پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے چھاپہ مار کر گندھارا تہذیب سے متعلق مجسموں، نوادرات اور بتوں کی بھاری تعداد قبضے میں لے کر دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی کے شرقی علاقے کورنگی میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مجید عباس نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کی سنگر چورنگی کے قریب ایک ٹرک کو روک کر اس سے بظاہر نادر مجسموں اور بتوں پر مشتمل یہ پوری کھیپ قبضے میں لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ساری برآمد شدہ اشیاء انتہائی وزنی ہیں لہٰذا انہیں ٹرک سے بحفاظت اتارنے کے لیے بھی فورک لفٹ ٹرک جیسی ضروری مشینری کا انتظام کرنا پڑا جس میں خاصا وقت صرف ہوا۔
نامہ نگار جعفر رضوی کے مطابق پولیس افسر نے بتایا کہ برآمد شدہ اشیاء کی اصل قدر و قمیت کی تعین کرنے کے لیے محکمۂ آثار قدیمہ کے ماہرین سے رابطہ کیا گیا ہے جو ابھی جانچ کررہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ماہرین اب تک یہی ابتدائی اندازہ لگا سکے ہیں کہ ان نوادرات کا تعلق دو ہزار سال پرانی گندھارا تہذیب سے ہوسکتا ہے۔ لیکن ان کی درست قدر و قیمت میں کافی وقت لگے گا۔
ڈی ایس پی مجید عباس نے بتایا کہ دونوں گرفتار ملزمان کے ابتدائی بیان کے مطابق یہ اشیاء چھ ماہ پہلے کراچی لائی گئی تھیں اور ابراہیم حیدری کے علاقے کے ایک گودام میں رکھی تھیں۔ ملزمان نے یہ بھی بتایا کہ انہیں یہ ہدایت بھی کی گئی تھی کہ پہلے اس کھیپ کو کراچی کی خشک گودی، بن قاسم پورٹ پہنچایا جائے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ کھیپ ملک سے باہر بھی سمگل کی جاسکتی تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
آپ کی رائے باعث مسرت لیکن موقف کا غیر اخلاقی حصہ حذف کر دیا جائے گا۔