جمعہ, اگست 17, 2012

لارڈز ٹیسٹ: پہلا دن انگلینڈ کے نام

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو باسٹھ رنز بنا لیے۔ فلینڈر اور ڈیل سٹین کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب چھالیس اور اکیس رنز بنائے تھے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے گراہم سمتھ اور ایلورو پیٹرسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور بائیس رنز کے مجموعی سکور پر گراہم سمتھ چودہ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ کی پانچ وکٹیں صرف ایک سو پانچ رنز کے مجموعی سکور پر گر چکی تھیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈومینی نے اکسٹھ اور فلینڈر نے چھیالیس رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور سٹیفن فِن نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

لارڈز ٹیسٹ: پہلا دن انگلینڈ کے نام

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت کے درمیان کوارٹر فائنل عید کے روز

برسبین… انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل پاکستان کے لئے فائنل سے کم نہ ہوگا۔ عید کے دن کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر موجود سری لنکا کی ٹیم جونیئرایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ نویں نمبر کی بنگلا دیش ٹیم نے کواٹرفائنل میں جگہ بنالی۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں فائنل سے بھی بڑاٹکراؤ ہوگا جس میں دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے جبکہ بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھ چکی ہے۔ پاک بھارت انڈر 19 ٹیموں کا مقابلہ 20 اگست کو عید کے دن ہوگا۔ اسی روز دوسرا کواٹر فائنل ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، 19 اگست کو انگلینڈ کی ٹیم کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقا کے مدمقابل ہوگی، تو دفاعی چمپئن اور میزبان آسٹریلیا کوارٹر فائنل میں بنگلادیش سے کھیلے گا۔

چینی بچے کا سَر سیمنٹ کی جالی میں پھنس گیا

بیجنگ… چین میں سیمنٹ کی جالی میں پھنسے بچے کا سَر مسلسل جدوجہد کے بعد ریسکیو ٹیم نے کامیابی سے نکال لیا ہے۔ اس بچے نے کھیل کے دوران اس جالی میں اپنا سَر گھسا تو دیا لیکن واپس نکالنا اس کے لئے مشکل ہی نہیں ناممکن ہوگیا۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے گھر والوں نے ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی جنھوں نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد بچے کا سر نکال لیا۔ ریسکیو کے دوران بچے کی آنکھوں سے مسلسل آنسو بہتے رہے۔ بچے کا سَر کسی بھی زخم یا نقصان کے بغیر مقامی افراد کے ہجوم کے سامنے کامیابی سے نکال لیا گیا۔

سعودی عرب: عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس

ریاض …سعودی عرب میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے خصوصی اجلاس جمعہ کے روز طلب کرلیا گیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ ماہ شوال 1433ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے تمام عدالتیں جمعہ کی شب موٴرخہ 17 اگست کو خصوصی اجلاس منعقد کریں اور چاند سے متعلق شہادتیں وصول کریں۔ ساتھ ہی عوام کو دعوت دی ہے کہ وہ عید کے چاند کی تلاش حد نگاہ تک ساتھ دوربین و دیگر مشاہداتی آلات سے کرکے اپنی گواہی قریبی عدالت میں رجسٹرڈ کروائیں۔