اتوار, اگست 12, 2012

عرب شہزادوں کو شکار کی اجازت ملنے پر اظہار تشویش

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی نے عرب ممالک کے شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کی اجازت دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے تلور کے شکار کے لیے دیے گئے لائسنسوں پر جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی غلام میر سمیجھو کی زیر صدارت منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی سمیت وفاقی سیکرٹری، وزارت موسمیاتی تبدیلی محمود عالم، ڈی جی این ڈی ایم اے تار سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

آئی جی فارسٹ سید محمود ناصر نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان میں پودوں کی 10ہزار جبکہ جانوروں اور پرندوں کی 4 ہزار سے زائد اقسام کی حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ شاہی خاندانوں کو پاکستان میں تلور کے شکار کے لائسنس جاری ہونے سے تلور کی نسل ناپید ہونے کا خطرہ ہے۔ آئی جی فاریسٹ نے بتایا کہ عرب شاہی خاندان کے پاکستان شکار کے لیے آنے والے ایک شخص کو 100 تلور شکار کرنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم وہ اس سے کئی گنا زیادہ پرندے شکار کرتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے شاہی خاندانوں کو یومیہ 700 جانوروں اور پرندوں تک کے شکارکرنے کے لائسنس جاری کیے ہیں۔

قائمہ کمیٹی کا عرب شہزادوں کو شکار کی اجازت ملنے پر اظہار تشویش

مکروہ اوقات نماز

گزشتہ دنوں محلے کی مسجد کے امام صاحب نے مندجہ ذیل اہم مسائل بیان کیے ہیں؛

انہوں نے بتایا کہ طلوع صبح صادق یعنی جس وقت فجر کی نماز کا وقت شروع ہوجائے اس وقت سے لے کر طلوع آفتاب یعنی سورج نکلنے تک، فجر کی نماز کے لئے دو رکعت سنتوں کے علاوہ کوئی اور نفل نماز ادا نہیں کی جاسکتی۔ اس کے علاوہ نماز عصر کے فرائض ادا کرنے کے بعد سے لے کر غروب آفتاب یعنی سورج غروب ہونے تک نفل نماز ادا کرنا ممنوع ہے۔

جس وقت سورج طلوع ہورہا ہو اور زوال کے وقت یعنی جس وقت سورج نصف النہار پر ہو اور عین سورج غروب ہوتے وقت نماز ادا کرنا مکروہ عمل ہے۔

ایران میں زلزلے، ایک سو اسّی ہلاکتیں

ایرانی حکام کا کہنا ہے ملک کے شمال مغربی علاقے میں آنے والے دو زلزلوں میں کم از کم ایک سو اسّی افراد ہلاک اور تیرہ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق تبریز کے خطے میں آنے والے دو زلزلوں کی شدت چھ اعشاریہ چار اور چھ اعشاریہ تین تھی۔

ایرانی حکام کے مطابق پہلا زلزلہ ایران کے شہر تبریز جبکہ دوسرا زلزلہ اھر قصبے کے قریب آیا۔ تہران یونیورسٹی کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دونوں زلزلے یکے بعد دیگرے آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ نقصان تبریز اور اھر کے مضافاتی علاقوں میں ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مشرقی آذربائیجان صوبے کی ہنگامی امداد کی مقامی کمیٹی کے سربراہ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان حارث اور ورزقاب نامی قصبات میں ہوا ہے۔

حکام کے مطابق زلزلے سے چار دیہات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ ساٹھ دیہات میں ساٹھ سے ستّر فیصد تباہی ہوئی ہے۔

ایران کی ہنگامی سروسز کے ادارے کے سربراہ غلام رضا معصومی کا کہنا تھا کہ ’مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے حکام کو ہلاکتوں کی درست تعداد کا تعین کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں‘۔

تبریز کی ایک رہائشی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا اور بہت سے لوگ اپنے مکانوں سے باہر نکل آئے ہیں۔ ایمبولینسوں کا رش ہر جگہ ہے‘۔

ایران میں زلزلے، ایک سو اسّی ہلاکتیں

بنگلہ دیش: مسجد پر بجلی گرنے سے تیرہ ہلاک

بنگلہ دیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے ایک شمال مشرقی گاؤں میں ایک مسجد پر بجلی گرنے سے کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
 
اطلاعات کے مطابق سیلہت ضلع میں لوگوں نے رمضان کی خصوصی نمازیں ابھی مکمل ہی کی تھیں کہ ٹین سے بنی اس عارضی عمارت پر بجلی گر گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوا کہ بجلی گرنے سے مسجد کی پوری عمارت میں بجلی دوڑ گئی۔ اس واقعے میں مسجد کے امام بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ 

اولمپک ہاکی فائنل، جرمنی نے ہالینڈ کو شکست دے دی

جیت کی خوشی
اولمپک 2012ء کے ہاکی فائنل میچ میں جرمنی نے ہالینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے برطانیہ کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ جیتا۔

یاد رہے کہ جرمنی کی ٹیم نے مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔

خواتین کے مقابلوں میں ہالینڈ کی ٹیم نے سونے، ارجنٹائن کی ٹیم نے چاندی اور برطانیہ کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا۔