جمعرات, ستمبر 27, 2012

سام سنگ کا نیا سمارٹ فون گلیکسی نوٹ ٹو

گیلیکسی نوٹ ٹو کی ٹچ سکرین کا سائز 5.5 انچ ہے
سام سنگ نے اپنا ’اوور سائز‘ سمارٹ فون گلیکسی ٹو کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ ایپل کے آئی فون فائیو کی فروخت شروع ہونے کے محض ایک ہفتے بعد متعارف کرایا جانے والا گلیکسی نوٹ ٹو دراصل ایپل فون کا مقابلہ کرنے کی کوشش ہے۔

ایپل کمپنی کے آئی فون فائیو کے پہلے ہی ہفتے میں 50 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایپل کا مقابلہ کرنے کے لیے سام سنگ محض ایک کی بجائے صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ پراڈکٹس مارکیٹ میں لا رہا ہے۔ گلیکسی نوٹ گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔

جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ گلیکسی نوٹ ٹو بہت جلد امریکا سمیت دنیا کے 128 ممالک میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ گلیکسی نوٹ ٹو سام سنگ کے معروف گلیکسی ایس کے مقابلے میں سائز میں کچھ بڑا ہے۔ اس کے ساتھ ایس پین 'S pen' بھی فراہم کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارف اپنی اسکرین پر نہ صرف نوٹس تحریر کر سکتا ہے بلکہ ڈرائنگ بھی کر سکتا ہے۔

سام سنگ کے موبائل یونٹ کے سربراہ جے کے شِن J.K. Shin کے مطابق، ’’ہمیں یقین ہے کہ گلیکسی نوٹ ٹو کی فروخت پہلے تین ماہ کے دوران اس کے گزشتہ ورژن کی فروخت کے مقابلے میں دو گنا ہوگی۔‘‘

دنیا کے ٹاپ سمارٹ فون مینوفیکچرر سام سنگ کی طرف سے گلیکسی نوٹ گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک اس کے 10 ملین یونٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ جبکہ رواں برس مئی کے آخر میں متعارف کرائے جانے والے سام سنگ کے معروف ترین سمارٹ فون گلیکسی ایس تھری کے اب تک 20 ملین سے زائد یونٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

شِن کا گلیکسی نوٹ کے حوالے سےکہنا تھا، ’’عالمی مارکیٹ میں اس نئی پراڈکٹ کیٹیگری کے لیے جگہ بنانے میں کچھ وقت ضرور لگا، مگر اب ہمیں ماضی کے مقابلے میں صارفین کا زیادہ بہتر رد عمل مِل رہا ہے۔‘‘

گلیسکی نوٹ ٹو میں گوگل کا اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔ اس میں 1.6 گیگاہرٹز کا کواڈ کور پروسیسر نصب کیا گیا ہے جو نہ صرف گزشتہ ڈوئل کور کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہے بلکہ اس میں ایک ہی وقت میں کئی ایک ایپلیکیشنز استعمال کی جا سکتی ہیں۔ Galaxy Note II کی ٹچ اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہے اس فون کی لمبائی 15.1 سینٹی میٹر (5.9 انچ)، چوڑائی 8 سینٹی میٹر جبکہ موٹائی 9.4 ملی میٹر ہے۔ اس کی ٹچ سکرین کا سائز 5.5 انچ ہے۔ اس میں سکرین کو دو حصوں میں تقسیم کرکے بیک وقت دو پروگرام دیکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

سام سنگ کے موبائل یونٹ کے سربراہ جے کے شِن J.K. Shin کے مطابق، ’’آپ اپنی ای میل چیک کرتے ہوئے چیٹ میسجز کا جواب بھی دے سکتے ہیں یا بیک وقت ویڈیو کانفرنس بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ یا پھر کسی اہم مقرر کی ویڈیو تقریر دیکھتے ہوئے بیک وقت نوٹس بھی لے سکتے ہیں۔‘‘

گلیکسی کی طرف سے اپنی نئی پراڈکٹ کو ایک ایسے وقت پر لانچ کیا گیا ہے کہ جب اہم سمارٹ فون مینوفیکچررز کی جانب سے یکے بعد دیگرے اپنے نئے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

ایپل کے آئی فون کے علاوہ، سام سنگ کے نسبتاً چھوٹے مدمقابل ایل جی الیکٹرونکس کی طرف سے بھی گزشتہ ہفتے Optimus G بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ ایل جی کو امید ہے کہ وہ رواں برس اپنے 80 ملین سمارٹ فون فروخت کرنے کے ہدف کو حاصل کر لے گی۔

سام سنگ کا نیا اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ ٹو

180 کلومیٹر لمبا ٹریفک جام

اگلی بار اگر آپ ٹریفک جام کی شکایت کریں تو ایک بار برازیل کے سب سے بڑے شہر ساؤ پالو کے ڈرائیوروں کو ضرور یاد کریں۔ کیونکہ یہ ایک ایسا شہر ہے جس میں سب سے خراب ٹریفک جام ہوتا ہے۔ اور اگر جمعہ کی شام ہو تو بس پھر گاڑي والوں کے لیے وہ سب سے خراب دن ثابت ہوتا ہے۔ برازیل میں ٹریفک حکام کا کہنا ہے ’جمعہ کے دن گاڑیوں کی شہر کے اندر اور باہر اتنی لمبی قطار لگ جاتی ہے کہ 180 کلومیٹر طویل گاڑیوں کا کارواں لگ جاتا ہے۔‘

اپنے دس ماہ کے بیٹے کے ساتھ کار چلا رہی فابیانا کرسٹو دھیرے دھیرے گاڑیوں سے بھری سڑکوں سے اپنی گاڑی نکالتے ہوئے کہتی ہیں ’یہ ایک سمندر ہے، کار کا سمندر۔ میں شہر کے جنوبی حصے میں رہتی تھی اور شہر کے دوسرے سرے پر کام کرتی تھی۔ جب میری شادی ہوئی تو میں نے آفس کے قریب شہر کے شمالی حصے میں رہنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ٹریفک میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا آپ کی زندگی کو جہنم بنا سکتا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پہلے بیٹے کی پیدائش کے بعد انہیں اپنے خاندانی کاروبار کو سنبھالنے کے لیے واپس جنوبی حصے میں جانا پڑا اور اب انہیں کام پر جانے کے لیے روز شہر سے گزرنا پڑتا ہے۔ فابیانا کو صرف ایک طرف کا راستہ طے کرنے میں دو گھنٹے لگتے ہیں۔

ٹریفک جام ایک ایسا مسئلہ ہے جو ساؤ پالو ہی نہیں دنیا کے ہر ملک میں ہے۔ اس شہر میں ہر گاڑی چلانے والے کی یہی کہانی ہے اور یہاں مقامی ریڈیو ٹریفک کے بارے میں معلومات فراہم کرتے رہتے ہیں۔ یہاں ایک ریڈیو سٹیشن ’سل امریکہ ٹریفک ریڈیو‘ خاص طور پر ساتوں دن چوبیس گھنٹے لوگوں کو ٹریفک اور متبادل کے طور پر نئے راستے اپنانے کے بارے میں معلومات دینے کا کام کرتا ہے۔ اس ریڈیو سٹیشن کو سننے والوں کی تعداد بھی بہت ہے کیونکہ یہ ریڈیو سٹیشن ان کے لیے رپورٹر کا کام کرتا ہے۔ اگر مصروف وقت ہو تو اس سٹیشن میں کام کرنے والے رپورٹر ہی جام میں پھنس جاتے ہیں اور سٹیشن کے پاس ہیلی کاپٹر کی بھی سہولت ہوتی ہے۔

اس ریڈیو سٹیشن میں کام کرنے والوں میں سے ایک وکٹوریہ ربیرو ہیں جن کا کام ہے شہر میں گھوم کر ٹریفک کا جائزہ لینا۔ ’میں اس سٹیشن کے شروع ہونے سے ہی اس میں کام کر رہی ہوں اور میں نے محسوس کیا ہے کہ ٹریفک کی صورتحال بدتر ہوئی ہے کیونکہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔‘

گزشتہ ایک دہائی میں برازیل میں گاڑیوں کی صنعت نے ریکارڈ پیداوار کی ہے۔ اس کی وجہ معاشی ترقی کی شرح کی وجہ سے وہاں لاکھوں لوگوں کی تنخواہ میں اضافہ ہے۔

ساؤ پالو میں 180 کلومیٹر لمبا ٹریفک جام

پاکستان کے 5 کروڑ 87 لاکھ افراد غربت کا شکار

پاکستان میں غربت کی شرح میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آربا ہے، جب کہ پاکستان کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ غربت کی اِس بڑھتی ہوئی شرح کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہےکہ 18 کروڑ آبادی والے ملک کی 33 فیصد آبادی ایسی ہے، جس کے5 کروڑ 87 لاکھ افراد خط غربت سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان کی غیر سرکاری تنظیم تھنک ٹینک، ’سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ‘ نے پاکستان میں بڑھنےوالی غربت پر تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے جِس کے مطابق پاکستان کی ایک تہائی آبادی انتہائی غربت اور مفلسی کا شکار ہے۔

صوبائی لحاظ سے غربت کی یہ شرح صوبہ بلوچستان میں سب سے زیادہ 52 فیصد، صوبہ سندھ میں 33 فیصد، صوبہ خیبر پختونخوا میں 32 اور پنجاب میں سب سے کم، یعنی صرف 19 فیصد ہے۔

موجودہ دور میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہےجس کی وجہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ، دولت کی غیر مساویانہ تقسیم، وسائل میں کمی، بےروزگاری اور بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔ دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری آبادی میں بھی غربت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تحقیقی اعداد و شمار کے مطابق غربت میں ہونے والا مزید اضافہ جہاں ملک کے لئے تشویش کا باعث ہے وہیں غربت کا شکار افراد بھی کئی نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہیں۔ پاکستان سے غربت کا خاتمہ حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔

پاکستان کے 5 کروڑ 87 لاکھ افراد غربت کا شکار

چیف جسٹس کے خلاف ایک اور ”دھماکے“ کی تیاری

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پر ایک اور حملے کی تیاری ہو رہی ہے۔ تیاری کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نوّے فیصد کام ہوچکا اور جیسے ہی دس فیصد کمی پوری ہوتی ہے، ”دھماکا“ کردیا جائے گا۔ یہ نہیں بتایا جا رہا کہ ”دھماکا“ ہے کیا مگر چیف جسٹس مخالف لابی پُر امید ہے کہ ایک ہفتہ تک کام مکمل ہوجائے گا۔ ایک صاحب کا فرمانا ہے کہ حملہ اس مرتبہ مکمل اور ناقابل شکست ہوگا اور ثبوت بھی پکے ہوں گے۔ نجانے افتخار چوہدری کے مخالف اب کیا کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر ابھی تک ہم نے دیکھا کہ چیف جسٹس پر اللہ کا خاص کرم ہے۔ جنرل مشرف اور ان کے حواریوں نے کیا کچھ نہیں کیا، کون کون سے ”دھماکے“ نہیں کروائے مگر ہر ”دھماکے“ کے بعد اللہ تعالیٰ نے افتخار محمد چوہدری صاحب کو مزید عزّت دی۔ جو جو بھی چیف جسٹس کو جانتا ہے وہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ وہ کرپشن سے ہمیشہ پاک رہے۔ کیا کوئی یہ سوچ سکتا ہے کہ اعلیٰ ترین عدالتوں کا جج ہونے اور بلوچستان ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ آف پاکستان کا چیف جسٹس ہونے کے باوجود کسی شخص کے پاس پاکستان بھر میں رہنے کے لئے اپنا گھر نہ ہو۔ موجودہ حکومت نے حکومتی پالیسی کے تحت چیف جسٹس کو تین کروڑ کا پلاٹ دینے کی کوشش کی مگر اُنہوں نے لینے سے انکار کردیا۔ موجودہ سپریم کورٹ کے کئی اور جج صاحبان نے بھی یہ پلاٹ لینے سے انکار کردیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کو ایک سال اور چند ماہ رہ گئے مگر افتخار محمد چوہدری صاحب کو ابھی تک کچھ معلوم نہیں کہ وہ اپنا گھر بنا بھی سکتے ہیں کہ نہیں۔ اعلیٰ حکومتی شخصیت کے ایک قریبی سینیٹر نے بار بار الزام لگایا کہ چیف جسٹس نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قرضہ لیا۔ جب ہمارے رپورٹر احمد نورانی نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔ مگر ایسے کئی جھوٹ کچھ ٹی وی چینلز پر بار بار پیش کئے گئے تاکہ چیف جسٹس کو بدنام کیا جاسکے۔ ان تمام جھوٹوں کا پول ان شاءاللہ احمد نورانی بہت جلد عوام کے سامنے کھول کر رکھ دینگے۔

مگر یہاں سمجھنے کی یہ بات ہے کہ آخرکار افتخار محمد چوہدری سے ایسا کیا قصور سرزد ہوگیا کہ ہر طاقت ور اُن کا دشمن بن گیا۔ یہ تو وہ شخص ہے جس نے اس ملک کو آزاد عدلیہ دینے کا خواب شرمندہ¿ تعبیر کیا، جو تن تنہا کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف لڑ رہا ہے، جو 18-18 گھنٹے کام کرتا ہے تاکہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی ہو اور لوگوں کو انصاف ملے، جس کو خریدا نہیں جا سکا اور جھکایا نہیں جا سکا، جو عوام کے لئے آخری امّید کی کرن بن کر ابھرا ہے، جس نے گم شدہ افراد کا معاملہ اٹھایا اور ملٹری سٹیبلشمنٹ تک سے ٹکر لے لی، جس کی کاوشوں سے اس قوم کا کئی سو ارب روپیہ لٹیروں کی جیبوں سے نکالا گیا یا لٹنے سے بچایا گیا۔ ایسے شخص کو سراہنے اور اس کے ساتھ مل کر اپنے ملک کے مستقبل کو سنوارنے کی بجائے اس کے خلاف سازشوں پر سازشیں کی جارہی ہیں۔ چیف جسٹس کا یہی جرم ہے کہ انہوں نے ”بڑے بڑوں“ سے ایکا کرنے کی بجائے عوامی فلاح اور ملکی مفاد میں ہر ”بڑے“ سے ٹکر لینے کی ٹھان لی۔
مگر اللہ نے اس شخص کو اگر ہر شر سے محفوظ رکھا تو آزمائشیں بھی خوب دیں۔ چیف جسٹس کی آزمائشوں کا حال سنیئے کہ ان کے بیٹے کو کرپشن کے جال میں پھنسایا گیا۔ پھنسانے والوں نے کوئی ایف آئی آر کٹوائی اور نہ حکومت نے کارروائی کی۔ سارا زور میڈیا ٹرائل پر تھا۔ چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کے خلاف نہ صرف سوموٹو نوٹس لیا بلکہ اسے اپنے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ملک ریاض کے ارسلان کے خلاف الزامات مئی 2012ءمیں سامنے آئے مگر آج تک ارسلان افتخار کو اجازت نہیں کہ وہ اپنے باپ کے گھر جا سکے۔ گزشتہ ماہ عید الفطر کے موقع پر بھی باپ بیٹا نہیں ملے۔ چیف جسٹس نے عید کوئٹہ میں منائی جبکہ ارسلان افتخار نے اپنی ماں اور بہنوں کے ساتھ یہ تہوار لاہور میں منایا۔ اگر بیٹے پر کرپشن کے الزامات ہوں یا وہ کرپٹ ثابت بھی ہوجائے تو کیا اس سے باپ بیٹے کا رشتہ توڑا جا سکتا ہے مگر ہم نے چیف جسٹس کو ایسا کرنے پر مجبور کردیا۔
افتخار محمد چوہدری یقیناً کوئی فرشتہ نہیں مگر ان کے طاقت ور مخالف ان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ مشرف نے سارا جہاں چھان مارا مگر پیٹرول کی پرچیوں سے آگے اسے کچھ نہ ملا۔ آج کے طاقت ور کہتے ہیں کہ چیف جسٹس کے بیٹے نے پیسہ کہاں سے کمایا۔ ان کی فیملی نے عام ٹکٹ لے کر پی آئی اے میں فرسٹ کلاس میں کیسے سفر کیا اور نجانے کیا کیا۔ بھئی بیٹے نے اگر غلط کیا تو اُسے پکڑو۔ اگر چیف جسٹس نے قانون کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف بھی ریفرنس لاؤ مگر یہ کیا کہ بس میڈیا کے ذریعے ”دھماکے“ پر ”دھماکا“ کئے جانا ہے، صرف اس لئے کہ افتخار محمد چوہدری کسی طاقت ور کے سامنے جھکنے کے لئے تیار نہیں اور یہی چیف جسٹس کا سب سے بڑا جرم بن گیا ہے۔ یہاں اپنے قارئین کے ساتھ ایک خبر بھی شیئر کرتا چلوں۔ ذرائع کے مطابق ارسلان کیس میں آئی ایس آئی کا نام آنے پر آرمی چیف جنرل پرویز کیانی نے ان خبروں کا سختی سے نوٹس لیا اور یہ احکامات دیئے کہ پاکستان کے اس پرائم انٹیلی جینس ادارے کو کسی بھی شخص کے مفاد کے لئے استعمال کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہی ذرائع کے مطابق جنرل کیانی نے اپنے بھائیوں کے بھی کان کھینچے ہیں جو ان کے لئے بدنامی کا باعث بن رہے تھے اور ان کو تنبیہ کی کہ وہ اپنے کاروباری معاملات میں صاف شفّاف رہیں۔ آئی ایس آئی کو تو کسی غیر قانونی کام سے باز رہنے کا سختی سے کہہ دیا گیا ہے مگر کوئی ہے جو اُن انٹیلی جینس اداروں کو دیکھے جو ججوں، صحافیوں اور دوسرے اہم لوگوں کے فون ریکارڈ کرکے پرائیویٹ طاقت ور افراد کو پہنچاتے ہیں۔

روزنامہ جنگ راولپنڈی