اتوار, دسمبر 30, 2012

پانچ روپے کا نوٹ 31 دسمبر کے بعد تبدیل نہیں ہوگا

5 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ 31 دسمبر بروز پیر شام 5 بجے کے بعد تبدیل یا استعمال نہیں ہو سکے گا۔ بینک دولت پاکستان نے عوام الناس کو اس ضمن میں آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس 5 روپے مالیت کے کرنسی نوٹ موجود ہوں تو وہ پیر کی شام 5 بجے تک ملک بھر میں موجود شیڈولڈ بینکوں کی ایک ہزار سے زائد برانچز سے مذکورہ نوٹ تبدیل کرالیں بصورت دیگر یکم جنوری 2013 بروز منگل سے مذکورہ نوٹ نہ تو استعمال کیا جائیگا اور نہ ہی اسے تبدیل کیا جاسکے گا۔ بینک دولت پاکستان کے ترجما ن نے بتایا کہ 5 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔

5 روپے کا نوٹ 31 دسمبر کے بعد تبدیل نہیں ہوگا

زیادتی کا نشانہ بننے والی بھارتی طالبہ چل بسی

سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ ہسپتال کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کیلون لوح کی جانب سے ایک اعلان میں بتایا گیا کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی 23 سالہ بھارتی طالبہ سنگاپور میں ہفتے کے روز صبح کے وقت چل بسی۔ 

جمعرات کو اسے بہتر علاج کےلئے سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آج صبح دل کا دورہ پڑنے اور جسم کے کئی اعضا کے کام چھوڑنے کے باعث چل  بسی، ماؤنٹ الزبتھ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ لڑکی کے جسم کو پہنچنے والے زخم بہت شدید تھے، 8 سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس کا علاج کیا لیکن اس کی حالت بگڑتی چلی گئی۔

میڈیکل کالج کی طالبہ کو 16 دسمبر کی رات نئی دہلی میں ایک چارٹرڈ بس میں سوار ہونے کے بعد چھ افراد نے لوہے کی سلاخوں سے بری طرح مارا پیٹا اور جنسی زیادتی کرنے کے بعد اسے چلتی بس سے نیچے دھکا دے دیا تھا۔ پولیس نے اس واقعہ میں ملوث تمام چھ افراد کو گرفتار کرکے ان پر اقدام قتل اور اجتماعی جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے ہیں۔