جمعہ, ستمبر 07, 2012

امریکہ پر واٹر بورڈنگ کا نیا الزام

واشنگٹن — انسانی حقوق کے لیے سرگرم ایک عالمی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایسے نئے شواہد دریافت کیے ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ امریکی حکام نے بش انتظامیہ کے دور میں لیبیا کے اسلام پسندوں کے خلاف دورانِ تفتیش ’واٹر بورڈنگ‘ سمیت دیگر پرتشدد ہتھکنڈے استعمال کیے تھے۔

یہ بات ’ہیومن رائٹس واچ‘ نامی تنظیم نے جمعرات کو جاری کی گئی اپنی ایک رپورٹ میں کہی ہے جو لیبیا کی سابق حکومت کے ایسے 14 مخالفین کے انٹرویوز پر مشتمل ہے جنہیں بیرونِ ملک قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑی تھیں۔

تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قذافی حکومت کے ان اسلام پسند مخالفین کو امریکی ایجنٹس نے دورانِ تفتیش تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور بعد ازاں ”پلیٹ میں رکھ کر“ اس وقت کی قذافی حکومت کے حوالے کردیا تھا۔

ان لوگوں میں سے دو افراد نے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کو بتایا ہے کہ ان پر دورانِ تفتیش ’واٹر بورڈنگ‘ یا اس سے ملتے جلتے ہتھکنڈے آزمائے گئے تھے جن سے ایسا لگتا تھا کہ گویا وہ ڈوب رہے ہوں۔

یاد رہے کہ امریکہ کی سابق بش انتظامیہ کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کے دورِ حکومت میں امریکی قید میں موجود صرف تین قیدیوں – القاعدہ سے تعلق رکھنے والے خالد شیخ محمد، ابو زبیدہ اور عبدالرحیم النشیری – پر ’واٹر بورڈنگ‘ آزمائی گئی تھی۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی لیبیائی نژاد نہیں ہے۔

امریکی خفیہ ایجنسی 'سی آئی اے' کی ترجمان جنیفر ینگ بلڈ نے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی جانب سے عائد کردہ اس نئے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے اس موقف کو دہرایا ہے کہ ایجنسی کی جانب سے ماضی میں صرف مذکورہ تین افراد کے خلاف ’واٹر بورڈنگ‘ کا طریقہ استعمال کیا گیا ہے۔

امریکہ پر واٹر بورڈنگ کا نیا الزام

جمعرات, ستمبر 06, 2012

روس میں 10 لاکھ سے زیادہ بچوں کی پیدائش

رواں سال کے شروع سے اب تک روس میں دس لاکھ سے زیادہ بچے پیدا ہوئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے متعلقہ عرصہ کی نسبت 80 ہزار زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی شرح اموات میں کمی ہوئی ہے۔ متعلقہ عرصہ میں روس میں 10 لاکھ افراد کا انتقال ہوا۔ روس کی وزارت برائے محنت و سماجی تحفظ کی پریس سروس نے کہا۔ 

پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ روس کے 81 صوبوں میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ شرح اموات ملک کے 62 صوبوں میں کم ہوئی۔ یوں رواں سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں روس کی آبادی میں تینتالیس عشاریہ چھہ ہزار افراد کی کمی ہوئی ہے جو گزشتہ سال کے متعلقہ عرصے کی نسبت تین گنا کم ہے۔ اوسط شرح زند‏گی میں اضافہ ہوا ہے۔ مثال کے طور پر 2006 میں اوسط شرح زند‏گی 67 سال تھی جبکہ 2011 میں یہ شرح 70.3 سال ہوگئی۔

روس میں آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پایا گيا

پاکستان کے آرمی چیف ماسکو کا دورہ کریں گے

پاکستان کے آرمی چیف جنرل پرویز کیانی ماہ ستمبر میں ماسکو کا دورہ کریں گے- یہ اطلاع پاکستانی اخبار ’نیشن‘ نے دی۔ اس کے مطابق یہ، زمانۂ سرد جنگ کے بعد پاکستان کے فوجی سربراہ کا پہلا دورہ ھوگا۔ توقع ھے کہ ماسکو میں ھونے والے مذاکرات میں فریقین دو طرفہ فوجی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کریں گے- 

گذشتہ سال ماہ مئی میں ماسکو میں روس اور پاکستان کے صدور دمیتری میدویودیو اور آصف علی زرداری نے بھی اس طرح کے مسائل پرتوجہ دی تھی۔ اخبار ’نیشن‘ نے لکھا کہ افغانستان سے اتحادی فوج کے مجوزہ انخلاء اور واشنگٹن کی جانب سے بھارت کو حاصل ھونےوالی حمایت کے سلسلے میں پاکستان خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھے جانے کے لئے دیگر اتحادیوں سے تعلقات مستحکام کرنے میں کوشاں ھے۔

پاکستان کے آرمی چیف جنرل پرویز کیانی ماہ ستمبر میں ماسکو کا دورہ کریں گے

لندن پیرالمپک: روسی ٹیم تیرہ تمغے جیت گئی

لندن پیرالمپک کے چھٹے دن روسی ٹیم تیرہ تمغے یعنی سونے کے 7، چاندی کے 2 اور کانسی کے 4 تمغے جیت گئی۔ سونے کے تمغے پیراک لیسینکوو اور خاتون پیراک ساوچینکو کو بالترتیب 100 میٹر اور 100 میٹر فری سٹائل مقابلوں میں ملے- اٹھلیٹکس کے کھلاڑیوں یعنی تریکولیچ نے 100 میٹر کی دوڑ، شویتسوو نے 400 میٹر کی دوڑ اور خاتون کھلاڑی پاوتووا نے ڈیڑہ کلومیٹر کی دوڑ میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ اشاپاتوو نے شوٹ پوٹ کا مقابلے میں اور خواتین کی ٹیم نے چار سو میٹر ریلے ریس میں سونے کے تمغے جیت لئے- پیراکی اورآرچیری کے مقابلوں میں روسی کھلاڑیوں کو چاندی اور کانسی کے تمغے ملے-

اس وقت روسی ٹیم تمغوں کی تعداد کے لحاظ سے تیسری پوزیشن پر ھے-‏

عربی ٹی وی چینل ”الجزیرہ“ کی ویب سائٹ ہیک

ہیکروں کے ایک گروپ نے عربی ٹی وی چینل ”الجزیرہ“ کی ویب سائٹ ہیک کرلی ہے۔ اندازہ ہے کہ ہیکرز شامی صدر بشار الاسد کے حامی ہیں۔ ”الرشیدون“ نامی ہیکروں کے گروپ نے ”الجزیرہ“ کی انگریزی اور عربی ویب سائٹوں پر حملہ کیا۔ خبر رساں ایجنسی انٹر فیکس نے اطلاع دی۔

اس گروپ کے نمائندے نے کہا کہ یہ سائبر حملہ شام سے متعلق ٹی وی چینل کے غیر منصفانہ موقف کا جواب ہے جو مسلح دہشت گرد گروہوں کی حمایت کررہا ہے اور ایسی اطلاعات دے رہا ہے جو حقیقت سے دور ہیں۔

عربی ٹی وی چینل ”الجزیرہ“ کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی

محسن اور وقار نے میرا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی، عبدالرزاق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ محسن خان اور وقار یونس نے ان کا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے ٹیلنٹ کے ساتھ انصاف نہ کرسکے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دبئی روانگی سے پہلے لاہور میں ڈوئچے ویلے کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اعتماد میں لیے بغیر انہیں مخصوص فارمیٹ کے انتخاب میں اس طرح الجھا دیا گیا کہ وہ اپنے ٹیلنٹ کے ساتھ انصاف نہ کرپائے۔ واضح رہے کہ عبدالرزاق کو شروع میں عمران خان کے بعد پاکستان کا پہلا مکمل آل راؤنڈر قرار دیا جاتا تھا مگر بعد میں وہ عمران خان کے قریب قریب بھی نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 5 ہزار رنز اور 250 وکٹیں تو لیں مگر چھیالیس ٹیسٹ میچوں میں صرف 100 وکٹیں اور 1946 رنز تک ہی پہنچ سکے۔

عبدالرزاق نے بتایا کہ ابتدا میں فٹنس مسائل کے سبب ان کے 30 ٹیسٹ ضائع ہوئے مگر بعد میں پی سی بی نے ان کے بارے میں جلد بازی میں فیصلے کیے۔ نسیم اشرف دور میں انہیں پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پھر ٹیسٹ ٹیم سے باہر کردیا گیا۔ وقار یونس نے کوچ بننے کے بعد اس وعدے پرمجھ سے ٹیسٹ کرکٹ چھڑوا دی کہ آپ کو ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں کھیلایا جائے گا اور پھر اس نے ایک منصوبے کے تحت ون ڈے ٹیم سے مجھے بھی باہر بٹھانا شروع کردیا۔

عبدالرزاق نے الزام لگایا کہ وقار یونس اور سابق چیف سلیکٹر محسن خان نے ان کا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف میرا ہی نہیں بلکہ محسن خان نے عمر اکمل کا اعتماد بھی مجروح کرکے اس کا کیریئر برباد کرنے کی کوشش کی لیکن عمر اکمل کی خوش نصیبی تھی کہ خود محسن خان کو جانا پڑا۔ عبدالرزاق کے مطابق محسن خان اور وقار یونس جیسے لوگوں کو، جو کرکٹرز کے کیریئرز سے کھیلتے رہے ہیں، کرکٹ بورڈ سے دور رکھنا چاہیے۔

عبدالرزاق، جو 11 ماہ بعد پاکستان ٹیم میں واپس آئے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف بدھ سے شروع ہونیوالی تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہیں۔ عبدالرزاق کے بقول دبئی کی وکٹ پر پاکستانی سپن باؤلرز کا سامنا کرنا آسٹریلیا کے لیے آسان نہ ہوگا۔ 

16 برس پہلے پاکستان ٹیم میں شمولیت کے بعد تیز باؤلر عبدلرزاق نے خود کو جلد ہی معرکے کا بیٹسمین بھی ثابت کردیا تھا۔ انہوں نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ کے ذریعے ملک کو کئی ہارے ہوئے میچز جتوائے۔ عبدالرزاق کا کہنا تھا، ’’میں کاؤنٹی کرکٹ کی طرح پاکستان کی جانب سے بھی اوپن کرنا چاہتا ہوں تاکہ میرا کھویا ہوا اعتماد بحال ہو۔ میں نے لیسٹر کی جانب سے اوپن کی اور رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اس لیے اب کپتان محمد حفیظ نے بھی اوپن کرنے فرمائش کی ہے تاہم مجھے ٹیم کے مفاد میں کسی بھی نمبر پر کھیلنا منظور ہوگا۔‘‘

محسن خان اور وقار یونس نے میرا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی، عبدالرزاق

پیٹ میں کیڑے پیدا کرنے والے انفیکشن سے بچاؤ

بچوں میں بہت عام پیٹ کی ایک بیماری کا تعلق حفظان صحت سے ہوتا ہے۔ جرمن ماہرین کا کہنا ہے کہ حفظان صحت کے چند بنیادی اصولوں کی پابندی سے بچوں کے پیٹ میں کیڑوں کا سبب بننے والے انفیکشن سے بچا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین اور بچوں کے ڈاکٹروں کے اندازوں کے مطابق 5 سے 9 سال تک کی عمر کے قریب 20 تا 40 فیصد بچوں کے پیٹ میں کبھی کبھار کیڑے پیدا ہوجاتے ہیں۔ ان کی مختلف اقسام ہوتی ہیں۔ سب سے زیادہ یا عام طور پر پائے جانے والے کیڑوں کو ’پِن ورمز، راؤنڈ ورمز اور ٹیپ ورمز‘ کہا جاتا ہے۔ مغربی یورپ اور امریکا میں بچوں میں سب سے زیادہ پائی جانے والی پیٹ کی بیماری کو enterobiasis کہا جاتا ہے۔ یہ بڑی آنت میں پایا جانے والا ایسا انفیکشن ہے جو منطقہ معتدلہ میں بسنے والے انسانوں میں ہوتا ہے۔ اس کا شکار سب سے زیادہ بچے ہی ہوتے ہیں۔ یہ بیماری امریکا میں بہت عام ہے۔ اس کے علاوہ ترقی پذیر ممالک کے بچے اس کا بہت زیادہ شکار ہوتے ہیں کیونکہ سکول جانے والے بچوں میں یہ انفیکشن تیزی سے پھیلتا ہے۔

بچوں میں اس عفونت کی علامات پیٹ کا درد اور مقعد سے متعلقہ جائے براز میں خارش ہوتی ہیں۔ اس انفیکشن میں مبتلا بچے کی کیفیت خاص طور پر راتوں کو زیادہ خراب ہوتی ہے۔ ایسے بچے رات میں بہت بے چین رہتے ہیں اور انہیں نیند نہیں آتی اور وہ سکول میں اپنی پڑھائی پر بھی توجہ نہیں دے پاتے۔ اکثر ان بچوں کے فُضلے میں باریک، سفید رنگ کے یہ کیڑے نظر آتے ہیں۔

جرمنی میں بچوں اور نوجوانوں کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن کے ترجمان اُلرش فیگلر کا کہنا ہے کہ پیٹ میں پائے جانے والے کیڑوں کے خلاف ادویات گرچہ موجود ہیں اور یہ کار آمد بھی ثابت ہوتی ہیں تاہم حفظان صحت کی خرابی اور صفائی کے چند بنیادی اصولوں کی اگر پابندی نہ کی جائے، تو یہ ادویات بھی افاقے کا باعث نہیں بن سکتیں۔

اس جرمن ماہر کا کہنا ہے کہ پیٹ میں کیڑوں کا سبب بننے والا انفیکشن ایک متعدی مرض ہوتا ہے۔ اس لیے ایسے بچوں کو دوسرے بچوں سے دور رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ اس عفونت کے شکار بچوں کے لباس کو ہر روز بدلنا، ان کے جسم کو اچھی طرح دھونا، خاص طور پر ان کے ہاتھوں کو منہ میں لگنے سے پہلے دھونا اور ان کے بستر کو صاف ستھرا رکھنا چند بنیادی اصول ہیں جن کی پابندی ضروری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انفیکشن بچوں سے ماؤں کو بھی لگ سکتا ہے۔ ناخنوں کے ذریعے بھی یہ انفیکشن تیزی سے پھیلتا ہے۔ اس لیے ناخن تراشنا اور انہیں صاف کرتے رہنا بھی نہایت ضروری عمل ہے۔

پیٹ میں کیڑے پیدا کرنے والے انفیکشن سے بچاؤ

فیس بُک پر توہین آمیز پیغامات بھیجنے پر ٹین ایجر لڑکی قتل

پیر کو ہالینڈ کی ایک عدالت نے ایک ٹین ایجر لڑکے کو قتل کے جرم میں جیل بھیج دیا ہے۔ اس نے فیس بُک پر ایک دوسری ٹین ایجر لڑکی کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی اور توہین آمیز پیغامات پوسٹ کیے تھے۔

ولندیزی عدالت نے Jing Hua K کو ایک سال کی قید کی سزا سنائی ہے اور اُسے 2 سال کے لیے نفسیاتی کلینک میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ Jing Hua K نے 14 جنوری کو ہالینڈ کے مشرقی شہر Arnheim میں یہ واردات کی تھی۔ ہالینڈ میں کسی نو عمر کو دی جانے والی یہ سب سے طویل سزائے قید ہے۔ عدالت کا ماننا ہے کہ اس ٹین ایجر لڑکے نے یہ قتل جان بوجھ کر کیا ہے۔ ججوں نے آن لائن پوسٹ کیے گئے فیصلے میں کہا ہے کہ Jing Hua K نے 15 سالہ Joyce Hau، جو اپنی دوستوں میں Winsie کے نام سے مشہور تھی، کا قتل کیا اور اُس کے والد کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ اس نو عمر لڑکی کا قتل دراصل اُس وقت ہوا جب Joyce Hau کی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر ایک 16 سالہ دوست جس کا نام Polly w کے ساتھ لڑائی ہوئی۔ استغاثہ کے مطابق Polly w کے بوائے فرینڈ 17 سالہ Wesley C نے تب مبینہ طور پر Jing Hua K کو فون کیا اور اس سے فیس بک پر بھی بات کی اور Joyce Hau کی پوری فیملی کو قتل کرنے کا بندوبست کرنے کو کہا۔

Jing Hua K تب Wesley C کے اکسانے پر Joyce Hau کے گھر پہنچا اور کہا کہ وہ اُسے کچھ دینے آیا ہے۔ جب وہ دروازے پر آئی تو Jing Hua K نے اُس پر خنجر سے متعدد وار کیے اور پھر اس کے والد پر حملہ کیا اور اُسے جان سے مار دینے کی دھمکی دی اور ڈرایا دھمکایا۔ Joyce Hau خون سے لت پت پڑی رہی اور بعد میں اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اُس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پانچ روز بعد دم توڑ دیا۔

عدالتی ترجمان ژاپ اوؤٹن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے میں فیس بک کے ذریعے ان نوجوانوں کے درمیان ہونے والی بات چیت اوربحث کی تفصیلات بتانے کے قابل نہیں ہیں۔ یہ کہتے ہوئے عدالت نے Polly w اور اُس کے بوائے فرینڈ Wesley C کے مقدمات کو التوا میں ڈال دیا ہے اور اس کی اگلی پیشی کے لیے کوئی تاریخ بھی مختص نہیں کی گئی ہے۔

فیس بُک پر توہین آمیز پیغامات بھیجنے پر ایک ٹین ایجر لڑکی کا قتل

صرف ویجیٹیرین، بھارت میں مک ڈونلڈز کی نئی برانچ آئندہ برس

گائے کے گوشت سے بنے ’بِگ میک برگر‘ سے شہرت حاصل کرنے والے امریکی فاسٹ فوڈ ریستوران مَک ڈونلڈز نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس وہ بھارت میں ایک ایسی برانچ کھولے گا، جہاں صرف سبزیوں سے بنے آئٹمز فروخت کیے جائیں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ مک ڈونلڈز دنیا کے کسی بھی کونے میں ایک ایسی برانچ کھولنے جارہا ہے، جہاں صرف سبزیوں سے بنے کھانے فروخت کیے جائیں گے۔ 'سب وے' کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چین مک ڈونلڈز پہلے ہی مقامی سطح پر اپنے کھانوں میں ایک بڑی تبدیلی لا چکا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ مک ڈونلڈز اپنی ایسی پہلی برانچ شمالی بھارت میں واقع سکھوں کے مقدس شہر امرتسر میں کھولے گا۔ یہ وہی شہر ہے جہاں کے مذہبی حکام نے گولڈن ٹمپل میں گوشت کا کھانا ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ بھارت میں مک ڈونلڈز کے ایک ترجمان راجیش کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ امرتسر میں اس برانچ کے باقاعدہ افتتاح کے بعد بھارتی زیر انتظام کشمیر میں واقع وشنو دیوی مندر کے قریب بھی ایک ایسی ہی برانچ کھولی جائے گی۔ ہندووں کے لیے یہ ایک ایسی مقدس جگہ ہے، جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں زائرین جاتے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں مک ڈونلڈ میں فروخت کیے جانے والے کھانوں میں اس وقت بھی پچاس فیصد آئٹمز سبزیوں سے بنے ہوتے ہیں۔ راجیش کمار کے بقول 1.2 بلین آبادی والے ملک بھارت میں مک ڈونلڈز کے ریستورانوں کی تعداد کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا ، ''بھارت میں ہماری صرف 271 برانچیں ہیں جبکہ دنیا بھر میں ہماری برانچوں کی تعداد کم ازکم 33 ہزار ہے۔

صرف ویجیٹیرین، بھارت میں مک ڈونلڈز کی نئی برانچ آئندہ برس

نمائش میں ہیرا نگلنے پر ایک شخص گرفتار

سری لنکا میں جواہرات کی ایک نمائش میں ایک چینی باشندے کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے 13 ہزار ڈالر کی مالیت کا ہیرا نگل لیا تھا۔

پولیس کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جواہرات کی نمائش کے دوران ایک شخص نے نمائش کے لیے رکھے گئے ایک ہیرے کو دیکھتے دیکھتے نگل لیا جس کے بعد اس شخص کو ہسپتال لے جایا گیا۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اس شخص سے وہ ہیرا برآمد کرلیا گیا یا نہیں جسے چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے ہیرے کے مالک سریش ڈاسِلوا سے کہا کہ وہ ہیرا نزدیک سے دیکھنا چاہتا ہے اور ہیرا لینے کے بعد اس نے اسے منھ میں ڈال کر نگل لیاجس پر ہیرے کے مالک نے فوراً پولیس طلب کی۔

مسٹر ڈاسلوا نے بی بی سی کے نامہ نگار چارلز ہیوی لینڈ کو بتایا کہ یہ شخص جس کا ایک ساتھی بھی تھا اصلی ہیروں کو جعلی ہیروں سے تبدیل کرتا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جو ہیرا اس نے نگلا تھا وہ اصلی تھا یا نقلی اس کے لیے ماہرین کی رائے لی جائے گی۔

مسٹر ڈسلوا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہیرا نگلنے کا واقعہ پہلی مرتبہ دیکھا ہے کیونکہ ہیرا نگلنا بہت خطرناک ہوتا ہے اس سے کسی کی جان بھی جا سکتی ہے۔

نمائش میں ہیرہ نگلنے پر ایک شخص گرفتار

جنوبی افریقہ کی فتح، ایک روزہ میچوں کی سیریز برابری پر ختم

ہاشم آملہ
جنوبی افریقہ نے ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو ہرا کر سیریز برابری پر ختم کردی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جیت میں ہاشم آملہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 182 رنز سکور کیے۔ انگلینڈ کی طرف سے کپتان ایلسٹر کک کے علاوہ کوئی بیٹسمین عمدہ کھیل پیش نہ کرسکا۔ ایلسٹر کک نے نصف سینچری سکور کی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کے ابتدائی تین کھلاڑی 13 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ ہاشم آملہ اور کپتان اے بی ڈیلویرز نے مل کر اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور مزید کسی نقصان کے ٹیم کو فتح دلا دی۔ ہاشم آملہ 97 اور اے ڈیلویرز 75 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ہاشم آملہ نے پوری سیریز میں انگلش بولروں کو پریشان کیے رکھا اور سیریز کے آخری میچ میں بھی کوئی انگلش بولر ہاشم آملہ کو آؤٹ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ہاشم آملہ نے تین ٹیسٹ میچوں میں چار سو بیاسی رنز سکور کیے جبکہ ون ڈے سیریز میں انہوں نے تین سو پینتیس رنز سکور کرکے مجموعی طور پر آٹھ سو سترہ رنز سکور کیے۔

انگلینڈ نے جب اپنی اننگز کا آ غاز کیا تو پچھلے میچ کے ہیرو این بیل سپنر روبن پیٹرسن کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد روی بوپارہ کھیلنے آئے اور بغیر کوئی رن بنائے دوسری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ روی بوپارہ نے چار ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 22 رنز بنائے۔

کپتان ایلسٹر کک اور جانی بیرسٹو نے انگلینڈ کی اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن جانی بیرسٹو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے۔ اگلے اوور میں این مورگن بھی آؤٹ ہوگئے اور اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی طرف سے ایک بڑا سکور کرنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور مورکل نے دو دو جبکہ پیٹرسن، ڈومینی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لارڈز میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

اوول میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے تھی۔

ساؤتھ ہمٹن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 80 رنز سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی فتح، سیریز برابری پر ختم

کراچی میں حجاب کے استعمال میں اضافہ، ’باپردہ‘ خواتین کی کثرت

کراچی میں حجاب کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حجاب سے مراد خواتین کا دوپٹے یا سکارف سے منہ یا سر کا ڈھکنا، نقاب لگانا یا باقاعدہ برقع اوڑھنا ہے۔ عجب اتفاق ہے کہ ایک دور میں پورے ملک کا فیشن کراچی کو دیکھ کر بدلتا تھا مگر اب یہی شہر ”پردہ“ کرنے میں باقی ملک اور خاص کر سندھ اور پنجاب سے آگے نکل رہا ہے۔

کراچی یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک سٹیڈیز کے لیکچرار عبدالرحمن کا ’وی او اے‘ سے خصوصی بات چیت میں کہنا تھا کہ ان کے اندازے کے مطابق شہر میں حجاب استعمال کرنے والی خواتین کی تعداد اگر کچھ سال پہلے تک 25 یا 30 فیصد تک تھی تو اب یہ تعداد تقریباً 50 فیصد ہوگئی ہے۔

عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ پہلے ان کے ڈپارٹمنٹ میں پردے میں آنے والی طالبات کی تعداد 100 میں سے 12 یا 13 ہوا کرتی تھی تو اب یہ تعداد 50 فیصد سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی منگل کو جبکہ ملک بھر میں مقامی طور پر ”یوم حجاب“ منایا گیا ہر جگہ اس دن کے حوالے سے پوسٹرز اور بینرز دکھائی دیئے۔ یہاں تک کہ اخبارات میں بھی اس دن کے حوالے سے خصوصی رپورٹس اور ضمیمے تک شائع ہوئے۔ اسے دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ آنے والے سالوں میں حجاب لینے والی خواتین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ “

’یوم حجاب‘ فرانس میں مسلم خاتون مروہ الشربینی کے حجاب لینے پر چھڑنے والے تنازع اور بعد ازاں اس کے قتل کے سبب پاکستان میں شہرت کی وجہ بنا۔ قتل کا واقعہ کچھ سال پہلے 4 ستمبر کو پیش آیا تھا تب سے ہر سال اسی دن یوم حجاب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان کی دینی و مذہبی جماعتیں خاص طور پر اس دن کا اہتمام کرتی ہیں۔

یوم حجاب کی مناسبت سے کراچی میں عربی طرز کے برقعے ”عبایا“ عام ہونے لگے ہیں۔ کسی زمانے میں سر تا پاؤں ایک ہی رنگ کا برقع چلا کرتا تھا جسے اس کی بناوٹ کے سبب ”شٹل کاک برقع“ بھی کہا جاتا تھا مگر اب یہ صرف خیبر پختوا یا بلوچستان تک محدود ہوگیا ہے، اس کے مقابلے میں کراچی میں عبایا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔

اس وقت شہر کی تقریباً ہر بڑی چھوٹی دکان میں عبایا اور حجاب فروخت ہورہے ہیں۔ یہ مختلف اقسام اور سٹائل کے ہوتے ہیں۔ ان میں کئی قسم کی کڑھائی اور موتیوں کا کام بھی کیا جاتا ہے۔ ایسا عبایا یا سکارف بہت زیادہ مقبول ہے۔ خواتین اور نوجوان لڑکیاں چمک دمک والے اور نت نئے سٹائلز والے عبائے اور سکارف استعمال کررہی ہیں۔

حجاب کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب بازاروں میں حجاب کی دکانوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جو دکانیں پہلے صرف کپڑوں کی ہوا کرتی تھیں اب ان پر صرف عبایا فروخت ہوتے ہیں۔

حجاب کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک دکاندار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عبائے کی قیمت اس کے کپڑے اور اس کی کڑھائی و موتیوں کے کام پر منحصر ہوتی ہے۔ مارکیٹ میں 2 ہزار سے 8 ہزار تک کے عبائے اور برقعے فروخت ہورہے ہیں۔ انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ حجاب اور عبائے کے استعمال میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ایک اور دکاندار نے بتایا کہ ہر خریدار خاتون نئے سے نئے سٹائل والے اور کام والے عبائے مانگتی ہے جس کی وجہ سے عبایا بنانے والے کارخانوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ عبائے کے کاریگروں کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا کہ بھاری کام والے کپڑے زیادہ فروخت ہوتے تھے لیکن اب کپڑوں کے ساتھ ساتھ برقعوں اور عبایوں کی خرید و فروخت بڑھ رہی ہے۔

کراچی میں حجاب کے استعمال میں اضافہ، ’باپردہ‘ خواتین کی کثرت

سلمیٰ آغا کی بیٹی بالی ووڈ فلم میں جلوہ گر ہوں گی

ممبئی… ماضی کی نامور پاکستانی اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا کی بیٹی ’ساشا آغا‘ نے اپنی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلم نگری میں اینٹری لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ساشا آغا کے اس فیصلے کے بعد انہیں بالی ووڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس یش راج نے اپنی نئی آنے والی فلم اورنگزیب میں اداکار ارجن کپور کے مدِ مقابل سائن بھی کرلیا ہے۔ انیس سالہ ساشا جن کا حقیقی نام زارا ہے، فلم میں ایک گلیمرس کردار نبھاتی نظر آئیں گی جس کی بقیہ کاسٹ میں ساشا اور ارجن کے علاوہ رشی کپور، جیکی شروف اور امریتا سنگھ شامل ہیں۔ پروڈیوسر ادیتا چوپڑا کی یہ فلم اگلے سال سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سلمیٰ آغا نے بھی بالی ووڈ میں 1982 میں بننے والی بی آر چوپڑا کی سپر ہٹ فلم ”نکاح“ میں اداکار راج ببر کے مدِ مقابل ڈیبیو فلم میں اداکاری کی تھی جسے باکس آفس پر شائقین نے بے انتہا پسند کیا تھا۔

بطخیں ٹریفک روکے بغیر مصروف شاہراہ پار کرگئیں

ٹورنٹو… این جی ٹی… ترقی پذیر ممالک میں عام شہریوں کے لئے سٹرک کراس کرنا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ ٹریفک رکنے کا نام ہی نہیں لیتی لیکن کینیڈا میں ٹریفک سے بھری شاہراہ کو بطخوں نے کراس کرکے انسانوں کو بھی حیران کردیا ہے۔ ٹورنٹو میں ایک درجن کے قریب ننھی بطخوں نے اپنی ماں کی رہنمائی میں سٹرک پر چلتی گاڑیوں کو روکے بغیر کمال مہارت سے چلنا شروع کیا اور کامیابی سے سٹرک کے دوسرے پار پہنچ گئیں۔ اس دوران اس شاہراہ پر چلتی گاڑیاں اُن کی سڑک پر موجودگی سے نا واقف تھیں لیکن ان بطخوں نے سنبھل سنبھل کر ٹریفک کے رکنے کا انتظار بھی نہیں کیا اور بہادری سے سٹرک پار کر لی۔

مصروف شاہراہ کو بطخوں نے ٹریفک روکے بغیر منٹوں میں کراس کرلیا

اعصام الحق اور یولین روزے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں

پاکستان ٹینس سٹار اعصام الحق اور یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور یولین نے کرسٹین ہیریسن اور رائن ہیریسن کو شکست دی۔ عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود پاک ڈچ جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ 

اعصام نے اس طرح مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سےقبل وہ دو مرتبہ بھارتی پارٹنر روہن بوپنا کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچے۔ 2010 میں وہ فائنل تک بھی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔

پاکستان نے پہلا ٹی 20 جیت لیا

رضا حسن نے اپنے انٹرنیشنل کیرئر کا آغاز کیا
واشنگٹن — دبئی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 3ء19 اوورز میں 89 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ جواباً پاکستان نے 90 رنز کا مقررہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 5ء14 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے سب سے زیادہ، 31 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ عمران نذیر نے 22 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی باؤلرز کے سامنے کینگرو بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جب کہ کیمرون وہائٹ نے 15 اور جارج بیلی نے 14 رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور کپتان محمد حفیظ، سعید اجمل اور آج کے میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تین ایک روزہ میچوں کی سیریز آسٹریلیا نے دو، ایک سے جیت لی تھی۔ تین ٹی20 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو ہوگا۔

پاکستان نے پہلا ٹی 20 جیت لیا

پیر, ستمبر 03, 2012

کرینہ اور سیف پاکستان کا دورہ کریں گے

بالی وُوڈ کوئین کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اور سیف جلد پاکستان جائیں گے۔ 

ایک انٹرویو میں کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان جانے کے لئے بے تاب ہیں۔ پاکستان کا کلچر انہیں بہت بھاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے کیریئر کی کئی فلموں سے تین میں ان کا کردار پاکستانی کا ہے، یعنی ریفیوجی، قربان اور ایجنٹ ونود۔ 

کرینہ کہتی ہیں کہ پاکستان میں سیف کے کئی کزنز بھی رہتے ہیں جن سے ملنے کے لئے وہ کافی عرصے سے پلاننگ کررہے ہیں اور جلد ہی وہ پاکستان کا چکر لگائیں گے۔