ٹینس لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
ٹینس لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

جمعہ, نومبر 30, 2012

سرینا ولیمز سال کی بہترین کھلاڑی

سرینا ولیمز
کراچی — ’ویمن ٹینس ایسوسی ایشن‘ (ڈبلیو ٹی اے) نے امریکہ کی سرینا ولیمز کو 2012ء کی بہترین ٹینس پلیئر قرار دیا ہے۔ اس اعزاز کے لیے 31 سالہ سرینا ولیمز کا انتخاب اس سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ رواں سیزن میں سرینا نے ’ومبلڈن‘ اور ’یو ایس اوپن‘ جیت کر نہ صرف اپنے 15 ’گرینڈ سلیم‘ ٹائٹل مکمل کیے بلکہ لندن اولمپکس میں سنگل اور ڈبل مقابلوں میں گولڈ میڈل بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

ماہِ اپریل سے اکتوبر کے دوران میں سرینا ویمن ٹینس مقابلوں پر چھائی رہیں اور انہوں نے اس عرصے کے دوران کھیلے جانے والے 50 میں سے 48 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

یہ چوتھا موقع ہے کہ سرینا ولیمز ’ڈبلیو ٹی اے‘ کی جانب سے ’پلیئر آف دی ایئر‘ قرار پائی ہیں۔ اس سے قبل اس اعزاز کے لیے 2002ء، 2008ء اور 2009ء میں بھی ان کا انتخاب ہوچکا ہے۔

بدھ, نومبر 14, 2012

نوواک جوکووچ کی راجر فیڈرر کو شکست

لندن: اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز ٹینس مقابلوں کے فائنل میچ میں سربیا کے نوواک جوکووچ نے سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کو شکست دے دی۔

پچیس سال کے سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے سابق عالمی چیمپین راجر فیڈرر کو شکست دے کر اپنے عالمی نمبر ایک ہونے کے اعزاز کا دفاع کیا، جوکووچ نے2 گھنٹے اور 14 منٹ جاری رہنے والے اس مقابلے میں اپنے حریف کو 6-7 اور 5-7 سے شکست دی۔

جوکووچ اب 11420 پوائنٹس کے ساتھ عالمی ٹینس رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں، سوئس سٹار روجر فیڈرر دوسری جبکہ برطانیہ کے اینڈی مرے تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

پیر, نومبر 12, 2012

ماریا شراپووا بھارت کے دورہ پر

نئی دہلی: روسی سٹار ماریا شراپووا نے کہا کہ ثانیہ مرزا سنگلز کی بہترین کھلاڑی رہیں لیکن کھیل کے بدلتے ہوئے تقاضے کے پیش نظر ان کا ڈبلز پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ درست ہے۔

ان خیالات کا اظہار روسی ساحرہ نے اتوار کو اپنے پہلے دورہ بھارت کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں فارمیٹس ذہنی اور جسمانی طور پر مشقت طلب ہوتے اور یکساں توجہ دینا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے، مجھے ثانیہ سے مقابلہ کیے کافی وقت بیت چکا لیکن وہ باصلاحیت کھلاڑی ہیں، دراز قامت ماریا نے مزید کہا کہ مجھے ثانیہ مرزا کو ڈبلز میں اچھا پرفارم کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ ثانیہ مرزا فی الوقت عالمی رینکنگ میں ڈبلز میں 12 ویں اور سنگلز میں 280 ویں پوزیشن پر ہیں۔

اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز؛ اعصام الحق اور جولین روجرکو شکست

اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز ٹینس مقابلوں میں اعصام الحق اور ان کے پارٹنر جولین روجرکو کو سپین کےگرانولرز اور مارک لوپز نے شکست دے دی جبکہ مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن روجر فیڈرر بھی ہار گئے۔

لندن میں جاری مینز ڈبلز کوارٹر فائنل راؤنڈ میں اعصام اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین راجر کو سپین کےگرانولرز اور مارک لوپز نے 4-6 اور 2-6 سے ہرا دیا۔

مینز سنگلزمیں دفاعی چیمپئن اور سوئس سٹار روجر فیڈرر کو ارجنٹائن کے مارٹن ڈیل پوٹرو کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ سنسنی خیز مقابلے میں ڈیل پوٹرو نے راجر کو 6-7 ، 4-6 اور 3-6 سے زیر کیا اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ ایک اور میچ میں سپین کے ڈیوڈ فیرر نے فرانس کے ولفرئیڈ سنگا کو 4-6، 3-6 اور 1-6 سے شکست دی۔

اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز؛ اعصام الحق اور جولین روجرکو شکست

پیر, ستمبر 10, 2012

یو ایس اوپن ٹینس فائنل: سرینا ولیمز نے جیت لیا

سال کے آخری گرینڈ سلیم ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کا فائنل مقابلہ امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا کو شکست دے کر جیت لیا۔

سرینا ولیمز نے پہلا سیٹ 6-2 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں وکٹوریا آزارینکا نے 6-2 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد سرینا ولیمز نے آزارینکا کو 7-5 سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ہفتہ, ستمبر 08, 2012

یو ایس اوپن: وکٹوریا آزارینکا اور سرینا ولیمز فائنل میں

میچ کے بعد آزارینکا شیراپووا سے مصافحہ کر رہی ہیں
بیلا رس کی ورلڈ نمبر ایک اور موجودہ آسٹریلین چیمپیئن 23 سالہ وکٹوریا آزارینکا روس کی ماریا شاراپووا کو یو ایس اوپن کے سیمی فائنل شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ آزارینکا نے میچ میں 3-6، 6-2 اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔

دوسرا سیمی فائنل سرینا ولیمز نے جیت لیا۔ سرینا کا فائنل میں وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا، فائنل میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

سرینا ولیمز نے دوسرے سیمی فائنل میں سارہ ایرانی کو 6-1 اور 6-2 سے شکست دی۔ سرینا ولیمز تین مرتبہ یو ایس اوپن ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

جمعہ, ستمبر 07, 2012

شاراپووا اور آزارینکا کے درمیان سیمی فائنل آج ہوگا

روس کی ٹینس سٹار ماریا شاراپووا نے فرانس کی ماریون بارٹولی کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ انہوں نے یہ میچ 3-6، 6-3 اور 6-4 سے جیتا اور 6 سال میں پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

ماریا شاراپووا کو رواں سال تین سیٹ تک جانے والے کسی میچ میں شکست کا سامنا نہیں‌ کرنا پڑا۔ ماریا شاراپووا نے کہا کہ خوش قسمتی ہمیشہ مدد کرتی ہے اور یو ایس اوپن کے اس مرحلے تک دوبارہ پہنچنے میں بہت وقت لگ گیا ہے۔

ماریا شاراپووا کا آج سیمی فائنل میں بیلارس کی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا سے مقابلہ ہوگا۔ ماریا شاراپووا کا کہنا ہے کہ وکٹوریا آزارینکا نے مجھے آسٹریلیا میں بہت آسانی سے شکست دی تھی، مجھے گرانڈ سلام میں بدلہ لے کر بہت اچھا لگے گا۔

اعصام الحق اور یولین روزے یو ایس اوپن سیمی فائنل ہار گئے

نیویارک … پاکستان کے اعصام الحق اور ہالینڈ کے یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن سے باہر ہوگئی، انہیں سیمی فائنل میں برائن برادرز کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹ میں شکست ہوئی۔ 

نیویارک میں ہونے والے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے اعصام الحق اور ہالینڈ کے یوان یولین روزے پر مشتمل پیئر کا مقابلہ باب برائن اور مائیک برائن پر مشتمل امریکی جوڑی سے تھا۔ سیکنڈ سیڈ امریکن پیئر نے اعصام اور یولین کو جم کر کھیلنے نہیں دیا۔ برائن برادرز نے سیمی فائنل 6-3 اور 6-4 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل میں باب اور مائیک برائن، بھارت کے لینڈر پیز اور چیک ری پبلک کے راڈک سٹپنک سے مقابلہ کریں گے۔

اعصام الحق اور یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن سے باہر

جمعرات, ستمبر 06, 2012

اعصام الحق اور یولین روزے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں

پاکستان ٹینس سٹار اعصام الحق اور یولین روزے کی جوڑی یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور یولین نے کرسٹین ہیریسن اور رائن ہیریسن کو شکست دی۔ عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود پاک ڈچ جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ 

اعصام نے اس طرح مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سےقبل وہ دو مرتبہ بھارتی پارٹنر روہن بوپنا کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچے۔ 2010 میں وہ فائنل تک بھی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔

پیر, ستمبر 03, 2012

یو ایس اوپن: اعصام الحق مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

امریکہ میں جاری ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں پری کوارٹر فائنل مرحلے کے مقابلے جاری ہیں۔ اتوار کے روز خواتین کی عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا اپنا میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ بیلاروس کی وکٹوریہ آزرینکا نے جارجیا کی انا تاتیشویلی کو شکست دی۔ دفاعی چیمپیئن سمانتھا سٹوزر نے برطانوی کھلاڑی لارا رابسن کو ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیک جمہوریہ کی عالمی نمبر پانچ پیٹرا کویٹووا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ 

مردوں کے عالمی نمبر دو کھلاڑی نوواک جوکووچ بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اپنے ڈچ پارٹنر کے ہمراہ مردوں کے ڈبلز کے کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

اتوار, ستمبر 02, 2012

یو ایس اوپن۔: راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل مرحلے میں

ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن میں مردوں کے عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کی شاندار فارم برقرار ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ہسپانوی حریف فرنانڈو ویرڈاسکو کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرا دیا۔ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے بھی اپنا میچ جیت لیا ہے اور غالب امکان ہے کہ یہ دونوں سپر سٹار سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر چار سیرینا ولیمز نے روسی کھلاڑی کو آسانی سے ہرا دیا۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر دو اگنی ایشکا راڈوانسکا بھی اپنا میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ 

ڈی ڈبلیو

جمعہ, اگست 31, 2012

یو ایس اوپن: مرے، شاراپوا، آزارینکا اور فیرر اگلے مرحلے میں

کِم کلائسٹرز
اینڈی مرے، ماریا شاراپووا، وکٹوریہ آزارینکا اور ڈیوڈ فیرر یو ایس اوپن کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ سٹار کھلاڑی کِم کلائسٹرز کو برطانیہ کی جواں سال لورا روبنسن نے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔

اینڈی مرے نے بدھ کو کروشیا کے Ivan Dodig خلاف میچ چھ دو، چھ ایک اور چھ تین سے جیت کر تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا نے بیلجیم کی کرسٹین فلِپکینس کو چھ دو، چھ دو سے مات دی اور یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔

سابق چیمپئن ماریا شاراپووا نے سپین کی لورڈ ڈومینگس لینو کو چھ صفر، چھ ایک سے مات دیتے ہوئے یو ایس اوپن کے تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ شاراپووا نے 2006ء میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ بدھ کو ہسپانوی حریف کے خلاف میچ جیتنے میں انہیں 54 منٹ لگے۔ سپین کے ڈیوڈ فیرر نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو مات دی ہے۔

کِم کلائسٹرز یو ایس اوپن کے بعد کھیل کو خیرباد کہنے کا اعلان کر چکی تھیں۔ یوں بدھ کا مقابلہ ان کا آخری سنگلز میچ ثابت ہوا ہے۔ لورا روبنسن نے انہیں سات چھ، سات چھ سے مات دی۔ کلائسٹرز کے لیے یہ ہار کسی دھچکے سے کم نہ تھی اور میچ کے ا‌ختتام پر ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ پھر بھی شکست کے باوجود کِم کلائسٹرز کا کہنا تھا کہ کھیل سے کنارہ کرتے ہوئے ان کے دِل میں کوئی حسرت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’میچ کے ایک گھنٹے بعد تک کچھ مایوسی تھی اور کسی حد تک بے چینی بھی تھی۔ لیکن ریٹائرمنٹ کے بارے میں بات کرنے اور سوچنے کے بعد میں خوش ہوں۔‘‘

روبنسن نے کِم کلائسٹرز کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔ کلائسٹرز کی ریٹائرمنٹ پر ماریا شاراپووا اور سیم سٹوزر نے بھی اظہار خیال کیا۔

کلائسٹرز نے 2005ء میں یو ایس اوپن جیتا تھا۔ وہاں وہ 2009ء میں دوبارہ لوٹیں جب ان کی ایک بیٹی بھی تھی۔ تاہم اس کے باوجود انہوں نے پہلے سے بہتر کھیل پیش کیا اور بعد میں دو مرتبہ یو ایس اوپن اور ایک مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتا۔

ان کا کہنا تھا: ’’یہ بہت زبردست سفر رہا ہے اور میرے بہت سے خواب ٹینس کی وجہ سے پورے ہوئے ہیں۔‘‘

یو ایس اوپن: مرے، شاراپوا، آزارینکا اور فیرر اگلے مرحلے میں

جمعرات, اگست 23, 2012

ٹینس: خواتین کی عالمی رینکنگ میں وکٹوریا آذارینکا بدستور نمبر ون

رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن جیتنے والی وکٹوریا آذرینکا بدستور عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر ہیں۔ اس دوران وہ دو تین ہفتوں کے لیے عالمی نمبر دو پر بھی آئيں مگر ماریا شاراپووا پہلی پوزیشن کو سنبھالنے سے قاصر رہيں تھیں۔ پولینڈ کی آگنیسکا رادوانسکا (Agnieszka Radwanska) اب دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ وہ اس سے قبل تیسرے مقام پر تھیں۔ ماریا شاراپووا نے رواں برس عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سنبھالی تھی مگر اب وہ مسلسل نیچے کی جانب روانہ ہیں اور آج جاری ہونے والی فہرست میں ان کو تیسرا مقام حاصل ہے۔

جرمنی کی ابھرتی ہوئی نوجوان خاتون کھلاڑی انگلیکے کیربیر (Angelique Kerber) مسلسل اپنی پوزیشن کو بہتر کرتی جارہی ہیں۔ وہ اس وقت عالمی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔ سابقہ ساتویں پوزیشن سے وہ ایک سٹیپ اوپر ہوگئی ہیں۔ اس وقت وہ عالمی نمبر چھ ہیں۔ اس کی وجہ سنسناٹی کپ میں امریکی سٹار سیرینا ولیمز کو ان کے ہاتھوں شکست تھی۔ سیرینا بدستور چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا (Petra Kvitova) کے پاس پانچویں پوزیشن ہے۔

خواتین کی عالمی درجہ بندی میں چین کی لی نا بھی ٹاپ ٹین میں ایک بار پھر داخل ہوگئيں ہیں۔ اس کی وجہ سنسناٹی کپ جیتنا ہے۔ سنسناٹی کپ میں چین کی خاتون کھلاڑی نے جرمن ٹینس کھلاڑی انگلیکے کیربیر کو شکست سے دوچار کیا۔ لی نا نے مسلسل تین فائنلز میں شکست کے بعد کوئی فائنل میچ جیتا ہے۔ گزشتہ ہفتے چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے ٹورانٹومیں کھیلے جانے والے راجرز کپ میں چینی کھلاڑی کو ہرایا تھا۔

دنیا بھر میں خواتین اور مرد ٹینس کھلاڑی اس وقت اپنی توجہ رواں برس کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ یُو ایس اوپن کے شروع ہونے میں بس اب ایک ہی ہفتہ رہ گیا ہے۔ ستائیس اگست یہ ٹینس ٹورنامنٹ امریکی شہر نیو یارک میں شروع ہورہا ہے۔ 

بدھ, جولائی 18, 2012

یقین نہیں آرہا کہ وائلڈ کارڈ نہیں ملا

پاکستان کے ٹینس کھلاڑی اعصام الحق کو ابھی تک لندن اولمپکس میں وائلڈ کارڈ نہ ملنے کا یقین نہیں آرہا ہے اور وہ اسے اپنے ساتھ ناانصافی سے تعبیر کرتے ہیں۔

اعصام الحق نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ وہ عالمی رینکنگ میں صرف ایک پوزیشن کے فرق سے لندن اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے۔

تاہم انہیں اس بات کا یقین تھا کہ وائلڈ کارڈ کے ذریعے اولمپکس میں شرکت کا اپنا خواب پورا کرسکیں گے لیکن ان کا نام وائلڈ کارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں نہیں آیا توانہیں جیسے دھچکہ لگا اور وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔

اعصام الحق کے لیے دکھ کی بات یہ ہے کہ وہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کی غفلت کے سبب بیجنگ اولمپکس میں بھی شرکت سے محروم رہے تھے۔

اعصام الحق سے جب پوچھا گیا کہ عالمی ٹینس کے کرتا دھرتاؤں نے وائلڈ کارڈ کے لیے کوئی تو پیمانہ مقرر کیا ہوگا، تو انہوں نے کہا ’یہ سوال آپ ان ہی سے پوچھیں۔ وائلڈ کارڈز ہر براعظم کے لیے مختلف تعداد میں مختص کئے جاتے ہیں۔ جہاں تک ایشیا کا تعلق ہے وہ پہلے ایشین تھے جو کٹ لائن سے باہر تھے یعنی وائلڈ کارڈ اگر کسی کو دیا جاتا تو وہ پہلے کھلاڑی ہوتے لیکن وہ ایشین ٹینس فیڈریشن کی ترجیح نہیں تھے۔ اس نے حیران کن طور پر جاپان کے نشی کوری اور سوئیڈا کو ڈبلز میں وائلڈ کارڈ دے دیے جبکہ وہ ڈبلز کےکھلاڑی ہی نہیں ہیں‘۔

اعصام الحق کا کہنا ہے کہ انہیں وائلڈ کارڈ نہ دیے جانے پر ورلڈ ٹور کے کئی کھلاڑی بھی حیران تھے لیکن جو ہونا تھا وہ ہوگیا۔ اب وہ آنے والے مقابلوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ سال کے آخری ماسٹر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔

اس سال اپنی کارکردگی پر اعصام الحق کا کہنا ہے کہ ابتدائی تین ماہ انہیں اپنے نئے پارٹنر جولین راجر کے ساتھ ہم آہنگی میں دشواری ہوئی جس کی وجہ سے نتائج بھی اچھے نہیں رہے۔

’لیکن جب دونوں میں ہم آہنگی پیدا ہوگئی تو ہم نے ایسٹروئل اوپن اور گیری ویبر اوپن کے ٹائٹلز جیتے فرنچ اوپن کا سیمی فائنل کھیلا جبکہ ومبلڈن میں سخت مقابلے کے بعد ہم ہارے اور اس وقت ہم ڈبلز میں ساتویں نمبر پر ہیں‘۔

ہفتہ, جولائی 14, 2012

ماریا شاراپووا سال کی بہترین کھلاڑی

امریکہ کے اولین سپورٹ چینل ای ایس پی این نے ٹینس کی روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا کو سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا ہے۔ لاس اینجلس میں منعقدہ تقریب میں گرینڈ سلیم فرینچ اوپن ٹورنامنٹ میں ماریا کی جیت کو خاص طور پر سراہا گیا۔ واضح رہے کہ یہ مقابلہ جیت کر ماریا چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹوں میں کامیابی حاصل کرنے والی کھلاڑیوں میں شامل ہوگئیں۔ 

کھیل کی دنیا میں چینل ای ایس پی این کی طرف سے دئے جانے والے انعامات کو انتہائی باوقار سمجھا جاتا ہے۔ یہ انعامات دئے جانے کا سلسلہ بیس سال سے جاری ہے۔

ماریا شاراپووا سال کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں

ہفتہ, جولائی 07, 2012

مرے فائنل میں، مقابلہ فیڈرر سے ہوگا

برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے جو ولفرائیڈ سونگا کو ومبلڈن کے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ ومبلڈن کے فائنل میں اینڈی مرے کا مقابلہ اتوار کے روز سولہ بار گرینڈ سلیم حاصل کرنے والے راجر فیڈرر سے ہوگا۔

اینڈی مرے 74 سال بعد پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں جو ومبلڈن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ سنہ انیس سو چھتیس میں برطانوی کھلاڑی فریڈ پیری نے ومبلڈن جیتا تھا۔

اینڈی نے سونگا کو چھ تین، چھ چار، تین چھ اور سات پانچ سے شکست دی۔ یہ مقابلہ دو گھنٹے سینتالیس منٹ جاری رہا۔

سوئس کھلاڑی سونگا کو ہرانے کے بعد اینڈی نے کہا ’میں کافی مطمئین ہوں۔ یہ ایک بہت سخت مقابلہ تھا اور ہم دونوں ہی کو مواقعے ملے تھے‘۔

اس سے قبل سوئٹزرلینڈ کے ٹینس سٹار راجر فیڈرر نے مردوں کے ومبلڈن چیمپئین شپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن سربیا کے نواک یوکووِچ کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ یہ فیڈرر کا آٹھواں ومبلڈن فائنل ہوگا۔

فیڈرر نے یوکووچ کو ہرا کر ومبلڈن ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کی ہے۔ وہ ٹینس کے پہلے کھلاڑی ہیں جو اپنا آٹھواں ومبلڈن فائنل کھیلیں گے۔ فیڈرر نےسیمی فائنل میں یوکووِچ کو چھ تین، تین چھ، چھ چار اور چھ تین سے شکست دی۔

فیڈرر نے پہلا سیٹ چھ تین سے جیتا جبکہ دوسرے سیٹ میں جاکووچ نے چھ تین سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ فیڈرر نے تیسرے سیٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکووچ کو چھ چار سے شکست دی۔ میچ کے چوتھے سیٹ میں بھی فیڈرر نے یوکووچ کو سنھبلنے کا موقع نہ دیا اور چھ تین کے فرق سے یہ سیٹ جیت لیا۔

فیڈرر نے دو گھنٹے اور انیس منٹ کے مقابلے کے بعد یہ میچ جیتا۔

فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ اینڈی مرے یا سونگا سے ہو گا۔ اگر فیڈرر فائنل جیتنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ان کا ساتواں ومبلڈن ٹائٹل ہوگا۔

جمعرات, جولائی 05, 2012

فیرر کو شکست، مرے سیمی فائنل میں

اینڈی مرے
برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے عالمی نمبر سات کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کو ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

رافیل ندال کی شکست کے بعد عالمی نمبر چار کھلاڑی اینڈی مرے کا ومبلڈن جیتنے کی امید بڑھ گئی ہے۔ اگر وہ ومبلڈن جیت جاتے ہیں تو وہ اپنا پہلا گرینڈ سلیم حاصل کریں گے۔

اینڈی مرے نے سپین کے فیرر تین گھنٹے اور باون منٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

مرے کو فیرر کے ہاتھوں فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جمعہ کو مری کا سیمی فائنل میں عالمی نمبر پانچ کھلاڑی جو ولفرڈ کے مدِمقابل ہوں گے۔اینڈی مرے نے کھیل کا آغاز کچہ اچھا نہ کیا لیکن بعد میں انہوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔

اینڈی نے میچ جیتنے کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک نہایت سخت اور لمبا میچ تھا۔ فیرر ایک عزیم کھلاڑی ہیں۔‘

میچ میں اینڈی مرے نے اٹھارہ ایس سروسز کرائیں جبکہ فیرر نے صرف آٹھ۔ فیرر کی تیز ترین سروس کی رفتار 122 میل فی گھنٹہ تھی جبکہ مرے کی سروس کی رفتار 135 میل فی گھنٹہ تھی۔

فیرر کو شکست، مرے سیمی فائنل میں

ومبلڈن، سیرینا ولیمز سیمی فائنل میں

سیرینا ولیمز
امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز نے ومبلڈن کے ایک کوارٹر فائنل مقابلے میں چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی دفاعی چیمپئن پیٹرا کویٹووا کو سیدھے سیٹوں میں مات دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

انتہائی اہم گرینڈ سلام ٹورنامنٹ قرار دیے جانے والے ومبلڈن کے ایک کوارٹر فائنل میں سیرینا کی اس جیت کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ امریکی ٹینس سٹار اب ومبلڈن کا امسالہ ٹائٹل اپنے نام کرسکتی ہیں۔ منگل کے روز کھیلے گئے اس میچ میں سیرینا نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ومبلڈن کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن Petra Kvitova کو چھ تین اور سات پانچ سے شکست دے دی۔

سیرینا اب سیمی فائنل مقابلے میں بیلاروس کی وکٹوریا آزارینکا کے خلاف کھیلیں گی۔ آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ کی فاتح آزارینکا نے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا ہی کی Tamira Paszek کوشکست دی۔

کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد بائیس سالہ پیٹرا کویٹووا نے کہا کہ اب سیرینا ولیمز کو شکست دینا مشکل ہے اور وہ ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ خواتین کی درجہ بندی میں اس عالمی نمبر چار کھلاڑی نے کہا، ’اب سیرینا کو شکست دینا انتہائی مشکل ہے۔ میں یہ نہیں کہوں گی کہ یہ ناممکن ہے کیونکہ وہ بھی ایک انسان ہے، لیکن یہ کام انتہائی مشکل ہے‘۔
پیٹرا کویٹووا

تیس سالہ سیرینا ولیمز نے کہا ہے کہ چیک جمہوریہ کی سٹار کھلاڑی کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے اضافی توانائی لگائی۔ چار مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اس امریکی سٹار نے اپنی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ومبلڈن چیمپئن یا کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کی فاتح کھلاڑی کو شکست دینا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔

منگل کو ہی کھیلے گئے ومبلڈن خواتین مقابلوں کے ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جرمن سٹار انجلیق کیربر نے اپنی ہم وطن کھلاڑی زابینے لیزیکی کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی۔ کیربر اب سیمی فائنل میں پولش کھلاڑی اگنیسکا راڈوانسکا کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

راڈوانسکا نے اپنے کوارٹر فائنل میچ میں روس کی ماریا کیریلینکو کو شکست سے دوچار کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی راڈوانسکا وہ پہلی پولش خاتون کھلاڑی بن گئیں جو آج تک ٹینس کے کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچی ہیں۔

2005ء میں ومبلڈن جونیئر کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی راڈوانسکا نے کہا، ’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے‘۔
 

بدھ, جولائی 04, 2012

ومبلڈن کوارٹر فائنل: مرے کا مقابلہ فیرر سے

برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے عالمی نمبر پانچ کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کے ساتھ ہونے والے کوارٹر فائنل سے قبل کہا ہے کہ ومبلڈن فائنل ابھی بہت دور ہے۔

رافیل ندال کی شکست کے بعد عالمی نمبر چار کھلاڑی اینڈی مرے کا ومبلڈن جیتنے کی امید بڑھ گئی ہے۔ اگر وہ ومبلڈن جیت جاتے ہیں تو وہ اپنا پہلا گرینڈ سلیم حاصل کریں گے۔

اینڈی مرے نے کہا ’ومبلڈن فائنل میں ابھی دیر ہے اور وہ اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔ فیرر بہت عمدہ کھیل پیش کررہے ہیں اور مجھے بہت اچھا کھیلنا ہوگا۔‘

اینڈی مرے نے سپین کے فیرر کے خلاف دس میچوں میں پانچ جیتے ہیں لیکن آخری دو میچوں میں مرے کو فیرر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا بشمول فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل کے۔

فیرر نے اینڈی کو کلے کورٹ پر شکست دی ہوئی ہے اور یہ دونوں کھلاڑیوں کا گھاس کے کورٹ پر پہلا مقابلہ ہوگا۔

اینڈی مرے نے کہا ’میرے لیے فیرر کلے کورٹ پر کھیلنے کا ماہر نہیں ہے۔ وہ گھاس کے کورٹ پر لگاتار نو میچ جیت چکا ہے۔ وہ آسٹریلین اوپن، یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے اور اب وہ گھاس پر بہتر کھیلنے لگ گئے ہیں۔‘

مرے سے جب پوچھا گیا کہ کیا فرنچ اوپن میں فیرر کے ہاتھوں شکست کا آج کے میچ پر اثر ہوگا تو انہوں نے کہا ’ہم دیکھیں گے کہ اثر ہوتا ہے یا نہیں۔‘

’ٹینس میں کارکردگی ہر ہفتے تبدیل ہوتی ہے۔ ایک ہفتے اچھا کھیلنے والے اگلے ہفتے اچھا نہیں کھیلتے۔ پھچلے سال نووک نے ندال کو کبھی شکست نہیں دی تھی لیکن پھر وہ ندال کو ہرانے لگ گیا۔‘


ومبلڈن کوارٹر فائنل: مرے کا مقابلہ فیرر سے

ومبلڈن کا شاہین دوبارہ مل گیا

لندن میں ومبلڈن گرینڈ سلام ٹینس مقابلوں کے دوران کبوتروں کو میدان سے دور رکھنے میں مدد دینے والا شاہین چوری ہونے کے تین دن بعد مل گیا ہے۔

جمعرات کو روفس نامی اس شاہین کو جنوب مشرقی لندن میں اس کے سفری ڈبے سے چوری کیا گیا تھا۔

اس باز کے مالک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ’روفس کی صحت ٹھیک اور خیریت سے ہے۔ ہمیں اس کے ملنے پر بے انتہا خوشی ہے۔‘

جمعرات کی رات کو روفس چوری ہوا تھا اور جمعہ کی صبح لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے روفس کے سفری ڈبے کے بارے میں اطلاع دی۔

اس سفری ڈبے کو تیار کرنے والے مارٹن انڈروڈ کے مطابق ایک شخص نے انہیں فون کر کے کہا کہ’مجھے ایک ایسی چیز ملی ہے جس کا تعلق آپ سے ہے۔‘

مارٹن انڈروڈ کے مطابق اس وقت تک انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ روفس چوری ہو چکا ہے تاہم اطلاع دینے والا شخص پولیس ملازم یا اس کا تعلق خیراتی ادارے’آر ایس پی سی اے‘ سے تھا۔

لندن پولیس کی ایک ترجمان کے مطابق روفس کو خیراتی ادارے کے جانوروں کے ہسپتال میں حوالے کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق’روفس کی ٹانگ پر معمولی زخم ہے اور اسے دوبارہ کام پر جانے سے پہلے چند روز آرام کرنے کی ضرورت ہوگی۔‘

چار سالہ روفس کو ومبلڈن کے مرکزی سٹیڈیم میں صبح کے وقت تماشائیوں کے آنے سے پہلے کبوتروں کو ڈرانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔


ومبلڈن کا شاہین دوبارہ مل گیا