منگل, جنوری 01, 2013

شعیب ملک ... خوش قسمت رہے

پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک اس حوالے سےخوش قسمت قرار پائے کہ کرکٹ کے عالمی ادارے آئی سی سی کے قوانین کی رو سے آخری تین میچوں میں دو مرتبہ آؤٹ ہونے کےباوجود ناٹ آؤٹ قرار پائے۔ قوانین کے مطابق کھلاڑی کی جانب سے فیلڈ امپائر کا فیصلہ چیلنج کرنے کی صورت میں حتمی فیصلہ تھرڈ امپائر کرتا ہے۔ ایک اننگ میں فیلڈ امپائر کے صرف دو فیصلے چیلنج کئے جا سکتے ہیں۔ لیکن اگر کھلاڑی چیلنج نہ کرے تو اسے آوٴٹ تسلیم کیا جاتا ہے۔ 

انڈیا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شعیب ملک ایشانت شرما کا ہائی باؤنسر کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئےتھے۔ شعیب ملک نے فیلڈ امپائرز سے تھرڈ امپائر کو فیصلہ دینے کی اپیل کی اور اس طرح شعیب ملک کی قسمت نے ساتھ دیا اور وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے۔ اسی طرح ون ڈے میچ میں اتوار کو شعیب ملک، روی چندرن اشوین کی بال پر مہندرا سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، لیکن تھرڈ امپائر نے اشوین کی بال ’نو بال‘ قرار دے دی اور یوں شعیب ملک ایک مرتبہ پھر خوش قسمت ٹھہرے۔ ان دونوں میچز کی خاص بات یہ بھی تھی کہ دونوں میچز بھارت کے خلاف تھے اور دونوں میچز کے وننگ سٹروکس بھی شعیب ملک نے کھیلے۔

2013ء: سال نو مبارک

بسم اللہ الرحمن الرحیم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکتہ

”اے اللہ ہم سب پر رحم فرما، ہمارے والدین پر بے شمار رحمتیں نازل فرما اور ہمارے بہن بہائیوں عزیز و رشتہ داروں اور دوست احباب پر اپنا رحم فرما۔ 

یا اللہ ہم سب کی مغفرت فرما ہمیں دنیا اور آخرت کی بھلائی عطا فرما اور پانچ وقت کا نمازی بنا دے۔ یا اللہ ہمیں اپنے حفظ و امان میں رکھنا، حادثات اور آفات سے محفوظ فرما۔ ہمارے عزت، جان اور مال کی حفاظت فرما، رزق حلال میں اضافہ فرما اور حرام سے محفوظ فرما، یا اللہ ہماری معاشی مشکلات دور فرما، تنگ دستی اور غربت سے محفوظ فرما اور روزگار کی حفاظت فرما۔
یا اللہ ہمارے ملک پاکستان کی حفاظت فرما اور امت مسلمہ کو امن اور خوش حالی کی راہ پر گامزن فرما“۔

پیر, دسمبر 31, 2012

اولمپک کھلاڑیوں کی عمر زیادہ طویل ہوتی ہے

آسٹریلوی سائنسدانوں نے تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ اولمپک ایتھلیٹس، جو کسی بھی میڈل پوزیشن پر پہنچتے ہیں، دیگر انسانوں کے مقابلے میں اوسطاﹰ دو اعشاریہ آٹھ برس زیادہ زندہ رہتے ہیں۔ آسٹریلیا کی میلبورن یونیورسٹی کی ٹیم کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آیا کسی ایتھلیٹ نے سونے، چاندی یا کانسی کا تمغہ جیتا، مگر ایتھلیٹس دوسروں کے مقابلے میں زیادہ عرصہ جیتے ہیں۔ صحت سے متعلق معیشت کے ماہر فلیپ کلارک کے بقول، ’مزے کی بات یہ ہے کہ سونے کا تمغہ جیتنے والوں میں زندگی کی طوالت کے اعتبار سے اضافی فائدہ نہیں دیکھا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ زیادہ پیسہ اور شہرت اس سلسلے میں کوئی زیادہ کردار ادا نہیں کرتے۔‘ محققین نے اس اعتبار سے گرمائی اور سرمائی اولپمک مقابلوں میں سن 1896 سے شرکت کرنے والے 15ہزار 174 ایتھلیٹس کی زندگیوں کا مطالعہ کیا۔

اس سلسلے میں نو ممالک کے ایتھلیٹس کا گروپ ترتیب دیا گیا تھا، جس میں امریکا، جرمنی، روس، برطانیہ، فرانس، اٹلی، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ اس گروپ میں ایتھلیٹس کا مطالعہ ملک، عمر، جنس اور پیدائش کے برس کے اعتبار سے کیا گیا۔ پروفیسر کلارک کے مطابق عمر کی طوالت میں متعدد عناصر کار فرما ہوتے ہیں، جس میں جینز، جسمانی سرگرمیاں اور صحت مند طرز زندگی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عمر کی طوالت کے اعتبار سے کسی ایک عنصر کو بنیادی تسلیم کر لینا خاصا مشکل کام ہے۔ تاہم اگر کسی ایتھلیٹ نے 25 برس کی عمر تک کوئی اولمپک میڈل حاصل کر لیا ہے، تو یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ زیادہ عمر کا حامل ہو گا، کیونکہ وہ ایک عام آدمی کے مقابلے میں زیادہ صحت مند ہوگا۔ برطانوی میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والے اس تحقیقی رپورٹ میں پروفیسر کلارک کا تاہم یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف چیزوں اور انسانی عمر کی طوالت کے درمیان ربط کے حوالے سے کچھ کہنا اتنا آسان بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹس کی زندگیوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس لمبی عمر اور صحت کے بدلے ان کھلاڑیوں کو کئی دیگر چیزوں پر سمجھوتہ بھی کرنا پڑتا ہے اور ان میں اعلیٰ تعلیم بھی شامل ہے، کیونکہ یہ کھلاڑی اپنی توجہ جسمانی ورزشوں اور ایتھلیٹکس کے دیگر معاملات پر مرکوز رکھتے ہیں، اور تعلیمی اعتبار سے ان کی قابلیت بہت زیادہ شاندار نہیں ہوتی۔

اولمپک کھلاڑیوں کی عمر زیادہ طویل ہوتی ہے، تحقیق

ہندوؤں اور مسلمانوں سے نفرت ہے، امریکی خاتون

نیویارک پولیس کے حکام نے ایریکا میننڈز کو حراست میں لے لیا
امریکہ میں نیویارک پولیس نے ایک مقامی خاتون کو حراست میں لیا ہے، جس پر ایک بھارتی تارک وطن کو چلتی ہوئی ریل گاڑی کے سامنے دھکا دے کر قتل کرنے کا الزام ہے۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ 31 سالہ ایریکا میننڈز پر رواں ہفتے نفرت کی بنیاد پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ 2001ء میں امریکہ پر دہشت گرد حملوں کے بعد سے اسے ہندوؤں اور مسلمانوں سے نفرت ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 46 سالہ بھارتی شہری سنیڈو سین کوئینز ریلوے سٹیشن پر موجود تھا جب اسے امریکی خاتون نے ایک چلتی ریل گاڑی کے سامنے دھکا دے دیا۔ مسٹر سین کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ کوئینز کے علاقے ہی کے رہائشی تھے اور وہ ’پرنٹنگ بزنس‘ سے وابستہ تھے۔ امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
امریکی خاتون قتل کے الزام میں گرفتار

اتوار, دسمبر 30, 2012

پانچ روپے کا نوٹ 31 دسمبر کے بعد تبدیل نہیں ہوگا

5 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ 31 دسمبر بروز پیر شام 5 بجے کے بعد تبدیل یا استعمال نہیں ہو سکے گا۔ بینک دولت پاکستان نے عوام الناس کو اس ضمن میں آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس 5 روپے مالیت کے کرنسی نوٹ موجود ہوں تو وہ پیر کی شام 5 بجے تک ملک بھر میں موجود شیڈولڈ بینکوں کی ایک ہزار سے زائد برانچز سے مذکورہ نوٹ تبدیل کرالیں بصورت دیگر یکم جنوری 2013 بروز منگل سے مذکورہ نوٹ نہ تو استعمال کیا جائیگا اور نہ ہی اسے تبدیل کیا جاسکے گا۔ بینک دولت پاکستان کے ترجما ن نے بتایا کہ 5 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔

5 روپے کا نوٹ 31 دسمبر کے بعد تبدیل نہیں ہوگا

زیادتی کا نشانہ بننے والی بھارتی طالبہ چل بسی

سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ ہسپتال کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کیلون لوح کی جانب سے ایک اعلان میں بتایا گیا کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی 23 سالہ بھارتی طالبہ سنگاپور میں ہفتے کے روز صبح کے وقت چل بسی۔ 

جمعرات کو اسے بہتر علاج کےلئے سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آج صبح دل کا دورہ پڑنے اور جسم کے کئی اعضا کے کام چھوڑنے کے باعث چل  بسی، ماؤنٹ الزبتھ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ لڑکی کے جسم کو پہنچنے والے زخم بہت شدید تھے، 8 سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس کا علاج کیا لیکن اس کی حالت بگڑتی چلی گئی۔

میڈیکل کالج کی طالبہ کو 16 دسمبر کی رات نئی دہلی میں ایک چارٹرڈ بس میں سوار ہونے کے بعد چھ افراد نے لوہے کی سلاخوں سے بری طرح مارا پیٹا اور جنسی زیادتی کرنے کے بعد اسے چلتی بس سے نیچے دھکا دے دیا تھا۔ پولیس نے اس واقعہ میں ملوث تمام چھ افراد کو گرفتار کرکے ان پر اقدام قتل اور اجتماعی جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے ہیں۔



ہفتہ, دسمبر 29, 2012

کرکٹ کی تاریخ کا طویل القامت کھلاڑی

اسلام آباد — پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے نئے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کرکٹ کی تاریخ کے سب سے طویل القامت کھلاڑی ہیں۔ اُن کا قد سات فٹ اور ایک انچ ہے جبکہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے تیز باؤلر جوئیل گارنر کو یہ اعزاز حاصل تھا جن کا قد چھ فٹ اور آٹھ انچ تھا۔ تیس سالہ محمد عرفان کا تعلق پنجاب سے ہے اور اُنھوں نے 25 دسمبر کو بنگلور میں بھارت کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جو پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ اس میچ میں عرفان کی تیز رفتار باؤلنگ کا سامنا کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو بہت مشکلات کا سامنا رہا۔ میزبان ٹیم کے اِن فارم بلے باز ورات کوہلی اُن کی تیزرفتار گیندوں کو کھیلنے میں ناکام رہے اور یوں وہ عرفان کی ایک عمدہ گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عرفان نے دو ہزار دس میں انگلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ انٹرنینشل میچ کھیل کر اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا تھا مگر مایوس کن کارکردگی کے باعث بعد میں پاکستان نے جو بھی سیریز کھیلی اُنھیں نظر انداز کردیا گیا۔

کرکٹ کی تاریخ کا طویل القامت کھلاڑی

اسلامی تاریخ کے جھروکوں سے

جمعہ, دسمبر 28, 2012

موبی لنک کال سیٹ اپ چارجز لگائے گا

جشنِ سالِ نو کے موقع پر موبی لنک نے اپنے صارفین کو ایک اور اضافی چارج کا تحفہ دینے کی ٹھانی ہے جسے ”کال سیٹ اپ چارجز“ کا نام دیا گیا ہے – جو پاکستان کی ٹیلی کام تاریخ میں بالکل نئی چیز ہے۔

ہمیں ملنے والی معلومات کے مطابق موبی لنک کال سیٹ اپ چارجز کی مد میں یکم جنوری 2013ء کے بعد کی جانے والی تمام کالز پر 10 پیسے وصول کرے گا۔ 10 پیسے کا یہ چارج ہر کال میں سے کاٹا جائے گا اور تمام موبی لنک صارفین پر لاگو ہوگا۔ واضح رہے کہ کال سیٹ اپ چارجز دراصل فی کال چارجز ہیں، فی منٹ نہیں۔ جیسے ہی کال ریسیو ہوگی، کال سیٹ اپ چارجز لاگو ہو جائیں گے، چاہے کال ایک سیکنڈ کی ہی کیوں نہ ہو۔

مثال کے طور پر اگر عام کال نرخ 70پیسہ فی 30 سیکنڈ ہیں تو اس نئے ”کال سیٹ اپ چارجز“ کے بعد آپ کے کال نرخ اولین 30 سیکنڈ کے لیے 80 پیسہ فی 30 سیکنڈ ہو جائیں گے اور ابتدائی 30 سیکنڈز کے بعد 70 پیسہ فی 30 سیکنڈ ہوں گے۔

تمام آپریٹرز مینٹی نینس فی، ایڈمن فی یا آپریشنل فی کے ناموں سے پہلے ہی تمام کارڈ ری لوڈز پر 7 فیصد اضافی فیس وصول کر رہے ہیں ۔ اسی طرح بیلنس کی معلومات اور ہیلپ لائن پر کال پر بھی ایک کے بعد دوسرے آپریٹر نے اضافی نرخ لگائے ہیں۔ پاکستان کی سیلولر انڈسٹری کے ماضی کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ دیگر کمپنیاں بھی موبی لنک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کال سیٹ اپ چارجز نافذ کریں گی۔ اس لیے تمام نیٹ ورک کے صارفین مستقبل قریب میں اضافی چارجز ادا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ممکنہ طور پر اس فیصلے میں رکاوٹ نہیں بنے گا، کیونکہ وہ ایک مرتبہ واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ سیلولر آپریٹرز اپنی پیش کردہ سروسز پر چارجز لاگو کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

بریکنگ: موبی لنک ہر کال پر کال سیٹ اپ چارجز لگائے گا

پاکستان بھارت کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپیئن بن گیا

دوحہ: پاکستان نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان مقابلے کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا، میچ کے ابتدا میں ہی پاکستان نے گول کرکے بھارت کے خلاف برتری حاصل کرلی لیکن بھارت نے جلد ہی یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے ناصرف پاکستان کی برتری کا خاتمہ کر دیا بلکہ قومی ٹیم پر سبقت بھی حاصل کرلی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور بھارت کے خلاف 3-2 سے برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے وقاص نے چوتھا گول کیا۔ میچ نے اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر لی جب بھارت نے مزید 2 گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ کچھ ہی دیر میں پاکستان نے پانچواں اور فتح کن گول کر کے ایک بار پھر برتری حاصل کر لی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ پاکستان کی جانب سے وقاص شریف نے دو راشد ، شفقت رسول اور عرفان نے ایک ایک گول کیا۔
 

جمعرات, دسمبر 27, 2012

بھارت کے خلاف سات فٹ کا ’خفیہ‘ پاکستانی ہتھیار

پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف سیریز کے لیے ایک خفیہ ہتھیار لے کر آئی ہے۔ ایک تیز بولر جس کا قد سات فٹ کے آس پاس ہے لیکن موجودہ سیریز میں ان کے بارے میں کوئی بھی معلومات لینا فی الحال مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔

اس بولر کا نام محمد عرفان۔ میچ سے دو دن پہلے پاکستان ٹیم نے صحافیوں سے بات چیت کے لیے کپتان محمد حفیظ کے علاوہ فاسٹ بولر عمر گل اور سہیل تنویر کو بھیجا۔ لیکن عرفان سے بات کرنے کی تمام درخواستیں نامنظور کر دی گئیں۔ پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے بھی اپنے بولرز اور محمد عرفان سے پوچھے گئے سوال پر براہ راست جواب دینے کے بجائے کہا ’ہمارے پاس پہلے میچ اور پوری سیریز کے لیے خاص منصوبہ تیار ہے۔ لیکن ہم اسے میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتے۔‘ ویسے جب پاکستان کرکٹ ٹیم گراؤنڈ پر پریکٹس کرتی ہے تو یہ کھلاڑی دور سے ہی نظر آتا ہے۔ چھ فٹ اور دس انچ لمبے محمد عرفان کے سامنے کامران اکمل اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی ان کے کندھے تک بھی نہیں پہنچتے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عرفان نے پینتیس میچوں میں ایک سو اٹھائیس وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تیس سالہ عرفان نے کچھ عرصہ پہلے دبئی میں انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچ کھیلے تھے۔ اس سیریز میں ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں تھی اور انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

محمد عرفان:سات فٹ کا ’خفیہ‘ پاکستانی ہتھیار

بدھ, دسمبر 26, 2012

لوگ بھلا ہی دیں گے: پروین شاکر کی یاد میں

مر گئے بھی تو کہإں، لوگ بھلا ہی دیں گے
لفظ میرے، مرے ہونے کی گواہی دیں گے

شاعرہ کا یہ گلہ تو بجا نہیں کہ لوگ انہیں بھلا دیں گے۔ البتہ، مصرہ ثانی، خوشبو جیسے لہجے کی شاعرہ کے امر ہونے کا ایک زمانہ  گواہ ہے۔ جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں  پروین شاکر کی جنہیں دنیا سے رخصت ہوئے 18 برس گزرنے کے باوجود لوگ بھولے نہیں، ان کے لفظ ہمیشہ ان کے ہونے کے گواہ رہیں گے۔

24 نومبر، پیر کی سرد رات اور رم جھم برستی بارش میں جونہی مؤذن نے صدائے اذان بلند کی، کراچی کے ایک ہسپتال میں  ایک ننھی سی کلکاری گونجی اور افضل النسا اور سید شاکر حسین  زیدی کے ہاں ایک پری کا جنم ہوا جسے آج دنیا پروین شاکر کے نام سے جانتی ہے۔

بخت سے کوئی شکایت نہ افلاک سے ہے
یہی کیا کم ہے کہ نسبت مجھے اس خاک سے ہے

جدید  اردو شاعری کے  اہم نام  پروین شاکر کے فنی مقام سے تو لوگ آگاہ ہیں ہی، آج  ہم ان کی ذاتی زندگی کے چند اوراق پر نظر ڈالتے ہیں۔ ان کی بڑی بہن نسرین بانو اور پروین نے اپنا بچپن ایک ساتھ ہنستے کھیلتے گزارا۔ دونوں اکٹھے سکول جایا کرتیں۔ پروین جب تیسری کلاس میں تھیں تو انہیں ڈبل پرموشن دیا گیا  یوں دونوں بہنیں ایک ہی کلاس میں آ گئیں۔

ان کی ایک عادت یہ تھی کہ وہ کسی بھی محفل میں اپنے جوتے اتار دیا کرتیں اور ننگے پیر پھرا کرتیں، واپسی پر  اکثر ہی جوتے گم ہو جایا کرتے اور انہیں ننگے پیر گھر آنا پڑتا، وہ گاڑی بھی جوتا اتار کر چلایا کرتیں، ایک دفعہ کا واقعہ ہے کہ وہ اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ میں  جوتوں کی دکان کے سامنے گاڑی روکے زور زور سے ہارن بجا رہی تھیں، شاپ سے سیلز مین باہر آیا تو پتا چلا کہ پروین شاکر ہیں اور ننگے پیر ہیں انہیں جوتا چاہیے، اصل میں وہ  کسی تقریب میں اپنا جوتا کھو  بیٹھی تھیں اور اب جہاں جانا تھا وہاں بغیر جوتے کے جا نہیں سکتی تھیں۔

ان کے سفر میں جوتے کبھی آڑے نہیں آئے۔ کوئی چیز ان کی راہ میں حائل نہیں ہوئی۔ صرف 24 برس کی عمر میں ان کا پہلا مجموعہ ’’خوشبو‘‘ شائع ہوا۔

عکس خوشبو ہوں بکھرنے سے نہ روکے کوئی
اور بکھر  جاؤں  تو  مجھ کو   نہ سمیٹے  کوئی

انگلش لٹریچر اور لنگئٹکس میں ماسٹرز کے بعد پروین شاکر کچھ عرصہ انگلش کی لیکچرر رہیں پھر  سی۔ایس۔ایس کا امتحان پاس کرنے کے بعد کسٹم میں اسسٹنٹ کمشنر  کے طور پر تعینات ہوئیں۔

رات ابھی تنہائی کی پہلی دہلیز پہ ہے
اور میری جانب اپنے ہاتھ بڑھاتی ہے
سوچ رہی ہوں
ان کو تھاموں
زینہ زینہ سناٹوں کے تہ خانوں میں اتروں
یا اپنے کمرے میں ٹھہروں
چاند مری کھڑکی پہ دستک دیتا ہے

سنہ 1976 میں اُن کی شادی ڈاکٹر نصیر علی سے ہوئی اور 1978ء میں ان کا بیٹا مراد علی پیدا ہوا اور1987ء میں ان کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہو گئی۔

کوئی سوال کرے تو کیا کہوں اس سے
بچھڑنے والے سبب تو بتا جدائی کا
۔۔۔۔
کیسے کہ دوں کہ مجھے چھوڑ دیا ہے اس نے
بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی
۔۔۔۔۔
کون چاہے گا تمہیں میری طرح
اب کسی سے نہ محبت کرنا
۔۔۔
پروین اسلام آباد میں سی۔بی۔آر کی سیکنڈ سیکریٹری مقرر ہوئیں، اس کے بعد کسٹم میں ہی انسپیکشن اور ٹریننگ کی ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات ہوئیں۔

کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی
دل کو خوشی کے ساتھ ساتھ ہوتا رہا ملال بھی
۔۔۔
26 دسمبر پیر ہی کے روز آفس جاتے ہوئےاسلام آباد میں ان کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوا اور کومل لہجے والی ہی شاعرہ صرف 42 برس کی عمر میں  اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ انہیں اسلام آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اُن کے کتبے پر یہ شعر درج ہیں:

مر بھی جاؤں تو کہاں، لوگ بھلا ہی دیں گے
لفظ میرے، مرے ہونے کی گواہی دیں گے
۔۔۔
عکس خوشبو ہوں بکھرنے سے نہ روکے کوئی
اور بکھر جاؤں تو مجھ کو نہ سمیٹے کوئی

منگل, دسمبر 25, 2012

ٹنڈولکر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر

دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اتوار کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ لٹل ماسٹر کے نام سے معروف 39 سالہ سچن ٹنڈولکر نے اپنے 23 سالہ کیریئر میں بے شمار ریکارڈ بنائے جن میں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی رنز اور ایک میچ میں ڈبل سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز بھی شامل ہے۔ انھوں نے 463 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں 18426 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 49 سینچریاں اور 96 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

ایک بیان میں بھارتی بلے باز نے کہا ہے کہ ’’میں نے ایک روزہ میچوں کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ ہونے پر مجھے فخر ہے۔‘‘ اپنے بیان میں ٹنڈولکر نے اپنے تمام خیر خواہوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا جن کا پیار ان کے بقول انھیں اپنے کیریئر کے دوران حاصل رہا۔

ٹنڈولکر نے 1989ء میں پاکستان کے خلاف گوجرانوالہ میں کھیلے گئے ایک میچ سے اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ تاہم سچن ٹنڈولکر بھارت کی طرف سے ٹیسٹ میچ کھیلتے رہیں گے۔

مایہ ناز کرکٹر ٹنڈولکر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر

ہفتہ, دسمبر 22, 2012

لڑکیوں کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے

ایک طرف سستے کیمرہ فونز کی دستیابی اور اس پر طُرّہ یہ کہ ہمارے نوجوانوں میں کسی گمبھیر صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے عدم آگہی، نتیجتاً ایسے مسائل کا سامنا جن کا خاص طور پر وہ لڑکیاں تصور بھی نہیں کرسکتیں، جو اپنے دوستوں کو نجی لمحات کی وڈیوز یا تصاویر بنانے کی با آسانی اجازت دے دیتی ہیں۔

ہم نے ماضی میں بھی اس حوالے سے ایک تحریر پیش کی تھی، جس میں لڑکیوں سے التجا کی گئی تھی کہ وہ کسی بھی فرد کو، چاہے وہ اُن کا دوست، کزن، رشتہ دار اور خاندان ہی کا فرد کیوں نہ ہو، اپنی تصاویر لینے یا وڈیو بنانے کی اجازت نہ دیں۔ کسی کو بھی نہیں، حتیٰ کہ اپنے منگیتر اور شوہر کو بھی۔ اسی طرح کا معاملہ ایم ایم ایس کا بھی ہے، اپنی نجی تصاویر اور وڈیوز کبھی کسی کو نہ بھیجیں۔

اس پر سختی سے عمل نہ کرنے یا لاپرواہی بہت تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ وجہ: یہ جان لیں‌ کہ موبائل فون یا میموری کارڈ سے ڈیلیٹ کی گئی وڈیوز اور تصاویر نکالی جا سکتی ہیں اور کسی غلط ہاتھ میں بھی جا سکتی ہیں۔ یہ بات اپنے پلّو سے باندھ لیں کہ کسی بھی شخص کو اپنے نجی لمحات ریکارڈ کرنے کی اجازت نہیں دینی۔ اور اس پر سختی سے کاربند رہیں، چاہے اس کا آپ کے رشتہ و تعلقات پر اثر کیوں نہ پڑے۔

ہمیں اپنے اہل خانہ اور دوستوں، خصوصاً گاؤں دیہات میں رہنے والے افراد میں اس بات کا شعور اجاگر کرنا ہوگا۔ شاید اس موضوع پر براہ راست گفتگو کرنا موزوں نہ لگے، یا پھر اس قدر آسان نہ ہو، لیکن اس کا ایک بہتر طریقہ یہ ہے کہ ایسے مضامین کے لنکس اُن کو ای میل کریں جن میں نجی وڈیوز کی تباہ کاریوں کی وضاحت کی گئی ہو اور یوں وہ خود اُن کے نتائج پڑھیں۔

اے آر وائی نیوز نے حال ہی میں اس حوالے سے ایک پروگرام کیا تھا، جس میں اک ایسی لڑکی کو مدعو کیا گیا تھا، جس کی وڈیو بنا کر دوست نے بلیک میل کیا تھا اور یوں لڑکی کو اس کے تمام شیطانی احکامات ماننا پڑے۔ اس کے علاوہ ایک ایسا شخص بھی پروگرام میں آیا جس کی لڑکی نے انہی وجوہات کی بناء پر خود کشی کر لی تھی۔

اس وڈیو کو خود دیکھئے اور اسے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ شیئر کیجیے
ویڈیو دیکھنے کے لئے کلک کریں

جمعہ, دسمبر 21, 2012

کالے رنگ کی کار کو حادثے کا زیادہ خطرہ

برسبین… این جی ٹی… اگر آپ کی کار کالے رنگ کی ہے تو آپ کو کافی محتاط رہ کر ڈرائیونگ کرنی چاہیے۔ ایک حالیہ تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ کالی رنگ کی کار چلانے والے ڈرائیور حضرات کو حادثات کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔ 

آسٹریلیا میں کی جا نے والی اس تحقیق میں گزشتہ بیس سال میں ہونے والے آٹھ لاکھ پچا س ہزار (850,000) کاروں کے حادثات کا مطالعہ کیا گیا جس کے نتائج کے مطابق سب سے زیادہ حادثات کالے رنگ کی گاڑیوں کو پیش آئے ہیں جبکہ سفید، سنہری اور پیلے رنگ کی گاڑیاں سب سے زیادہ محفوظ ہوتی ہیں۔ کالے رنگ کی گاڑیوں کو حادثہ پیش آنے کا خطرہ سینتالیس (47) فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ گرے، سلور دوسرے نمبر پر اور لال اور نیلے رنگ کی گاڑیاں حادثات میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ تحقیق کے مطابق ان مخصوص رنگوں کی گاڑیوں کو حادثات پیش آنے کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ یہ سڑک پر نمایاں نہیں ہو پاتیں اور دوسرے ڈرائیورز کے لیے اُن کو دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ کالے رنگ کی گاڑیاں پسند کرنے والے ڈرائیورز عام طور پر خطرات پسند اور زیادہ تیز ڈرائیونگ کرتے ہیں جو حادثات کا سبب بنتا ہے۔

کالے رنگ کی کاروں کوایکسیڈنٹ کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

صرف 3 فیصد امریکی صحت مند دل کے مالک

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی نئی رپورٹ کے مطابق صرف 3 فیصد امریکی صحت مند دل کے مالک ہیں جبکہ 10 شہری امراض قلب کے باعث دوائیاں استعمال کرتے ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق مثالی صحت مند دل کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کولمبیا میں شرح 6.9 سب سے زیادہ ہے جبکہ ورمونٹ میں 5.5، ورجینیا میں 5 فیصد ہے۔ سب سے کم شرح اوکلوہاما میں 1.2 فیصد اور مغربی ورجینیا اور میسی سیپی میں 1.5 فیصد ہے۔

حاملہ خواتین: صبح کے وقت متلی سے بچنے کا طریقہ

ایسی حاملہ خواتین جنہیں صبح کے وقت اکثر متلی کا سامنا رہتا ہے، انہیں اس کیفیت سے نجات کے لیے پورے دن میں تھوڑی تھوڑی مقدار میں پانچ یا چھ مرتبہ کھانا کھانا چاہیے۔ جرمنی میں گائنیکالوجی کے ماہر ڈاکٹروں کی تنظیم کے صدر کرسٹیان آلبرِنگ کہتے ہیں کہ حاملہ خواتین اگر کھانا کم مقدار میں کھائیں اور اسے اچھی طرح چبائیں، تو وہ اس خوراک کو بہت اچھی طرح ہضم کر سکیں گی۔ اس کے علاوہ ایسی حالت میں خواتین کو صرف وہی کچھ کھانا چاہیے، جو انہیں واقعی بہت پسند ہو۔ ورنہ یہ امکان بہت زیادہ ہو جائے گا کہ انہیں بار بار متلی کی کیفیت اور قے کا سامنا رہے گا۔

جرمن گائنیکالوجسٹس ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق حاملہ خواتین میں متلی اور قے کی کیفیت بہت زیادہ ہوتی ہے، خاص طور پر صبح کے وقت۔ اس کا سبب حمل کے بعد ہارمونز میں آنے والی وہ تبدیلیاں ہوتی ہیں جو صبح کے وقت زیادہ ہوتی ہیں۔ لیکن بنیادی طور پر ان کے اثرات کسی بھی وقت سامنے آ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر Christian Albring کے بقول صبح کے وقت مسلسل متلی ہونے اور قے آنے جیسی کیفیت حمل کے چھٹے اور 14 ویں ہفتے کے درمیان سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے بعد کے عرصے میں حاملہ خواتین میں یہ شکایت بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت متلی کی یہ کیفیت اتنی شدید نہیں ہوتی کہ مریضہ کو ہسپتال میں داخل کرانا پڑے۔ طبی زبان میں اس حالت کو hyperemesis gravidarum کہتے ہیں۔ ڈاکٹر آلبرِنگ کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت طبیعت کی یہ خرابی یا morning sickness دو سے تین فیصد تک حاملہ خواتین میں دیکھنے میں آتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ معمول کی حالت ہوتی ہے، جس کا کسی ہسپتال میں علاج ضروری نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر کرسٹیان آلبرِنگ کہتے ہیں، ’صبح کے وقت متلی کی شکار حاملہ خواتین کو خاص طور پر دن بھر ایسی خوراک استعمال کرنی چاہیے جن میں گلوکوز اور نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ زیادہ ہوں۔ ایسی خوراک میں خاص طور پر میٹھی اشیاء تو ہوں لیکن چکنائی اور تیزابیت پیدا کرنے والی خوراک سے اجتناب بہتر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسی خواتین کو پکے ہوئے کھانوں کی خوشبو سے دور رہنا چاہیے اور ریفریجریٹر میں رکھی گئی اشیاء سے پرہیز بھی کرنا چاہیے کیونکہ متلی کی کیفیت میں انسانوں کی سونگھنے کی حس بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

حاملہ خواتین: صبح کے وقت متلی سے بچنے کا طریقہ