اتوار, ستمبر 09, 2012

ٹی 20: جنوبی افریقہ کی سات وکٹوں سے جیت

انگلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جنوبی افریقہ کو کیلس اور ڈومنی نے جیت سے ہمکنار کرایا۔ کیلس نے 44 گیندوں میں 48 جبکہ ڈومنی نے 54 گیندوں میں 47 رنز بنائے۔

چیسٹر لی سٹریٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے کیسویٹر نے سب سے زیادہ سکور کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔ انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ہیلز 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ کیسویٹر جو اچھا کھیل رہے تھے ان کو بوتھا نے آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کا اس وقت مجموعی سکور 40 تھا۔ تاہم اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پیٹرسن اور بوتھا نے دو دو جبکہ سٹائن اور مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی سات وکٹوں سے جیت

رمشا مسیح اڈیالہ جیل سے رہا، ہیلی کاپٹر کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) توہین قرآن کیس میں گرفتار مسیحی لڑکی رمشا کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جمعہ کو ایڈیشنل سیشن جج محمد اعظم خان اسلام آباد نے اس کی ضمانت منظور کی تھی۔ ہفتہ کو رمشا کی رہائی کے موقع پر اڈیالہ جیل میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ رمشا کو لینے کے لئے تھانہ رمنا کے ایس ایچ او کے علاوہ ایس ایس پی یاسین فاروق خود موجود تھے۔ رمشا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے خفیہ مقام پر لے جایا گیا۔ جیل میں ملزمہ کو لینے کے لئے دو بکتر بند گاڑیاں داخل ہوئیں۔ انتہائی سخت پہرے میں ہیلی کاپٹر تک لے جایا گیا۔ رمشا کے منہ پر بڑا رومال ڈالا گیا جس سے اس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ بعد ازاں ایس ایس پی یاسین فاروق بھی ہیلی کاپٹر میں سوار ہوگئے۔ ادھر رمشا کیس میں مدعی کے وکیل حاجی فضل الرحمن نیازی نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے کہ توہین قرآن کیس کی ملزمہ رمشا کم عمر بچی نہیں بلکہ مکمل جوان لڑکی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار کئے جانے کے مناظر ساری دنیا نے ٹی وی پر دیکھے مدعی کے وکیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک انتہائی حساس کیس کی ملزمہ کو اتنے پروٹوکول اور اہتمام سے ہیلی کاپٹر میں بٹھا کر جیل سے منتقل کیا جانا افسوس ناک ہے۔ فضل الرحمن نیازی نے کہا کہ میں جیو ٹی وی اور پاکستان کے دیگر چینلز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ حقیقت کیا ہے اور بعض حلقوں کی جانب سے اس کی کم سنی کا بہانہ بناکر ہمدردی جتانے والے افراد کا منہ بند کردیا۔

روزنامہ جنگ راولپنڈی


رمشا مسیح کی رہائی کے موقع کی مزید تصاویر