کسی نقصان کے ٹیم کو فتح دلا دی۔ ہاشم آملہ 97 اور اے ڈیلویرز 75 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ہاشم آملہ نے پوری سیریز میں انگلش بولروں کو پریشان کیے رکھا اور سیریز کے آخری میچ میں بھی کوئی انگلش بولر ہاشم آملہ کو آؤٹ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ہاشم آملہ نے تین ٹیسٹ میچوں میں چار سو بیاسی رنز سکور کیے جبکہ ون ڈے سیریز میں انہوں نے تین سو پینتیس رنز سکور کرکے مجموعی طور پر آٹھ سو سترہ رنز سکور کیے۔

انگلینڈ نے جب اپنی اننگز کا آ غاز کیا تو پچھلے میچ کے ہیرو این بیل سپنر روبن پیٹرسن کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد روی بوپارہ کھیلنے آئے اور بغیر کوئی رن بنائے دوسری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ روی بوپارہ نے چار ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 22 رنز بنائے۔

کپتان ایلسٹر کک اور جانی بیرسٹو نے انگلینڈ کی اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن جانی بیرسٹو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے۔ اگلے اوور میں این مورگن بھی آؤٹ ہوگئے اور اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی طرف سے ایک بڑا سکور کرنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور مورکل نے دو دو جبکہ پیٹرسن، ڈومینی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لارڈز میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

اوول میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے تھی۔

ساؤتھ ہمٹن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 80 رنز سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی فتح، سیریز برابری پر ختم

کراچی میں حجاب کے استعمال میں اضافہ، ’باپردہ‘ خواتین کی کثرت

کراچی میں حجاب کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حجاب سے مراد خواتین کا دوپٹے یا سکارف سے منہ یا سر کا ڈھکنا، نقاب لگانا یا باقاعدہ برقع اوڑھنا ہے۔ عجب اتفاق ہے کہ ایک دور میں پورے ملک کا فیشن کراچی کو دیکھ کر بدلتا تھا مگر اب یہی شہر ”پردہ“ کرنے میں باقی ملک اور خاص کر سندھ اور پنجاب سے آگے نکل رہا ہے۔

کراچی یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک سٹیڈیز کے لیکچرار عبدالرحمن کا ’وی او اے‘ سے خصوصی بات چیت میں کہنا تھا کہ ان کے اندازے کے مطابق شہر میں حجاب استعمال کرنے والی خواتین کی تعداد اگر کچھ سال پہلے تک 25 یا 30 فیصد تک تھی تو اب یہ تعداد تقریباً 50 فیصد ہوگئی ہے۔

عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ پہلے ان کے ڈپارٹمنٹ میں پردے میں آنے والی طالبات کی تعداد 100 میں سے 12 یا 13 ہوا کرتی تھی تو اب یہ تعداد 50 فیصد سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی منگل کو جبکہ ملک بھر میں مقامی طور پر ”یوم حجاب“ منایا گیا ہر جگہ اس دن کے حوالے سے پوسٹرز اور بینرز دکھائی دیئے۔ یہاں تک کہ اخبارات میں بھی اس دن کے حوالے سے خصوصی رپورٹس اور ضمیمے تک شائع ہوئے۔ اسے دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ آنے والے سالوں میں حجاب لینے والی خواتین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ “

’یوم حجاب‘ فرانس میں مسلم خاتون مروہ الشربینی کے حجاب لینے پر چھڑنے والے تنازع اور بعد ازاں اس کے قتل کے سبب پاکستان میں شہرت کی وجہ بنا۔ قتل کا واقعہ کچھ سال پہلے 4 ستمبر کو پیش آیا تھا تب سے ہر سال اسی دن یوم حجاب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان کی دینی و مذہبی جماعتیں خاص طور پر اس دن کا اہتمام کرتی ہیں۔

یوم حجاب کی مناسبت سے کراچی میں عربی طرز کے برقعے ”عبایا“ عام ہونے لگے ہیں۔ کسی زمانے میں سر تا پاؤں ایک ہی رنگ کا برقع چلا کرتا تھا جسے اس کی بناوٹ کے سبب ”شٹل کاک برقع“ بھی کہا جاتا تھا مگر اب یہ صرف خیبر پختوا یا بلوچستان تک محدود ہوگیا ہے، اس کے مقابلے میں کراچی میں عبایا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔

اس وقت شہر کی تقریباً ہر بڑی چھوٹی دکان میں عبایا اور حجاب فروخت ہورہے ہیں۔ یہ مختلف اقسام اور سٹائل کے ہوتے ہیں۔ ان میں کئی قسم کی کڑھائی اور موتیوں کا کام بھی کیا جاتا ہے۔ ایسا عبایا یا سکارف بہت زیادہ مقبول ہے۔ خواتین اور نوجوان لڑکیاں چمک دمک والے اور نت نئے سٹائلز والے عبائے اور سکارف استعمال کررہی ہیں۔

حجاب کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب بازاروں میں حجاب کی دکانوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جو دکانیں پہلے صرف کپڑوں کی ہوا کرتی تھیں اب ان پر صرف عبایا فروخت ہوتے ہیں۔

حجاب کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک دکاندار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عبائے کی قیمت اس کے کپڑے اور اس کی کڑھائی و موتیوں کے کام پر منحصر ہوتی ہے۔ مارکیٹ میں 2 ہزار سے 8 ہزار تک کے عبائے اور برقعے فروخت ہورہے ہیں۔ انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ حجاب اور عبائے کے استعمال میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ایک اور دکاندار نے بتایا کہ ہر خریدار خاتون نئے سے نئے سٹائل والے اور کام والے عبائے مانگتی ہے جس کی وجہ سے عبایا بنانے والے کارخانوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ عبائے کے کاریگروں کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا کہ بھاری کام والے کپڑے زیادہ فروخت ہوتے تھے لیکن اب کپڑوں کے ساتھ ساتھ برقعوں اور عبایوں کی خرید و فروخت بڑھ رہی ہے۔

کراچی میں حجاب کے استعمال میں اضافہ، ’باپردہ‘ خواتین کی کثرت

سلمیٰ آغا کی بیٹی بالی ووڈ فلم میں جلوہ گر ہوں گی

ممبئی… ماضی کی نامور پاکستانی اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا کی بیٹی ’ساشا آغا‘ نے اپنی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلم نگری میں اینٹری لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ساشا آغا کے اس فیصلے کے بعد انہیں بالی ووڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس یش راج نے اپنی نئی آنے والی فلم اورنگزیب میں اداکار ارجن کپور کے مدِ مقابل سائن بھی کرلیا ہے۔ انیس سالہ ساشا جن کا حقیقی نام زارا ہے، فلم میں ایک گلیمرس کردار نبھاتی نظر آئیں گی جس کی بقیہ کاسٹ میں ساشا اور ارجن کے علاوہ رشی کپور، جیکی شروف اور امریتا سنگھ شامل ہیں۔ پروڈیوسر ادیتا چوپڑا کی یہ فلم اگلے سال سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سلمیٰ آغا نے بھی بالی ووڈ میں 1982 میں بننے والی بی آر چوپڑا کی سپر ہٹ فلم ”نکاح“ میں اداکار راج ببر کے مدِ مقابل ڈیبیو فلم میں اداکاری کی تھی جسے باکس آفس پر شائقین نے بے انتہا پسند کیا تھا۔

بطخیں ٹریفک روکے بغیر مصروف شاہراہ پار کرگئیں

ٹورنٹو… این جی ٹی… ترقی پذیر ممالک میں عام شہریوں کے لئے سٹرک کراس کرنا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ ٹریفک رکنے کا نام ہی نہیں لیتی لیکن کینیڈا میں ٹریفک سے بھری شاہراہ کو بطخوں نے کراس کرکے انسانوں کو بھی حیران کردیا ہے۔ ٹورنٹو میں ایک درجن کے قریب ننھی بطخوں نے اپنی ماں کی رہنمائی میں سٹرک پر چلتی گاڑیوں کو روکے بغیر کمال مہارت سے چلنا شروع کیا اور کامیابی سے سٹرک کے دوسرے پار پہنچ گئیں۔ اس دوران اس شاہراہ پر چلتی گاڑیاں اُن کی سڑک پر موجودگی سے نا واقف تھیں لیکن ان بطخوں نے سنبھل سنبھل کر ٹریفک کے رکنے کا انتظار بھی نہیں کیا اور بہادری سے سٹرک پار کر لی۔

مصروف شاہراہ کو بطخوں نے ٹریفک روکے بغیر منٹوں میں کراس کرلیا

اعصام الحق اور یولین روزے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں

پاکستان ٹینس سٹار اعصام الحق اور یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور یولین نے کرسٹین ہیریسن اور رائن ہیریسن کو شکست دی۔ عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود پاک ڈچ جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ 

اعصام نے اس طرح مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سےقبل وہ دو مرتبہ بھارتی پارٹنر روہن بوپنا کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچے۔ 2010 میں وہ فائنل تک بھی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔

پاکستان نے پہلا ٹی 20 جیت لیا

رضا حسن نے اپنے انٹرنیشنل کیرئر کا آغاز کیا
واشنگٹن — دبئی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 3ء19 اوورز میں 89 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ جواباً پاکستان نے 90 رنز کا مقررہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 5ء14 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے سب سے زیادہ، 31 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ عمران نذیر نے 22 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی باؤلرز کے سامنے کینگرو بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جب کہ کیمرون وہائٹ نے 15 اور جارج بیلی نے 14 رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور کپتان محمد حفیظ، سعید اجمل اور آج کے میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تین ایک روزہ میچوں کی سیریز آسٹریلیا نے دو، ایک سے جیت لی تھی۔ تین ٹی20 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو ہوگا۔

پاکستان نے پہلا ٹی 20 جیت لیا

پیر, ستمبر 03, 2012

کرینہ اور سیف پاکستان کا دورہ کریں گے

بالی وُوڈ کوئین کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اور سیف جلد پاکستان جائیں گے۔ 

ایک انٹرویو میں کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان جانے کے لئے بے تاب ہیں۔ پاکستان کا کلچر انہیں بہت بھاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے کیریئر کی کئی فلموں سے تین میں ان کا کردار پاکستانی کا ہے، یعنی ریفیوجی، قربان اور ایجنٹ ونود۔ 

کرینہ کہتی ہیں کہ پاکستان میں سیف کے کئی کزنز بھی رہتے ہیں جن سے ملنے کے لئے وہ کافی عرصے سے پلاننگ کررہے ہیں اور جلد ہی وہ پاکستان کا چکر لگائیں گے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، سائرن بجائے گئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ رات گئے اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ 

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے دوران نالہ لئی کے قریب علاقوں میں سائرن بھی بجائے گئے۔ شہر میں اب بھی ہلکی بارش بارش ہورہی ہے۔

پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز: تیسرا ون ڈے آج ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈ ے سیر یز کا تیسرا اور فیصلہ کن معرکہ آج شارجہ میں ہوگا۔ دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ گرین شرٹس دوسرے ایک روزہ میچ میں شاندار کامیابی کے بعد سے کینگروز سے سیریز جیتنے کیلئے بے تاب ہے۔ یاد رہے کہ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 5 ستمبر سے ٹی 20 میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

یو ایس اوپن: اعصام الحق مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

امریکہ میں جاری ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں پری کوارٹر فائنل مرحلے کے مقابلے جاری ہیں۔ اتوار کے روز خواتین کی عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا اپنا میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ بیلاروس کی وکٹوریہ آزرینکا نے جارجیا کی انا تاتیشویلی کو شکست دی۔ دفاعی چیمپیئن سمانتھا سٹوزر نے برطانوی کھلاڑی لارا رابسن کو ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیک جمہوریہ کی عالمی نمبر پانچ پیٹرا کویٹووا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ 

مردوں کے عالمی نمبر دو کھلاڑی نوواک جوکووچ بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اپنے ڈچ پارٹنر کے ہمراہ مردوں کے ڈبلز کے کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

میانمار میں روہنگیا کو ملک بدر کرنے کے حق میں مظاہرہ

میانمار میں روہنیگا مسلمانوں کو ملک بدر کرنے یا انہیں کیمپوں میں محصور کردینے کے مطالبات زور پکڑتے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز سیکڑوں بدھ راہبوں نے صدر تھین سین کی اسی تجویز کے حق میں مظاہرہ کیا۔ میانمار کے صدر نے حالیہ فسادات کی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ تجویز پیش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی افراد روہنگیا باشندوں کے ساتھ اپنی مٹی شریک نہیں کریں گے۔ میانمار کے راکھین صوبے میں مقامی آبادی اور روہنگیا کے مابین خونریز فسادات میں قریب ایک سو افراد کی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ قریب آٹھ لاکھ کی نفوس والی روہنگیا مسلم اقلیت کو میانمار میں بنگالی تصور کیا جاتا ہے جبکہ بنگلہ دیشی حکومت بھی انہیں قبول کرنے پر تیار نہیں۔ 

بشکریہ ڈوئچے ویلے

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹ سے ہرا دیا

لندن میں انگلینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلیئرز کی اہم اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے آٹھ وکٹ پر دو سو بیس رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جینمز ٹریڈ ویل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دو سو اکیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور مقررہ ہدف سینتالیسوں اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ایئن بیل اٹھاسی رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ جوناتھن ٹراٹ نے پینتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اس میچ کے لیے انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ جنوبی افریقہ نے مورنے مورکل کی جگہ میکلارن کو کھلایا تھا۔

شکست کے بعد جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مایوس کن کارکردگی تھی اور اب ہماری توجہ ٹرینٹ برج پر مرکوز ہے۔ مجھ سمیت جنوبی افریقی بلے بازوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی‘۔ انہوں نے کہا کہ آج کی شکست کے بعد ہمیں سیریز دو دو سے برابر کرنے کے لیے اپنی ساری قوت صرف کرنا ہوگی۔

رمشا کیس: ’امام مسجد توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عدالت نے ایک عیسائی بچی پر قرآنی قاعدہ جلانے کا الزام لگانے والوں میں شامل مسجد کے پیش امام کو بھی توہین مذہب کے الزام میں جیل بھجوا دیا ہے۔ پیش امام پر بچی کو پھنسانے کے لیے شواہد تبدیل کرنے اور اس کے لیے قرآن کی توہین کرنے کے الزام ہے۔ اسلام آباد کے نواحی گاؤں میرا جعفر کی مقامی مسجد کے امام حافظ خالد جدون کو پولیس نے سنیچر کی شب گرفتار کیا تھا۔

اسی گاؤں کی میرا جعفر کی رہائشی رمشاء نامی چودہ سالہ عیسائی بچی کو توہینِ مذہب کے الزامات کا سامنا ہے۔ انہیں تقریباً دو ہفتے قبل مبینہ طور پر قرآنی آیات پر مبنی کاغذ جلانے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار ذوالفقار علی سے رمنا پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او قاسم ضیاء نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حافظ خالد جدون کا نام توہینِ مذہب کی دفعہ دس سو پچانوے بی کے تحت درج اسی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت رمشاء کو حراست میں لیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ حافظ خالد جدون پر رمشاء کی گرفتاری کو ممکن بنانے کے لیے شواہد تبدیل کرنے کا الزام بھی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خالد جدون کی گرفتاری انہی کی مسجد کے نائب امام اور منتظم حافظ ملک محمد زبیر کی جانب سے ایک مقامی مجسٹریٹ کے سامنے سنیچر کو دیے گئے حلفیہ بیان کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔ پولیس کے مطابق محمد زبیر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسجد کے پیش امام جدون نے راکھ سے بھرے ہوئے شاپنگ بیگ میں خود ہی قرآنی اوراق ڈال دیے تھے۔

گرفتاری کے بعد امام مسجد کو اتوار کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ پیشی کے موقع پر خالد جدون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک شخص کے بیان پرانھیں پھنسایا گیا ہے اور یہ کہ وہ بے گناہ ہیں۔

مقدمے کے تفتیشی افسر منیر حسین جعفری نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اس بیان حلفی کے بعد مزید دو افراد نے بھی بیانِات حلفی دیے ہیں جس میں اس الزام کو دہرایا گیا ہے۔

اس سے پہلے ایک حکومتی طبی بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ رمشاء کی عمر چودہ برس ہے تاہم ذہنی لحاظ سے وہ اس سے کم عمر ہیں۔

اس ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے رمشاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کر کے اُنہیں واپس جیل بھجوا دیا تھا۔ رمشاء کی ضمانت کی درخواست ایک مقامی سیشن کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

رمشا کیس: ’امام مسجد توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار‘

اتوار, ستمبر 02, 2012

یو ایس اوپن۔: راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل مرحلے میں

ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن میں مردوں کے عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کی شاندار فارم برقرار ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ہسپانوی حریف فرنانڈو ویرڈاسکو کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرا دیا۔ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے بھی اپنا میچ جیت لیا ہے اور غالب امکان ہے کہ یہ دونوں سپر سٹار سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر چار سیرینا ولیمز نے روسی کھلاڑی کو آسانی سے ہرا دیا۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر دو اگنی ایشکا راڈوانسکا بھی اپنا میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ 

ڈی ڈبلیو