ہفتہ, ستمبر 01, 2012

کشمیر واپسی پر پاکستانی خواتین مایوس

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرکاری پیشکش پر پاکستان سے واپس لوٹے عسکریت پسندوں کے اہلِ خانہ واپس پاکستان جانا چاہتے ہیں۔

مقامی حکومت کی جانب سے معافی کی پیشکش پر پاکستان سے لوٹنے والے سابق عسکریت پسند اور ان کے گھر والے کم پرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ کئی ماہ سے بحالی کے سرکاری وعدے کا انتظار کرنے کے بعد یہ کشمیری اور ان کی پاکستانی بیویاں واپس پاکستان جانے پر آمادہ نظر آتے ہیں۔ ان خاندانوں نے ایک تنظیم بھی بنائی ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے حقوق کا مطالبہ کرینگے۔

مسلح مزاحمت کا راستہ ترک کرنے والے ان کشمیریوں کے لئے دراصل یہاں کی حکومت نے بحالی کا اعلان کیا اور انہیں واپس لوٹنے کی پیشکش کی۔ اس پیشکش کے بعد ان کشمیری خاندانوں نے نیپال کے راستے کشمیر واپسی کا سفر شروع کیا۔

لیکن واپس لوٹنے والے ان ڈھائی سو سے زائد خاندانوں کی خواتین کا کہنا ہے کہ بحالی کے نام پر انہیں واپس تو بلایا گیا، لیکن یہاں پنچنے پر انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔

مظفرآباد کی رہائشی شاہینہ اختر کہتی ہیں کہ وہ اُن جیسی درجنوں خواتین میں سے ہیں جو حکومت کی بے رُخی کے بعد نفسیاتی تناؤ کا شکار ہوگئی ہیں۔ شاہینہ کے مطابق پاکستانی خواتین کی ایک بڑی تعداد، جو کشمیری خاوند کے ساتھ لوٹی ہیں، ذہنی تناؤ دور کرنے کی دوائیاں لیتی ہیں۔

جنوبی ضلع شوپیان میں واپس لوٹے عبدالرشید نے پاکستانی زیرانتظام کشمیر کی رہنے والی خاتون صحافی شبینہ کے ساتھ شادی کرلی تھی۔ بحالی کے اعلان کے بعد عبدالرشید اور شبینہ اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ شوپیان واپس لوٹے ہیں۔

لیکن پاکستانی میڈیا میں سرگرم رہ چکیں شبینہ کو گاؤں کی زندگی راس نہیں آتی۔ وہ کہتی ہیں کہ پاکستانی زیرانتظام کشمیر میں انہیں حکومت کی طرف سے ہر طرح کی سہولت میسر تھی جبکہ یہاں آکر انہیں پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ اس ذہنی الجھن کا علاج شیبنہ نے یہ کیا کہ ایک مقامی سکول میں نوکری کرلی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’یہاں تو دن بھر کھیتوں میں کام کرنا ہوتا ہے، ہم یہ بھی سہہ لیتے۔ لیکن حکومت نے بڑے چاؤ سے ہمیں بلایا اور یہاں لا کر ذلیل کردیا۔ میں تو سب سے کہتی ہوں کہ یہاں نہ آئیں
۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان سے لوٹے ان کشمیریوں اور ان کی پاکستانی بیویوں نے دو الگ الگ تنظیمیں قائم کرلی ہیں، جن کے تحت وہ اپنے حقوق کا مطالبہ کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے وطن سے ہجرت کرچکی پاکستانی خواتین کی تنظیم کی صدر سائرہ ایوب کا کہنا ہے کہ ان کنبوں کی پریشانی کا عالم یہ ہے کہ خواتین کو روزمرہ کے اخراجات کے لئے بھی اپنے زیوارت بیچنے پڑتے ہیں۔

واضح رہے چند سال قبل وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مقیم سینکڑوں عسکریت پسندوں کو واپس لوٹنے کی پیشکش کی تھی۔ اس پیشکش کے بعد ایک ہزار سے زائد کنبوں نے حکومت کو اپنے اقربا کی تفصیلات فراہم کیں، لیکن ابھی تک صرف ڈھائی سو کنبوں کو یہاں آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی زیرانتظام کشمیرمیں چار ہزار ایسے کشمیری مقیم ہیں جو گئے تو تھے ہتھیاروں کی تربیت کے لئے، لیکن وہاں جاکر انہوں نے تشدد کا راستہ ترک کرلیا۔

کشمیر واپسی پر پاکستانی خواتین مایوس

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔