مائیکرو سافٹ کمپنی جمعے کے روز نیا آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز ایٹ‘ ریلیز کرنے جا رہی ہے۔ اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو خصوصی طور پر سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کی طرف سے یہ نیا آپریٹنگ سسٹم ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کی دنیا میں ایپل اور گوگل اینڈرائڈ کا مقابلہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس آپریٹنگ سسٹم کو مائیکرو سافٹ کے سلیٹ ٹیبلیٹ کے عین موافق تیار کیا گیا ہے۔ جمعے کے روز امریکا اور کینیڈا میں ونڈوز ایٹ آپریٹنگ سسٹم والے Slate tablets فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور چیئر مین بل گیٹس نے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا ہے، ’’یہ ہماری انتہائی اہم پروڈکٹ ہے۔ ہمارا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ٹچ سکرین کی دنیا میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا قدم ہے۔‘‘
ونڈوز ایٹ کا آپریٹنگ سسٹم کئی قسم کی ڈیوائسز کو سپورٹ کرے گا۔ سمارٹ فونز سمیت اس کو ٹیبلیٹ کمپیوٹرز، ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹرز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سلیٹ ٹیبلیٹ کی قسمت کا فیصلہ اس میں ڈاؤن لوڈ کی جانے والی apps اور ان کی قیمت سے بھی ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق فی الحال سلیٹ ٹیبلیٹ کے لیے مناسب ایپس کی تعداد کچھ زیادہ نہیں ہے۔
ایپل نے حال ہی میں آئی پیڈ منی متعارف کرایا ہے اور اس ٹیبلیٹ کے لیے 275 ہزار سے زائد apps کو اس کے مطابق ڈیزائن کیا گیا تھا۔ دنیا کے تقریباً 90 فیصد کمپیوٹرز ونڈوز سافٹ ویئر پر چلتے ہیں لیکن گزشتہ چھ برسوں سے ایپل میکنتاش، جسے مختصر طور پر میک بھی کہا جاتا ہے، کے کمپیوٹرز سب سے زیادہ فروخت ہوئے ہیں۔
اگر مائیکرو سافٹ کا ادارہ موبائل ڈیوائس آپریٹنگ سسٹم میں اینڈرائڈ اور ایپل مصنوعات کا مقابلہ نہیں کرتا تو اس کے شیئرز کی قیمتیں مزید گر سکتی ہیں۔ ونڈوز ایٹ کے صارفین سکائی ڈرائیو (SkyDrive) کو استعمال کرتے ہوئے اپنا پرسنل ڈیٹا نہ صرف اسٹور بلکہ مختلف ڈیوائسز کے مابین شیئر بھی کر سکیں گے۔ مائیکرو سافٹ کی حریف کمپنیاں ایپل اور گوگل بھی کلاؤڈ (cloud) نامی اسی طرح کی ایک سروس مہیا کرتی ہیں، جہاں پر کوئی بھی صارف اپنا ڈیٹا محفوظ کر سکتا ہے۔
مستقبل میں ونڈوز ایٹ کو 109 زبانوں میں دنیا کے 231 ملکوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ مائیکرو سافٹ کے چیف Steve Ballmer کے مطابق گزشتہ 17 برسوں میں یہ کمپنی کی سب سے بڑی ڈیل ہے۔ مائیکرو سافٹ کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ونڈوز ایٹ کا ورژن ونڈوز کے ابتدائی ورژن یعنی ونڈوز 95 کے مقابلے میں بالکل ہی مختلف انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں ٹچ سکرین کے علاوہ روایتی ماؤس کے ذریعے بھی مختلف کام انجام دیے جا سکتے ہیں۔ ونڈوز ایٹ مائیکروسافٹ کی طرف سے تیار کیا گیا پہلا آپریٹنگ سسٹم ہے، جو ARM پروسیسر کے ساتھ بھی کام کر سکتا ہے۔ ARM چپس اکثر سمارٹ فونز کے علاوہ ٹیبلیٹ کمپیوٹرز میں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔ ونڈوز ایٹ کو نہ صرف بُوٹ ہونے میں بہت کم وقت لگتا ہے بلکہ اس میں ونڈوز سیون کے مقابلے میں کم انرجی اور پروسیسر کی کم طاقت استعمال ہوتی ہے۔
ایپل کے مقابلے میں ’ونڈوز ایٹ‘ میدان میں