ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دی دے ہے۔ اب فائنل میں اتوار کو اس کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل کے لیے جمعے کو کولمبو میں میدان میں اتریں۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے لیے مشکل ہدف کھڑا کرنے میں کرس گیل اور کیرن پولارڈ نے اہم کردار ادا کیا۔ گیل نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی بدولت 75 رنز بنائے اور ناقابلِ شکست رہے۔ پولارڈ نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار تین چھکے لگائے اور مجموعی سکور 200 سے اوپر لے گئے۔ ان کا انفرادی سکور 38 رہا۔ ڈوین براوو نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکوں کی بدولت 37 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنس نے 36 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔
مشکل ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے آسٹریلیا کو اپنے بڑے بیٹسمینوں کی جانب سے غیرمعمولی کارکردگی درکار تھی، جس کا مظاہرہ وہ نہ کر سکے۔ کپتان جارج بیلے 29 گیندوں میں 63 رنز بناتے ہوئے نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ دوسرا کوئی بیٹسمین قابلِ ذکر کھیل پیش نہ کرسکا۔
اس کے برعکس ویسٹ انڈیز کے بولروں نے اپنی ٹیم کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔ روی رام پال نے 16 رنز کے عوض 3 سیموئل بیدری نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں، سنیل نارائن نے سترہ رنز کے عوض دو جبکہ پولارڈ نے چھ رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔
29 کے مجموعی سکور پر آسٹریلوی ٹیم اپنی تین وکٹیں گنوا چکی تھی اور اس کے بعد اسے سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ محض 131 رنز ہی بنا پائی۔
قبل ازیں جمعرات کو میزبان سری لنکا نے ٹورنامنٹ کے
پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ اب سری لنکا اور ویسٹ انڈیز اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔