حامد میر
hamid.mir@janggroup.com.pk
پاکستانی میڈیا کو کئی دنوں سے شٹ اَپ کال دی جا رہی تھی۔ ڈانٹ ڈپٹ کرنے والوں کا فرمانا تھا کہ جب کوئی فوج حالت جنگ میں ہو تو اس فوج پر تنقید نہیں کی جاتی بلکہ اس فوج کا حوصلہ بڑھایا جاتا ہے۔ ڈانٹ ڈپٹ کرنے والوں کو بہت سمجھایا گیا کہ میڈیا نے فوج پر کوئی تنقید نہیں کی بلکہ ماضی میں آئین و قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کچھ ریٹائرڈ جرنیلوں کے کردار پر بحث کی جا رہی ہے لیکن ڈانٹ ڈپٹ میں شدت آتی گئی اور میڈیا پر بلا جواز تنقید میں میڈیا کے کچھ لوگ بھی اپنے مخصوص منافقانہ انداز میں شامل ہو گئے۔ اس دوران کچھ ٹی وی چینلز کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا اور کچھ اینکرز کے بارے میں کہا گیا کہ انہیں لگام دی جائے یا اسکرین سے ہٹا دیا جائے۔ یہ مطالبہ صاف بتا رہا تھا کہ اپنے آپ کو ریاست سے زیادہ طاقت ور سمجھنے والے کچھ عناصر بدستور اپنے سابقہ باس جنرل پرویز مشرف کے انداز میں سوچتے ہیں وہ نظریہ ضرورت کے تحت اپنی ماضی کی غلطیوں کا ذکر تو کرتے ہیں لیکن ماضی کی ان غلطیوں سے سبق سیکھنے کے لئے تیار نہیں۔ اس سے پہلے کہ کم از کم چار ٹی وی اینکرز کا دماغ درست کرنے کے لئے کوئی اور راستہ اختیار کیا جاتا امریکی میڈیا میں دنیا کی طاقتور ترین انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کا سکینڈل بے نقاب ہوگیا۔
60 سالہ ڈیوڈ پیٹریاس دو بچوں کی ماں 40 سالہ پاﺅلا بروڈ ویل کے ساتھ خفیہ طور پر عشق فرما رہے تھے۔ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے اس عشق کا بھانڈا ایف بی آئی نے پھوڑا جو سی آئی ے کے سربراہ کی ای میلز کی نگرانی کر رہی تھی۔ جیسے ہی یہ معاملہ میڈیا میں آیا تو ڈیوڈ پیٹریاس نے اپنی غلطی کا اعتراف کر کے سی آئی اے سے استعفیٰ دے دیا۔ اب امریکی میڈیا اس اسکینڈل کی مزید تفصیلات جاننے کے لئے پاﺅلا اور پیٹریاس کے پیچھے بھاگ رہا ہے لیکن کسی نے امریکی میڈیا کو قومی مفادات کی آڑ لے کر اس معاملے کی رپورٹنگ سے نہیں روکا۔ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے نہ تو آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاست میں مداخلت کی نہ، سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کیں نہ کوئی رشوت لی۔ صرف ایک خاتون کے ساتھ عشق کیا جس کی وجہ سے کچھ خفیہ اطلاعات مذکورہ خاتون تک پہنچنے کا خدشہ تھا لہٰذا سی آئی اے کے سربراہ نے اخلاقی بنیادوں پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اب ذرا پاکستان کی طرف آیئے۔ ہمارے ہاں کیا کچھ نہیں ہوتا رہا۔ جی ایچ کیو پر حملہ، ایبٹ آباد آپریشن، مہران بیس کراچی پر حملہ، سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ اور پھر کامرہ ایئر بیس پر حملہ ہوا۔ کسی خفیہ ادارے کے سربراہ نے استعفیٰ نہیں دیا اور جب میڈیا نے ان اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تو انہیں ملک دشمن قرار دیا گیا۔ پیٹریاس پاکستان میں ہوتے تو صاف بچ جاتے۔
واقفان حال جانتے ہیں کہ جس قسم کے اسکینڈل کی وجہ سے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے استعفیٰ دیا اس قسم کے اسکینڈل ہمارے لئے نئے نہیں ہیں۔ جنرل یحییٰ خان سے لے کر جنرل پرویز مشرف تک فوج کے کئی جرنیل اپنی رنگین مزاجی کے لئے مشہور تھے لیکن ہمارے میڈیا نے کبھی ان رنگین داستانوں کی تفصیل میں جانے کی جرا ¿ت نہ کی۔پاکستانی میڈیا کے لئے سیاستدانوں اور بیورو کریٹ کے خلاف سچ بولنا ہمیشہ آسان رہا ہے کیونکہ ان کے ہاتھ میں بندوق نہیں ہوتی۔ جب بھی کوئی صحافی جرنیلوں کی غیر آئینی یا غیر اخلاقی سرگرمیوں کے بارے میں زبان کھولتا ہے تو اسے دھمکیوں اور الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کون نہیں جانتا تھا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں ایک ٹی وی اداکارہ کی رسائی ایوان صدر کے کون کون سے کونے تک پہنچ چکی تھی؟ با خبر صحافی تو ایک صنعت کار خاتون کی پہنچ سے بھی واقف تھے جس نے ایک سیاسی جماعت کے رہنما کو شادی کا جھانسہ دے کر کئی راز اگلوائے اور پھر یہ سب کچھ مشرف صاحب کو بتا کر ان کے قریب ہو گئی۔
مشرف دور حکومت میں ق لیگ کی کچھ خواتین ارکان اسمبلی کی سرگرمیوں نے چودھری شجاعت حسین کو زچ کر دیا تھا اور مشرف سے ان کے اختلافات کی یہ ایک بنیادی وجہ تھی۔ مشرف دور میں کیا کچھ ہوتا رہا؟ مزید تفصیلات کے لئے برطانیہ کی خاتون صحافی کیر ی شوفیلڈ کی کتاب ”ان سائیڈ پاکستان آرمی“ پڑھئے۔ یہ کتاب کسی بھارتی یا یہودی ایجنٹ کا پراپیگنڈہ نہیں بلکہ کیری شوفیلڈ کو یہ کتاب لکھنے کے لئے جی ایچ کیو نے پورا تعاون فراہم کیا اور انہوں نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں کئی بریفنگز بھی لیں۔ برطانوی صحافی نے لکھا ہے کہ پاکستان آرمی کے ایک افسر میجر جنرل فیصل علوی کو اگست 2005 میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کی وجہ سے جبری طور پر ریٹائر کر دیا گیا۔ بعد ازاں فیصل علوی نے الزام کو جھٹلاتے ہوئے اپنے کچھ سینئرز کے بارے میں ناشائستہ گفتگو کی۔ کچھ عرصے کے بعد میجر جنرل فیصل علوی کو پراسرار انداز میں قتل کر دیا گیا۔ قتل کے الزام میں ایک ریٹائرڈ میجر کو گرفتار کیا گیا جو بعد میں رہا ہو گیا۔ اس کتاب میں قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کے مختلف آپریشنز کا بھی ذکر ہے جن میں ہمارے کئی افسروں اور جوانوں نے جرا ¿ت و بہادری کا مظاہرہ کیا لیکن میجر جنرل فیصل علوی کے بارے میں تفصیلات پڑھ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ یہ افسر انصاف مانگتا مانگتا قتل ہو گیا۔ میڈیا سیاستدانوں اور کرکٹروں کے خلاف برطانیہ اور امریکہ میں شائع ہونے والی کتابوں کے اقتباسات تو شائع کرتا ہے لیکن کیری شوفیلڈ کی کتاب میں فیصل علوی کے بارے میں جو کچھ لکھا گیا ہے اسے نظر انداز کرتا ہے کیونکہ جان سب کو پیاری ہے۔
یہ سب لکھنے کا مقصد یہ قطعاً نہیں کہ میڈیا اس خاتون کی تلاش شروع کر دے جو میجر جنرل فیصل علوی کا کیریئر تباہ کرنے کا باعث بنی۔ مقصد صرف یہ عرض کرنا ہے کہ اگر ڈیوڈ پیٹریاس ایک خاتون سے ناجائز تعلقات کے الزام میں سی آئی اے سے استعفیٰ دے سکتا ہے تو جنرل اسلم بیگ اور جنرل اسد درانی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو سکتی؟ دونوںکے خلاف سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے اور صاف لکھا ہے کہ فوج کو بحیثیت ادارہ ان دونوں کے جرائم کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مجھے یاد ہے کہ 10 اکتوبر 2006ءکو جیو ٹی وی پر کیپٹل ٹاک میں اسد درانی سے ان کے سیاسی کردار پر میں نے کچھ سخت سوالات کئے تو 21 اکتوبر کو پمرا کے ڈائریکٹر جنرل رانا الطاف مجید نے مجھے ایک شوکاز نوٹس دیا تھا جس میں مجھ پر فوج کے خلاف سازش کا الزام لگایا گیا۔
یہ وہی رانا الطاف مجید تھا جس نے 2007ء میں وکلاءتحریک کو اہمیت دینے والے ٹی وی چینلز کی مقبولیت کم کرنے کے لئے پاکستان میں بھارتی ٹی وی چینلز کھلوا دیئے تھے لیکن موصو ف کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اب اسد درانی اور اسلم بیگ کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد یہ دونوں صاحبان فوج کی آڑ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ دو ریٹائرڈ جرنیلوں کے خلاف ہے اور فیصلے میں نواز شریف، الطاف حسین، جاوید ہاشمی اور عابدہ حسین سمیت کئی سیاستدانوں اور کچھ صحافیوں کا بھی ذکر ہے۔ حکومت شفاف تحقیقات کرے گی تو صرف کچھ سیاستدان نہیں بلکہ وہ صحافی بھی بے نقاب ہوں گے جو قومی مفادات کے نام پر خاموشی سے بھاری رقوم ہضم کرتے رہے اور ہم نے جب بھی اصغر خان کیس کا ذکر کیا تو ان بزرگوں نے ہماری ڈانٹ ڈپٹ کی۔ مجھے یقین ہے کہ تحقیقات شروع ہوئیں تو معاملہ صرف 1990ء کے الیکشن تک محدود نہ رہے گا۔ بات نکلے گی تو دور تلک جائے گی 1993، 1997، 2002 اور 2008 کے الیکشن میں کس نے پیسے دیئے اور کس نے لئے سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ سچ سامنے آئے گا تو فوج، سیاستدان اور صحافی بدنام نہیں ہوں گے بلکہ کچھ کالی بھیڑیں بے نقاب ہوں گی آج پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو سب کے بارے میں سچ بولا جائے سچ سے پاکستان کمزور نہیں مضبوط ہوگا۔
جنگ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔